مندرجات کا رخ کریں

مسودہ:استحاضہ

ویکی شیعہ سے

اِسْتِحاضہ اس خون کو کہا جاتا ہے جو حیض اور نفاس کے علاوہ رحم سے خارج ہوتا ہے۔ یہ خون عموماً زرد رنگ، ٹھنڈا اور پتلا ہوتا ہے۔ استحاضہ کا خون نجس ہے اور اس کے خارج ہونے سے وضو اور غسل باطل ہو جاتے ہیں۔ فقہاء کے مطابق اگر مستحاضہ عورت کو یقین ہو کہ نماز کا وقت ختم ہونے سے پہلے خون مکمل طور پر بند ہو جائے گا یا اتنی دیر کے لیے رک جائے گا کہ وہ پاکی کی حالت میں نماز ادا کر سکے، تو اسے انتظار کرنا چاہیے اور پاکی کی حالت میں نماز پڑھنی چاہیے۔ استحاضہ کی تین قسمیں ہیں: قلیلہ، متوسطہ اور کثیرہ، جن کے احکام ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔

استحاضہ قلیلہ میں روئی تبدیل کرنا یا اسے دھونا اور خون آلود مقام کو پاک کرنا ضروری ہے۔ استحاضہ متوسطہ میں پہلی نماز سے پہلے ایک غسل اور اس کے بعد آنے والے دنوں میں نماز صبح سے پہلے غسل کرنا ضروری ہے۔ استحاضہ کثیرہ میں نماز ظہر و عصر اور نماز مغرب و عشاء سے پہلے غسل کرنا واجب ہے اور غسل کے بعد نماز ادا کرنے میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔ اسی طرح مستحاضہ عورت پر روزہ بھی واجب ہے، تاہم روزہ صحیح ہونے کے لیے نماز کے واجب غسلوں کی ادائیگی شرط ہے۔

حیض کی حالت میں ممنوع اکثر امور مستحاضہ عورت کے لیے جائز ہیں، البتہ بعض مراجع تقلید نے ان امور کے جواز کو استحاضہ کے واجب غسلوں کی ادائیگی سے مشروط کیا ہے۔ قرآن مجید کی تحریر کو چھونے کے حکم میں بھی مراجع تقلید کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔

خصوصیات

استحاضہ اس خون کو کہتے ہیں جو رحم سے خارج ہوتا ہے،[1] لیکن حیض یا نفاس نہیں ہوتا۔ یہ خون عموماً زرد رنگ، ٹھنڈا اور پتلا ہوتا ہے۔[2] استحاضہ کا خون نجس ہے اور نماز پڑھنے والے کے بدن اور لباس کو اس سے پاک ہونا واجب ہے۔[3] استحاضہ سے وضو اور غسل باطل ہو جاتے ہیں۔[4] جس عورت کو خون استحاضہ آئے اسے مُسْتَحاضہ کہا جاتا ہے۔[5]

اگر مستحاضہ عورت کو یقین ہو کہ نماز کا وقت ختم ہونے سے پہلے خون مکمل طور پر بند ہو جائے گا یا اتنی دیر کے لیے رک جائے گا کہ وہ پاکی کی حالت میں نماز ادا کر سکے، تو اسے انتظار کرنا چاہیے اور خون بند ہونے کے بعد پاکی کی حالت میں نماز ادا کرنی چاہیے۔[6]

اقسام

استحاضہ کی تین قسمیں ہیں: قلیلہ (کم)، متوسطہ (درمیانی) اور کثیرہ (زیادہ)۔ ان میں سے ہر ایک کی تشخیص میں فقہاء کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔[7]

استحاضہ قلیلہ: استحاضہ قلیلہ میں ہر نماز کے لیے وضو کے علاوہ روئی تبدیل کرنا یا اسے دھونا بھی ضروری ہے۔[8] اگر خون رحم کے دہانے سے باہر تک پہنچ گیا ہو تو اس مقام کو بھی دھونا ضروری ہے۔[9]

