مسجد جمکران
مسجد جمکران، جو شیعوں کے بارہویں امام سے منسوب ہے؛ قم شہر کے مضافات میں واقع ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس مسجد کو چوتھی صدی میں خود حضرتؑ کے حکم پر تعمیر کیا گیا تھا۔ چودہویں صدی کے شیعہ محدث مرزا حسین نوری کے بقول، مسجد جمکران کی تعمیر امام زمانہؑ کے حکم پر ابو الحسن نامی ایک قمی عالم کے توسط سے عمل میں آئی۔ محدث نوری نے حسن بن مثلہ جمکرانی کی حضرت مہدیؑ کے ساتھ ہونے والی ایک ملاقات کا ذکر کیا ہے کہ جس میں امام زمانہؑ نے مسجد جمکران کی تعمیر کا حکم دیا۔ مرزا حسین نوری کے نزدیک یہ واقعہ سنہ 373 ھ یا 393 ھ کا ہے اور اس کیلئے شیخ صدوق کی کتاب مونس الحزین کا حوالہ دیتے ہیں۔ بعض معاصر محققین نے مسجد کی امام زمانہؑ کے ساتھ نسبت میں تردید کا اظہار کیا ہے کہ جس کی دلیل شیعہ رجالی کتب اور اسی طرح شیخ صدوق کی دیگر تصنیفات میں اس واقعے کا مذکور نہ ہونا ہے۔
ابتدائی معلومات | |
---|---|
استعمال | زیارت گاہ |
محل وقوع | قم |
دیگر اسامی | مسجد صاحب الزمان • مسجد قدمگاہ |
مشخصات | |
معماری | |
طرز تعمیر | اسلامی معماری |
کچھ مذہبی مراسم جیسے شب برات کا جشن، دعائے توسل اور دعائے ندبہ اس مسجد میں منعقد کی جاتی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ بدھ کی رات کو لوگوں کی مسجد جمکران میں حاضری پہلوی دور کے شیعہ عالم شیخ محمد تقی بافقی کے زمانے میں پررونق ہوئی؛ کیونکہ وہ کچھ طلاب کے ہمراہ بدھ کی رات کو مسجد جمکران میں عبادت کرتے تھے۔
مسجد جمکران کی مختلف ادوار میں مرمت اور تعمیر نو کی جاتی رہی ہے؛ اس کی تعمیر کے قدیمی ترین کتبے میں سنہ 1167 ھ کا اشارہ ملتا ہے۔ 1357 شمسی میں ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی سے پہلے اس کی عمارت چھوٹی تھی تاہم انقلاب کے بعد اسے بہت وسیع کر دیا گیا ہے۔ اس وقت مسجد جمکران بیرونی ایوانوں، اصلی صحن، شبستانوں، مسجدِ مقام اور دفاتر پر مشتمل ہے۔
مسجد جمکران کے مخصوص اعمال ذکر کیے گئے ہیں؛ منجملہ دو رکعت نماز تحیت مسجد اور دو رکعت نماز امام زمانہؑ۔ محدث نوری نے ان اعمال کو امام زمانہؑ سے منسوب کیا ہے اور شیخ عباس قمی نے انہی سے نقل کرتے ہوئے اسے مفاتیح الجنان میں ذکر کیا ہے۔
محل وقوع اور نام
مسجد جمکران قم شہر کے اطراف میں اور حضرت معصومہؑ کے حرم[1] سے آٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور اس کی نسبت شیعوں کے بارہویں امام کی طرف ہے۔[2] جمکران کے دیہات سے نزدیکی کے باعث اس کی شہرت مسجد جمکران کے نام سے ہے۔[3] ماضی میں یہ مسجد مسجدِ قدمگاہ کے نام سے مشہور تھی؛[4] اس کی وجہ تسمیہ وہ سنگ مرمر تھا کہ جسے بارہویں امامؑ کی قدمگاہ قرار دیا جاتا تھا۔[5] امام زمانہؑ[6] سے نسبت کی وجہ سے اس مسجد کو مسجد صاحب الزمان بھی کہا جاتا ہے۔[7]
