شب عاشورا

ویکی شیعہ سے
محرم کی عزاداری
واقعات
امام حسینؑ کے نام کوفیوں کے خطوطحسینی عزیمت، مدینہ سے کربلا تکواقعۂ عاشوراواقعۂ عاشورا کی تقویمروز تاسوعاروز عاشوراواقعۂ عاشورا اعداد و شمار کے آئینے میںشب عاشورا
شخصیات
امام حسینؑ
علی اکبرعلی اصغرعباس بن علیزینب کبریسکینہ بنت الحسینفاطمہ بنت امام حسینمسلم بن عقیلشہدائے واقعہ کربلا
مقامات
حرم حسینیحرم حضرت عباسؑتل زینبیہقتلگاہشریعہ فراتامام بارگاہ
مواقع
تاسوعاعاشوراعشرہ محرماربعینعشرہ صفر
مراسمات
زیارت عاشورازیارت اربعینمرثیہنوحہتباکیتعزیہمجلسزنجیرزنیماتم داریعَلَمسبیلجلوس عزاشام غریبانشبیہ تابوتاربعین کے جلوس


شب عاشورا نویں محرم اور دسویں محرم کی درمیانی رات ہے۔ عمر سعد کے لشکر نے نویں محرم کو حملہ کرنے کا ارادہ کیا لیکن امام حسینؑ نے حضرت عباس سے فرمایا کہ ان سے ایک رات کی مہلت لے لیں تا کہ عبادت کر سکیں۔ امام حسینؑ نے اس رات اپنے اصحاب سے گفتگو کی اور انہیں اپنا باوفا ساتھی کہا اور انہوں نے بھی اپنی وفاداری کا اعلان کیا۔ عزاداری کی مجالس میں اس رات ہونے والے واقعات بیان کئے جاتے ہیں۔

اس رات کے اعمال میں شب بیداری اور سو رکعت نماز شامل ہیں۔

واقعات

تجدید عہد

امام حسینؑ نے رات کے پہلے حصے میں اپنے اصحاب کو جمع کیا اور خداوند کی حمد و ثناء کے بعد ان سے خطاب فرمایا:

أَمَّا بَعْدُ فَإِنِّي لَا أَعْلَمُ أَصْحَاباً أَوْفَى وَ لَا خَيْراً مِنْ أَصْحَابِي وَ لَا أَہْلَ بَيْتٍ أَبَرَّ وَ لَا أَوْصَلَ مِنْ أَہْلِ بَيْتِي فَجَزَاكُمُ اللَّہُ عَنِّي خَيْراً میں نے اپنے اصحاب سے زیادہ باوفا اور بہتر نیز اسی طرح اپنے خاندان سے زیادہ نیک اور مہربان کسی کو نہیں پایا۔ اللہ تعالیٰ آپکو میری طرف سے نیک صلہ عطا فرمائے۔

اس کے بعد فرمایا:

میرے خیال میں اس قوم کی جانب سے ہمارے لئے یہ آخری دن کی مہلت ہے۔ آگاہ رہو کہ میں نے آپ لوگوں کو جانے کی اجازت دی ہے۔ اور آپ سب اطمینان خاطر سے چلے جائیں کہ میری طرف سے آپ کی گردن پر کوئی بیعت نہیں ہے اور رات کی تاریکی میں سواری لے کر یہاں سے چلے جاؤ۔

اس کے بعد امامؑ کے اہل بیت اور آپ ؑ کے اصحاب نے اپنی اپنی طرف سے وفاداری کا اعلان کیا اور اپنی جانوں کو امامؑ کی حفاظت کی خاطر قربان کرنے کی تاکید کی۔ بعض تاریخ اور مقاتل کے مصادر نے اس گفتگو کا ذکر کیا ہے۔ [1]

حفاظت خیام

شب عاشور حضرت عباس نے حرم کی حفاظت کا ذمہ لیا۔ زہیر بھی آپ کے ہمراہ تھے۔ [2]

عمر بن سعد اور بریر کی گفتگو

بعض مصادر کے مطابق اس رات بریر بن خضیر نے امامؑ سے اجازت طلب کی کہ وہ عمر بن سعد کے پاس جائے اور اسے موعظہ و نصحیت کرے۔ امامؑ نے اسے اجازت دی۔

