مندرجات کا رخ کریں

مسودہ:امام حسینؑ کے سر اقدس کا قرآن پڑھنا

ویکی شیعہ سے

امام حسینؑ کے سر اقدس کا قرآن پڑھنا، واقعۂ کربلا کے بعد پیش آنے والے ان واقعات میں سے ایک ہے جن کا ذکر شیعہ اور اہل سنت کے منابع بھی میں ملتا ہے۔ ان روایات کے مطابق امام حسینؑ کے سر اقدس نے کوفہ اور شام میں قرآن کی بعض آیات، بالخصوص سورۂ کہف کی آیات کی تلاوت کی۔ اس واقعے سے بعض اعتقادی مباحث خصوصا رجعت کے موضوع پر استدلال کیا گیا ہے اور شیعہ عزاداری کی ثقافت میں بھی اس کی عکاسی ملتی ہے۔

اعتقادی اہمیت

امام حسینؑ کے سرِ اقدس سے قرآن کی تلاوت سننے کا واقعہ، واقعۂ کربلا کے بعد سنہ 61ھ میں پیش آنے والے معجزانہ واقعات میں شمار ہوتا ہے۔[1] بعض علماء اسے واقعہ عاشورا کے عرفانی پہلوؤں کی ایک جھلک قرار دیتے ہیں۔[2] اسی طرح بعض محققین اس واقعے کو اتمام حجت[3] اور قیامِ عاشورا کی حقیقت کو تاریخ میں ثبت کرنے کا ذریعہ قرار دیتے ہیں۔[4] اس نقطۂ نظر کے مطابق امام حسینؑ کے سر اقدس سے اصحابِ کہف سے متعلق آیت کی تلاوت، آپ کی شہادت کے بعد بھی آپؑ کی یاد باقی رہنے اور تاریخ کے صفحات پر ایک حیرت انگیزی سوالیہ نشان ہے کہ آپؑ کو شہید کرنے والے خود کو رسول اللہؐ کا پیروکار کہتے تھے۔[5]

اس واقعے سے علمِ کلام کے بعض مباحث میں بھی استدلال کیا گیا ہے۔ شیخ حر عاملی (وفات: 1104ھ) نے رجعت کے اثبات کے لئے اس واقعے کا حوالہ دیا ہے۔[6] بعض اہلِ علم حضرات کے مطابق یہ واقعہ خدا کی قدرت اور ائمہ معصومینؑ کی ان خصوصی صلاحیتوں کا مظہر ہے جو اللہ تعالیٰ کے اذن سے ظاہر ہوتی ہیں اور علت و معلوم کے قوانین کے منافی نہیں ہیں۔[7]

تلاوت کی جانے والی آیات اور سورتیں

امام حسینؑ کے سر اقدس کی جانب سے قرآن کی تلاوت کا واقعہ شیعہ[8] اور اہل سنت[9] دونوں کے منابع میں مذکور ہے۔ شیخ مفید کی روایت کے مطابق جب امام حسینؑ کے سر اقدس کو کوفہ میں پھرایا جا رہا تھا تو صحابیِ رسول زید بن اَرقم نے سرِ مبارک سے سورہ کہف آیت نمبر 9 کی تلاوت سنی۔[10] مِنہال بن عمرو نے بھی اسی آیت کی تلاوت نقل کی ہے،[11] جبکہ ایک دوسری روایت میں سورۂ کہف کی ابتدائی نو آیات کی تلاوت کا ذکر ہے۔[12] سَہل بن حبیب شہرزوری نے بھی سورۂ کہف کی نویں آیت تک تلاوت سننے کی روایت نقل کی ہے۔[13] ایک اور روایت میں بازارِ صرافان میں امام حسینؑ کے سر اقدس سے سورہ کہف کی 13ویں آیت تک تلاوت سننے کا واقعہ منقول ہے۔[14]

محمد بن جریر طبری آملی نے حارث بن وَکیدہ سے نقل کیا ہے کہ انہوں نے سرِ امام حسینؑ سے سورۂ کہف اور سورہ غافر کی آیات 70 اور 71 کی تلاوت سنی ہے۔[15]

