مسودہ:نفاس
| یہ مقالہ ایک فقہی موضوع کے بارے میں توصیفی تحریر ہے اور دینی اعمال کے لئے معیار نہیں بن سکتا۔ دینی اعمال کے لئے دیگر مصادر کی طرف رجوع کریں۔ |
| بعض عملی اور فقہی احکام |
|---|
نِفاس یا زچگی کا خون[1] اس خون کو کہا جاتا ہے جو عورت کو بچے کی پیدائش کے آغاز سے آتا ہے۔[2] یہ خون ممکن صرف چند لمحوں تک جاری رہے[3] اور اس کی زیادہ سے زیادہ مدت دس دن ہے، جس کے بارے میں بعض فقہاء کا خیال ہے کہ یہ مدت دسویں دن کے آغاز تک اور بعض کے نزدیک دسویں دن کے اختتام تک ہے۔[4] نفاس کا خون آنے والی عورت کو نُفَساء کہا جاتا ہے اور اس کے احکام حیض والی عورت کے احکام سے ملتے جلتے ہیں۔[5] احتیاطِ واجب کی بنا پر بعض اعمال جیسے مسجد میں ٹھہرنا، مسجد الحرام اور مسجد النبیؐ سے گزرنا، واجب سجدہ والی آیات کی تلاوت کرنا اور قرآن مجید کی تحریر نیز اللہ تعالیٰ کے ناموں کو چھونا، نفساء کے لئے حرام ہیں۔[6] بعض احادیث کے مطابق حیض اور نفاس کی حالت میں وفات پانے والی عورتیں شہید شمار ہوتی ہیں اور روزِ قیامت ان سے حساب و کتاب نہیں لیا جائے گا۔[7]
اکثر مراجع تقلید کے نزدیک جن عورتوں کو حیض باقاعدگی سے آتا ہے یعنی حیض کی منظم عادت رکھتی ہیں، ان کے لئے نفاس کی مدت ایامِ حیض کی منظم عادت کے برابر یا زیادہ سے زیادہ دس دن ہے اور اس کے بعد آنے والا خون استحاضہ شمار ہوتا ہے۔[8] اسی طرح آپریشن کے ذریعے بچے کی پیدائش کی صورت میں بھی نفاس کا حکم عام ولادت جیسا ہی ہے؛ چنانچہ اگر خون رحم سے قدرتی راستے سے خارج ہو اور زخم کا خون نہ ہو تو اسے نفاس شمار کیا جائے گا۔[9] اسقاطِ حمل کی صورت میں بھی اکثر فقہاء کے نزدیک جنین کا مکمل ہونا ضروری نہیں ہے، بلکہ اسقاط حمل کے بعد آنے والا خون بھی نفاس شمار ہو سکتا ہے۔[10] فقہاء کے مطابق جڑواں بچوں کی پیدائش میں نفاس کی مدت کا آغاز پہلے بچے کی پیدائش سے شمار ہوگا۔ دس دن مکمل ہونے کے بعد دوسرے بچے کی پیدائش سے متعلق اضافی خون کے بارے میں حیض اور استحاضہ، دونوں کے احکام پر عمل کرنا ضروری ہے۔[11] بعض معاشروں میں یہ رسم رائج ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد عورت چالیس دن تک نماز نہیں پڑھتی اور اس کے بعد غسلِ چلہ انجام دیتی ہے۔ تاہم شرعی احکام میں اس رسم کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔[12]
فقہاء کے مطابق نفاس ختم ہونے کے بعد نماز اور دوسری عبادات جن میں طہارت شرط ہے، غسلِ نفاس واجب ہوتا ہے۔[13] اگر خون بند ہونے کے بارے میں شک ہو تو روئی یا اس جیسی کسی چیز کے ذریعے اطمینان حاصل کرنا ضروری ہے۔[14] اکثر مراجع کے مطابق غسلِ نفاس وضو کے لئے کافی نہیں، بلکہ نماز کے لیے وضو بھی کرنا ضروری ہے۔[15] اسی طرح اگر عورت طلوعِ فجر (اذانِ صبح) سے پہلے حیض یا نفاس سے پاک ہو جائے، لیکن غسل یا حتیٰ کہ تیمم کرنے کا وقت نہ ہو تو اس کا روزہ صحیح ہے اور وہ بعد میں غسل کرے گی۔[16] لیکن اگر وہ اذانِ صبح کے بعد پاک ہو تو اس دن کا روزہ نہیں رکھ سکتی۔[17]
حیض یا نفاس کی حالت میں اگر سورج یا چاند گرہن ہو جائے اور گرہن ختم ہونے تک عورت پاک نہ ہو تو اس پر نمازِ آیات واجب نہیں ہے اور نہ ہی اس کی قضا لازم ہے۔ زلزلے کی وجہ سے واجب ہونے والی نمازِ آیات کا حکم بھی یہی ہے۔[18]
حوالہ جات
- ↑ دہخدا، لغتنامہ دہخدا۔
- ↑ ابن منظور، لسان العرب، ذیل واژہ «نفس»۔
- ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 511۔
- ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 511۔
- ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 513۔
- ↑ سیستانی، نفاس، دفتر آیت اللہ سیستانی کی ویب گاہ، مسئلہ 502۔