استحاضہ متوسطہ: استحاضہ متوسطہ میں قلیلہ میں مذکورہ امور کے علاوہ، اس حالت میں ادا کی جانے والی پہلی نماز سے پہلے ایک غسل اور اس کے بعد آنے والے دنوں میں بھی ہر روز نمازِ صبح سے پہلے غسلِ استحاضہ واجب ہے۔[10]

استحاضہ کثیرہ: استحاضہ کثیرہ میں استحاضہ قلیلہ کے احکام پر عمل کرنے کے علاوہ، نمازِ ظہر و عصر سے پہلے اور نماز مغرب و عشاء سے پہلے غسلِ استحاضہ کرنا ضروری ہے اور غسل اور نماز کے درمیان فاصلہ بھی نہیں ہونا چاہیے۔[11] اگر نمازِ ظہر اور عصر یا نمازِ مغرب اور عشاء کے درمیان فاصلہ آ جائے تو ہر نماز کے لیے الگ غسل کرنا ضروری ہے۔[12] بعض فقہاء کے نزدیک نمازِ ظہر و عصر یا مغرب و عشاء کو ایک ہی غسل کے ساتھ ادا نہیں کیا جا سکتا ہے۔[13]

نماز اور روزے سے متعلق استحاضہ کے احکام

اگر نماز سے پہلے استحاضہ کا خون بند ہو جائے تو اس بارے میں فقہاء کے درمیان اختلاف ہے کہ آیا صرف وضو کافی ہے یا استحاضہ کے دیگر احکام، یعنی وضو اور غسل، بھی انجام دینا ضروری ہیں۔ اسی طرح اگر نماز کے دوران خون بند ہو جائے تو اس صورت میں بھی اختلاف پایا جاتا ہے کہ نماز جاری رکھی جائے یا طہارت دوبارہ حاصل کر کے نماز کا اعادہ کیا جائے۔[14] دوسری طرف مستحاضہ عورت پر روزہ رکھنا واجب ہے،[15] تاہم روزے کی صحت کے لیے نماز کے واجب غسلوں کو انجام دینا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ استحاضہ کثیرہ کی صورت میں روزے کی صحت کی ایک شرط یہ بھی بیان کی گئی ہے کہ گزشتہ رات نمازِ مغرب و عشاء کے لیے غسل کیا گیا ہو۔[16]

وہ امور جو مستحاضہ کے لیے جائز ہیں

حیض کی حالت میں عورت کے لیے ممنوع اکثر امور مستحاضہ کے لیے جائز ہیں، جیسے:

تاہم بعض مراجع تقلید نے ان امور کے جائز ہونے کے لیے یہ شرط رکھی ہے کہ مستحاضہ عورت استحاضہ کے واجب غسل یا نماز کے لیے ضروری تمام اعمال انجام دے چکی ہوں۔[18]

جن امور کے لیے طہارت شرط ہے، مثلاً قرآن مجید کی تحریر کو چھونا، ان کے بارے میں مراجع تقلید کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے:

  • بعض مراجع تقلید مستحاضہ کے لیے ان امور کو جائز نہیں سمجھتے ہیں۔
  • جبکہ بعض دوسرے مراجع اس طرح کے امور کی انجام دہی کے لیے نماز کے لیے ضروری وضو یا غسل کو دوبارہ انجام دینا ضروری سمجھتے ہیں۔[19]

غسلِ استحاضہ کا طریقہ اور اس سے متعلق احکام

غسلِ استحاضہ دیگر واجب غسلوں کی طرح ترتیبی اور ارتماسی دونوں طریقوں سے انجام دے سکتے ہیں۔ دوسرے غسلوں اور استحاضہ کے غسل میں بنیادی فرق نیت کا ہے۔ اسی طرح ایک ہی غسل میں متعدد غسلوں، جیسے غسلِ جمعہ، غسلِ استحاضہ اور غسلِ جنابت کی نیت بھی کی جا سکتی ہے۔[20]

