عبد اللہ بن جعفر بن ابی طالب

ویکی شیعہ سے
(عبداللہ بن جعفر طیار سے رجوع مکرر)
قبرستان باب الصغیر دمشق میں بلال حبشی سے منسوب قبر اور مقام عبداللہ بن جعفر
ذاتی کوائف
نام کاملعبداللہ بن جعفر بن ابی طالب
مہاجرین/انصارمہاجرین، مدینہ
قبیلہبنی ہاشم
کنیتابو ہاشم
لقببحر الجود
مشہور رشتہ دارابو طالب، پیغمبر اکرم(ص) و امام علی
تاریخ پیدائشسنہ 2 یا 3 ہجری، حبشہ
تاریخ شہادت80 سے 90 ہجری کے درمیان
محل دفنجنۃ البقیع
اہم خدماتجنگ جمل اور صفین میں شرکت

عبداللہ بن جعفر بن ابی‌ طالب فرزند جعفر بن ابی طالب، پیغمبر اکرم(ص) کے صحابی امام علی(ع) کے داماد، امام حسن(ع) کے اصحاب اور حضرت زینب(س) کے شوہر ہیں۔

آپ حبشہ میں پیدا ہونے والے پہلے مسلمان تھے جنہوں نے بچپنے میں ہی پیغمبر اکرم (ص) کی بیعت کی۔ امام علی(ع) کی حمایت میں جنگ جمل اور جنگ صفین میں شرکت کی۔

امام حسن(ع) کی معاویہ کے ساتھ صلح کرنے تک آپ امام حسن (ع) کے ساتھ تھے۔ معاویہ اور یزید کے دور حکومت میں حکومتی ہدایا کو قبول کرتے تھے نیز واقعہ کربلا میں بھی انہوں نے شرکت نہیں کی۔ لیکن ان کے دو فرزند عون اور محمّد روز عاشورا کربلا میں امام حسین(ع) کے رکاب میں شہید ہوئے اور ان کے بعض دیگر فرزندان واقعہ حرہ میں شہید ہوئے۔

حسب و نسب

عبداللّہ‌ بن جعفر بن ابی‌ طالب ‌بن عبدالمطلب قرشی ہاشمی، کنیت ابو جعفر یا ابو ہاشم، رسول اکرم(ص)، امام علی(ع) اور امام حسن(ع) کے اصحاب میں سے تھے۔ آپ کے والد جعفر امام علی علیہ‌السلام کے بھائی اور آپ کی والدہ اسماء بنت عمیس تھیں۔


تاریخ پیدائش اور بچپن

جعفر بن ابی‌ طالب حبشہ کی طرف مسلمانوں کی ہجرت کے وقت اپنی بیوی اسماء بنت عمیس کو بھی اپنی ساتھ لے گئے، [1] اور عبداللّہ بن جعفر نے حبشہ میں پہلے مسلمان نو مولود کے عنوان سے اس دنیا میں قدم رکھا۔[2]

عبداللہ ساتویں سنہ ہجری کو غزوہ خیبر کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ مدینہ چلے گئے اور پیغمبر اکرم (ص) کی بیعت کی۔[3]

احادیث کے مطابق جب جعفر بن ابی طالب جنگ موتہ میں شہید ہو گئے تو پیغمبر اکرم (ص) نے ان کے بچوں منجملہ عبداللہ کو مورد لطف قرار دیا۔[4] جنگ کے اختتام پر عبداللّہ کو جعفر سے متعلق پیغمبر اکرم (ص) کی ایک حدیث جس میں آپ نے فرمایا تھا کہ جعفر جنگ میں ہاتھوں سے محروم ہونے پر خدا نے جنت میں انہیں دو پر دیئے ہیں اور وہ ان کے ذریعے جنت میں پرواز کرینگے، کی بنا پر ابن‌ ذی ‌الجناحین کہا جاتا تھا۔[5]

