مسودہ:بارش کا پانی
| یہ مقالہ ایک فقہی موضوع کے بارے میں توصیفی تحریر ہے اور دینی اعمال کے لئے معیار نہیں بن سکتا۔ دینی اعمال کے لئے دیگر مصادر کی طرف رجوع کریں۔ |
| بعض عملی اور فقہی احکام |
|---|
بارش کا پانی، بارش کے نتیجے میں حاصل ہونے والے پانی کو کہا جاتا ہے۔ فقہ میں بارش کا پانی آبِ مطلق کی اقسام میں شمار ہوتا ہے اور بارش کے دوران اس پر جاری پانی کا حکم لاگو ہوتا ہے۔ اسی بنا پر نجاست سے ملنے کی صورت میں اس وقت تک نجس نہیں ہوتا جب تک اس کا رنگ، بو یا ذائقہ تبدیل نہ ہو جائے۔ طہارت کے احکام میں بھی بارش کا کلیدی کردار ہے۔ فقہا کے مطابق اگر کسی ایسی نجس چیز پر جس میں عینِ نجاست موجود نہ ہو، بارش برسے تو وہ چیز پاک ہو جاتی ہے اور قالین اور لباس جیسی چیزوں کو نچوڑنا بھی ضروری نہیں ہے۔ اسی طرح بارش کے دوران اگر نجس چیز کو ایسے پانی سے دھویا جائے جو مقدار میں آبِ کُر سے کم ہو، تب بھی وہ پاک ہو جاتی ہے، بشرطیکہ غسالہ (دھون) میں نجاست کے آثار ظاہر نہ ہوں۔
نجس زمین، مٹی اور فرش وغیرہ بارش کے پانی سے مکمل طور پر تر ہونے پر پاک ہو جاتی ہیں۔ اسی طرح نجس چھت سے بہنے والا پانی بھی بارش تھمنے تک پاک شمار ہوتا ہے۔ روایات کے مطابق جسم کی صفائی اور بیماریوں کے علاج کی غرض سے بارش کا پانی پینا مستحب ہے۔ قرآن میں بھی بارش کے لئے متعدد الفاظ استعمال ہوئے ہیں، جن میں غیث، وابل، ودق، صیّب اور مُزن شامل ہیں۔ ان میں سے ہر لفظ بارش کی ایک خاص کیفیت کو ظاہر کرتا ہے اور رحمتِ الٰہی کے مختلف مظاہر کی عکاسی کرتا ہے۔
اسلامی فقہ میں آب باران کے احکام اور فضائل
بارش کے پانی سے مراد بارش کے نتیجے میں حاصل ہونے والا پانی ہے۔ فقہ میں اس کے احکام کا ذکر طہارت اور کھانے پینے کی چیزوں سے متعلق ابواب میں کیا جاتا ہے۔ بارش کا پانی آبِ مطلق کی اقسام میں سے ہے۔[1] بارش کے دوران اس پر جاری پانی کا حکم لاگو ہوتا ہے؛ اسی لئے نجاست سے ملنے کی صورت میں نجس نہیں ہوتا، مگر یہ کہ اس کا رنگ، بو یا ذائقہ تبدیل ہو جائے۔[2]
روایات میں جسم کی صفائی اور بیماریوں سے شفا[3] کے لئے نیز آبِ فرات دستیاب نہ ہونے کی صورت میں نومولود بچے کی گھٹی دینے کے لئے بارش کے پانی کا استعمال مستحب قرار دیا گیا ہے۔[4]
احکام
نجاست سے پاکی کے احکام میں بارش کے پانی کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ فقہا کے مطابق اگر کسی ایسی نجس چیز پر جس میں عینِ نجاست موجود نہ ہو، قابلِ اعتنا مقدار میں بارش برسے تو جتنا حصہ بارش کے پانی سے تر ہو جائے، وہ پاک ہو جاتا ہے۔ اس سلسلے میں قالین اور لباس وغیرہ کو نچوڑنا بھی ضروری نہیں ہے۔ اسی طرح اگر بارش عینِ نجاست پر برسے تو اس کی چھینٹیں اس وقت تک پاک شمار ہوگا جب تک اس میں نجاست کا رنگ، بو یا ذائقہ موجود نہ ہو۔[5]
