اللہوف علی قتلی الطفوف (کتاب)
کتاب کا سرورق | |
مؤلف | سید ابن طاووس |
---|---|
تاریخ تالیف | ساتویں صدی ہجری |
زبان | عربی |
موضوع | مقتلِ واقعہ کربلا |
ناشر | اسوہ |
أللُّهوف عَلى قَتْلَى الطُّفوف یا ألمَلْهوف عَلی قَتْلَی الطُّفوف، لُهوف کے نام سے مشہور اس کتاب کا موضوع واقعہ کربلا کے مصائب اور امام حسینؑ کی شہادت ہے۔ اس کتاب کے مؤلف سید بن طاؤس حلی (متوفی 664 ھ) ہیں۔ یہ اہل تشیع کے نزدیک مقتل کی مشہور کتاب ہے۔ یہ کتاب مسافروں اور سید الشہداؑ کے زائرین کے لئے لکھی گئی تھی اسی لیے اختصار کے پیش نظر اس کی روایات کے سلسلہ اسناد کو حذف کرکے صرف آخری راوی یا روایت کے ماخذ کو ذکر کیا گیا ہے۔ کتاب کی غیر معمولی اہمیت اور مؤلف کے مقام و منزلت کی وجہ سے اس کتاب کا مختلف زبانوں میں بارہا ترجمہ کیا جا چکا ہے۔
مؤلف
سید رضی الدین، علی بن موسی بن جعفر بن طاؤس، والد کی طرف سے امام حسن مجتبیؑ اور والدہ کی طرف سے امام سجادؑ کی ذریت سے ہیں۔ آپ 15 محرم 589 ہجری میں عراق کے شہر حِلّہ میں پیدا ہوئے۔ آپ نے ابتدائی تعلیم اپنے والد اور جدّ ورام بن ابی فراس سے حاصل کی۔
سید ابن طاؤس حلہ کے اساتذہ سے ضروری تعلیم حاصل کرنے کے بعد دیگر شہروں کے علماء سے کسب فیض کرنے کی غرض سے سفر پر نکل پڑے۔
اپنے زمانے کے علماء، اکابرین اور بزرگوں سے باقاعدگی کے ساتھ استفادہ کرتے ہوئے آپ علم و ادب اور معنویت کے اعلیٰ مقام پر فائز ہو گئے۔ ایک مسلمہ استاد کے طور پر آپ نے بڑی تعداد میں شاگردوں کی تربیت کی۔ سید ابن طاؤس نے اپنے بعد 50 تالیفات بطور یادگار چھوڑی ہیں کہ جن میں سے زيادہ تر کا تعلق دعا اور زيارت سے ہے۔
سید ابن طاؤس نے 75 سال کی عمر میں سنہ 664 ہجری کو بغداد میں وفات پائی۔ آپ کا جسد خاکی نجف اشرف لے جایا گیا اور حرم امیرالمؤمنینؑ میں دفن ہوئے۔
کتاب کا نام
اس کتاب کے کئی نام منقول ہیں۔ نام کے اختلاف کا تعلق نسخوں کے اختلاف اور خود مؤلف سے ہے کیونکہ انہوں نے اس کتاب کو مختلف ناموں سے موسوم کیا تھا یا ایک ہی نام میں مختلف تبدیلیاں کی ہیں۔ کتاب کے قلمی نسخوں کے حوالے سے اس کے نام حسب ذیل ہیں:
- اللھوف علی قتلی الطفوف
- الملھوف علی قتلی الطفوف
- الملھوف علی قتل الطفوف
- اللھوف فی قتلی الطفوف
- الملھوف علی أھل الطفوف
6. المسالک فی مقتل الحسین علیہ السّلام: اس نام کی وجہ، مؤلف کا کتاب کے مقدمے میں یہ جملہ ہے کہ "میں نے اس کو تین مسالک کی بنیاد پر وضع کیا ہے"۔[1]
آقا بزرگ طہرانی نے الذریعہ میں اللھوف علی قتلی الطفوف کو دوسرے ناموں سے مشہور تر گردانا ہے۔[2]
تألیف کا اسلوب
مؤلف نے اختصار کے ساتھ واقعۂ عاشورا بیان کرنے کی غرض سے احادیث کو اس طرح مرتّب کیا ہے کہ ایک منظم روداد کی تصویر کشی ہو۔ انہوں نے تکراری اور متفرق روایات سے اجتناب کیا ہے تاکہ قاری ایک تاریخی روداد اور واقعے سے آگاہ ہو نہ کہ منقول روایات سے۔[3]
کتاب کے مندرجات
لھوف ذیل کے عناوین پر مشتمل ہے:
- مقدمے یا دیباچے میں واقعۂ عاشورا کی عظمت، امام حسینؑ کی منزلت، آپؑ پر گریہ و عزاداری کے آثار و برکات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔
- مسلک اول: کتاب کے اس حصے میں واقعۂ عاشورا سے پہلے کے واقعات ’’ولادت امامؑ سے وقائع عاشورا تک‘‘ بیان کئے گئے ہیں۔
- مسلک دوئم: یہ حصہ روز عاشورا کے وقائع ـ صبح سے امامؑ کی شہادت تک ـ پر مشتمل ہے۔
- مسلک سوئم: اس حصے میں شہادت امامؑ کے بعد کے واقعات موضوع بنائے گئے ہیں جن کا آغاز شہداء کے سروں اور اسیران اہل بیتؑ کی کوفہ روانگی سے، اور اختتام ان کی مدینہ واپسی پر ہوتا ہے۔[4]
کتاب کی خصوصیات
اس کے باوجود کے کتاب لھوف کو اسناد کے حذف کئے جانے اور داستانی شکل دیئے جانے کی وجہ سے ضعیف کہا گیا ہے لیکن اس کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس کتاب میں مبالغہ آرائی سے پرہیز کیا گیا ہے جبکہ اس موضوع پر لکھی گئی بعض کتابوں میں مبالغہ آرائیاں کی گئی ہیں۔
اس کتاب میں بہت اہم اور منفرد مسائل بیان کئے گئے ہیں جو سابقہ مقاتل میں بیان نہیں ہوئے ہیں۔ منجملہ:
- بنو ہاشم کے نام امام حسینؑ کے خط میں، امامؑ کا یہ جملہ کہنا کہ ان اللہ شاء ان یرانی قتیلاً (خدا نے مجھے مقتول دیکھنا چاہا ہے)، اور بہت سی دیگر روایات اور علاوہ ازیں شیعہ اعتقادات جیسے "امام کا علم غیب"، اس بات کا سبب بنے ہیں کہ سید نے ان روایات کو تاریخی قرار دیا اور انہیں اپنی کتاب میں نقل کیا ہے۔[5].[6]
فارسی اور اردو تراجم
کتاب کی مقبولیت کی بنا پر اس کا کئی بار ترجمہ ہو چکا ہے۔ بعض تراجم کے عناوین و مترجمین کے نام حسب ذیل ہیں:
- فیض الدموع:، بقلم آقا محمد ابراہیم نواب تہرانی المعروف بہ بدائع نگار (ولادت 1240 وفات 1299 ھ)، سال ترجمہ: سنہ 1286 ھ۔
- لجہ الألم فی حجہ الأمم: مترجم میرزا رضاقلی شقاقی تبریزی، سال 1311 ہجری۔[7]
- اللھوف:، مترجم محمد طاہر بن محمد باقر موسوی دزفولی بسال 1321 ہجری۔
- دمع ذروف:، ترجمہ بقلم سید محمد حسین ہندی (متوفٰی 1355 ھ) بزبان اردو۔
- زندگانی ابا عبداللہ:، مترجم سید محمد صحفی، سنہ 1375 ہجری شمسی۔
- اللھوف:، مترجم: احمد بن سلامہ نجفی۔[8]
- آہ سوزان بر مزار شہیدان:، مترجم سید احمد فہری۔
- وجیزۃ المصائب:، مترجم: ضیاء الدین مہدی بن داؤد المتخلص بہ ذوقی۔
- ترجمہ بقلم سید ابو الحسن میر ابو طالبی۔[9]
اللھوف کے قلمی نسخے
یہ کتاب اہمیت و اعتبار نیز روش تالیف کی لطافت کی وجہ سے نسخہ نگاروں کے نزدیک بہت مقبول ہوئی کیونکہ علماء کو اس کی ضرورت تھی چنانچہ اس کے قلمی نسخے بکثرت دنیا بھر میں دیکھے جاسکتے ہیں؛ منجملہ:
- قم کے کتب خانہ آیت اللہ مرعشی نجفی میں نمبر 6068، بعنوان رسالۂ سوم کاتب محمّد تقی بن آقا محمّد صالح، تاریخ کتابت 1303 ہجری، (کتاب) فہرست کتب خانہ ج16، ص70۔
- وہی کتب خانہ، مجموعہ نمبر 7520، رسالۂ سوئم، کتابت بقلم طالب بن محمّد طالب مازندرانی، تاریخ کتابت 1119 ہجری، فہرست کتب خانہ ج19، ص327۔
- کتب خانۂ ملک، تہران نمبر 6069 تاریخ کتابت 1052۔
- کتب خانۂ مجلس شورائے اسلامی، تہران، مجموعہ نمبر 3815 کے ضمن میں مندرج، تاریخ کتابت 1101 ہجری۔
- کتب خانۂ مجلس شورائے اسلامی، تہران، مجموعہ نمبر 4826 تاریخ کتابت گیارہویں صدی ہجری۔
- کتب خانۂ امام رضا(ع)، مشہد، نمبر 6712 تاریخ تحریر: 1091 ہجری۔
- کتابخانہ رضویّہ ایضا نمبر 13671 تاریخ کتابت 1202 یا یا 1220 ہجری۔