خلفا کے دور خلافت میں

اکثر تاریخی کتابوں میں صدر اسلام کے جنگوں اور فتوحات میں ان کی حاضری کے بارے میں کوئی معلومات مذکور نہیں، کتاب فتوح الشام کے مطابق عبداللّہ نے حضرت عمر کے دور خلافت میں فتوحات شام میں شرکت کی ہے اور ابوعبیدہ نے انہیں 500 سپاہیوں کی کمانڈ دی تھی۔[6]

عثمان کے دور خلافت میں ابوذر غفاری کی ربذہ جلاوطنی کے موقع پر عبداللّہ امام علی (ع) کی پیروی میں ابوذر کو مدینہ سے باہر تک خداحافظی کیلئے آئے۔[7]

ابن ابی ‌الحدید کے مطابق کوفہ میں عثمان کا حاکم ولید بن عقبہ کی شراب خواری کے معاملے میں عبداللہ نے امام علی (ع) کے حکم سے ولید پر حد جاری کی۔ سنہ 35 ھ میں جب مخالفین نے عثمان کے گھر کا محاصرہ کیا تو عبداللّہ بھی ان افراد میں شامل تھے جنہیں حضرت علی (ع) نے مخالفین کے ہاتھوں عثمان کی حفاظت کیلئے مأمور کیا ہوا تھا۔[8]

امام علی(ع) کے دور خلافت میں

عبداللہ امام علی(ع) کے دور خلافت کے اکثر حوادث میں موجود رہا اور آپ کی بیعت کی تھی۔[9] آپ امام علی (ع) کی طرف سے جنگ جمل میں بھی شرکت کی [10] اور شاید اسی جنگ کے بعد آپ حضرت علی (ع) کے ساتھ کوفہ میں ہی مقیم ہوئے۔[11]

جنگ صفین میں بھی آپ نے امام علی (ع) کا ساتھ دیا اور قریش، اَسَد اور کنانہ جیسی قبائل کی سرداری [12] اور امام علی(ع) کے لشکر کی دائیں بازو کی کمانڈ آپ کے ہاتھوں میں تھی۔[13] اسی جنگ میں انہوں نے قریش اور انصار کے بعض دیگر افراد کے ساتھ عمرو بن عاص پر حملہ کیا۔[14]

حکمیت کے واقعے میں امام علی(ع) کی طرف سے اسے قبول کرنے کی علت کو امام علی(ع) نے عبداللہ‌ بن جعفر جیسے افراد کا زندہ رہنا قرار دیا ہے۔ [15] عبداللّہ منجملہ ان افراد میں سے تھا جنہوں نے عراقیوں کی طرف سے حکمیت کے عہدنامہ کی پاسداری کرنے کی گواہی دی تھی۔ [16]

امام علی(ع) نے عبداللہ بن جعفر کی تجویز پر محمد بن ابی ‌بکر کو جو عبداللہ کا مادری بھائی تھا، قیس‌ بن سعد کی جگہ مصر کی گورنری پر منصوب کیا۔[17]

ابن ابی الحدید کے مطابق جب امام علی (ع) عبداللہ کو اپنے اموال میں اسراف اور تبذیر سے منع کرنا چاہا تو وہ زبیر کے ساتھ شریک ہوئے یوں امام نے اس کے بعد اسے منع نہیں فرمایا۔[18]

امام علی (ع) کی شہادت کے بعد

ابن سعد اور مسعودی کے مطابق عبداللہ نے ابن ملجم کے ہاتھوں امام علی(ع) کی شہادت کے بعد قاتل سے امام(ع) کا قصاص لیا۔[19]، البتہ یہ بات مشہور کے خلاف ہے جہاں خود مسعودی کہتا ہے: "و قتل الحسنُ عبدالرحمن بن ملجمَ علی حسب ما ذکرنا"[20] یعنی ابن ملجم کو امام حسن (ع) نے قصاص کیا اور یہی مشہور کا نظریہ بھی ہے۔[21]

عبداللہ صلح امام حسن تک امام کے ساتھ تھا۔[22]