ایک روایت کے مطابق جب سرِ امام حسینؑ کو ایک درخت پر رکھا گیا تو اس سے یہ آیت سنائی دی: «وَسَیَعْلَمُ الَّذِینَ ظَلَمُوا أَیَّ مُنقَلَبٍ یَنقَلِبُونَ»[16] یعنی: ’’اور عنقریب ظالم جان لیں گے کہ وہ کس انجام سے دوچار ہوں گے۔‘‘[17] امام حسینؑ کے سر اقدس کو خولی بن یزید کے گھر میں رکھے جانے سے متعلق روایت میں بھی[18] صبح تک قرآن کی تلاوت اور اس سلسلے میں آخری آیت کے طور پر سورۂ شعراء کی آیت 227 سنائی دینے کا ذکر ہے۔[19]

سَلَمَہ بن کُہَیل کے مطابق انہوں نے دمشق کے باب الفرادیس میں امام حسینؑ کے سر اقدس کو سورہ بقرہ کی یہ آیت تلاوت کرتے ہوئے دیکھا ہے: «فَسَیَکْفِیکَہُمُ اللَّہُ وَہُوَ السَّمِیعُ الْعَلِیمُ»[20] یعنی: ’’پس اللہ ان کے مقابلے میں آپ کے لئے کافی ہے اور وہ خوب سننے والا، خوب جاننے والا ہے۔‘‘[21]

کلمات اور اذکار

بعض روایات میں امام حسینؑ کے سر اقدس کی جانب سے مختلف مواقع پر گفتگو کرنے اور مختلف اذکار پڑھنے کا ذکر بھی ملتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ جب یزید نے رومی بادشاہ کے ایلچی کو قتل کرنے کا حکم دیا تو امام حسینؑ کے سر اقدس سے بلند آواز میں «لا حول ولا قوۃ إلا باللہ» کی آواز سنائی دی۔[22] ہلال بن معاویہ نے بھی روایت کی ہے کہ امام حسینؑ کے سر اقدس نے اس شخص سے جس نے سر اقدس کو نیزے پر اٹھائے رکھا تھا، کلام کیا اور اسے سر اقدس کو جسم مبارک سے جدا کرنے پر بدعا دی اور اللہ سے درخواست کی کہ اس کے گوشت اور ہڈیوں کو ایک دوسرے سے جدا کر دے اور اسے تمام جہان والوں کے لیے عبرت کا نشان بنا دے۔[23]

ابن حمزہ طوسی کے مطابق جب سرِ امام حسینؑ کو دمشق میں پھرایا جا رہا تھا تو ایک شخص سر اقدس کے سامنے سورۂ کہف کی 9ویں آیت تک کی تلاوت کی۔ اس کے جواب میں سرِ مبارک سے یہ ندا آئی: ’’میرا واقعہ اصحابِ کہف کے قصے سے بھی زیادہ عجیب اور حیرت آور ہے۔‘‘[24]

عاشورائی ادب و ثقافت میں اس واقعے کی عکاسی

سرِ اقدسِ امام حسینؑ سے تلاوتِ قرآن کا واقعہ شیعہ عاشورائی ادب و ثقافت میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔ مجالسِ عزاداری میں یہ واقعہ بیان کیا جاتا ہے، جب کہ مرثیہ نگاری، نوحہ خوانی اور تعزیہ خوانی میں بھی اس کا ذکر ملتا ہے۔ متعدد شعرا نے اپنے اشعار میں اس واقعے کی طرف اشارہ کیا ہے۔ ان میں شیخ احمد نحوی (وفات: 1183ھ)،[25] داود بن سلیمان حِلّی (1211ھ)،[26] سید مہدی بحرالعلوم (وفات: 1212ھ)،[27] نَیِّر تبریزی (1312ھ)[28] اور غلامرضا سازگار[29] شامل ہیں۔ اس سلسلے میں اردو زبان میں بھی مختلف شعراء نے اپنے اشعار میں اس واقعے کی طرف اشارہ کیا ہے:

آلِ نبیؑ کی شانِ تلاوت تو دیکھئےنیزے کی نوک پہ قرآن سنایا حسینؑ نے[30]