امام زمانہؑ سے انتساب
چودہویں صدی کے شیعہ محدث مرزا حسین نوری کی نقل کے مطابق مسجد جمکران چوتھی صدی ہجری میں امام زمانہؑ کے حکم پر ایک قمی عالم سید ابو الحسن کے توسط سے تعمیر ہوئی۔[8] محدث نوری نے حسن بن مثلہ جمکرانی سے نقل کیا ہے کہ وہ ماہ رمضان سنہ 393 ھ کو امام کی خدمت میں پہنچا اور اس ملاقات میں امام زمانہؑ نے اس کے ذریعے حسن بن مسلم کو یہ پیغام بھیجا کہ آئندہ اس زمین (وہ زمین کہ جہاں بعد میں مسجد جمکران تعمیر کی گئی) پر کھیتی باڑی نہ کرے اور قمی عالم سید ابو الحسن سے کہے کہ حسن بن مسلم سے اس رقم کو دریافت کر کے اس مقام پر ایک مسجد تعمیر کرے کہ جو اس نے مذکورہ زمین پر چند سال تک کھیتی باڑی کر کے حاصل کی ہے۔[9] اس بنیاد پر اس واقعے کے بعد سید ابو الحسن نے لکڑی کی چھت سے بنی ہوئی ایک مسجد اسی مقام پر تعمیر کی کہ جس کی حد بندی امام زمانہؑ نے فرمائی تھی۔[10]
مآخذ
مسجد جمکران کی تعمیر کا قصہ محدث نوری کی کتب جیسے کلمہ طیبہ[11]، نجم الثاقب[12] مستدرک الوسائل[13] اور جنۃ الماویٰ[14] میں نقل ہوا ہے۔ محدث نوری نے اس قصے کی نسبت کتاب تاریخ قم کی طرف دی ہے اور لکھا ہے کہ تاریخ قم نے اسے شیخ صدوق کی کتاب مونس الحزین فی معرفۃ الحق والیقین سے نقل کیا ہے۔[15] اسی طرح محدث نوری نے مستدرک الوسائل میں کہا ہے کہ انہوں نے یہ داستان کتاب نقد الرجال کے حاشیے میں آغا محمد علی بن وحید بھبھانی کے قلم سے مرقوم دیکھی ہے۔ (1144-1216 ھ) کہ جنہوں نے اس کی نسبت کتاب مونس الحزین فی معرفۃ الدین والیقین کی طرف دی ہے۔[16]
شک و تردید
محدث نوری ((1254-1320 ھ) نے مسجد جمکران کا سن تعمیر اپنی کچھ تالیفات میں 393 ھ [17] اور بعض تالیفات میں 373 ھ قرار دیا ہے[18] جبکہ کتاب تاریخ قم کے مؤلف ناصر الشریعہ نے یہ احتمال دیا ہے کہ شاید مذکورہ واقعہ سو سال قبل 293 ھ میں پیش آیا ہو[19] جیسا کہ محدث نوری نے بھی کتاب نقد الرجال کے حاشیے میں اسی تاریخ کو ذکر کیا ہے۔[20] کچھ معاصر محققین نے مسجد جمکران کے واقعے کی امام زمانؑہ سے نسبت کے حوالے سے تردید کا اظہار کیا ہے؛ معاصر محقق علی دوانی نے درج ذیل سوال اٹھائے ہیں: ۱۔ شیخ صدوق کی کتاب مونس الحزین کا رجالی کتب میں تذکرہ نہیں ملتا۔ ۲۔ یہ واقعہ کتاب تاریخ قم کے موجودہ پانج ابواب کے ترجمے میں نہیں ہے۔ شیخ صدوق نے اپنی دیگر تصنیفات میں اس واقعے کو ذکر نہیں کیا ہے۔[21]
اعمال
مسجد جمکران کیلئے مخصوص اعمال ذکر کیے گئے ہیں؛ نماز تحیت مسجد اور نماز امام زمانہ؛[22]
- پہلی دو رکعتیں؛ نماز تحیت مسجد کی نیت سے ادا کریں۔ ہر رکعت میں ایک مرتبہ سورہ حمد اور سات مرتبہ سورہ توحید پڑھی جائے اور رکوع اور سجدے کا ذکر سات مرتبہ پڑھا جائے۔[23]