معاویہ کے دور حکومت میں

معاویہ کے برسر اقتدار آنے کے بعد عبداللہ نے دمشق میں معاویہ کے دربار کے ساتھ رابطہ قائم کیا[23] اور قریش کے دیگر کئی افراد کے ساتھ معاویہ کے ہاں چلا گیا جہاں معاویہ نے انہیں سالانہ دس لاکھ درہم وظیفہ مقرر کیا۔ [24] جب یزید کی حکومت آئی تو اس نے اس رقم کی مقدار کو دو برابر یعنی 20 لاکھ درعم کر دیا۔ لیکن ان کی حالت یہ تھی کہ معاویہ اور یزید کی طرف سے اتنے بذل و بخشش کے باوجود سال پورا ہونے سے پہلے انہیں تمام فقراء میں تقسیم کر دیتے تھے بلکہ سال کے آخر تک خود مقروض بھی ہو جاتا تھا۔[25]

معاویہ نے انہیں بنی ‌ہاشم کا سردار لقب دیا لیکن عبداللّہ اس لقب کو صرف اور صرف حسنین شریفین علیہم السلام کے ساتھ مختص جانتے تھے۔ [26] بعض مورخین کا خیال ہے کہ معاویہ کی طرف سے عبداللّہ‌ بن جعفر کا اتنی عزت و احترام کی وجہ یا دوسرے قبائل کے بزرگان اور سرداروں کو اپنی طرف مائل کرنے کیلئے تھا یا حضرت علی(ع) کے جانشینوں کی شان و مقام کو گھٹانے کیلئے تھی۔ [27]

معاویہ کی دربار میں عمرو بن عاص اور یزید، عبداللّہ‌ بن جعفر کے ساتھ مفاخرت کیا کرتے تھے۔[28] ایک دفعہ حسنین شریفین (ع) کی موجودگی میں معاویہ اور عبداللّہ کے درمیان مشاجرہ‌ ہوا اس موقع پر عبداللّہ نے امام علی (ع) اور ان کے خاندان کی فضلیت بیان کی۔[29]

ابن ابی ‌الحدید کے مطابق جب امام حسن(ع) شہید ہوئے اور مروان نے انہیں پیغمبر اکرم(ص) کے مرقد مطہر کے قریب دفن کرنے سے منع کیا۔ اس موقع پر عبداللّہ نے امام حسین(ع) کو مروان کے ساتھ مشاجرہ کرنے سے باز رکھا۔[30]

واقعہ کربلا

جب امام حسین(ع) نے مکہ سے کوفہ کی طرف سفر شروع کیا تو عبداللّہ نے اپنے دو بیٹے عون اور محمد کے ساتھ ایک خط لکھا اور امام حسین(ع) کو کوفہ جانے سے منع کرتے ہوئے کہا اس خط کے بعد وہ خود بھی امام کی طرف آئیں گے۔ انہوں نے مکہ کے حکمران عمرو بن سعید سے امام حسین (ع) کیلئے امان ‌نامہ لیا تھا۔[31]

عبداللہ واقعہ کربلا میں حاضر نہیں تھا لیکن ان کے دو بیٹے عون اور محمّد اور ایک اور قول کے مطابق عبیداللہ‌ روز عاشورا امام حسین(ع) اور ان کے دیگر باوفا ساتھیوں سمیت شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے۔[32]

سنہ63 ہجری کو واقعہ حرہ میں عبداللہ بن جعفر نے مدینہ والوں کیلئے یزید سے گفتگو کیا اور یہ انہیں مدینہ والوں کے ساتھ تشدد اور خون ریزی سے پرہیز کرنے کی درخواست کی۔ یزید نے کہا اگر مدینہ والوں نے میری اطاعت کی تو میں تمہاری درخواست پر عمل کروںگا۔ اسی وجہ سے عبداللہ نے مدینہ کے بعض سرداروں کے نام خط لکھا اور انہیں یزید کے سپاہیوں کا راستہ نہ روکنے کی درخواست کی۔ [33]

واقعہ حرّہ میں یزید کے سپاہیوں کے ہاتھوں عبداللہ کے دو بیٹے ابوبکر اور عون اصغر شہید ہو گئے۔[34]