بریر عمر بن سعد کے پاس گئے اور اس کے خیمے میں داخل ہوئے اور بغیر سلام کئے، بیٹھ گئے عمر کو غصہ آ گیا اور کہا: (اے ہمدانی کے بھائی، کس چیز نے تمہیں سلام کرنے سے منع کیا ہے؟ آیا میں مسلمان نہیں ہوں اور خدا اور اس کے رسول کو نہیں جانتا اور آیا میں حق کی گواہی نہیں دیتا؟بریر نے کہا: "اگر اس طرح کہ جیسے تم کہہ رہے ہو خدا اور پیغمبر شناس ہوتے، تو پیغمبر(ص) کے خاندان کو قتل کرنے کا ارادہ نہ کرتے، اور یہ نہر فرات جس کی موجیں سانپ کی شکل میں حرکت کر رہی ہیں اور عراق کے حیوان اس نہر سے سیراب ہوتے ہیں، اور امام حسین بن علیؑ اور آپ کے بھائی، عورتیں اور تمام خاندان والے، پیاس سے جان دے رہے ہیں۔ تم نے انہیں اس نہر سے پانی پینے سے منع کیا ہے اور سوچتے ہو کہ خدا اور رسول(ص) کو جانتے ہو؟"عمر سعد نے کچھ دیر کے لئے اپنے سر کو نیچے کیا اور پھر سر اٹھایا اور کہا: اے بریر! خدا کی قسم مجھے یقین ہے کہ جو بھی ان کے ساتھ جنگ کرے اور ان کے حق کو غصب کرے اس کا ٹھکانہ آگ میں ہے لیکن اے بریر کیا تم مجھ سے یہ چاہتے ہو کہ شہر ری کی حکومت کسی اور کے ہاتھوں میں دے دوں؟ خدا کی قسم یہ بات میرے دل کو منظور نہیں ہے۔اس کے بعد کہا: عبید اللہ نے اس کام کو انجام دینے کے لئے اپنی قوم کے بجائے مجھے انتخاب کیا ہے۔ خدا کی قسم! مجھے سب معلوم ہے اور دو راستوں کے درمیان حیران و پریشان کھڑا ہوں: آیا شہر ری کی حکومت کو چھوڑ دوں حالانکہ یہ میری آرزو ہے، یا یہ کہ حسینؑ کے قتل کا گناہ گردن پر لے لوں؟ حسین ؑ کو قتل کرنے میں ایسی آگ ہے جس سے رہائی ممکن نہیں ہے اور شہر ری کی حکومت میری آنکھوں کا نور ہے۔

بریر امام ؑ کے پاس واپس آئے اور کہا: "ای رسول خدا(ص) کے فرزند عمر بن سعد شہر ری کی حکومت کی خاطر آپ کے قتل پر راضی ہو گیا ہے"۔[3]

میدان جنگ کا جائزہ

شب عاشور امام حسینؑ کے اشعار
يَا دَہْرُ أُفٍّ لَكَ مِنْ خَلِيلِكَمْ لَكَ بِالْإِشْرَاقِ وَ الْأَصِيلِ
مِنْ صَاحِبٍ أَوْ طَالِبٍ قَتِيلِوَ الدَّہْرُ لَا يَقْنَعُ بِالْبَدِيلِ
وَ إِنَّمَا الْأَمْرُ إِلَى الْجَلِيلِوَ كُلُّ حَيٍّ سَالِكٌ سَبِيلِي‏