- دوسری دو رکعتیں؛ نماز امام زمانہؑ کی نیت سے بجا لائے۔ اس نماز کی ہر رکعت میں آیت «ایاک نعبد و ایاک نستعین»[24] کو سو مرتبہ پڑھا جائے اور اس کے بعد باقی سورہ حمد اور پھر سورہ توحید کی قرائت کی جائے۔ پھر رکوع میں سُبحانَ رَبّی العَظیمِ و بِحَمدِہِ اور سجدے میں سُبحانَ رَبّی الاَعلی و بِحَمدِہِ، سات مرتبہ پڑھا جائے گا۔ نماز کے سلام کے بعد ایک مرتبہ لا الہ الا اللہ کہا جائے اور پھر حضرت زہراؑ کی تسبیح پڑھی جائے۔ اس کے بعد نمازی حالت سجدہ میں سو مرتبہ صلوات پڑھے۔[25]
محدث نوری نے مسجد جمکران کے اعمال کی نسبت امام زمانہؑ کی طرف دی ہے اور آپؑ سے نقل کیا ہے کہ ’’لوگ اس جگہ کی طرف رغبت کریں اور اسے عزیز رکھیں‘‘۔ چنانچہ لکھتے ہیں کہ جو شخص یہ چار رکعتی نماز مسجد جمکران میں بجا لائے گا تو وہ اس شخص کی مانند ہے کہ جس نے کعبہ میں نماز ادا کی ہو۔[26] شیخ عباس قمی نے یہ اعمال محدث نوری سے نقل کرتے ہوئے مفاتیح الجنان میں ذکر کیے ہیں۔[27] معاصر محقق اور مورخ علی دوانی نے مسجد جمکران کی امام زمانہؑ سے نسبت میں تردید کے بعد ان اعمال کی صحت میں بھی اظہار تردید کیا ہے۔[28]
شب بدھ اور مذہبی تقریبات
مسجد جمکران میں بعض مذہبی تقریبات جیسے نیمہ شعبان کا جشن منعقد ہوتا ہے۔[29] مختلف علاقوں کے لوگ مذکورہ ایام میں خصوصی طور پر مسجد میں حاضری دیتے ہیں۔[30] کہا جاتا ہے کہ ان کی تعداد سالانہ 15 ملین افراد تک جا پہنچتی ہے۔[31] تاریخ جامع قم (جو پانچ جلدوں پر مشتمل ہے) کے مصنف علی اصغر فقیہی نے سنہ 1350 شمسی میں مسجد جمکران کو ایران کی ایک بارونق ترین مسجد قرار دیا تھا کہ جس میں شب بدھ ایران کے مختلف شہروں جیسے تہران اور قم کے لوگ حاضر ہوتے تھے۔[32] انہوں نے مسجد جمکران کی رونق کو آیت اللہ محمد تقی یزدی بافقی کے مرہون منت قرار دیا ہے کہ جو منگل کی سہ پہر کو طلاب کی ایک جماعت کے ہمراہ پیدل مسجد جمکران جاتے تھے، نماز مغرب اور عشا وہیں پر ادا کرتے تھے اور ساری رات وہاں عبادت میں مشغول رہتے تھے۔[33] ناصر الشریعہ کے بقول، اس سے قبل قم کے کچھ لوگ شب جمعہ کو اس مسجد میں عبادت کرتے تھے۔[34]
مختصر تاریخ اور نشیب وفراز
مرزا حسین نوری کی نقل کردہ حکایت کے مطابق مسجد جمکران کی تعمیر چوتھی صدی ہجری کو عمل میں لائی گئی۔[35] سید حسین مدرسی طباطبائی نے احتمال دیا ہے کہ مسجد جمکران وہی مسجد خطاب اسدی ہے کہ جسے تاریخ قم کے مطابق دوسری صدی ہجری کے اوائل میں جمکران میں تعمیر کیا گیا تھا۔[36] [یادداشت 1] کچھ دیگر محققین نے مسجد جمکران کو مذکورہ مسجد سے ہٹ کر ایک اور مسجد قرار دیا ہے اور محدث نوری کی نقل کے مطابق اسے چوتھی صدی ہجری میں تعمیر کیا گیا۔