عبداللہ بن زبیر کی بیعت

بلاذری کے مطابق یزید کی موت کے بعد عبداللّہ‌ بن جعفر نے عبداللّہ‌ بن زبیر کی بیعت کی۔[35] وہ دمشق میں عبدالملک‌ بن مروان کے دربار میں بھی رفت و آمد رکھتے تھے[36]، لیکن عبدالملک کی جانب سے انہیں کوئی اہمیت نہیں دی گئی وہ عمر کے آخری سالوں میں تنگدستی اور فقر میں مبتلا ہو گئے تھے۔[37]

عبداللّہ‌ بن جعفر نے اپنی عمر کے کئی سال بصرہ، کوفہ اور شام میں گزارا اور آخر کار مدینہ میں مقیم ہوئے۔[38]

ذاتی خصوصیات

کہا جاتا ہے کہ عبداللّہ بن جعفر موسیقی کا شیدا تھا اور موسیقی سننے کو معیوب نہیں سمجھتے تھے۔ وہ بُدَیح، سائب خاثر اور نشیط جیسے گلوکاروں کی حمایت کرتے تھے۔[39]

عبداللہ زیرکی، نکتہ‌سنجی، خوش‌ خلقی، پاک‌ دامنی اور بخشندگی جیسے خصوصیا کا حامل تھا۔ اسی طرح وہ بحر الجود سے ملقب تھا[40] اور ان کا نام بنی‌ ہاشم کے چار سخی افراد میں ذکر کیا جاتا ہے۔[41] یعقوبی کے مطابق انہوں نے ایک بار اپنے جسم پر موجود کپڑوں تک کسی مستحق کو دے دیا۔[42]

عبیداللہ بن قیس نے ان کی جود اور بخشش پر اشعار بھی لکھا ہے۔ [43] ان کی جود و سخاوت سے متعلق کئی حکایات بھی منقول ہیں۔[44]

نقل حدیث

عبداللہ نے پیغمبر اکرم(ص)، امام علی(ع) اور اپنی والدہ اسماء بنت عمیس سے حدیث نقل کی ہے۔ [45] اسی طرح بعض راویوں نے خود عبداللہ سے بھی حدیث نقل کی ہیں۔[46]

انہوں نے آیہ تطہیر کے شان نزول اور زینب بنت جحش کی طرف سے اہل بیت میں شامل ہونے کی درخواست پر پیغمبر اکرم(ص) کی طرف سے انکار سے متعلق بھی حدیث نقل کیا ہے۔[47]

زوجہ اور اولاد

عبداللّہ‌ بن جعفر نے زینب بنت علی‌ بن ابی ‌طالب سے ازدواج کیا۔[48] اس شادی کا ثمرہ چار بیٹے (علی، عباس، عون، محمد) اور ایک بیٹی بنام ام کلثوم کی شکل میں عطا ہوا۔[49]

عبداللہ نے حضرت زینب (س) کی زندگی میں ہی لیلا بنت مسعود سے بھی شادی کیا[50]، اور حضرت زینب (س) کی وفات کے بعد آپ کی بہن ام کلثوم سے بھی شادی کیا۔[51]

وفات

عبداللہ کی وفات کی تاریخ اور مکان کے حوالے سے اختلاف‌ پایا جاتا ہے۔ مشہور قول کی بنا پر انہوں نے سنہ 80 ہجری میں [52] اور ایک اور روایت کے مطابق [53] سنہ 82 یا 84 یا 85 یا 86 میں مدینہ میں وفات پائی۔ اَبان‌ بن عثمان جو اس وقت مدینہ کا والی تھا، نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی اور انہیں قبرستان جنۃ البقیع میں سپرد خاک کیا گیا۔[54] قبرستان باب الصغیر دمشق میں بھی ایک مقام ان سے منسوب ہے۔[55]