نجس چھت پر جب تک بارش برستی رہے، اس سے بہنے والا پانی پاک ہے؛ لیکن بارش تھمنے کے بعد اگر معلوم ہو جائے کہ بہنے والا پانی کسی نجس چیز سے چھو کر گزرا ہے تو وہ نجس ہوگا۔ اسی طرح نجس زمین اور مٹی پر بارش کا پانی پہنچنے اور اسے اپنے اندر جذب کرنے سے وہ پاک ہو جاتی ہیں، تاہم محض سطحی تری کافی نہیں ہے۔ بارش کے دوران اگرچہ پانی کی مقدار آبِ کُر سے کم ہو، تب بھی اس میں کسی نجس چیز کو دھونے سے وہ پاک ہو جاتی ہے، بشرطیکہ پانی کا رنگ، بو یا ذائقہ نجاست کی وجہ سے تبدیل نہ ہوجائے۔ مزید برآں اگر کسی نجس زمین پر بچھے ہوئے پاک قالین پر بارش برسے اور بارش کا پانی زمین پر بہنے لگے تو قالین نجس نہیں ہوگا اور زمین بھی پاک ہو جائے گی۔[6]
قرآن میں بارش کے لئے استعمال ہونے والے الفاظ
قرآنی محققین کے مطابق قرآن کریم میں بارش کے لئے متعدد الفاظ استعمال ہوئے ہیں، جن میں سے ہر ایک بارش کی کسی خاص کیفیت کو ظاہر کرتا ہے۔ لفظ «مَطَر» اور اس کے مشتقات قرآن میں پندرہ مرتبہ آئے ہیں اور بعض مقامات پر اسے عذاب کے معنی میں بھی استعمال کیا گیا ہے، جبکہ لفظ «غَیْث» چھ مرتبہ نفع بخش اور رحمت والی بارش کے لیے آیا ہے۔ اسی طرح «وابل» (موسلادھار بارش)، «طَلّ» (ہلکی بارش)، «وَدْق» (مسلسل بارش)، «صَیِّب» (شدید بارش)، «ماء» (پانی)، «سحاب» (بادل)، «مُزْن» (بارش برسانے والے یا سفید بادل) اور «مُعصِرات» (بادلوں کو ابھارنے والی ہوائیں) جیسے الفاظ بھی قرآن کی چند آیات میں استعمال ہوئے ہیں۔ یہ الفاظ فطرت میں رحمتِ الٰہی کے مختلف مظاہر کی عکاسی کرتے ہیں۔[7]
حوالہ جات
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج6، ص13؛ یزدی، العروۃ الوثقیٰ، ج1، ص26۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج16، ص297-300۔
- ↑ کلینی، الکافی، ج6، ص387؛ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، ج2، ص597، مسائل 26-27۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج31، ص253۔
- ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسائل 37 تا 43۔
- ↑ بنی ہاشمی خمینی، توضیح المسائل مراجع، مسائل 37 تا 43۔
- ↑ مثال کے طور پر ملاحظہ کیجئے: ہاشمی رفسنجانی، فرہنگ قرآن، ج6، ص7؛ راغب، المفردات، ص517؛ ابن عاشور، التحریر والتنویر، ج1، ص317۔
مآخذ
- ابنعاشور، محمدطاہر، تفسیر التحریر و التنویر المعروف بتفسیر ابن عاشور، بےجا، بےنا، 1420ھ۔
- بنیہاشمی خمینی، سید محمدحسن، توضیحالمسائل مراجع، قم، دفتر انتشارات اسلامی جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم، 1378ہجری شمسی۔
- راغب اصفہانی، حسین بن محمد، المفردات فی غریب القرآن، بیروت، دارالمعرفہ، 1422ھ۔
- کلینی، محمد بن یعقوب، الکافی، تہران، دارالکتب الاسلامیہ، 1367ہجری شمسی۔
- ہاشمی رفسنجانی، علی اکبر، فرہنگ قرآن، قم، دفتر تبلیغات اسلامی، 1379ہجری شمسی۔
- نجفی، محمدحسن، جواہر الکلام فی شرح شرائع الاسلام، تہران، دارالکتب الاسلامیہ و المکتبہ الاسلامیہ، 1362-1369ہجری شمسی۔
- طباطبائی یزدی، سید محمدکاظم، العروۃ الوثقی فیما تعم بہ البلوی، مؤسسہ الاعلمی للمطبوعات، بیروت، دوسری اشاعت، 1409ھ۔