[37] اس کے باوجود تاریخی منابع میں مسجد جمکران کے بارے میں معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ صرف کتاب خلاصۃ التواریخ میں 986 ہجری کے واقعات کے ضمن میں میر غیاث الدین محمد میر میران کے حالات میں آیا ہے کہ وہ قم کے دیہات لنگرود میں قیام کے دوران بعض اوقات جمکران میں اس مقام پر کہ جسے مقام امام زمانؑ کہا جاتا ہے، اعتکاف کرتے تھے۔[38] تاریخ کے معاصر محقق علی اصغر فقیہی کے بقول ان کی اس مقام سے مراد مسجد جمکران تھی۔[39]
مسجد کی تعمیر
مسجد جمکران مختلف ادوار میں تعمیر نو اور مرمت کے مراحل سے گزرتی رہی۔ اس کتبے کے مطابق کہ جس پر 1167 ھ کی تاریخ ثبت ہے؛ مرزا علی اکبر جمکرانی نے سنہ 1167 ھ میں مسجد کی تعمیر کی۔ اسی طرح مذکورہ کتبے کی بنیاد پر اس زمانے میں یہ عمارت 5×17 میٹر کے ابعاد پر مشتمل تھی جبکہ جنوب میں ایک صحن 17×13 میٹر کا تھا۔[40] [یادداشت 2] بعد میں علی قلی جمکرانی نے مسجد کے صحن کی تعمیر کا آغاز کیا مگر صحن نامکمل رہ گیا یہاں تک کہ علی اصغر خان اتابک نے مظفر الدین شاہ قاجار (1232-1285 شمسی) کی حکومت کے اوائل میں اسے تعمیر کیا۔[41] پہلوی دور کے قمی عالم شیخ محمد تقی بافقی (متوفی 1325 شمسی) نے مسجد میں کچھ تعمیرات انجام دیں۔[42] اسی طرح سید محمد آقا زادہ نامی ایک شخص نے 1332 شمسی میں مسجد کے کچھ حصوں کو تعمیر کیا اور صحن کے جنوب میں ایک ہال کی بنیاد ڈالی۔[43] جنوب مشرقی حصے میں اینٹوں سے بنا ہوا 17 میٹر اونچا گلدستہ موجود ہے کہ جسے کتبے کے مطابق 1318 شمسی میں تعمیر کیا گیا۔[44]
اسلامی جمہوریہ میں عمارت کی توسیع
ایران میں سنہ 1357 شمسی میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد حوزہ علمیہ قم کی شوریٰ نے مسجد جمکران کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا تقرر کیا اور ادارہ اوقاف و امور خیریہ نے معاملات کی نگرانی کا ذمہ سنبھال لیا[45] کہ جس کے بعد مسجد کی توسیع کا کام تیز ہو گیا۔ اس کے بعد چالیس ایکڑ زمین مسجد جمکران کے قبضے میں آ گئی کہ جس میں سے ساڑھے پانچ ایکڑ اصلی صحن سے مختص ہے۔[46] اسی طرح سنہ 1382 شمسی میں ایک منصوبے کی منظوری عمل میں لائی گئی کہ جس کے مطابق مسجد جمکران کیلئے تقریبا 250 ایکڑ زمین کو مدنظر رکھا گیا اور تقریبا 30 ہزار مربع میٹر اراضی کو مسجدِ مقام اور شبستانوں کیلئے مخصوص کیا گیا اور باقی صحن، دفتری امور اور خدمت رسانی کیلئے درکار عمارات کیلئے مخصوص کر دئیے گئے۔ اس منصوبے کے تحت سوائے مسجد مقام کے مسجد کی باقی تمام عمارت کو از سر نو تعمیر کیا گیا۔[47] مسجد جمکران کا انتظام مختلف شعبہ جات جیسے شعبہ تقریبات و تبلیغات، روابط عامہ، کتب خانہ، پبلیکیشنز، شعبہ اندراج کرامات ، نذر و نیاز و تحائف؛ کے تحت چلایا جا رہا ہے۔ مسجد جمکران کے موجودہ متولی محمد حسین رحیمیان ہیں۔ ان سے پہلے ابو القاسم وافی مسجد جمکران کے منتظم تھے۔[48]