امام حسینؑ، الارشاد، مفید، ج۲، ص۹٣

شب عاشور، امام حسینؑ، اکیلے خیام سے باہر نکلے اور اس کے اطراف میں چھوٹے چھوٹے پہاڑوں اور زمین پر کچھ تلاش کر رہے تھے، نافع بن ہلال متوجہ ہوئے اور آہستہ آہستہ آپ کے پیچھے چلے آئے۔ امامؑ نے نافع کو دیکھا اور پوچھا: خیام سے باہر کیوں آئے ہو؟ نافع نے کہا: اے فرزند رسول خدا(ص)! آپ کا خیمہ گاہ سے باہر نکل کر اس خطرناک فوج کی طرف رخ کرنا، میرے لئے ترس و وحشت کا باعث بنا۔ امامؑ نے فرمایا: میں خیموں سے باہر آیا ہوں تا کہ کل کے حملے سے پہلے، یہاں کی بلندی اور پستی کو دیکھ لوں۔ اس جستجو کے بعد واپسی پر امام حسینؑ نے نافع سے فرمایا: آیا نہیں چاہتے کہ اس رات کی تاریکی سے فائدہ اٹھاؤ اور اپنی جان کو بچا لو؟ نافع نے خود کو امامؑ کے قدموں پر گرا دیا، اور کہا: میرے پاس ایک تلوار ہے جس کی قیمت ہزار درہم ہے اور ایک گھوڑا جس کی قیمت بھی اتنی ہی ہے، اس خدا کی قسم جس نے مجھ پر احسان کیا تا کہ میں آپ کی رکاب میں حاضر ہوں، جس وقت تک میری تلوار کام کرتی رہے گی اس وقت تک آپ سے ہرگز جدا نہیں ہوں گا۔[4]

اصحاب کی وفاداری اور حضرت زینب(س) کی پریشانی

اس گفتگو کے بعد امامؑ واپس خیمہ گاہ تشریف لائے اور اپنی بہن زینب(س) کے خیمے میں داخل ہوئے۔ نافع بن ہلال خیمہ کے باہر امامؑ کے انتظار میں کھڑے تھے انہوں نے سنا کہ حضرت زینب(س) نے امامؑ سے عرض کیا:

آیا آپ نے اپنے اصحاب کو آزما لیا ہے؟ میں پریشان ہوں کہ وہ بھی کل جنگ کے وقت آپ کو دشمن کے حوالے کرکے فرار نہ کر جائیں۔

امامؑ نے جواب میں فرمایا:

خدا کی قسم! میں نے ان کو آزمایا ہے اور دیکھا ہے کہ یہ ایسے جوان ہیں جو سینہ تان کر، موت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مجھ سے ایسا اشتیاق رکھتے ہیں جیسا کہ ایک شیر خوار بچہ اپنی ماں کے سینے سے رکھتا ہے۔

نافع کو جب یہ احساس ہوا کہ امام حسینؑ کے اہل بیت اصحاب کی وفاداری اور استقامت پر پریشان ہیں، حبیب بن مظاہر کے پاس آئے اور ان کے ساتھ مشورہ کرنے کے بعد، فیصلہ کیا کہ باقی اصحاب کے ہمراہ امامؑ اور اہل بیتؑ کو اطمینان دلائیں کہ اپنے خون کے آخری قطرے تک آپ ؑ کا دفاع کریں گے۔[5]

حبیب بن مظاہر نے امام ؑ کے اصحاب کو آواز دی تا کہ سب جمع ہو جائیں۔ اس کے بعد بنی ہاشم سے مخاطب ہوئے اور کہا: اپنے خیموں کی طرف لوٹ آئیں، اس کے بعد اصحاب کی طرف منہ کر کے جو کچھ نافع سے سنا تھا اسے بیان کیا۔ سب نے کہا: اس خدا کی قسم کہ جس نے ہم پر احسان کیا تا کہ ہم اس جگہ پر حاضر ہوں، اگر امام حسینؑ کے فرمان کے منتظر نہ ہوتے، تو ابھی اسی وقت دشمن پر حملہ کر کے اپنی جانوں کو قربان کر دیتے۔ حبیب باقی اصحاب کے ہمراہ اہل بیتؑ کے خیموں کے قریب گئے اور کہا: اے آل رسول! یہ آپ کے جوانوں کی تلواریں ہیں جو آپ کے دشمنوں کی گردنیں کاٹے بغیر نیام میں نہیں جائیں گی۔ یہ آپ کے فرزندوں کے نیزے ہیں، جنہوں نے قسم کھائی ہے کہ ان کو صرف ایسے افراد کے سینوں میں اتاریں گے جنہوں نے آپ کو دعوت دے کر بلایا لیکن اب مکر گئے ہیں۔[6]