حوالہ جات

  1. ابن‌ سعد، الطبقات‌ الکبیر، ج‌۶، ص‌۴۶۲
  2. ابن‌ عبدالبرّ، ج‌۳، ص۸۸۰ـ۸۸۱؛ ابن‌ اثیر، ج‌۳، ص‌۱۹۸
  3. ابن‌ ہشام، ج۴، ص۱۱، ۲۴؛ ابن‌ عبدالبرّ، ج‌۳، ص‌۸۸۱؛ ابن‌ عساکر، ج‌۲۷، ص‌۲۵۷
  4. واقدی، المغازی، ج۲، ص‌۷۶۶ـ۷۶۷؛ ابن ‌سعد، الطبقات ‌الکبیر، ج‌۶، ص‌۴۶۲ـ۴۶۳
  5. ابن‌ سعد، الطبقات‌ الکبیر، ج۶، ص‌۴۶۲، ۴۶۶؛ ابن ‌ابی‌الحدید، ج‌۶، ص‌۲۹۷
  6. واقدی، فتوح‌ الشام، ج‌۱، ص۱۰۰ـ۱۰۸
  7. یعقوبی، ج‌۲، ص‌۱۷۲؛ مسعودی، مروج‌ الذہب (بیروت)، ج‌۳، ص‌۸۴
  8. ابن‌ ابی‌ الحدید ج‌۱۷، ص‌۲۳۲، ۲۳۴؛ نک: مفید، الجمل، ص‌۴۳۵ـ۴۳۶
  9. مفید، الجمل، ص‌۱۰۷
  10. مسعودی، مروج الذہب (بیروت)، ج‌۳، ص‌۱۰۵
  11. بہ خلیفۃ بن خیاط، ص‌۲۱۳
  12. ابن‌ عساکر، ج‌۲۷، ص‌۲۷۲
  13. ابن‌اعثم کوفی، ج‌۳، ص‌۲۴
  14. دینوری، ص‌۱۸۴
  15. نصر بن مزاحم، ص۵۳۰
  16. نصر بن مزاحم، ص‌۵۰۷.
  17. طبری، ج‌۴، ص‌۵۵۴ـ۵۵۵؛ ابن ‌ابی‌ الحدید، ج‌۶، ص‌۶۳
  18. ابن ‌ابی‌ الحدید ج‌۱، ص‌۵۳؛ نک: دینوری، ص‌۲۱۵
  19. ابن سعد، الطبقات ‌الکبری، دارالفکر، ج۳، ص‌۳۹-۴۰؛ مسعودی، مروج‌الذہب (قم)،ج۲، ص۴۱۴-۴۱۶
  20. مسعودی، مروج‌ الذہب (قم)، ج۲، ص۴۲۶
  21. مفید، الارشاد، ج‌۱، ص‌۲۲
  22. طبری، ج‌۵، ص‌۱۶۵
  23. ابن‌ سعد، الطبقات‌ الکبیر، ج‌۶، ص‌۴۶۷
  24. بلاذری، ج‌۴، ص‌۱۰۱، ۳۲۰
  25. بلاذری، انساب الاشراف، ج۲، تحقیق: محمد باقر المحمودی، بیروت: مؤسسۃ الاعلمی للمطبوعات، ۱۳۹۴ق/۱۹۷۴م، ص۴۵
  26. ابن ‌ابی‌ الحدید، ج‌۶، ص‌۲۹۷
  27. مہدویان، ص‌۳۶
  28. ابن‌ عساکر، ج‌۲۷، ص‌۲۶۵ـ۲۶۶، ۲۶۸؛ ابن‌ ابی‌ الحدید، ج‌۶، ص‌۲۹۵ـ۲۹۷، ج‌۱۵، ص‌۲۲۹