معماری اور عمارت
مسجد جمکران مجموعی طور پر مختلف حصوں جیسے مسجد مقام، شبستان، مرکزی صحن اور دفاتر پر مشتمل ہے۔
مسجد مقام
مسجد جمکران کے مرکزی شبستان کی عمارت کا نام مسجد مقام ہے اور اس کا رقبہ تقریبا 1100 مربع میٹر ہے۔ مسجد کا اندرونی ایوان تین داخلی راستوں کے ذریعے شبستان کی طرف کھلتا ہے۔ ایوان کے اطراف میں 60 میٹر اونچے دو مینار ہیں۔ شبستان کے آٹھ ستون ہیں کہ جن کے اوپر دھات کے ڈھانچے سے تعمیر کردہ مسجد کا گنبد ہے۔ گنبد کے ابتدائی حصے میں 23 کھڑکیاں بنائی گئی ہیں کہ جن سے شبستان کی روشنی کا انتظام ہوتا ہے۔ گنبد کی بیرونی سطح بھی فیروزی اینٹوں سے ڈھکی ہوئی ہے اور اس کے اندر کی الواح «یا مہدی ادرکنی» کی عبارت سے مزین ہیں۔ گنبد کی اندرونی الواح کو معرق کاشی کاری سے مزین کیا گیا ہے۔ اسی طرح ستون، محراب اور شبستان کے داخلی ایوان اور ان کے دونوں اطراف کے مینار معرق کاشی کاری اور مقرنس کاری کا خوبصورت نمونہ ہیں۔[49]
اصلی صحن
مسجد جمکران کے چھ داخلی دروازے ہیں کہ جن میں سے شمال مشرقی دروازہ سیدھا اصل شبستان کی طرف کھلتا ہے۔[50] صحن کے اطراف میں مینار تعمیر کیے گئے ہیں اور مسجد جمکران کی انتظامیہ کے بقول ان کی تعداد چودہ تک جا پہنچے گی۔[51]
شبستان
اصل مضمون: چاہ عريضہ
مسجد مقام کی عمارت کے پیچھے اور مسجد کے بیرونی احاطے میں ایک کنواں ہے کہ جو چاہ عريضہ کے نام سے معروف ہے۔[52] کچھ شیعہ اس کنویں کے مقدس ہونے کا عقیدہ رکھنے کی بنا پر امام زمانہؑ کے نام اپنے عریضے اور خط اس کنویں میں ڈالتے ہیں۔[53] بعض محققین کے بقول کنویں کے حوالے سے کوئی سند نہیں مل سکی ہے اور مراجع تقلید میں سے کوئی بھی اس کی قداست کا قائل نہیں ہے۔[54] اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر[55] آیت اللہ خامنہ ای اور مرجع تقلید آیت اللہ مکارم شیرازی[56] نے مذکورہ کنویں میں خطوط ڈالنے کی مخالفت کی ہے۔ اسی طرح کہا جاتا ہے کہ محراب مسجد کے درمیان ایک چھوٹا کنواں موجود ہے کہ کچھ زائرین تبرک کے عنوان سے اس کے اندر سے مٹی اٹھاتے ہیں۔ اسی طرح محراب میں ایک پتھر کا ٹکڑا بھی موجود ہے کہ جس کے وسط میں ایک بڑے قدم کا نشان مسجدِ قدمگاہ کی علامت کے طور پر کندا کیا گیا تھا کہ جسے 1350 ھ میں آیت اللہ فیض قمی متوفی 1370 ھ کے حکم پر بدعت کا نشان ہونے کے سبب محو کر دیا گیا ہے۔[57]
مزید مطالعہ
