مسودہ:اجارہ
| بعض عملی اور فقہی احکام |
|---|
| یہ مقالہ ایک فقہی موضوع کے بارے میں توصیفی تحریر ہے اور دینی اعمال کے لئے معیار نہیں بن سکتا۔ دینی اعمال کے لئے دیگر مصادر کی طرف رجوع کریں۔ |
اجارہ ایک ایسا معاہدہ ہے جس کے تحت مالک، مقررہ مدت کے لئے اپنی کسی جائیداد یا مال کے متعین منافع اور فوائد کو مخصوص معاوضے کے عوض کسی دوسرے شخص کے حوالے کرتا ہے۔ اجارہ اسلامی عقود میں سے ہے اور فقہی ابواب میں ایک مستقل باب کی حیثیت رکھتا ہے۔
اجارے کا موضوع کوئی مادی چیز، مثلاً مکان یا سواری، یا کوئی کام اور خدمت، مثلاً عمارت کی تعمیر (مستری کا کام)، ہو سکتا ہے۔ اجارے میں مال کے مالک کو «مُوجِر»، کام انجام دینے والے کو «اَجیر» اور معاوضہ ادا کرنے والے کو «مُستأجِر» کہا جاتا ہے۔ فقہاء اجارے کے تین بنیادی ارکان بیان کرتے ہیں: ایجاب و قبول، فریقین عقد اور موضوع اجارہ یا معاوضہ۔
اجارہ مع شرطِ تملیک یا لیزنگ (Leasing) ایسے اجارے کو کہتے ہیں جس میں یہ شرط رکھی جاتی ہے کہ اجارے کی مدت ختم ہونے پر موجر، اجارے میں دی گئی چیز کو مستأجر کی ملکیت میں دے دے گا۔
تعارف اور مقام بحث
اجارہ ایسا معاہدہ ہے جس کے تحت کسی مال سے حاصل ہونے والے متعین منافع کو مقررہ معاوضے کے بدلے کسی دوسرے شخص کے حوالے کیا جاتا ہے۔[1] لغت کے ماہرین نے بھی اجارہ کو «أجر» سے ماخوذ قرار دیا ہے جس کے معنی پاداش اور مزدوری کے ہیں۔[2]
قرآن مجید کی بعض آیات میں اجارے کے موضوع کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ ان آیات میں سے ایک سورہ طلاق آیت نمبر 6 ہے، جس میں بچے کو دودھ پلانے کی اجرت ادا کرنے کا ذکر ہے۔[3] اسی طرح سورہ قصص آیت نمبر 26 میں حضرت موسی کو حضرت شعیب کی طرف سے کام پر رکھنے کا واقعہ بیان ہوا ہے۔[4]
اجارہ لوگوں کے درمیان رائج قدیم ترین معاہدوں میں سے ایک ہے۔[5] فقہی کتابوں میں بھی اس کے لئے ایک مستقل باب قرار دیا گیا ہے، جس میں اس کے مخصوص احکام اور شرائط بیان کئے جاتے ہیں۔[6]
اجارہ کی اقسام
عقد اجارہ اپنے مورد کے لحاظ سے دو قسموں میں تقسیم ہوتا ہے:[7]
- پہلی قسم جسے «اجارۂ اعیان» کہا جاتا ہے، ایسا عقد ہے جس میں بے جان اشیاء جیسے مکان یا آلات، یا جاندار اشیاء جیسے حیوان، کو ایک فریق کی جانب سے دوسرے فریق کے اختیار میں دیا جاتا ہے۔[8]
- دوسری قسم جسے «اجارۂ اعمال» یا «اجارۂ خدمات» کہا جاتا ہے، ایسا عقد ہے جس کے تحت ایک فریق دوسرے کے لئے کوئی کام جیسے سلائی یا دھلائی انجام دیتا ہے اور اپنی افرادی قوت دوسرے کے اختیار میں دے دیتا ہے۔[9]
عقد اجارہ میں معاوضہ ادا کرنے والے کو «مُستأجِر» اور ادا کئے جانے والے معاوضے کو «اُجرت» کہا جاتا ہے۔ اسی طرح اجارۂ اعیان میں مال حوالے کرنے والے کو «مُوجِر» اور اجارۂ اعمال میں افرادی قوت فراہم کرنے والے کو «اَجیر» کہتے ہیں۔[10]