  • غسل کے دوران خون بند نہ ہونا: اگر غسلِ استحاضہ کے دوران خون جاری رہے تو اس سے غسل میں کوئی خلل نہیں آتا۔ البتہ اگر غسلِ استحاضہ متوسطہ کے دوران خون کی کیفیت میں تبدیلی آ کر کثیرہ ہو جائے تو غسل از سرِ نو کرنا ضروری ہے۔[21]
  • غسل استحاضہ کا وضو کے لیے کافی نہ ہونا: اس بارے میں مراجع تقلید کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے کہ آیا غسلِ استحاضہ کے بعد نماز کے لیے وضو بھی ضروری ہے یا غسل ہی کافی ہے۔ مشہور فقہاء کے نزدیک غسل استحاضہ وضو کے لیے کافی نہیں ہے۔[22]
  • غسل کا وقت اور ترتیب: غسلِ استحاضہ نماز کا وقت داخل ہونے کے بعد انجام دینا چاہیے۔[23] اسی طرح غسل اور وضو کے بعد نماز ادا کرنے میں فاصلہ نہیں ہونا چاہیے۔[24]
  • خون روکنے کی کوشش: مستحاضہ عورت کے لیے اگر ممکن ہو تو ضروری ہے کہ غسل کے دوران اور غسل کے بعد نماز ادا کرنے تک خون خارج ہونے نہ دیں۔[25]

حوالہ جات

  1. ↑ طباطبائی یزدی، العروۃ الوثقیٰ مع التعلیقات، ج1، ص28۔
  2. ↑ خمینی، تحریر الوسیلہ، ج1، ص57۔
  3. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 855۔
  4. ↑ طباطبائی یزدی، العروۃ الوثقیٰ مع التعلیقات، ج1، ص28۔
  5. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 392۔
  6. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 410۔
  7. ↑ شہید ثانی، الروضۃ البہیہ فی شرح اللمعۃ الدمشقیہ، ج1، ص390۔
  8. ↑ طباطبائی یزدی، العروۃ الوثقیٰ مع التعلیقات، ج1، ص271۔
  9. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 394۔
  10. ↑ طباطبائی یزدی، العروۃ الوثقیٰ مع التعلیقات، ج1، ص28؛ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 395۔
  11. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 413۔
  12. ↑ طباطبائی یزدی، العروۃ الوثقیٰ مع التعلیقات، ج1، ص28۔
  13. ↑ طباطبائی یزدی، العروۃ الوثقیٰ مع التعلیقات، ج1، ص28۔
  14. ↑ حکیم، مستمسک العروۃ، ج3، ص414-417۔
  15. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 417۔
  16. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 418۔
  17. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 428۔
  18. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 428۔
  19. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 427۔
  20. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 389۔
  21. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 416۔
  22. ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج3، ص240۔
  23. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 401۔
  24. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 413۔
  25. ↑ طباطبائی یزدی، العروۃ الوثقیٰ مع التعلیقات، ج1، ص273۔

مآخذ

  • بنی ہاشمی خمینی، سید محمد حسن، توضیح المسائل مراجع: 16 مرجع، قم، دفتر انتشارات اسلامی وابستہ بہ جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم، 1392ہجری شمسی۔
  • حکیم، محسن، مستمسک العروۃ الوثقیٰ، بیروت، دار احیاء التراث العربی، 1374ہجری شمسی۔
  • خمینی، سید روح اللہ، تحریر الوسیلہ، تہران، مؤسسۂ تنظیم و نشر آثار امام خمینی، 1379ہجری شمسی۔
  • شہید ثانی، الروضۃ البہیہ فی شرح اللمعۃ الدمشقیہ، تحقیق: سید محمد کلانتر، بے جا، بے نا، 1386ھ۔
  • طباطبائی یزدی، سید کاظم، العروۃ الوثقیٰ مع التعلیقات ناصر مکارم شیرازی، ج1، قم، مدرسۂ امام علی بن ابی طالبؑ، 1428ھ۔
  • نجفی، محمد حسن، جواہر الکلام فی شرح شرائع الاسلام، تصحیح: عباس قوچانی و علی آخوندی، بیروت، دار احیاء التراث العربی، ساتویں اشاعت، 1362ہجری شمسی۔