- جعفر میر عظیمی نے اپنی کتاب ’’مسجد مقدس جمکران: صاحب الزمان کی تجلی گاہ‘‘؛ میں پہلے مسجد جمکران کی تاریخ کا ذکر کیا ہے[58] پھر اس کے بارے میں چند علما اور مراجع تقلید کے اقوال ذکر کیے ہیں۔[59] آگے چل کر اس مسجد میں ظاہر ہونے والی بعض کرامات اور مسجد کے احترام کے حوالے سے چند اشعار کو جمع کیا ہے۔[60] مسجد جمکران پبلشرز نے اس کتاب کو چند بار زیور طبع سے آراستہ کیا ہے۔
متعلقہ مضامین
گوشہ تصاویر
-
مسجد جمکران کا مرکزی صحن
نوٹ
- ↑ کتاب تاریخ قم کی نقل کے مطابق قم میں تعمیر کی جانے والی پہلی مسجد جمکران گاؤں کی مسجد تھی کہ جسے خطاب اسدی نے اشعریوں کی کوفہ سے اس شہر کی طرف ہجرت سے پہلے دوسری صدی ہجری کے اوائل میں تعمیر کیا۔ (قمی، تاریخ قم، ۱۳۶۱ھ، ص۳۸)۔
- ↑ ناصر الشریعہ نے سنہ تعمیر اور کتبے کی تاریخ 1158 ھ ذکر کی ہے۔ (ناصر الشریعہ، تاریخ قم، ۱۳۸۳ شمسی، ص۲۳۳)۔
حوالہ جات
- ↑ خانمحمدی، «چاہ عريضہ جمکران؛ از خرافہ تا واقعیت»، ص۱۶۲۔
- ↑ نوری، جنۃ المأوی، ۱۴۲۷ھ، ص۵۴-۵۸؛ نوری، نجم الثاقب، ۱۳۸۴ھ، ج۲، ص۴۵۴-۴۵۸؛ نوری، کلمہ طیبہ، ۱۳۸۰شمسی، ص۶۸۲-۶۸۶۔
- ↑ عرب، مدخل مسجد جمکران، ص۷۴۷۔
- ↑ فیض قمی، گنجینہ آثار قم، ۱۳۴۹شمسی، ج۲، ص۶۶۷، منقول از دانشنامہ جہان اسلام، مدخل مسجد جمکران، ص۷۴۷۔
- ↑ ناصر الشریعہ، تاریخ قم، ۱۳۸۳شمسی، ص۲۳۳۔
- ↑ عرب، مدخل مسجد جمکران، ص۷۴۷۔
- ↑ مدرسی طباطبائی، تربت پاکان، ۱۳۳۵شمسی، ج۲، ص۱۶۴۔
- ↑ نوری، جنۃ المأوی، ۱۴۲۷ھ، ص۵۴-۵۸۔
- ↑ نوری، جنۃ المأوی، ۱۴۲۷ھ، ص۵۴-۵۸۔
- ↑ نوری، جنۃ المأوی، ۱۴۲۷ھ، ص۵۴-۵۸؛ نوری، نجم الثاقب، ۱۳۸۴ھ، ج۲، ص۴۵۴-۴۵۸؛ نوری، کلمہ طیبہ، ۱۳۸۰شمسی، ص۶۸۲-۶۸۶۔
- ↑ نوری، کلمہ طیبہ،۱۳۸۰شمسی، ص۶۸۲-۶۸۶۔
- ↑ نوری، کلمہ طیبہ، ۱۳۸۰شمسی، ص۶۸۲-۶۸۶۔
- ↑ نوری، مستدرک الوسائل، ۱۴۸ھ، ج۳، ص۴۴۷۔
- ↑ نوری، جنۃ المأوی، ۱۴۲۷ھ، ص۵۴-۵۸۔
- ↑ نوری، جنۃ المأوی، ۱۴۲۷ھ، ص۵۴۔
- ↑ نوری، مستدرک الوسائل، ۱۴۸ھ، ج۳، ص۴۳۲ و ۴۴۷۔
- ↑ نوری، جنۃ المأوی، ۱۴۲۷ھ، ص۵۴-۵۸، ص۳۸۳-۳۸۸؛ نوری، کلمہ طیبہ، ۱۳۸۰شمسی، ص۶۸۲-۶۸۶۔
- ↑ نوری، مستدرک الوسائل، ۱۴۸ھ، ج۳، ص۴۴۷؛ نوری، نجم الثاقب، ۱۳۸۴ھ، ج۲، ص۴۵۸۔
- ↑ ناصر الشریعہ، تاریخ قم، ۱۳۸۳شمسی، ص۲۳۹۔
- ↑ نوری، نجم الثاقب، ۱۳۸۴ھ، ج۲، ص۴۵۸۔
- ↑ ناصر الشریعہ، تاریخ قم، ۱۳۸۳شمسی، ص۲۹-۳۰۔
- ↑ نوری، جنۃ المأوی، ۱۴۲۷ھ، ص۵۶؛ نوری، کلمہ طیبہ، ۱۳۸۰شمسی، ص۶۸۴۔
- ↑ قمی، کلیات مفاتیح الجنان، نماز مسجد جمکران، ص۴۲۷-۴۲۹۔
- ↑ سورہ حمد، آیہ ۵۔
- ↑ نوری، جنۃ المأوی، ص۵۵-۵۶؛ نوری، نجم الثاقب، ۱۳۸۴ھ، ج۲، ص۴۵۶؛ قمی، کلیات مفاتیح الجنان، نماز مسجد جمکران، ص۴۲۷-۴۲۹۔
- ↑ نوری، جنۃ المأوی، ۱۴۲۷ھ، ص۵۶؛ نوری، کلمہ طیبہ، ۱۳۸۰شمسی، ص۶۸۴؛ قمی، کلیات مفاتیح الجنان، نماز مسجد جمکران، ص۴۲۹۔
- ↑ قمی، کلیات مفاتیح الجنان، نماز مسجد جمکران، ص۴۲۷-۴۲۹۔
- ↑ ناصر الشریعہ، تاریخ قم، ۱۳۸۳شمسی، ص۳۰۔