ارکان اور ان کی شرائط
شیعہ اور اہل سنت فقہ میں اجارے کے تین ارکان بیان کئے گئے ہیں۔:[11]
- ایجاب و قبول: ایجاب و قبول ہر ایسے لفظ کے ذریعے انجام پا سکتا ہے جو معاہدے کے فریقین کے مقصود کو واضح کر دے۔[12] حتیٰ اگر فریقین زبان سے کوئی لفظ ادا کئے بغیر مالک اجارے کی نیت سے اپنی جائیداد یا مال مستأجر کے حوالے کر دے اور مستأجر بھی اجارے کی نیت سے اسے قبول کر لے تو بھی اجارہ صحیح ہے۔[13]
- معاہدے کے فریقین: ضروری ہے کہ دونوں فریق بالغ، عاقل، بااختیار ہوں اور اپنے اموال میں محجور نہ ہوں۔[14]
- موضوع اجارہ اور اجرت: ضروری ہے کہ اجارے کا موضوع اور اس کی اجرت مباح، متعین، قابلِ استفادہ اور دوسرے کی تحویل میں دینے کے قابل ہوں۔[15] اسی طرح اجارے کا موضوع ایسی چیز نہ ہو جس سے استفادہ کرنے کے نتیجے میں وہ چیز ختم ہو جائے، جیسے کھانے پینے کی اشیاء۔[16]
اجارہ کے بعض احکام
فقہی کتابوں میں اجارہ کے متعدد احکام اور مسائل بیان کئے گئے ہیں؛[17] ان میں سے بعض اہم احکام درج ذیل ہیں:
- اجارہ عقد لازم ہے؛ یعنی دونوں فریقوں کی رضامندی کے بغیر اسے فسخ نہیں کیا جا سکتا۔[18]
- اجارے میں مستأجر مال الاجارہ کی نسبت امین کی حیثیت رکھتا ہے۔[19] لہٰذا اگر وہ چیز ضائع ہو جائے یا اسے نقصان پہنچے تو مستأجر اس کا ضامن نہیں ہوگا، بشرطیکہ اس نے اس کی حفاظت یا استعمال میں کوتاہی یا حد سے تجاوز نہ کیا ہو۔[20]
- مالک اجارے کی مدت ختم ہونے سے پہلے بھی اجارے میں دی گئی چیز فروخت کر سکتا ہے۔ ایسی صورت میں نیا مالک موجر کی حیثیت اختیار کرے گا۔[21]
- موجر یا مستأجر میں سے کسی ایک کی وفات سے اجارے کا معاہدہ باطل نہیں ہوتا، بلکہ اس معاہدے سے متعلق اختیارات ان کے ورثاء کو منتقل ہو جاتے ہیں۔[22]
- اگر اجارہ کے معاہدے میں یہ شرط طے کی گئی ہو کہ مستأجر اجارہ پر لی گئی چیز کو کسی دوسرے شخص کو اجارہ پر دے سکتا ہے یا نہیں، تو اس سلسلے میں طے شدہ شرط کی پابندی لازم ہوگی۔[23] لیکن اگر اس بارے میں کوئی شرط طے نہ کی گئی ہو تو مشہور فقہی نظریے کے مطابق مستأجر کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اجارے میں لی گئی چیز کسی دوسرے شخص کو کرائے پر دے سکے۔[24] تاہم بعض فقہاء، جیسے سید ابوالقاسم خوئی، میرزا جواد تبریزی اور ناصر مکارم شیرازی نے مکان اور دکان کے اجارے میں مستأجر کے اس حق کو تسلیم نہیں کیا ہے۔[25]
اجارہ مع شرط تملیک
اجارہ مع شرط تملیک جسے «لیزنگ» بھی کہا جاتا ہے،[26] ایسے اجارہ کو کہا جاتا ہے جس میں یہ شرط رکھی جائے کہ مستأجر، اجارے کی مدت ختم ہونے پر اور معاہدے کی تمام شرائط پوری کرنے کی صورت میں، اجارے میں دی گئی چیز کا مالک بن جائے گا۔[27] فقہاء نے عقد اجارہ میں ایسی شرط شرط کو جائز قرار دیا ہے۔[28]