شب مناجات

نویں محرم کو عصر کے وقت عمر بن سعد نے اپنے لشکر کو حملے کا حکم دیا: جب امام ؑ دشمن کی نیت سے آگاہ ہوئے تو اپنے بھائی عباس سے فرمایا:

ان سے کہو کہ اگر ممکن ہو تو جنگ کے لئے کل تک صبر کریں اور آج کی رات ہمیں مہلت دیں تا کہ ہم اپنے خدا کے ساتھ راز و نیاز کریں اور اس کی بارگاہ میں نماز ادا کر سکیں۔ خدا ہی جانتا ہے کہ میں کس قدر نماز اور تلاوت قرآن کو پسند کرتا ہوں۔ [7] مصادر میں نقل ہوا ہے کہ امام ؑ اور آپ ؑ کے اصحاب نے پوری رات نماز، دعا اور استغفار میں بسر کی۔[8]

اعمال

مفاتیح الجنان میں اس رات کی مناسبت سے کچھ اعمال مذکور ہیں:

  • شب بیداری: رسول خدا(ص) کی روایت کے مطابق جو کوئی اس رات کو جاگ کر گزارتا ہے گویا اس نے تمام فرشتوں کی عبادت انجام دی ہے۔
  • سو رکعات نماز: ہر رکعت میں حمد کے بعد تین بار سورہ اخلاص پڑھی جائے اور سو رکعات کے ختم ہونے پر، ستر مرتبہ: سُبْحانَ اللّہِ وَ الْحَمْدُ لِلّہِ وَ لا إلہَ إلاَّ اللّہُ وَ اللّہُ اَکْبَرُ وَ لا حَوْلَ وَ لا قُوَّۃَ إلاَّ بِاللّہِ الْعَلِىِّ الْعَظِیمِ کہا جائے۔
  • چار رکعات نماز: رات کے آخری حصے میں ہر اس طرح پڑھی جائے کہ پہلی رکعت میں سورہ حمد کے بعد دس بار آیت الکرسی، دس بار سورہ توحید دس بار سورہ فلق اور دس بار سورہ ناس پڑھی جائے اور نماز سے فارغ ہونے کے بعد سو مرتبہ سورہ توحید پڑھی جائے۔[9]

متعلہ مضامین

حوالہ جات

  1. مفید، الارشاد، ج۲، ص۹۱-۹۴؛ طبرسی، إعلام الورى بأعلام الہدى، ص 239
  2. بحرالعلوم، مقتل الحسینؑ، ص۳۱۴؛ حائری مازندرانی، معالی السبطین، ج۱، ص۴۴۳۔
  3. إربلي، كشف الغمۃ، ج‏۱، ص۵۸۹-۵۹۰؛ ابن صباغ مالكي، الفصول المہمۃ، ج‏۲، ص۸۲۱-۸۲۲
  4. الدمعۃ الساکبۃ ج۴، ص۲۷۳۔ المقرم، پیشین، ص۲۱۹۔
  5. بہبہانی، محمدباقر، الدمعۃ الساکبۃ، ج۴، ص۲۷۳-۲۷۴۔
  6. مقرم، مقتل الحسین، ص۲۱۹۔
  7. الطبری، تاریخ الأمم و الملوک (تاریخ الطبری)، ج۵، ص۴۱۷؛ شیخ مفید، الارشاد، ج۲، ص۹۱ و ابن اثیر، الکامل فی التاریخ، ص۵۷۔
  8. شیخ مفید، الارشاد، ج۲، ص۹۴
  9. مفاتیح الجنان، شیخ عباس قمی، اعمال شب عاشورا

مآخذ

  • ابن اثیر،الکامل فی التاریخ
  • اربلی،کشف الغمہ
  • بحر العلوم،مقتل الحسین
  • بہبہانی،محمد باقر، الدمعۃ الساکبہ
  • حائری مازندرانی،معالی السبطین
  • شیخ عباس قمی، مفاتیح الجنان،مجمع إحياء الثقافۃ الإسلاميّۃ۔
  • شیخ مفید،الارشاد،
  • طبرسی ،اعلام الوریٰ باعلام الوریٰ
  • طبری، تاریخ طبری
  • مالکی،الفصول المہمہ
  • مقرم،مقتل الحسین