حوالہ جات

  1. ↑ رضایی اصفہانی، قرآن و امام حسین علیہ السلام، ص108۔
  2. ↑ جوادی آملی، «تفسیر سورۂ کہف، جلسہ 7»، پورٹل اسراء۔
  3. ↑ مقرم، مقتل الحسین(ع)، ص400-401۔
  4. ↑ محمدی، «قرآن خواندن سر بریدہ امام حسین(ع) حادثہ‌ای ملکوتی است»، جوان صحافیوں کا کلب۔
  5. ↑ اجلال، «چرا سر امام حسین(ع) بر نیزہ این آیہ را می خواند؟»، تبیان ویب سائٹ۔
  6. ↑ حر عاملی، کتاب الإیقاظ من الہجعۃ، ص224۔
  7. ↑ صحتی سردرودی، تحریف‌شناسی عاشورا و تاریخ امام حسین(ع)، ص334۔
  8. ↑ برائ نمونہ ملاحظہ کیجئے: شیخ مفید، الإرشاد، ج2، ص117؛ ابن حمزہ، الثاقب فی المناقب، ص333؛ طبری آملی، نوادر المعجزات، ص246۔
  9. ↑ برائ نمونہ ملاحظہ کیجئے: ابن عساکر، تاریخ مدینۃ دمشق، ج60، ص370؛ سیوطی، شرح الصدور، دار المدنی، ص212۔
  10. ↑ شیخ مفید، الإرشاد، ج2، ص117۔
  11. ↑ کوفی، مناقب الإمام أمیرالمؤمنین، ج2، ص267۔
  12. ↑ ابن حمزہ، الثاقب فی المناقب، ص333۔
  13. ↑ بحرانی، مدینۃ معاجز، ج4، ص122-123۔
  14. ↑ ابن شہر آشوب، مناقب، ج10، ص52۔
  15. ↑ طبری آملی، نوادر المعجزات، ص246۔
  16. ↑ سورۂ شعراء، آیت 227۔
  17. ↑ ابن شہر آشوب، مناقب، ج10، ص52۔
  18. ↑ خوارزمی، مقتل الحسین(ع)، ج2، ص114۔
  19. ↑ بحرانی، مدینۃ معاجز، ج4، ص124-125۔
  20. ↑ سورۂ بقرہ، آیت 137۔
  21. ↑ ابن رازی، جامع الأحادیث، ص252۔
  22. ↑ مقرم، مقتل الحسین(ع)، ص403-404۔
  23. ↑ مقرم، مقتل الحسین(ع)، ص402-403۔
  24. ↑ ابن حمزہ، الثاقب فی المناقب، ص333۔
  25. ↑ شبر، جواد، أدب الطف، ج5، ص300۔
  26. ↑ حلی، دیوان السید سلیمان الکبیر، ص140۔
  27. ↑ مقرم، مقتل الحسین(ع)، ص404۔
  28. ↑ نیر ممقانی، دیوان نیر تبریزی، ص143۔
  29. ↑ «زبانحال حضرت زینب(س) در کوفہ»، آستان وصال ویب سائٹ۔
  30. ↑ منقبت امام حسین، شاعر :صاحبزادہ محمد شاہ میر مغل، ہماری ویب۔