حوالہ جات
- ↑ شہید ثانی، الروضۃ البہیۃ، ج4، ص327۔
- ↑ واسطی زبیدی، تاج العروس، ج6، ص12؛ ابن منظور، لسان العرب، ج4، ص10۔
- ↑ ابن ادریس شافعی، احکام، ج1، ص263۔
- ↑ ابن ادریس شافعی، احکام، ج1، ص265۔
- ↑ مشکینی، مصطلحات الفقہ، ص36۔
- ↑ شیخ طوسی، الخلاف، ج3، ص485؛ علامہ حلّی، تحریر الأحکام الشرعیۃ، ج1، ص241؛ نجفی، جواہر الکلام، ج27، ص204۔
- ↑ علامہ حلّی، تذکرۃ الفقہاء، ص291۔
- ↑ پاکتچی، «اجارہ»، ج6، ص592۔
- ↑ مؤسسہ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی، فرہنگ فقہ فارسی، ج1، ص235؛ پاکتچی، «اجارہ»، ج6، ص592۔
- ↑ پاکتچی، «اجارہ»، ج6، ص592۔
- ↑ طباطبایی یزدی، العروۃ الوثقی، ج2، ص574؛ جزیری و دیگران، الفقہ علی المذاہب الأربعۃ، ج3، ص128۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج27، ص204۔
- ↑ بنی ہاشمی، توضیح المسائل مراجع، ج2، ص323۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج27، ص219۔
- ↑ طباطبایی یزدی، العروۃ الوثقی، ج2، ص575۔
- ↑ طباطبایی یزدی، العروۃ الوثقی، ج2، ص575۔
- ↑ شیخ طوسی، الخلاف، ج3، ص485؛ علامہ حلّی، تحریر الأحکام الشرعیۃ، مؤسسہ آل البیت(ع)، ج1، ص241؛ نجفی، جواہر الکلام، ج27، ص204؛ بنی ہاشمی، توضیح المسائل مراجع، ج2، ص321۔
- ↑ شہید ثانی، الروضۃ البہیۃ، ج4، ص329۔
- ↑ طباطبایی یزدی، العروۃ الوثقی، ج2، ص600۔
- ↑ بنی ہاشمی، توضیح المسائل مراجع، ج2، ص334، مسئلہ 2199۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج27، ص206۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج27، ص207؛ بنی ہاشمی، توضیح المسائل مراجع، ج2، ص339۔
- ↑ بنی ہاشمی، توضیح المسائل مراجع، ج2، ص324۔
- ↑ کاشف الغطاء، حسن بن جعفر، أنوار الفقاہۃ (کتاب الإجارۃ)، ص9۔
- ↑ بنی ہاشمی، توضیح المسائل مراجع، ج2، ص324۔
- ↑ «بررسی فقہی و حقوقی معاملات شرکت ہای لیزینگ»، فارس نیوز ایجنسی۔
- ↑ اکبری، و الہام، «نگاہی فقہی بہ قرارداد اجارہ بہ شرط تملیک بانک»، ص3۔
- ↑ برائے نمونہ ملاحظہ کیجئے: فاضل لنکرانی، جامع المسائل، ج2، ص312؛ منتظری، رسالہ استفتائات، قم، ج3، ص248؛ مکارم شیرازی، ناصر، استفتاءات جدید، ج2، ص294۔
مآخذ
- ابن ادریس شافعی، محمد، احکام القرآن، بیروت، دارالکتب العلمیۃ، 1421ھ۔
- ابن منظور، محمد بن مکرم، لسان العرب، دار الفکر للطباعۃ و النشر و التوزیع، دار صادر، بیروت، تیسری اشاعت، 1414ھ۔
- اکبری، محمود، و الہام، صادق، «نگاہی فقہی بہ قرارداد اجارہ بہ شر ط تملیک بانک» (بینک کو ملکیت منتقل کرنے کی شرط کے ساتھ اجارہ پر دینے کا فقہی جائزہ)، مطالعات اقتصاد اسلامی کے دو علمی فصلنامہ، شمارۂ 26، بہار و موسم گرما 2022ء۔
