مسودہ:کفار کی نجاست
| یہ مقالہ ایک فقہی موضوع کے بارے میں توصیفی تحریر ہے اور دینی اعمال کے لئے معیار نہیں بن سکتا۔ دینی اعمال کے لئے دیگر مصادر کی طرف رجوع کریں۔ |
کفار کی نجاست شیعہ فقہی مسائل میں سے ایک ہے۔ اس حکم کے مطابق کافر کا بدن، حتیٰ کہ اس کا جھوٹا (بچا ہوا کھانا اور پانی) بھی نجس ہے۔ اسی بنا پر ان کا مسجد الحرام اور مسلمانوں کی دیگر مساجد میں داخل ہونا جائز نہیں ہے۔ فقہا اس حکم کو اثبات کرنے کے لئے سورہ توبہ آیت نمبر 28، ائمہ معصومینؑ سے منقول احادیث اور اجماع سے استدلال کرتے ہیں۔
اگرچہ شیعہ فقہاء کی مشہور رائے کے مطابق کفار نجس ہیں، تاہم بعض فقہاء اس بات کے قائل ہیں کہ کفار میں سے اہل کتاب پاک ہیں، جبکہ کفار کی دیگر اقسام نجس ہیں۔ یہ فقہاء اپنے نظرئے کو ثابت کرنے کے لئے سورہ مائدہ آیت نمبر 5 اور بعض احادیث سے استدلال کرتے ہیں، جنہیں وہ کفار کی نجاست پر دلالت کرنے والی احادیث کے مقابلے میں سند اور دلالت کے اعتبار سے زیادہ معتبر سمجھتے ہیں۔
ایک تیسرا گروہ ان فقہی دلائل کو ناکافی قرار دیتے ہیں جن کی بنیاد پر کفار کی نجاست کا حکم دیا گیا ہے۔ ان کے نزدیک یہ دلائل کسی بھی قسم کے کافر کی ذاتی نجاست کو ثابت کرنے کے لئے کافی نہیں ہیں۔ چنانچہ یہ فقہاء اصالۃ الطہارت کے قاعدے کی بنیاد پر تمام انسانوں کو ذاتی طور پر پاک سمجھتے ہیں۔
تعارف اور مقام بحث
شیعہ فقہا کی مشہور رائے کے مطابق[1] کفار بالعموم نجس العین ہیں؛ یعنی وہ بذاتِ خود نجس ہیں، نہ یہ کہ کسی دوسری چیز کی نجاست ان میں منتقل ہونے کی وجہ سے یہ نجس ہو گئے ہوں۔[2]
اس شرعی حکم کے مطابق کفار کے ساتھ معاملہ کرتے وقت مسلمانوں کو درج ذیل احکام کا خیال رکھنا ضروری ہے:
- کفار کے جسم کے تمام اجزا، حتیٰ کہ ان کے بے جان اجزا جیسے ناخن، بال، لعاب دھن اور جسم کی دیگر رطوبتیں بھی نجس ہیں۔[3]
- کافر کا بچا ہوا کھانا بھی نجس ہے اور مسلمان کے لئے اس کا کھانا جائز نہیں ہے۔[4] اسی طرح کافر کے پینے کے بعد بچا ہوا پانی بھی نجس ہے اور مسلمان نہ اسے پی سکتا ہے اور نہ اس سے وضو کر سکتا ہے۔[5]
- چونکہ کفار نجس شمار ہوتے ہیں، اس لئے ان کا مسجد الحرام اور مسلمانوں کی دیگر مساجد میں داخلہ جائز نہیں ہے۔[6]
- کافر اسلام قبول کرتے ہی پاک ہو جاتا ہے۔[7]
سید مرتضی کے مطابق کفار کے جھوٹے کی نجاست کا نظریہ شیعہ مذہب کے مخصوص احکام میں سے ایک ہے۔[8] یہاں تک کہ بعض فقہاء کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ اس نظرئے کو "شیعیت کا شعار" بھی قرار دیا گیا ہے۔[9]
کفار کی نجاست کے فقہی دلائل
فقہا نے کفار کی نجاست کے اثبات کے لئے درج ذیل دلائل سے استناد کیا ہے:
