مسودہ:کنویں کا پانی
| یہ مقالہ ایک فقہی موضوع کے بارے میں توصیفی تحریر ہے اور دینی اعمال کے لئے معیار نہیں بن سکتا۔ دینی اعمال کے لئے دیگر مصادر کی طرف رجوع کریں۔ |
| بعض عملی اور فقہی احکام |
|---|
کنویں کا پانی اس پانی کو کہا جاتا ہے جسے زمین میں گہرا گڑھا کھود کر نکالا جاتا ہے۔ کنویں کا پانی مطہرات میں سے ہے اور آب مطلق کی اقسام میں شمار ہوتا ہے۔ کنویں کے پانی طہارت و نجاست کے بارے میں متقدم اور متأخر فقہاء کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے؛ قدیم فقہاء کے نزدیک کنویں کا پانی نجاست سے ملتے ہی نجس ہو جاتا ہے اور اس کی تطہیر کے لئے پانی کی معین مقدار نکالنا ضروری ہے، تاہم متأخر فقہاء کے نزدیک کنویں کا پانی زیرِ زمین پانی سے متصل ہونے کی وجہ سے اس پر آب کثیر کا حکم لاگو ہوتا ہے۔ اسی بنیاد پر کنویں کا پانی صرف بو، رنگ یا ذائقہ تبدیل ہونے کی صورت میں نجس ہوگا بصورتِ دیگر پاک ہے؛ اس نظرئے کی تائید روایات، اصل طہارت، اصل استصحاب اور اصل دفع تکلیف جیسے اصولوں کے ذریعے ہوتی ہے۔
شیعہ فقہاء کے مطابق اگر کوئی شخص اپنی زمین میں کنواں کھودے یا کسی مباح زمین میں ملکیت کی قصد سے اسے آباد کرے، تو کنویں یا اس کے پانی پر اس کی ملکیت ثابت ہوگی؛ لیکن ملکیت کی قصد کے بغیر کنواں کھودنے کی صورت میں صرف اس کنواں سے استفادہ کرنے میں متعلقہ شخص کو حقِ تقدم حاصل ہوگا۔ عوامی کنویں بھی عمومی مشترکہ اموال میں سے ہیں اور سب ان کے استعمال میں برابر ہیں۔
کنویں اور اس کے پانی کی ملکیت
کنویں کا پانی، اس پانی کو کہا جاتا ہے جسے زمین میں گہرا گڑھا کھود کر حاصل کیا جاتا ہے۔ کنویں کا پانی مطلق پانی کی اقسام میں سے ہے اور طہارت اور احیائے موات کے باب میں اس پر بحث کی جاتی ہے۔[1] شیعہ فقہاء کے مطابق اگر کوئی شخص اپنی زمین میں کنواں کھودے، تو اصولا وہ اس کنویں کا مالک بن جاتا ہے۔[2] اسی طرح اگر کوئی شخص کسی ایسی زمین میں جس کا کوئی مالک نہ ہو ملکیت کی قصد سے کنواں کھودے، تو وہ کنواں (احیاء موات) مردہ زمین کو آباد کرنے کے ذریعے اس کی ملکیت میں آ جاتا ہے؛ لیکن اگر کنواں کھودنا صرف عارضی استعمال کے لئے ہو، تو یہ اس شخص کی ملکیت شمار نہیں ہوگی بلکہ وہ صرف اس سے استفادہ کرنے کے میں حقِ تقدم رکھتا ہے۔[3]
اسی طرح عوامی کنویں عمومی مشترکہ اموال میں شمار ہوتے ہیں اور سب لوگوں کو ان سے استفادہ کرنے میں یکساں حق حاصل ہے۔ البتہ ہر شخص صرف اتنے پانی کا مالک بنتا ہے جتنا اس نے کنویں سے نکالا ہو۔[4] مزید برآں، فقہاء نے قواعدِ فقہیہ کے ضمن میں مالک کی ضرورت سے زائد پانی کا استعمال دوسروں کے لئے جائز ہونے کا جائزہ لیا ہے۔[5] اس کے علاوہ کنیوں سے متعلق دیگر فقہی مباحث جیسے خرید و فروخت، اجارہ، غصبی زمین میں کنواں کھودنا اور کنویں سے ہونے والے نقصانات کی ذمہ داری بھی فقہی کتابوں میں زیرِ بحث آئے ہیں۔[6]
احکام
کنویں کے پانی کے شرعی حکم کے بارے میں قدیم اور متأخر فقہا کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔ قدیم فقہا کے نزدیک نجاست سے ملنے پر کنویں کا پانی نجس ہو جاتا ہے، جبکہ متأخر فقہا اسے پاک قرار دیتے ہیں۔[7] اگر کنویں کا پانی نجس ہو جائے تو اسے پانی نکالنے کے ذریعے پاک کرنے کے بارے میں بھی اختلاف ہے، تاہم متأخر فقہا کی اکثریت اسے مستحب قرار دیتی ہے۔[8]
فقہا کے مطابق کسی مباح زمین میں کنواں کھودنے سے اس کے پانی کی ملکیت حاصل ہو جاتی ہے، بشرطیکہ کنواں کھودنے کا مقصد اسے اپنی ملکیت میں لینا ہو۔[9] کنویں کے پانی کو موجودہ حالت میں یا مستقل طور پر فروخت کرنے کے صحیح ہونے کے بارے میں فقہا کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔[10] بہتا ہوا کنویں کا پانی اگرچہ کُر سے کم ہو، جب تک اس کا رنگ، بو اور ذائقہ میں تبدیلی نہ آئے پاک ہے اور نجاست سے ملاقات کی صورت میں اس میں سے کچھ مقدار نکالنا مستحب ہے۔ اگر نجاست کی وجہ سے کنویں کے پانی کی بو، رنگ یا ذائقہ تبدیل ہو جائے تو جب تک یہ تبدیلی ختم نہ ہو جائے اور نیا پانی اس میں شامل نہ ہو، وہ پاک نہیں ہوگا۔ اسی طرح کسی گڑھے میں جمع ہونے والا پانی، اگر مقدار میں کُر سے کم ہو اور بارش رکنے کے بعد اس میں نجاست پہنچ جائے تو وہ نجس ہو جاتا ہے۔[11]
