سید ریاض حسین نجفی

ویکی شیعہ سے
(حافظ ریاض سے رجوع مکرر)
سید ریاض حسین نجفی
حافظ ریاض
کوائف
مکمل نامسید ریاض حسین
لقب/کنیتنجفی
نسبنقوی سادات
تاریخ ولادت28 ستمبر سنہ 1942ء
آبائی شہرعلی پور، مظفر گڑھ
رہائشلاہور
علمی معلومات
مادر علمیجامعۃ المنتظر
اساتذہآیت اللہ خوئی، آیت اللہ محسن حکیم
خدمات


سید ریاض حسین نجفی پاکستان کے شیعہ عالم دین، جامعۃ المنتظر لاہور کے پرنسپل، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر اور وفاق علماء شیعہ پاکستان کے سرپرست ہیں۔

آپ نے 8 سال کی عمر میں اپنے چچا یار محمد شاہ کے پاس حفظ قرآن کے ساتھ دینی تعلیم کا آغاز کیا اور مزید تعلیم کے لئے سنہ 1957ء میں جامعۃ المنتظر میں داخلہ لیا جہاں کفایہ تک کی تعلیم علامہ اختر عباس نجفی اور دیگر اساتذہ سے حاصل کرنے کے بعد سنہ 1963ء میں نجف اشرف چلے گئے۔ نجف میں آپ نے آیت اللہ خوئی اور دیگر اساتذہ سے کسب فیض کیا۔

سنہ 1969ء میں آپ پاکستان واپس آئے اور سید صفدر حسین نجفی کی وفات سے تاحال جامعہ المنتظر کے منتظم اعلیٰ کی حیثیت سے علمی فعالیت انجام دے رہیں۔ یہاں آپ پچھلے بیس سال سے فقہ و اصول کا درس خارج بھی دے رہے ہیں۔

سنہ 1979ء میں آپ نے وفاق علمائے شیعہ پاکستان کی بیناد رکھی۔

سوانح حیات

سید حافظ ریاض حسین نجفی 28 ستمبر سنہ 1941ء کو پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ تحصیل علی پور میں تین گھروں پر مشتمل بستی "شاہ دی کھوئی" کے ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔[1] آپ کے والد سید حسین بخش نقوی اپنی زمین میں کاشتکاری کرتے تھے۔ آپ کے تایا سید غلام سرور شاہ ایک نیک اور پرہیزگار انسان تھے جو مولانا سید صفدر حسین کے والد تھے۔ مولانا سید محمد یار شاہ آپ کے چچا اور استاد تھے۔[2]

حافظ ریاض حسین نجفی کو آپ کے چچا یار محمد شاہ 1949ء میں دارالعلوم محمد جلال پور ننگیانہ لے گئے جہاں حفظ قرآن مجید کے ساتھ دینی تعلیم کا آغاز کیا۔ تقریبا ڈھائی سال میں قرآن حفظ کیا اس وقت آپ کی عمر دس سال کے قریب تھی۔[3]

سات سے آٹھ سال کے اندر آپ نے اپنے چچا یار محمد شاہ سے تقریبا سارے مروجہ دروس پڑھ کر لاہور جامعۃ المنتظر کا رخ کیا۔ سنہ 1958ء میں علامہ صفدر حسین نجفی نے آپ کو فقہ و اصول کی تعلیم جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ باقاعدہ تدریس کا حکم دیا۔ چنانچہ 1958ء سے لے کر 1963ء تک آپ نے ادبیات اور منطق و فلسفہ کی رائج کتابوں کی تدریس کی۔ بائیس سال کی عمر میں کفایہ تک کی تعلیم جامعۃ المنتظر میں علامہ اختر عباس اور دیگر اساتذہ سے حاصل کرنے کے بعد اعلی تعلیم کے لئے نجف اشرف منتقل ہوگئے۔ آپ نے نجف اشرف میں اپنے زمانے کے ماہر اساتذہ سے استفادہ کیا جن میں آیت اللہ محسن الحکیم، امام خمینی اور آیت اللہ جواد تبریزی شامل ہیں لیکن آپ نے آیت اللہ خوئی سے نسبتا زیادہ اور بھر پور استفادہ کیا۔ آپ نے ان کے درس خارج کی تقریرات عربی میں لکھیں جو قم میں دو جلدوں میں شایع ہوئیں۔[4]