- ↑ ملاحظہ کیجئے: «اعلام برنامہ ہای ویژہ نیمہ شعبان در مسجد مقدس جمکران»۔
- ↑ خان محمدی، «چاہ عريضہ جمکران از خرافہ تا واقعیت»، ص۱۶۲۔
- ↑ ویژہنامہ جمکران، ۱۳۸۴شمسی، ص۷-۱۱، منقول از دانشنامہ جہان اسلام، مدخل مسجد جمکران، ص۷۴۸۔
- ↑ فقیہی، تاریخ مذہبی قم، ۱۳۸۶ شمسی، ص۲۷۳۔
- ↑ فقیہی، تاریخ مذہبی قم، ۱۳۸۶شمسی، ص۲۷۳-۲۷۴۔
- ↑ ناصر الشریعہ، تاریخ قم، ۱۳۸۳شمسی، ص۲۳۳۔
- ↑ نوری، جنۃ المأوی، ۱۴۲۷ھ، ص۵۴-۵۸؛ نوری، نجم الثاقب، ۱۳۸۴ھ، ج۲، ص۴۵۴-۴۵۸؛ نوری، کلمہ طیبہ، ۱۳۸۰شمسی، ص۶۸۲-۶۸۶۔
- ↑ مدرسی طباطبائی، تربت پاکان، ۱۳۳۵شمسی، ج۲، ص۱۶۳-۱۶۴۔
- ↑ فقیہی، تاریخ مذہبی قم، ۱۳۸۶شمسی، ص۲۷۲۔
- ↑ منشی قمی، خلاصۃ التواریخ، ۱۳۵۹-۱۳۶۳شمسی، ج۲، ص۱۰۱۹، منقول از دانشنامہ جہان اسلام، مدخل مسجد جمکران، ص۷۴۷۔
- ↑ فقیہی، «قم در مسیر تاریخ»، ص۱۷۱، منقول از دانشنامہ جہان اسلام، مدخل مسجد جمکران، ص۷۴۷۔
- ↑ مدرسی طباطبائی، تربت پاکان، ۱۳۳۵شمسی، ج۲، ص۱۶۴۔
- ↑ ناصر الشریعہ، تاریخ قم، ۱۳۸۳شمسی، ص۲۳۳۔
- ↑ کوچک زادہ، تاریخچہ قم و مساجد تاریخی آن، ۱۳۸۰شمسی، ص۲۴۶، منقول از دانشنامہ جہان اسلام، مدخل مسجد جمکران، ص۷۴۸۔
- ↑ فیض قمی، گنجینہ آثار قم، ۱۳۴۹-۱۳۵۰شمسی، ج۲، ص۶۶۸، ۶۷۱، منقول از دانشنامہ جہان اسلام، مدخل مسجد جمکران، ص۷۴۸۔
- ↑ فیض قمی، گنجینہ آثار قم، ۱۳۴۹-۱۳۵۰شمسی، ج۲، ص۶۷۰-۶۷۲، منقول از دانشنامہ جہان اسلام، مدخل مسجد جمکران، ص۷۴۸۔
- ↑ زندیہ، «مسجد جمکران»، ص۸۰، منقول از دانشنامہ جہان اسلام، مدخل مسجد جمکران، ص۷۴۸۔
- ↑ زندیہ، «مسجد جمکران»، ص۷۸، منقول از دانشنامہ جہان اسلام، مدخل مسجد جمکران، ص۷۴۹۔
- ↑ عرب، «مسجد جمکران»، ج۱۰، ص۷۴۹۔
- ↑ «تولیت مسجد مقدس جمکران»۔۔
- ↑ عرب، «مسجد جمکران»، ج۱۰، ص۷۴۹۔
- ↑ «معماری مسجد مقدس جمکران؛ دومین مقصد گردشگری مذہبی در قم»۔
- ↑ «توسعہ مسجد جمکران نیازمند ۱۷۰ میلیارد تومان اعتبار است»۔
- ↑ خان محمدی، «چاہ عريضہ جمکران از خرافہ تا واقعیت»، ص۱۶۲۔
- ↑ خان محمدی، «چاہ عريضہ جمکران از خرافہ تا واقعیت»، ص۱۶۳۔
- ↑ خان محمدی، «چاہ عريضہ جمکران از خرافہ تا واقعیت»، ص۱۷۵۔
- ↑ مسیح در شب قدر، ۱۳۹۳شمسی، ص۴۳۱۔
- ↑ «چاہ عريضہ در مسجد جمکران»۔
- ↑ فیض قمی، گنجینہ آثار قم، ۱۳۴۹-۱۳۵۰شمسی، ج۲، ص۶۶۸، منقول از دانشنامہ جہان اسلام، مدخل مسجد جمکران، ص۷۴۸۔
- ↑ میرعظیمی، مسجد مقدس جمکران، ۱۳۷۸شمسی، ص۲۷-۳۵۔
- ↑ میرعظیمی، مسجد مقدس جمکران، ۱۳۷۸شمسی، ص۳۷-۶۸۔
- ↑ میرعظیمی، مسجد مقدس جمکران، ۱۳۷۸شمسی، ص۷۰-۱۷۸۔
مآخذ
- «اعلام برنامہ های ویژه نیمہ شعبان در مسجد مقدس جمکران»، سایت باشگاه خبرنگاران جوان، تاریخ درج مطلب: ۲ اردیبهشت ۱۳۹۷ش، تاریخ بازدید: ۱۳ شهریور ۱۳۹۷ش.