  29. نعمانی، ص‌۹۶ـ۹۷؛ طوسی، ص‌۱۳۷ـ۱۳۸
  30. ابن‌ ابی ‌الحدید، ج‌۱۶، ص۵۰
  31. طبری، ج‌۵، ص‌۳۸۷ـ۳۸۸؛ قس ابن‌اعثم کوفی، ج‌۵، ص‌۶۷
  32. طبری، ج‌۵، ص‌۴۱۹، ۴۶۶؛ ابوالفرج‌ اصفہانی، مقاتل‌ الطالبیین، ص‌۹۱ـ۹۲
  33. ابن ‌سعد،الطبقات‌ الکبیر، ج‌۷، ص‌۱۴۵
  34. تستری، ج‌۶، ص‌۲۸۷
  35. بلاذری ج‌۴، ص‌۳۹۱
  36. ابن‌ عساکر، ج‌۲۷، ص‌۲۴۸
  37. ابن ‌ابی ‌الحدید، ج‌۱۱، ص‌۲۵۵
  38. خلیفۃ بن خیاط، ص‌۲۹، ۳۱
  39. طبری، ج‌۵، ص‌۳۳۶ـ۳۳۷؛ ابوالفرج اصفہانی، کتاب الاغانی، ج‌۸، ص‌۳۲۱؛ ابن‌عبدالبرّ، ج‌۳، ص‌۸۸۱
  40. ابن‌ عبد البرّ، ج‌۳، ص‌۸۸۱.
  41. ابن‌ عنبہ، ص‌۳۶؛ قس ابن‌ع بدالبرّ، ج‌۳، ص‌۸۸۱ـ۸۸۲
  42. یعقوبی ج‌۲، ص‌۲۷۷
  43. نک: ابن‌ عساکر، ج‌۲۷، ص‌۲۷۱ـ۲۷۲
  44. ابن ‌سعد، الطبقات‌ الکبیر، ج‌۶، ص‌۴۶۶؛ ابن‌ حبیب، ص‌۳۷۴ـ۳۷۹؛ ابن ‌عبدالبرّ، ج‌۳، ص‌۸۸۲
  45. ابن‌اثیر، ج‌۳، ص‌۱۹۸؛ ابن‌ سعد، الطبقات‌ الکبیر، ج‌۶، ص‌۴۶۴ـ۴۶۵
  46. نک:ابن ‌عساکر، ج‌۲۷، ص‌۲۴۸
  47. کوفی، ج‌۲، ص‌۱۳۸
  48. ابن‌ سعد، الطبقات‌ الکبیر، ج۶، ص۴۶۱؛ ابن‌ سعد، الطبقات‌ الکبیر، ج۶، ص۴۶۱ـ۴۶۲
  49. ابن عساکر، اعلام النسا،ص۱۹۰; ریاحین الشریعہ، ج۳، ص۴۱ و ترجمہ زینب کبری، ص۸۹
  50. ابن سعد، الطبقات الکبری، ج۸، بیروت: دار صادر، بی‌تا، ص۴۶۵.
  51. ابن سعد، الطبقات الکبری، ج۸، بیروت: دار صادر، بی‌تا، ص۴۶۳.
  52. یعقوبی، ج‌۲، ص‌۲۷۷؛ ابن‌ اثیر، ج‌۳، ص۲۰۰
  53. خلیفۃ بن خیاط، ص‌۳۱؛ ابن‌ اثیر، ج‌۳، ص۲۰۰؛ ابن‌ عساکر، ج‌۲۷، ص۲۹۶
  54. ابن ‌عبدالبرّ، ج‌۳، ص‌۸۸۱؛ ابن ‌اثیر، ج‌۳، ص۲۰۰
  55. فہری، مراقد اہل البیت فی الشام، ص۳۷.