سورہ توبہ آیت نمبر 28
بعض فقہا نے کفار کی نجاست ثابت کرنے کے لئے سورہ توبہ آیت نمبر 28 سے استدلال کیا ہے۔ اس آیت میں مشرکین کو ناپاک قرار دیا گیا ہے اور انہیں مسجد الحرام میں داخل ہونے سے منع کیا گیا ہے۔[10] آقا رضا ہمدانی نے نقل کیا ہے کہ بعض فقہا کے نزدیک اس آیت میں "مشرک" کا لفظ کفار کے تمام اقسام پر اطلاق ہوتا ہے، خواہ وہ بت پرست ہوں یا یہودی، عیسائی، مجوسی اور زندیق۔[11]
تاہم بعض فقہا نے سورہ توبہ کی 28ویں آیت سے کفار کی نجاست ثابت ہونے کے استدلال پر اعتراض کیا ہے:
- آیت اللہ خوئی اور مرتضیٰ حائری یزدی کے مطابق اس آیت میں لفظ "نجس" سے مراد فقہی یا شرعی نجاست نہیں، بلکہ باطنی ناپاکی اور پلیدی ہے۔ اس لئے کفار کی شرعی نجاست ثابت کرنے کے لئے اس آیت سے استدلال نہیں کیا جا سکتا۔[12]
- شیخ مرتضی انصاری کا بھی یہی نظریہ ہے کہ آیت میں لفظ "مشرکین" سے مراد نزولِ آیت کے زمانے کے مشرکین ہیں، نہ کہ تمام مشرکین۔[13]
کفار کی نجاست کے بارے میں احادیث
شیعہ حدیثی منابع میں کفار کی نجاست کے بارے میں متعدد روایات نقل ہوئی ہیں، جن سے فقہا نے استدلال کیا ہے۔[14] شیخ انصاری کے مطابق یہ احادیث مستفیض ہیں۔[15] وہ ان روایات کو اجماع کے بعد کفار کی نجاست ثابت کرنے والے اہم ترین دلائل میں شمار کرتے ہیں۔[16]
کفار کی نجاست پر شیعہ فقہا کا اجماع
شیخ انصاری فقہا کے اجماع کو کفار کی نجاست ثابت کرنے کے لئے سب سے اہم دلیل قرار دیتے ہیں۔[17] تاہم بعض فقہا کے نزدیک یہ دعویٰ درست نہیں، کیونکہ ابن جنید اسکافی اور محمد محسن فیض کاشانی جیسے بعض فقہا نے اہل کتاب کی نجاست کے بارے میں تردید کا اظہار کیا ہے۔[18]
دوسری بات یہ ہے کہ اگر اجماع کو تسلیم بھی کر لیا جائے تو یہ احتمال موجود ہے کہ فقہا نے قرآن اور روایات سے استدلال کرتے ہوئے کفار کی نجاست کا فتویٰ دیا ہو۔ ایسی صورت میں یہ اجماع مستقل شرعی دلیل کی حیثیت کھو دیتا ہے۔[19]
کفار کی نجاست کے حکم میں تردید
بعض فقہا اہل کتاب کی نجاست کے بارے میں تردید کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ذاتی طور پر پاک قرار دیتے ہیں۔ یہ فقہا اہل کتاب کی طہارت ثابت کےاثبات کے لئے دو دلائل پیش کرتے ہیں:
- قرآنی آیت: فقہا کے مطابق سورہ مائدہ آیت نمبر 5 جس میں ارشاد ربّانی ہے کہ "اہل کتاب کا کھانا تمہارے لیے حلال ہے اور تمہارا کھانا ان کے لیے حلال ہے"، یہ آیت اہل کتاب کی طہارت پر دلالت کرتی ہے؛ کیونکہ جو چیز پاک نہ ہو، وہ حلال نہیں ہو سکتی۔[20] تاہم بعض فقہا کا کہنا ہے کہ اس آیت میں لفظ "طعام" سے مراد صرف خشک غذائیں، مثلاً اناج وغیرہ ہیں، اس بنا پر اس آیت سے اہل کتاب کی طہارت ثابت نہیں کی جا سکتی۔[21]