مآخذ

  • قرآن کریم۔
  • ابن‌شہرآشوب، محمد بن علی، المناقب آل أبی طالب(ع)، قم، المکتبۃ الحیدریۃ، 1390ہجری شمسی۔
  • ابن‌حمزہ، محمد بن علی، الثاقب فی المناقب، قم، انصاریان، 1370ہجری شمسی۔
  • ابن‌رازی، جعفر بن احمد، جامع الأحادیث، تحقیق سید محمد حسینی نیشابوری، مشہد، اسلامی تحقیقاتی مرکز آستان قدس رضوی، پہلی اشاعت، 1371ہجری شمسی۔
  • ابن‌عساکر، علی بن حسن، تاریخ مدینۃ دمشق و ذکر فضلہا و تسمیۃ مر حلہا من الأماثل أو اجتاز بنواحیہا من واردیہا أہلہا، بیروت، دار الفکر، 1415ہجری قمری۔
  • اجلال، زہرا، «چرا سر امام حسین(ع) بر نیزہ این آیہ را می خواند؟» (سر امام حسین نے نیزے پر اس آیت کی تلاوت کیوں کی؟)، تبیان ویب سائٹ، تاریخ درج مطلب: 24 نومبر 2014ء، تاریخ مشاہدہ: 28 اکتوبر 2026ء۔
  • بحرانی، ہاشم بن سلیمان، مدینۃ معاجز الأئمۃ الإثنی عشر و دلائل الحجم علی البشر، قم، بنیاد معارف اسلامی، 1371ہجری شمسی۔
  • جوادی آملی، عبداللہ، «تفسیر سورہ کہف، جلسہ 7»، پرتال اسراء، تاریخ درج مطلب: 20 جنوری 2009ء، تاریخ مشاہدہ: 28 اکتوبر 2026ء۔
  • حر عاملی، محمد بن حسن، الإیقاظ من الہجعۃ بالبرہان علی الرجعۃ، تحقیق مشتاق مظفر، قم، دلیل ما، پہلی اشاعت، 1386ہجری شمسی۔
  • حلی، داود بن سلیمان، دیوان السید سلیمان الکبیر، تحقیق مضر سلیمان حلی، کربلا، العتبۃ العباسیۃ المقدسۃ، قسم الشؤون الفکریۃ والثقافیۃ مکتبۃ و دار مخطوطات، 1431ہجری قمری۔
  • خوارزمی، موفق بن احمد، مقتل الحسین علیہ السلام، قم، انوار الہدی، دوسری اشاعت، 1381ہجری شمسی۔
  • رضایی اصفہانی، محمدعلی، قرآن و امام حسین(ع)، امام حسین(ع) و قرآن، قم، تفسیر و علوم قرآن کی تحقیقاتی مرکز، 1393ہجری شمسی۔
  • «زبانحال حضرت زینب(س) در کوفہ» (کوفہ میں حضرت زینب کا زبان حال)، آستان وصال ویب سائٹ، تاریخ مشاہدہ: 28 اکتوبر 2026ء۔
  • سیوطی، عبدالرحمن، شرح الصدور بشرح حال الموتی و القبور، عربستان، دار المدنی، بے‌تاریخ۔
  • شبر، جواد، أدب الطف، أو شعراء الحسین علیہ السلام مر القرن الأول الہجری حتی القرن الرابع عشر، بیروت، دار المرتضی، 1409ہجری قمری۔
  • شیخ مفید، محمد بن محمد، الإرشاد فی معرفۃ حجج اللہ علی العباد، تحقیق مؤسسۃ آل البیت(ع)، قم، کنگرہ شیخ مفید، پہلی اشاعت، 1413ہجری قمری۔
  • صاحبزادہ محمد شاہ میر مغل، منقبت امام حسین، ہماری ویب، تاریخ درج مطلب: 9 جون 2021ء، تاریخ مشاہدہ: 2 نومبر 2026ء۔
  • صحتی سردرودی، محمد، تحریف شناسی عاشورا و تاریخ امام حسین(ع)، تہران، بین الاقوامی ادارہ نشر و اشاعت، 1394ہجری شمسی۔
  • طبری آملی، محمد بن جریر، دلائل الإمامۃ، بیروت، مؤسسۃ الأعلمی للمطبوعات، 1408ہجری قمری۔
  • طبری آملی، محمد بن جریر، نوادر المعجزات فی مناقب الأئمۃ الہداۃ، قم، دلیل ما، 1385ہجری شمسی۔
  • کوفی، محمد بن سلیمان، مناقب الإمام أمیر المؤمنین علی بن أبی طالب(ع)، قم، مرکز احیائے ثقافت اسلامی، 1381ہجری شمسی۔
  • محمدی، رضا، «قرآن خواندن سر بریدہ امام حسین(ع) حادثہ‌ای ملکوتی است» (امام حسین کے سر اقدس کا قرآن پڑھنا ایک ملکوتی واقعہ ہے)، جوان صحافیوں کا کلب، تاریخ درج مطلب: 16 ستمبر 2021ء، تاریخ مشاہدہ: 28 اکتوبر 2026ء۔
  • مقرم، عبدالرزاق، مقتل الحسین علیہ السلام، نجف، دار الکتب الإسلامیۃ، 1376ہجری قمری۔
  • نیر ممقانی، محمدتقی، دیوان نیر تبریزی (گزارش عاشقانہ وقایع کربلا)، تحقیق بہروز ثروتیان، تہران، بین الاقوامی ادارہ نشر و اشاعت، 1388ہجری شمسی۔