- وہی کتب خانہ، مشہد، نمبر 2132 تاریخ کتابت 1233 ہجری۔
- وہی کتب خانہ، مشہد، نمبر 8874 تاریخ کے بغیر۔
- وہی کتب خانہ، مشہد، نمبر 8124 تاریخ کے بغیر۔
- وہی کتب خانہ، مشہد، نمبر 15317 بقلم ابو الحسن اصفہانی تاریخ کتابت 1117 ہجری۔
- نیز کتب خانہ برلن نمبر 912 تاریخ کتابت 1020 ہجری۔[10]
نشر و اشاعت
یہ کتاب بارہا تہران، لبنان کے شہروں صیدا و بیروت، ہندوستان کے شہر بمبئی، عراق کے شہر نجف، اور ایران کے شہروں قم اور تبریز ميں زیور طبع سے آراستہ ہوئی ہے۔[11]
اللھوف کے بارے میں مشاہیر کے اقوال
- شیخ جعفر شوشتری:
- جان لو کہ مرثیوں کے نقل کے حوالے سے اس سے زیادہ معتبر کوئی کتاب نہیں ہے؛ جلالت قدر کے لحاظ سے اس کے مؤلف سید ابن طاؤس جیسی شخصیات کم ہیں۔[12]
- شہيد محراب آیت اللہ محمد علی قاضی طباطبائی:
- سید ابن طاؤس کی منقولہ روایات بہت زيادہ قابل اعتماد ہیں؛ کتب مقاتل میں کوئی بھی کتاب اعتبار و اطمینان کے لحاظ سے ان کی کتاب [اللہوف] کے پائے تک نہیں پہنچتی۔[13]
- رہبر انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ سید علی خامنہ ای:
- یہ بہت معتبر مقتل ہے، اس کے مؤلف فقیہ، عارف، بزرگ، بہت سچے، موثق اور سب کے نزدیک قابل احترام ہیں ... خود ادیب اور شاعر ہیں؛ اللھوف سے پہلے بھی مقاتل تھے؛ ان کے استاد شیخ نجم الدین جعفر بن نما، المعروف بہ ابن نما کا بھی مقتل ہے، شیخ طوسی نے بھی مقتل لکھا ہے دوسروں نے بھی مقتل لکھے ہیں لیکن اللھوف کے آنے کے بعد دوسرے مقاتل متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے؛ یہ بہت اچھا مقتل ہے۔ اس کی عبارات بہت اچھی، دقیق اور مختصر ہیں۔[14]
- استاد علی دوانی:
- لھوف، یا ملھوف فی قتلی الطفوف ایک مختصر سی کتاب ہے جس کے مؤلف سید رضي الدین علی بن طاؤس حلی ہیں۔ گویا انہوں نے یہ کتاب ایام شباب میں لکھی ہے؛ اس کے باوجود یہ بہت اہم مآخذ اور معتبر مقاتل میں سے ایک ہے۔[15]
حوالہ جات
- ↑ ترجمہ لہوف، ص 63.
- ↑ الذریعہ، ج 22، ص 223.
- ↑ سافٹ ویئر، سیرت معصومین (زبان: فارسی)
- ↑ فہرست کتاب.
- ↑ اللطيف في التصنيف في شرح السعادة بشہادة صاحب المقام الشريف.
- ↑ سافٹ ویئر، سیرت معصومین.
- ↑ الذریعہ، ج 18، ص 296.
- ↑ الذریعہ، ج 26، 201.
- ↑ ترجمہ لہوف، ص 65.
- ↑ ترجمہ لہوف، ص 63 و 64.
- ↑ ترجمہ لہوف، ص 64 و 65.
- ↑ دزفولي، مقدمہ بحوالہ مواعظ شيخ جعفر شوشتري، ص8۔
- ↑ سید محمد علی قاضی تبریزی، تحقيق دربارہ روز اربعين، ص8۔
- ↑ خامنہ ای، سید علی، خطبہ ہاي نماز جمعہ، 18/2/1377 ہجری شمسی۔
- ↑ رجوع کریں: نقد و بررسی مقاتل موجود، علي دواني.
مآخذ
- سید بن طاووس، لھوف، تہران، جہان، 1348 ہجری شمسی.
- سید بن طاووس، لھوف، ترجمہ سيد ابو الحسن مير ابوطالبى، قم، دلیل ما، 1380 ہجری شمسی.
- مرکز تحقیقات علوم اسلامی، نرم افزار سیرہ معصومان.
- موسوی دزفولی، محمد طاہر بن محمد باقر، ترجمہ لھوف، نشر مؤمنين، 1379 ہجری شمسی.
- قاضي تبريزي، سيد محمد علي، تحقيق دربارہ روز اربعين، چاپ ميہن، تبريز.
- خامنہ ای، سید علی، خطبہ ہاي نماز جمعہ، 18/2/1377 ہجری شمسی.
- دواني، علي، نقد و بررسي مقاتل موجود، انتشارات دانشگاہ امام حسين علیہ السلام، تہران، 1374 ہجری شمسی.