- احادیث: بعض روایات میں صراحت کے ساتھ اہل کتاب کی طہارت بیان کی گئی ہے۔[22] بعض فقہا نے سند اور دلالت دونوں اعتبار سے ان روایات کو معتبر قرار دیا ہے۔[23] تاہم محقق سبزواری اور آیت اللہ خوئی جیسے فقہا نے ان روایات کی سند اور دلالت کو تسلیم کرنے کے باوجود مشہور فقہا کے نظرئے کی مخالفت سے اجتناب کرتے ہوئے اہل کتاب کی طہارت کا فتویٰ نہیں دیا ہے۔[24]
اس کے مقابلے میں بعض فقہا نہ صرف اہل کتاب کی ذاتی طہارت کے قائل ہیں بلکہ کفار کی دیگر اقسام کی نجاست کے بارے میں بھی تردید کرتے ہیں۔[25] مثال کے طور پر آیت اللہ مکارم شیرازی کفار کی تمام اقسام کی نجاست ثابت کرنے کے لئے پیش کئے جانے والے دلائل کو ناکافی سمجھتے ہیں اور قاعدۂ اصالۃ الطہارت کی بنیاد پر تمام کفار کی ذاتی طہارت کے قائل ہیں۔[26]
حوالہ جات
- ↑ ہمدانی، مصباح الفقیہ، ج7، ص235۔
- ↑ مثلاً ملاحظہ کیجئے: نجفی، جواہر الکلام، ج6، ص41؛ ہمدانی، مصباح الفقیہ، ج7، ص235۔
- ↑ طباطبائی یزدی، العروۃ الوثقیٰ، ج2، ص108۔
- ↑ سید مرتضیٰ، مسائل الناصریات، ص84؛ شیخ طوسی، النہایۃ فی مجرد الفقہ والفتویٰ، ص4-5۔
- ↑ سید مرتضیٰ، مسائل الناصریات، ص84؛ شیخ طوسی، النہایۃ فی مجرد الفقہ والفتویٰ، ص4-5۔
- ↑ مثلاً ملاحظہ کیجئے: شیخ طوسی، الخلاف، ج1، ص518؛ محقق حلی، المختصر النافع، ص111؛ خوئی، موسوعۃ الامام الخوئی، مؤسسۃ الخوئی الاسلامیۃ، ج3، ص258۔
- ↑ طباطبائی یزدی، العروۃ الوثقیٰ، ج2، ص465۔
- ↑ سید مرتضیٰ، الانتصار فی انفرادات الامامیۃ، ص80۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج6، ص42۔
- ↑ مثلاً ملاحظہ کیجئے: نجفی، جواہر الکلام، ج6، ص42۔
- ↑ ہمدانی، مصباح الفقیہ، ج7، ص235۔
- ↑ خوئی، موسوعۃ الامام الخوئی، مؤسسۃ الخوئی الاسلامیۃ، ج3، ص39-40؛ حائری یزدی، شرح العروۃ الوثقیٰ، ج1، ص449۔
- ↑ شیخ انصاری، کتاب الطہارۃ، ج5، ص101۔
- ↑ مثلاً ملاحظہ کیجئے: شیخ انصاری، کتاب الطہارۃ، ج5، ص101-106؛ حائری یزدی، شرح العروۃ الوثقیٰ، ج1، ص450-459۔
- ↑ شیخ انصاری، کتاب الطہارۃ، 1415ھ، ج5، ص101۔
- ↑ شیخ انصاری، کتاب الطہارۃ، 1415ھ، ج5، ص101۔
- ↑ شیخ انصاری، کتاب الطہارۃ، ج5، ص101۔
- ↑ محقق سبزواری، کفایۃ الاحکام، ج1، ص59-60؛ گلپایگانی، نتائج الافکار الی نجاسۃ الکفار، ص60۔
- ↑ صدر، بحوث فی شرح العروۃ الوثقیٰ، ج3، ص243۔
- ↑ جناتی، "تئوری طہارت ذاتی مطلق انسان در راستای منابع اجتہاد‘‘، ص17۔
- ↑ مثلاً ملاحظہ کریں: فاضل مقداد، کنز العرفان فی فقہ القرآن، ج2، ص311۔
