مسودہ:آب مطلق
| یہ مقالہ ایک فقہی موضوع کے بارے میں توصیفی تحریر ہے اور دینی اعمال کے لئے معیار نہیں بن سکتا۔ دینی اعمال کے لئے دیگر مصادر کی طرف رجوع کریں۔ |
| بعض عملی اور فقہی احکام |
|---|
آبِ مطلق، آبِ مضاف کے مقابلے میں ایسے مائع کو کہا جاتا ہے جس پر کسی قید یا اضافے کے بغیر لفظ "پانی" کا اطلاق ہوتا ہو۔ فقہ میں طہارت کے باب میں اس سے بحث کی جاتی ہے۔[1] فقہی متون میں آبِ مطلق کو پاک اور پاک کرنے والا مادہ قرار دیا گیا ہے، جو حدث (معنوی ناپاکی) کو دور کرنے اور نجس اشیا کو پاک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔[2] اسی طرح وضو اور غسل جیسی عبادات کے صحیح ہونے کے لئے بھی پانی کا مطلق ہونا شرط ہے۔[3]
فقہی منابع میں آبِ مطلق کی مختلف قسمیں بیان کی گئی ہیں۔ بعض فقہا نے اسے تین قسموں، یعنی جاری پانی، ساکن پانی (محقون) اور کنویں کے پانی میں تقسیم کیا ہے۔ ان کے مطابق ساکن پانی میں آبِ کُر اور قلیل پانی دونوں شامل ہو سکتے ہیں۔[4] بعض دیگر فقہا نے پانی کی پانچ قسمیں بیان کی ہیں جن میں آب کُر، آب قلیل، جاری پانی، بارش کا پانی اور کنویں کا پانی شامل ہیں۔[5] جبکہ بعض نے اس کی چھ قسمیں بیان کی ہیں، جن میں جاری پانی، غیر جاری چشمے کا پانی، کنویں کا پانی، بارش کا پانی، آب کُر اور آب قلیل شامل ہیں۔[6]
البتہ بعض فقہا کے نزدیک آبِ مطلق کی متعدد قسمیں بیان کرنے کا کوئی خاص فائدہ نہیں، بلکہ اسے دو قسموں، یعنی "معتصم"(یعنی پاک کرنے والا پانی جو نجاست سے متأثر نہیں ہوتا، جیسے جاری پانی اور چشمے کا پانی) اور "غیر معتصم" (ایسا پانی ہے جو نجاست سے متاثر ہو جاتا ہے، جیسے قلیل پانی) میں تقسیم کرنا کافی ہے۔ کہا گیا ہے کہ یہ تقسیم اس بنیاد پر ہے کہ معتصم پانی کسی منبع سے متصل ہوتا ہے جس کی بنا پر نجاست اس پر اثر انداز نہیں ہوتی، جبکہ غیر معتصم پانی، یعنی قلیل پانی، نجاست سے آلودہ ہونے پر اپنی پاک کرنے کی صلاحیت کھو دیتا ہے۔[7]
فقہا کے مطابق اگر آبِ مطلق کسی منبع، مثلاً چشمے یا دریا سے متصل ہو (یعنی معتصم پانی)، تو نجاست سے ملنے کی صورت میں صرف اسی وقت نجس ہوگا جب اس کے تین اوصاف، یعنی رنگ، بو یا ذائقے میں سے کوئی ایک تبدیل ہو جائے۔ لیکن اگر پانی کسی ایسے منبع سے متصل نہ ہو (یعنی قلیل پانی)، تو مشہور فقہا کے مطابق نجاست سے محض اتصال کے باعث نجس ہو جاتا ہے۔[8]
فقہا کے نزدیک آبِ مطلق کی پاک کرنے کی صلاحیت تبخیر (بخارات بن کر اڑ جانے) سے ختم نہیں ہوتی، البتہ اگر تبخیر سے پہلے وہ کسی دوسرے مادے، مثلاً پودوں کے عرق (جیسے گلاب کے عرق) کے ساتھ مخلوط ہو جائے تو اس کا حکم مختلف ہوگا۔[9] اسی طرح نجس پانی اگر آبِ کُر یا جاری پانی سے متصل ہو کر اس کے ساتھ مخلوط ہو جائے تو دوبارہ پاک ہو جاتا ہے، خواہ اس سے پہلے اس کا رنگ، بو یا ذائقہ تبدیل ہو چکا ہو، بشرطیکہ اختلاط کے بعد وہ اپنی سابقہ حالت میں واپس آ جائے۔[10]
فقہا کے مطابق اگر کسی پانی کے مطلق ہونے میں شک ہو تو اسے آبِ مطلق شمار نہیں کیا جائے گا اور اس پر آبِ مطلق کے احکام جاری نہیں ہوں گے۔ لیکن اگر پہلے یقین تھا کہ وہ آبِ مطلق ہے اور اب اس کے آبِ مضاف میں تبدیل ہونے کے بارے میں شک ہو تو اسے بدستور آبِ مطلق ہی شمار کیا جائے گا۔[11]
حوالہ جات
- ↑ بنی ہاشمی، توضیح المسائل مراجع، ج1، ص38۔
- ↑ طباطبائی یزدی، العروة الوثقیٰ، ج1، ص26۔
- ↑ طباطبائی یزدی، العروة الوثقیٰ، ج1، ص219 و 300۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج1، ص71 و 105 و 153۔
- ↑ ملاحظہ کیجئے: بنی ہاشمی، توضیح المسائل مراجع، ج1، ص38، مسئلہ 15۔
- ↑ طباطبائی یزدی، العروة الوثقیٰ، ج1، ص26۔
- ↑ موسوی سبزواری، مہذب الاحکام، ج1، ص123۔
- ↑ طباطبائی یزدی، العروة الوثقیٰ، ج1، ص30 و 34۔
- ↑ طباطبائی یزدی، العروة الوثقیٰ، ج1، ص27۔
- ↑ طباطبائی یزدی، العروة الوثقیٰ، ج1، ص32 و 43۔
- ↑ بنی ہاشمی، توضیح المسائل مراجع، ج1، ص51، مسائل 50 و 51؛ طباطبائی یزدی، العروة الوثقیٰ، ج1، ص28۔
مآخذ
- بنی ہاشمی خمینی، سید محمد حسن، توضیح المسائل مراجع، قم، دفتر انتشارات اسلامی جامعہ مدرسین حوزۂ علمیہ قم، 1378ہجری شمسی۔
- خوئی، سید ابوالقاسم، منہاج الصالحین، قم، نشر مدینۃ العلم، 1410ھ۔
- طباطبائی حکیم، سید محسن، مستمسک العروة الوثقیٰ، بیروت، دار احیاء التراث العربی للطباعة والنشر والتوزیع، 1391ھ۔
- طباطبائی یزدی، سید محمد کاظم، العروة الوثقیٰ فیما تعم بہ البلویٰ (المحشّی)، تحقیق: احمد محسنی سبزواری، قم، دفتر انتشارات اسلامی، پہلی اشاعت، 1419ھ۔
- موسوی سبزواری، سید عبدالاعلیٰ، مہذب الاحکام فی بیان الحلال والحرام، قم، مؤسسۃ المنار، 1413-1417ھ۔
- نجفی، محمد حسن، جواہر الکلام فی شرح شرائع الاسلام، تصحیح: عباس قوچانی اور علی آخوندی، بیروت، دار احیاء التراث العربی، ساتویں اشاعت، 1404ھ۔