مآخذ

  • نہج البلاغہ، ترجمہ سید جعفر شہیدی، تہران: علمی و فرہنگی، ۱۳۷۸ھ
  • ابن ابی الحدید، شرح نہج‌ البلاغۃ، چاپ محمد ابوالفضل ابراہیم، قاہرہ ۱۹۶۵م/۱۳۸۵ھ
  • ابن ‌اثیر، اسد الغایۃ فی معرفۃ الصحابۃ، چاپ محمد ابراہیم بنا، محمد احمد عاشور و محمود عبدالوہاب فاید، بیروت ۱۹۸۹م/۱۴۰۹ھ
  • ابن‌ اعثم کوفی، کتاب‌ الفتوح، چاپ علی ‌شیری، بیروت ۱۴۱۱ق/۱۹۹۱ء
  • ابن ‌حبیب، المنمق فی اخبار قریش، چاپ خورشید احمد فارق، بیروت ۱۹۸۵ء
  • ابن ‌سعد، کتاب‌ الطبقات ‌الکبیر، چاپ علی‌ محمد عمر، قاہرہ ۱۴۲۱ق/۲۰۰۱ء
  • ابن‌ سعد، کتاب‌ الطبقات‌ الکبری، چاپ دار الفکر- یا دارصادر، بیروت، قم ۱۴۰۵ھ
  • ابن عساکر، اعلام النسا، تحقیق محمد عبدالرحیم، بیروت، دار الفکر،۱۴۲۴/۲۰۰۴ھ
  • ابن‌ عبدالبر، الستیعاب فی معرفۃ الاصحاب، چاپ علی محمد بجاوی، بیروت ۱۴۱۲ق/۱۹۹۲ء
  • ابن‌ عساکر، تاریخ مدینۃ دمشق، چاپ علی ‌شیری، بیروت ۱۴۱۵ھ
  • ابن‌ عنبہ، عمدۃ الطالب فی انساب آل ابی ‌طالب، چاپ محمد حسن آل طالقانی، نجف ۱۳۸۰م/۱۹۶۱ھ
  • ابن ‌قتیبہ، المعارف چاپ ثروت عکاشہ، قاہرہ ۱۹۶۰ء
  • ابن‌ ہشام، السیرۃ النبویۃ، چاپ مصطفی سقا، ابراہیم ابیاری و عبدالحفیظ شلبی، قاہرہ ۱۹۳۶ء
  • ابو الفرج اصفہانی، کتاب الاغانی، قاہرہ ۱۳۸۳ھ
  • ابوالفرج اصفہانی، مقاتل الطالبیین، چاپ سید احمد صقر، قاہرہ ۱۳۶۸ھ
  • بلاذری، انساب الاشراف، چاپ محمود فردوس عظم، دمشق ۱۹۹۷ـ۲۰۰۰ء
  • محمد تقی تستری، قاموس‌ الرجال، قم ۱۴۱۵ھ
  • خلیفۃ بن خیاط، کتاب‌ الطبقات، چاپ سہیل زکار، بیروت ۱۴۱۴ق/۱۹۹۳ء
  • دینوری، الاخبار الطوال، چاپ عبدالمنعم عامر، قاہرہ ۱۹۶۰ء
  • طبری، تاریخ (بیروت).
  • محمد بن حسن طوسی، الغیبۃ، چاپ عباد اللّہ طہرانی و علی احمد ناصح، قم ۱۴۱۱ھ
  • محمد بن سلیمان کوفی، مناقب الامام امیرالمؤمنین، چاپ محمد باقر محمودی، قم ۱۴۱۲ھ
  • مسعودی، مروج الذہب (بیروت).
  • مسعودی، مروج الذہب و معادن الجوہر، منشورات دار الہجرہ، قم،۱۴۰۴ھ
  • محبوب مہدویان، «عبداللّہ ‌بن جعفر بن ابی‌ طالب» ، تاریخ اسلام، سال ۲، ش ۲، قم، تابستان ۱۳۸۰ھ
  • نصر بن مزاحم منقری، وقعۃ صفین، چاپ عبدالسلام محمد ہارون، قاہرہ ۱۳۸۲ھ
  • محمد بن ابراہیم نعمانی، کتاب الغیبۃ، چاپ فارس حسون کریم، قم ۱۴۲۲ھ
  • محمد بن عمر واقدی، فتوح ‌الشام، بیروت، دارالجیل، بی‌تا.
  • محمد بن عمر واقدی، کتاب‌ المغازی للواقدی، چاپ مارسدن جونس، قاہرہ ۱۹۶۶ء
  • یعقوبی، تاریخ.
  • مفید، محمد بن نعمان، الارشاد فی معرفۃ حجج اللہ علی العباد، بیروت، دار المفید، ۱۴۱۴ھ
  • محمد بن محمد بن نعمان مفید، الجمل، چاپ علی میر شریفی، قم، ۱۳۷۴ء
  • فہری، سید اجمد، مراقد اہل البیت فی الشام، مکتب الامام الخامنئی، سوریہ، ۱۴۲۸ھ