- ↑ محقق سبزواری، کفایۃ الاحکام، ج1، ص60؛ ہمدانی، مصباح الفقیہ، ج7، ص256؛ خوئی، موسوعۃ الامام الخوئی، مؤسسۃ الخوئی الاسلامیۃ، ج3، ص44۔
- ↑ ہمدانی، مصباح الفقیہ، 1422ھ، ج7، ص256۔
- ↑ محقق سبزواری، کفایۃ الاحکام، ج1، ص60؛ خوئی، موسوعۃ الامام الخوئی، مؤسسۃ الخوئی الاسلامیۃ، ج3، ص51۔
- ↑ مثلاً ملاحظہ کیجئے : مکارم شیرازی، العروۃ الوثقیٰ مع تعلیقات، ج1، ص64۔
- ↑ مثلاً ملاحظہ کیجئے: مکارم شیرازی، العروۃ الوثقیٰ مع تعلیقات، ج1، ص64۔
مآخذ
- اصولی، احسان؛ بنی ہاشمی خمینی، محمدحسن، رسالہ توضیح المسائل (مراجع)، قم، جامعۂ مدرسین حوزۂ علمیہ قم، بے تا۔
- حائری یزدی، مرتضیٰ، شرح العروۃ الوثقیٰ، قم، مؤسسۃ النشر الاسلامی، 1425ھ۔
- جناتی، محمدابراہیم، طہارۃ الکتابی فی فتوی السید الحکیم، نجف، مطبعۃ القضاء، 1390ھ۔
- جناتی، محمدابراہیم، «تئوری طہارت ذاتی مطلق انسان در راستای منابع اجتہاد» (منابعِ اجتہاد کے تناظر میں انسان کی ذاتی طہارت کا نظریہ)، مجلہ کیہان فرہنگی، شمارہ 23، مارچ اور مئی 1989ء۔
- خوئی، سید ابوالقاسم، موسوعۃ الامام الخوئی، مؤسسۃ احیاء آثار الامام الخوئی، قم، 1418ھ۔
- سید مرتضیٰ، علی بن حسین، مسائل الناصریات، قم، مؤسسۃ الہدیٰ، 1417ھ۔
- سید مرتضیٰ، علی بن حسین، الانتصار فی انفرادات الامامیۃ، قم، مؤسسۃ النشر الاسلامی، بے تا۔
- شیخ طوسی، محمد بن حسن، النہایۃ فی مجرد الفقہ والفتویٰ، بیروت، دار الکتب العربی، 1400ھ۔
- شیخ طوسی، محمد بن حسن، الخلاف، قم، مؤسسۃ النشر الاسلامی، 1407ھ۔
- شیخ انصاری، مرتضیٰ، کتاب الطہارۃ، قم، المؤتمر العالمی بمناسبۃ الذکری المئویۃ الثانیۃ لمیلاد الشیخ الاعظم الانصاری، 1415ھ۔
- فاضل مقداد، مقداد بن عبداللہ، کنز العرفان فی فقہ القرآن، تصحیح محمدباقر بہبودی و محمدباقر شریف زادہ، تہران، مرتضوی، 1373ہجری شمسی۔
- فاضل مقداد، مقداد بن عبداللہ، کنز العرفان فی فقہ القرآن، تہران، مرتضوی، 1373ہجری شمسی۔
- صدر، سید محمدباقر، بحوث فی شرح العروۃ الوثقیٰ، قم، مجمع الشہید آیۃ اللہ الصدر العلمی، 1408ھ۔
- طباطبائی یزدی، سید محمدکاظم، العروۃ الوثقیٰ، قم، انتشارات سبطین، 1430ھ۔
- محقق حلی، جعفر بن حسن، المختصر النافع، تہران، قسم الدراسات الاسلامیۃ فی مؤسسۃ البعثۃ، تیسرا ایڈیشن، 1410ھ۔
- محقق سبزواری، محمدباقر، کفایۃ الاحکام، قم، مؤسسۃ النشر الاسلامی، بے تا۔
- مکارم شیرازی، ناصر، العروۃ الوثقیٰ مع تعلیقات، قم، مدرسہ الامام علی بن ابی طالب(ع)، پہلی اشاعت، 1428ھ۔
- نجفی، محمدحسن، جواہر الکلام، بیروت، دار احیاء التراث العربی، 1362ہجری شمسی۔
- ہمدانی، آقا رضا، مصباح الفقیہ، قم، المؤسسۃ الجعفریۃ لإحیاء التراث، 1422ھ۔