مسودہ:صفا و مروہ
| نام | صفا و مروہ |
|---|---|
| ملک | سعودی عرب |
| صوبہ | مکہ مکرمہ |
| شہر | مکہ |
| خاص مقام | مسجد الحرام (مسعی) |
| ابتدائی معلومات | |
| مقامی نام | الصفا و المروۃ |
| طرز تعمیر | دو پہاڑ |
| تعمیر نو | 1995ء |
| استعمال | حج و عمرہ میں سعی کا مقام |
| قدمت | احادیث کے مطابق حضرت آدم و حوا کے ہبوط سے |
| اضافی معلومات | |
| دیکھنے کی سہولت | ہے |


صفا اور مروہ دو چھوٹی پہاڑیاں ہیں، جو مسجد الحرام کی مشرقی جانب «مسعی» (محل سعی) نامی مقام پر تقریباً 395 میٹر کے فاصلے پر ایک دوسرے کے آمنے سامنے واقع ہیں۔[1] صفا مسجد الحرام کے جنوب مشرق میں کوہ ابوقبیس کے دامن میں واقع ہے[2] جبکہ مروہ مسجد الحرام کے شمال مشرق میں اور کوہ قعیقعان کے دامن میں واقع ہے۔[3]
اسلامی روایات کے مطابق صفا اور مروہ کی تاریخ حضرت آدم و حوا کے ہبوط کے زمانے سے جا ملتی ہے۔[4] امام صادقؑ سے منقول ایک روایت میں صفا کا نام اس پہاڑی پر حضرت آدم کے اترنے اور انہیں «صفوۃ اللہ» (اللہ کا برگزیدہ) کا لقب دئے جانے کی مناسبت سے رکھا گیا، جبکہ مروہ کا نام حضرت حوا کے اس پہاڑی پر اترنے اور لفظ «امرأہ» (عورت) سے ماخوذ ہے۔[5] اسی طرح حضرت ابراہیم کی زوجہ ہاجر نے اپنے بیٹے حضرت اسماعیلؑ کے لئے پانی کی تلاش میں ان دونوں پہاڑیوں کے درمیان سات مرتبہ آمدورفت کی، بعد ازاں یہ عمل مناسک حج کا حصہ بن گیا۔ یہ رسم دورِ جاہلیت میں بھی رائج تھی۔[6] مورخین کے مطابق اس زمانے میں ان دونوں پہاڑیوں میں سے ہر ایک کی چوٹی پر ایک بت رکھا ہوا تھا جسے زائرین سعی کے وقت چھوتے تھے۔[7] تاہم پیغمبر اسلامؐ نے عُمْرَۃُ الْقَضاء کے موقع پر ان بتوں کو ہٹانے کا حکم دیا۔[8]
قرآن میں صفا و مروہ کو شعائر الٰہی میں سے قرار دیا گیا ہے[9] اور ان کے درمیان سعی کو حج و عمرہ کے مناسک میں شمار کیا گیا ہے۔[10] احادیث میں بھی اس مقامات پر حاضری دینے اور سعی بجا لانے کی متعدد فضیلتیں بیان ہوئی ہیں؛ جن میں رزق میں اضافہ،[11] فرشتوں کی شفاعت،[12] گناہوں کی بخشش[13] اور خدا کے نزدیک اس مقام کے محبوب ہونے[14] کا ذکر ہے۔
سنہ 1995ء تک کوہ مروہ کا کچھ حصہ باقی تھا، لیکن سعی کے راستے کی توسیع کے لئے اسے ہٹا دیا گیا؛ اس کے برعکس، کوہ صفا کا بیشتر حصہ اب بھی محفوظ ہے، تاہم آج کل اس کے اصل حصے تک زائرین کی رسائی محدود کر دی گئی ہے۔[15]
حوالہ جات
- ↑ جعفریان، آثار اسلامی مکہ و مدینہ، ص105-107۔
- ↑ جعفریان، آثار اسلامی مکہ و مدینہ، ص105۔
- ↑ طریحی، مجمع البحرین، ج1، ص389۔
- ↑ مجلسی، بحارالانوار، ج96، ص44۔
- ↑ مجلسی، بحارالانوار، ج96، ص43۔
- ↑ ازرقی، اخبار مکۃ، ج1، ص119؛ جعفریان، آثار اسلامی مکہ و مدینہ، ص105۔
- ↑ ازرقی، اخبار مکۃ، ج1، ص119؛ جعفریان، آثار اسلامی مکہ و مدینہ، ص105۔
- ↑ مجلسی، بحارالانوار، ج96، ص235۔
- ↑ سورۂ بقرہ آیت 158۔
- ↑ خرمشاہی، قرآن شناخت، 211۔
- ↑ شیخ طوسی، تہذیب الاحکام، ج5، ص169۔
- ↑ شیخ صدوق، من لا یحضرہ الفقیہ، ج2، ص135۔
- ↑ شیخ صدوق، من لایحضرہ الفقیہ، ج1، ص36۔
- ↑ مجلسی، بحارالانوار، ج96، ص234۔
- ↑ جعفریان، آثار اسلامی مکہ و مدینہ، ص107۔
مآخذ
- ابناثیر، علی بن محمد، الکامل فی التاریخ، بیروت، دار صادر، 1385ھ۔
- ازرقی، محمد بن عبداللہ، اخبار مکۃ و ما جاء فیہا من الآثار، بیروت، دارالاندلس، 1416ھ۔
- جعفریان، رسول، آثار اسلامی مکہ و مدینہ، تہران، نشر مشعر، 1384ہجری شمسی۔
- خرمشاہی، بہاءالدین، قرآن شناخت، تہران، طرح نو، چاپ پنجم، 1379ہجری شمسی۔
- شیخ صدوق، محمد بن علی، من لا یحضرہ الفقیہ، تہران، نشر صدوق، 1367ہجری شمسی۔
- طبری، محمد بن جریر، تاریخ الطبری، بیروت، روائع التراث العربی، بے تا۔
- طریحی، فخرالدین، مجمع البحرین، تہران، مکتبۃ المرتضویۃ، 1375ہجری شمسی۔
- شیخ طوسی، محمد بن حسن، تہذیب الاحکام، تہران، دار الکتب الاسلامیۃ، 1390ھ۔
- مجلسی، محمدباقر، بحار الأنوار الجامعۃ لدُرر اخبار الائمۃ الاطہار، بیروت، دار احیاء التراث العربی، 1403ھ۔