مندرجات کا رخ کریں

اعضائے وضو

ویکی شیعہ سے

آیت وضو کے مطابق اعضائے وضو میں چہرے کا سر کے بال اگنے کی جگہ سے تھوڈی کے آخری سرے تک نیز ہاتھوں کو انگلیوں کے سرے سے کہنیوں تک دھونا اور سر اور پاؤں کا کسی ایک انگلی کے سرے سے ٹخنوں تک مسح کرنا شامل ہے۔[1] شیعہ اور اہل سنت کے درمیان ہاتھ دھونے کے طریقے اور پاؤں دھونے یا ان پر مسح کرنے کے حکم میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ اسی طرح سر کے مسح کی مقدار کے بارے میں بھی مختلف آراء پائی جاتی ہیں۔

  • ہاتھ: شیعہ روایات کی روشنی میں ہاتھوں کو کہنیوں سے انگلیوں کی طرف دھونے کے قائل ہیں۔ وضو کا یہ طریقہ اس وضو کے مطابق ہے جس کی تعلیم حضرت جبرئیلؑ نے پیغمبر اکرمؐ کو دی تھی۔[2] شافعی مذہب کے مفسر اور فقیہ فخر رازی آیت وضو کی تفسیر میں ایک ایسے نظریے کا ذکر کرتے ہیں جس کے مطابق ہاتھوں کو انگلیوں سے کہنیوں کی طرف دھونا ضروری ہے اور اس کے برعکس دھونا جائز نہیں۔ تاہم، ان کے مطابق اکثر فقہاء ہاتھوں کو کہنیوں سے انگلیوں کی طرف دھونے کو صحیح قرار دیتے ہیں، اگرچہ یہ طریقہ اہل سنت طریقے کے خلاف ہے۔[3]
  • سر: سر کا مسح کرنا اہل سنت کے چاروں فقہی مذاہب میں تسلیم شدہ ہے، تاہم مسح کی مقدار اور طریقۂ کار کے بارے میں ان کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔[4]
  • پاؤں: شیعہ پاؤں کے ٹخنوں تک مسح کرنے کو واجب قرار دیتے ہیں، جب کہ اہل سنت وضو میں پاؤں دھونے کو ضروری سمجھتے ہیں۔[5]

بعض منابع میں وضو کے طریقۂ کار سے متعلق اس اختلاف کی ابتدا حضرت عثمان کے دورِ خلافت سے منسوب کی گئی ہے۔[6] ان منابع کے مطابق، پیغمبر اکرمؐ اور پہلے دو خلفاء، یعنی ابوبکر اور عمر کے زمانے میں اس حوالے سے کوئی اختلاف موجود نہیں تھا۔[7] اسی طرح بیان کیا گیا ہے کہ حضرت عثمان بھی اپنے دورِ خلافت کے ابتدائی زمانے میں اپنے پیش روؤں ہی کی طرح وضو کرتے تھے۔[8]

شیعہ مراجعِ تقلید کے مطابق وضو کے اعضاء کا دھونا اور مسح کے وقت ان کا پاک ہونا وضو کے صحیح ہونے کی شرط ہے۔ تاہم اگر کسی عضو کو دھونے یا اس پر مسح کرنے کے بعد وضو مکمل ہونے سے پہلے وہ عضو نجس ہو جائے تو وضو صحیح شمار ہوگا۔[9]

اعضائے وضو پر پانی پہنچنے میں مانع ہر چیز جیسے گوند (گلو) یا رنگ وغیرہ کو دور کرنا ضروری ہے۔ اگر رکاوٹ کو ہٹانا ممکن نہ ہو اور وہ اعضائے وضو میں سے کسی عضو کے صرف ایک حصے پر ہو تو وضوئے جبیرہ انجام دیا جاتا ہے۔ لیکن اگر رکاوٹ پورے عضو کو گھیرا ہوا ہو تو بعض مراجع تیمم کو واجب قرار دیتے ہیں، جبکہ بعض دیگر وضوئے جبیرہ کو کافی سمجھتے ہیں اور احتیاطاً تیمم کرنے کی بھی سفارش کرتے ہیں۔[10]