- ↑ شیخ صدوق، من لا یحضرہ الفقیہ، ج1، ص139؛ محدث نوری، مستدرک الوسائل، مؤسسۂ آل البیت علیہم السلام لإحیاء التراث، ج2، ص41، 50۔
- ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسائل 517-518؛ طباطبائی یزدی، العروۃ الوثقیٰ، ج1، ص648۔
- ↑ پرسمان، احکامِ خواتین۔
- ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 510۔
- ↑ مکارم شیرازی، جڑواں بچے پیدا کرنے والی عورت کے نفاس کے آغاز کا وقت، جامع المسائل؛ طباطبائی یزدی، العروۃ الوثقیٰ، ج1، ص647۔
- ↑ احکامِ چلہ، ویب گاہ ہدانا۔
- ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 515۔
- ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 516۔
- ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسئلہ 466۔
- ↑ مکارم شیرازی، تنگیِ وقت میں حیض و نفاس سے پاک ہونے والی عورت کی ذمہ داری، جامع المسائل۔
- ↑ مکارم شیرازی، حیض سے پاک ہونے والی عورت کے لیے روزے کو باطل کرنے والے امور سے اجتناب کا استحباب، جامع المسائل۔
- ↑ مکارم شیرازی، نمازِ آیات کے بارے میں حائض اور نفساء کی ذمہ داری، جامع المسائل۔
مآخذ
- ابن منظور، محمد بن مکرم، لسان العرب، بیروت، دار صادر، 1410ھ۔
- «احکامِ چلگی»، ویب سائٹ شرعی سوالات کے جوابات، تاریخِ اشاعت: بے تا، تاریخِ مشاہدہ: 24 نومبر 2026ء۔
- بنی ہاشمی خمینی، سید محمد حسن، توضیح المسائل مراجع: 16 مرجع، قم، دفتر انتشارات اسلامی وابستہ بہ جامعۂ مدرسین حوزۂ علمیہ قم، 1392ہجری شمسی۔
- حسینی، سید مجتبیٰ، احکامِ بانوان، قم، نشر معارف، 1388ہجری شمسی۔
- مؤسسۂ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی، فرہنگ فقہ مطابق مذہب اہل بیتؑ، زیرِ نظر: سید محمود ہاشمی شاہرودی، قم، مؤسسۂ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی، 1385ہجری شمسی۔
- حسینی سیستانی، سید علی، «نفاس»، دفتر آیت اللہ سیستانی کی سرکاری ویب سائٹ، تاریخِ اشاعت: بے تا، تاریخِ مشاہدہ: 24 نومبر 2026ء۔
- دہخدا، علی اکبر، «معنای زچگی»، ویب گاہِ واژہ یاب، تاریخِ اشاعت: بے تا، تاریخِ مشاہدہ: 24 نومبر 2026ء۔
- شیخ صدوق، محمد بن علی، من لا یحضرہ الفقیہ، تحقیق و تصحیح: علی اکبر غفاری، قم، دفتر انتشارات اسلامی وابستہ بہ جامعۂ مدرسین حوزۂ علمیہ قم، دوسری اشاعت، 1413ھ۔
- طباطبائی یزدی، سید محمد کاظم، العروۃ الوثقیٰ فیما تعم بہ البلویٰ (المحشّی)، تحقیق: احمد محسنی سبزواری، قم، دفتر انتشارات اسلامی، پہلی اشاعت، 1417ھ۔
- مکارم شیرازی، ناصر، «زمان شروع نفاس زنی که فرزند دوقلو به دنیا آورده» (جڑواں بچے پیدا کرنے والی عورت کے نفاس کے آغاز کا وقت)، ویب سائٹ جامع المسائل، تاریخِ اشاعت: بے تا، تاریخِ مشاہدہ: 24 نومبر 2026ء۔
- مکارم شیرازی، ناصر، «وظیفه حائض و نفساء نسبت به نماز آیات»، (نمازِ آیات کے بارے میں حائض اور نفساء کی ذمہ داری) ویب سائٹ جامع المسائل، تاریخِ اشاعت: بے تا، تاریخِ مشاہدہ: 24 نومبر 2026ء۔
- مکارم شیرازی، ناصر، «استحباب ترک مبطلات روزه در صورت پاک شدن زن حائض» (حیض سے پاک ہونے والی عورت کے لیے روزے کو باطل کرنے والے امور سے اجتناب کا استحباب)، ویب سائٹ جامع المسائل، تاریخِ اشاعت: بے تا، تاریخِ مشاہدہ: 24 نومبر 2026ء۔
- مکارم شیرازی، ناصر، «وظیفهی زن در صورت پاک شدن از حیض و نفاس در تنگی وقت» (تنگیِ وقت میں حیض و نفاس سے پاک ہونے والی عورت کی ذمہ داری)، ویب سائٹ جامع المسائل، تاریخِ اشاعت: بے تا، تاریخِ مشاہدہ: 24 نومبر 2026ء۔
- محدث نوری، میرزا حسین، مستدرک الوسائل و مستنبط المسائل، تحقیق: مؤسسۂ آل البیت علیہم السلام، بیروت، پہلی اشاعت، 1408ھ۔