- «توسعہ مسجد جمکران نیازمند ۱۷۰ میلیارد تومان اعتبار است»، سایت جمکران، تاریخ درج مطلب: ۱۴ اردیبهشت ۱۳۹۰ش، تاریخ بازدید: ۱۳ شهریور ۱۳۹۷ش.
- «تولیت مسجد مقدس جمکران»، سایت جمکران، تاریخ بازدید: ۱۳ شهریور ۱۳۹۷ش.
- خان محمدی و انواری، کریم و محمد رضا، «چاه عریضہ جمکران از خرافہ تا واقعیت»، در فصلنامہ شیعہ شناسی، شماره ۳۷، ۱۳۹۲ش.
- «چاه عریضہ در مسجد جمکران»، سایت اطلاع رسانی دفتر آیت الله مکارم شیرازی، تاریخ بازدید: ۱۳ شهریور ۱۳۹۷ش.
- زندیہ، حسن، «مسجد جمکران»، در مجله مسجد، ش۲۵، فروردین و اردیبهشت ۱۳۷۵ش.
- عرب، کاظم، «مدخل مسجد جمکران در دانشنامہ جهان اسلام»، تهران، ۱۳۸۵ش.
- فقیهی، علی اصغر، «قم در مسیر تاریخ»، در مجلہ نامہ قم، ش ۷ و ۸، پاییز و زمستان ۱۳۷۸ش.
- فقیهی، علی اصغر، تاریخ مذهبی قم؛ بخش اول از کتاب تاریخ جامع قم، قم، زائر، ۱۳۸۶ش.
- قمی، حسن بن محمد، تاریخ قم، ترجمہ حسن بن علی قمی، تهران، چاپ جلال الدین طهرانی، ۱۳۶۱ش.
- قمی، شیخ عباس، کلیات مفاتیح الجنان، تصحیح: حسین استاد ولی، ترجمہ: موسوی دامغانی، قم، نشر صدیقہ، ۱۳۷۶ش.
- کمیتہ انتشارات موسسہ فرهنگی هنری ایمان جهادی، مسیح در شب قدر، تهران، مؤسسہ جهادی صهبا، ۱۳۹۳ش.
- کوچک زاده، محمد رضا، تاریخچہ قم و مساجد تاریخی آن، قم، ۱۳۸۰ش.
- مدرسی طباطبائی، سید حسین، تربت پاکان: آثار و بناهای قدیم محدوده کنونی دار المؤمنین قم، مهر، ۱۳۳۵ش.
- «مراسم این هفتہ مسجد مقدس جمکران»، سایت جمکران، تاریخ درج مطلب: ۱۱ شهریور ۱۳۹۷ش، تاریخ بازدید: ۱۳ شهریور ۱۳۹۷ش.
- «معماری مسجد مقدس جمکران؛ دومین مقصد گردشگری مذهبی در قم»، در سایت راهنمای سفر من، تاریخ درج مطلب: ۲۸ اسفند ۱۳۹۵ش، تاریخ بازدید: ۱۳ شهریور ۱۳۹۷ش.
- منشی قمی، احمد، خلاصة التواریخ، تهران، چاپ احسان اشراقی، ۱۳۵۹-۱۳۶۳ش.
- میر عظیمی، سید جعفر، مسجد مقدس جمکران تجلیگاه صاحب الزمان، قم، انتشارات مسجد مقدس جمکران، ۱۳۷۸ش.
- ناصر الشریعہ، محمد حسین، تحقیق: علی دوانی، تاریخ قم، تهران، رهنمون، ۱۳۸۳ش.
- نوری، حسین بن محمد تقی، مستدرک الوسائل و مستنبط المسائل، قم، مؤسسہ آل البیت، ۱۴۸ق.
- نوری، حسین، جنة المأوی فی ذکر من فاز بلقاء الحجة، تحقیق: مرکز الدراسات التخصصیہ فی لامام المهدی، قم، مؤسسہ السیدة المعصومة، ۱۴۲۷ق.
- نوری، حسین، کلمه طیبہ، تحقیق: محمد ملکی، قم، پرهیزکار، ۱۳۸۰ش.
- نوری، حسین، نجم الثاقب فی احوال الامام الغائب، قم، مسجد جمکران، ۱۳۸۴ق.
- ویژهنامہ جمکران، قم، مسجد مقدّس جمکران، ۱۳۸۴ش.