- «بررسی فقہی و حقوقی معاملات شرکت ہای لیزینگ» (لیزنگ کمپنیوں کے معاملات کا فقہی اور قانونی جائزہ)، فارس نیوز ایجنسی، تاریخ نشر: 20 جنوری 2009ء، تاریخ مشاہدہ: 14 نومبر 2026۔
- بنی ہاشمی خمینی، سید محمدحسین، توضیح المسائل مراجع، قم، دفتر انتشارات اسلامی، آٹھویں اشاعت، 1424ھ۔
- پاکتچی، احمد، «اجارہ» در دائرہ المعارف بزرگ اسلامی، تہران، مرکز دائرہ المعارف بزرگ اسلامی، 1373ہجری شمسی۔
- جزیری، عبد الرحمن و دیگران، الفقہ علی المذاہب الأربعۃ و مذہب أہل البیت وفقاً لمذہب أہل البیت(ع)، بیروت، دار الثقلین، پہلی اشاعت، 1419ھ۔
- شہید ثانی، زین الدین بن علی، الروضۃ البہیۃ فی شرح اللمعۃ الدمشقیۃ، شارح: کلانتر، سید محمد، قم، کتابفروشی داوری، پہلی اشاعت، 1410ھ۔
- شیخ طوسی، محمد بن حسن، الخلاف، محقق و مصحح: خراسانی، علی، شہرستانی، سید جواد، طہ نجف، مہدی، عراقی، مجتبی، قم، دفتر انتشارات اسلامی، پہلی اشاعت، 1407ھ۔
- طباطبایی یزدی، سید محمد کاظم، العروۃ الوثقی، بیروت، مؤسسۃ الأعلمی للمطبوعات، دوسری اشاعت، 1409ھ۔
- علامہ حلّی، حسن بن یوسف، تحریر الأحکام الشرعیۃ علی مذہب الإمامیۃ، مشہد، مؤسسہ آل البیت(ع)، پہلی اشاعت، بے تا۔
- علامہ حلّی، حسن بن یوسف، تذکرۃ الفقہاء، قم، مؤسسہ آل البیت(ع)، پہلی اشاعت، 1414ھ۔
- فاضل لنکرانی، محمد، جامع المسائل، قم، انتشارات امیر قلم، گیارہویں اشاعت، بے تا۔
- کاشف الغطاء، حسن بن جعفر، أنوار الفقاہۃ (کتاب الإجارۃ)، نجف اشرف، مؤسسہ کاشف الغطاء، پہلی اشاعت، 1422ھ۔
- مؤسسہ دائرۃالمعارف فقہ اسلامی، فرہنگ فقہ مطابق مذہب اہل بیت(ع)، زیرنظر: سید محمود ہاشمی شاہرودی، قم، مؤسسہ دائرۃالمعارف فقہ اسلامی، 1387ہجری شمسی۔
- محقق حلّی، نجم الدین جعفر بن حسن، شرائع الإسلام فی مسائل الحلال و الحرام، محقق و مصحح: بقال، عبد الحسین محمد علی، قم، مؤسسہ اسماعیلیان، دوسری اشاعت، 1408ھ۔
- مشکینی، میرزا علی، مصطلحات الفقہ، قم، الہادی، تیسری اشاعت، 1381ہجری شمسی۔
- مکارم شیرازی، ناصر، استفتاءات جدید، محقق و مصحح: علیان نژادی، ابوالقاسم، قم، انتشارات مدرسہ امام علی بن ابی طالب(ع)، دوسری اشاعت، 1427ھ۔
- منتظری، حسین علی، رسالہ استفتائات، قم، پہلی اشاعت، بے تا۔
- نجفی، محمد حسن، جواہر الکلام فی شرح شرائع الإسلام، محقق و مصحح: قوچانی، عباس، آخوندی، علی، بیروت، دار إحیاء التراث العربی، ساتویں اشاعت، 1404ھ۔
- واسطی زبیدی، محب الدین سید محمد مرتضی، تاج العروس من جواہر القاموس، محقق و مصحح: شیری، علی، بیروت، دار الفکر للطباعۃ و النشر و التوزیع، پہلی اشاعت، 1414ھ۔
- یونسی، حمیدرضا، «قرارداد اجارہ بہ شرط تملیک» (اجارہ مع شرطِ تملیک)، مجلہ دانش پژوہان، شمارہ 9، قم، جامعہ مفید، خزاں و موسم سرما 2007ء۔