کنویں کے پانی کی طہارت کے بارے میں شیعہ فقہی نقطہ نظر کا ارتقاء
علامہ حلی سے پہلے شیعہ فقہاء میں غالب نظریہ یہ تھا کہ کنویں کا پانی آب قلیل کے حکم میں ہے اور نجاست سے محض ملاقات پر نجس ہو جاتا ہے؛ یہ نظریہ بعض احادیث پر مبنی تھا[12] اور اس کی تطہیر کے لئے پانی کی معین مقدار نکالنے کی تاکید کی جاتی تھی۔[13] البتہ بعض فقہاء جیسے ابن ابی عقیل عمانی اور ابن غضائری نے یہ مشہور نظریہ قبول نہیں کیا۔[14]
علامہ حلی اور ان کے بعد کے فقہاء نے احادیث[15]، اصل طہارت اور اصل استصحاب[16] سے استناد کرتے ہوئے کنویں کے پانی کو زیرِ زمین پانیوں سے اتصال کی بناء پر آب کثیر کے حکم میں قرار دیا۔ چنانچہ ان کے نزدیک کنویں کا پانی صرف اسی صورت میں نجس ہوتا ہے جب نجاست سے ملنے کے نتیجے میں اس کی بو، رنگ یا ذائقہ تبدیل ہو جائے۔[17] ان فقہا نے یہ بھی استدلال کیا کہ محض نجاست سے ملنے کی وجہ سے کنویں کے پانی کو نجس قرار دینے سے ان لوگوں کے لئے مشقت پیدا ہوتی ہے جن کے پاس پانی کا واحد ذریعہ کنواں ہو۔ چونکہ شارع نے لوگوں کے لئے ایسی مشقت کو پسند نہیں کیا ہے، اس لیے کنویں کے پانی کو پاک قرار دیا جائے گا۔[18]
حوالہ جات
- ↑ مؤسسہ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی، فرہنگ فقہ، ج1، ص95۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج38، ص116۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج38، ص116ـ117۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج38، ص118ـ119۔
- ↑ موسوی بجنوردی، القواعد الفقہیہ، ج1، ص227ـ228۔
- ↑ خوئی، مبانی تکملة المنہاج، ج2، ص264ـ265۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج1، ص191-206۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج1، ص203۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج38، ص116۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج38، ص120-121۔
- ↑ خمینی، توضیح المسائل امام خمینی، مسائل 44 تا 46۔
- ↑ شیخ حر عاملی، وسائل الشیعہ، ج1، ص179ـ197۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج1، ص270-259۔
- ↑ موسوی عاملی، مدارک الاحکام فی شرح شرائع الاسلام، ج1، ص54۔
- ↑ شیخ حر عاملی، وسائل الشیعہ، ج1، ص170ـ177۔
- ↑ علامہ حلی، تذکرة الفقہاء، ج1، ص187ـ188۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج1، ص193ـ199۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج1، ص203-204۔
مآخذ
- حر عاملی، محمد بن حسن، وسائل الشیعة إلی تحصیل مسائل الشریعة، قم، مؤسسة آلالبیت علیہمالسلام لإحیاء التراث، 1409ھ۔
- حلی، حسن بن یوسف، تذکرہ الفقہاء، قم، مؤسسة آل البیت(ع) لإحیاء التراث، پہلی اشاعت، 1414ھ۔
- خمینی، سید روحاللّہ، توضیح المسائل، محقق/ مصحح: مسلم قلیپور گیلانی، پہلی اشاعت، 1426ھ۔
- خوئی، سید ابوالقاسم، مبانی تکملہ المنہاج، قم، 1396ھ۔
- مؤسسہ دائرةالمعارف فقہ اسلامی، فرہنگ فقہ مطابق مذہب اہلبیت(ع)، زیرنظر: سید محمود ہاشمی شاہرودی، قم، مؤسسہ دائرةالمعارف فقہ اسلامی، 1385ہجری شمسی۔
- موسوی بجنوردی، حسن، القواعد الفقہیہ، قم، چاپ افست، 1402ھ۔
- موسوی عاملی، محمد بن علی، مدارک الأحکام فی شرح شرائع الإسلام، مشہد، مؤسسة آل البیت(ع) لإحیاء التراث، 1411ھ۔
- نجفی، محمدحسن، جَواہر الکلام فی شرحِ شرائعِ الاسلام، تصحیح عباس قوچانی و علی آخوندی، بیروت، دارُ اِحیاء التُّراثِ العربی، ساتویں اشاعت، 1981ء۔