حوالہ جات

  1. ↑ مکارم شیرازی، تفسیر نمونہ، ج4، ص285۔
  2. ↑ حر عاملی، وسائل الشیعه، ج1، ص399، ح24؛ کلینی، الکافی، ج3، ح4و5، ص25ـ26؛ طباطبایی، المیزان، ج5، ص219-220.
  3. ↑ فخر رازی، التفسیر الکبیر، ج11، ص160.
  4. ↑ قمی، «چگونگی انجام وضو نزد فریقین(3) مسح»، ص45.
  5. ↑ شافعی، الام، ج1، ص23؛ قرطبی، الجامع لأحکام القرآن، ج6، ص99.
  6. ↑ متقی هندی، کنز العمال، ج9، ص193، ح26890.
  7. ↑ شهرستانی، لماذا الإختلاف فی الوضوء، ص31.
  8. ↑ قشیری، صحیح مسلم، ج1، ص206، ح229.
  9. ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل چودہ مراجع، ج1، ص213۔
  10. ↑ طباطبائی یزدی، العروۃ الوثقی، ج1، ص442-443؛ حکیم، مستمسک العروۃ الوثقی، ج2، ص540؛ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل چودہ مراجع، ج1، ص247۔

مآخذ

  • بنی ہاشمی خمینی، محمدحسن، توضیح المسایل مراجع، قم، مؤسۂ اسلامی اشاعت، 1393ہجری شمسی۔
  • حر عاملی، محمد بن حسن، وسائل الشیعہ، قم، مؤسسۃ آل البیت علیہم السلام، 1409ھ۔
  • حکیم، سید محسن، مستمسک العروۃ الوثقی، قم، کتابخانہ آیت اللہ مرعشی نجفی، 1391ھ۔
  • شافعی، محمدبن ادریس، الأم، بیروت، دارالمعرفہ، 1426ھ۔
  • شہرستانی، سید علی، لماذا الإختلاف فی الوضوء، تلخیص فیس عطار، تہران، مشعر پبلشر، 1426ھ۔
  • طباطبایی یزدی، سید محمدکاظم، العروۃ الوثقی فیما تعم به البلوی(المحشّی)، تحقیق: احمد محسنی سبزواری،، قم، مؤسۂ اسلامی اشاعت، 1420ھ۔
  • طباطبایی، سید محمدحسین، المیزان فی تفسیر القرآن، بیروت، موسسہ الاعلمی للمطبوعات، 1390ھ۔
  • فخر رازی، محمد بن عمر، التفسیر الکبیر (مفاتیح الغیب)، بیروت، دار احیاء التراث العربی، 1420ھ۔
  • قرطبی، محمد بن احمد، الجامع لأحکام القرآ ن، تہران، ناصرخسرو پبلشرز، 1364ہجری شمسی۔
  • قمی، علی، «چگونگی انجام وضو نزد فریقین(3) (مسح)» (فریقین کے یہاں وضو کا طریقہ )، مجلہ میقات حج، شمارہ 90، موسم سرما 2014ء۔
  • کلینی، محمد بن یعقوب، الکافی، تہران، دارالکتب الإسلامیۃ، 1407ھ۔
  • متقی ہندی، علی بن حسام، کنز العمال فی سنن الأقوال والأفعال، بیروت، دارالعلمیہ، 1419ھ۔
  • مسلم بن حجاج، صحیح مسلم، تحقیق محمد فؤاد عبد الباقی، بیروت، دار إحیاء التراث العربی، 1415ھ۔
  • مکارم شیرازی، ناصر، تفسیر نمونہ، تہران، دارالکتب الاسلامیہ، بتّیسویں اشاعت، 1374ہجری شمسی۔