سنہ 1969ء میں آپ پاکستان تشریف لے آئے اور سید صفدر حسین نجفی کی وفات سے تال جامعۃ المنتظر کے منتظم اعلیٰ ہیں۔ آپ یہاں تقریبا بیس سال سے زائد عرصہ سے فقہ و اصول کا درس خارج دے رہے ہیں۔[5]

آپ نے اندرون ملک تبلیغی اور تنظیمی سفر کرنے کے علاوہ مشرق وسطی اور یورپ کے اکثر ممالک اور امریکا و کینیڈا کے تفصیلی اور مطالعاتی دورے کئے ہیں۔[6]

تدریس کے ساتھ ساتھ مسجد امامیہ مغل پورہ میں نماز جمعہ بھی پڑھاتے تھے۔[7]

اندرون و بیرون کئی ممالک میں سینکڑوں مدارس آپ کی سرپرستی میں چل رہے ہیں۔ آپ نے مشہور کتاب مفاتیح الجنان کے اردو ترجمہ کی نگرانی بھی کی اس کے علاوہ کئی کتابوں کی تالیف کا بھی ذکر کیا جاتا ہے۔[8]

سنہ 1989ء میں وفاق المدارس کے بانی صدر سید صفدر حسین کی وفات کے بعد سے حافظ ریاض حسین نجفی بلا مقابلہ اس تنظیم کے صدر منتخب ہوتے آرہے ہیں۔[9]

تدریسی خدمات

سنہ 1958ء میں علامہ صفدر حسین نجفی نے آپ کو فقہ و اصول کی تعلیم جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ باقاعدہ تدریس کا حکم دیا۔ چنانچہ 1958ء سے لے کر 1963ء تک ادبیات اور منطق و فلسفہ کی سب کتابوں کی تدریس کی۔[10] نجف سے وطن واپس آنے کے بعد آپ نے جامعۃ المنتظر لاہور میں باقاعده طور پر تدریس عمل شروع کیا اور مدرسہ ہذا میں پچھلے دو عشروں سے زائد عرصے سے آپ فقہ و اصول کا درس خارج بھی دے رہے ہیں۔[11]

تبلیغی خدمات

سنہ 1969ء میں آپ نے امامیہ کالونی سے تبلیغ دین کا آغاز کیا جہاں پر آپ باقاعده طور پر قرآن کا درس دیا کرتے تھے اور گھر گھر جا کر لوگوں کو مسجد آنے کی دعوت دیتے تھے۔[12] اس کے علاوہ مغل پورہ کی مسجد میں آپ نجف جانے سے پہلے بھی نماز جمعہ پڑھاتے تھے اور نجف سے واپسی کے بعد تقریبا گیارہ سال تک آپ نے اس مسجد میں نماز جماعت کرائی۔[13] دسمبر 1992ء سے جامعة المنتظر کی مسجد میں نماز جمعہ پڑھانا شروع کیا جو بلا ناغہ اب تک جاری ہے حتی بسا اوقات دور دراز جگہوں سے آپ ہوائی جہاز کے ذریعے آکر بھی جمعہ پڑھایا کرتے ہیں۔[14]

طالب علمی کے زمانے میں منہاں شریف کوٹ ادو تبلیغ کے دوران افطار کے بعد آپ ایک پارہ قرآن پاک زبانی پڑھتے تھے جسے اہل سنت حضرات بھی بے حد پسند کرتے تھے. اسی طرح ٹھٹھہ محمد شاہ میں بھی درس قرآن دیا کرتے تھے۔[15] اس کے علاوہ آپ سال میں کئ مرتبہ بغرض تبلیغ بیرون ممالک بھی جاتے ہیں اور محرم الحرام کی مجالس عزا بھی بیرون ملک پڑھتے ہیں۔[16]

سماجی خدمات

  • دار التحقیق قرآن و حدیث کا قیام، سید ریاض حسین نجفی نے دور حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر میں دارالتحقیق قرآن و الحدیث کا افتتاح کیا ہے جہاں قرآن، حدیث، تاریخ اور عقائد کے مختلف موضوعات پر تحقیقات ہوں گی۔
  • ادارہ دارالتبلیغ کا قیام: علما و طلبا کو فن خطابت سکھا کر مختلف علاقوں میں دعوت و تبلیغ، خاص طور پر رمضان المبارک، اور محرم الحرام میں مختلف علاقوں میں تبلیغ کے سلسلے میں جانے والے حوزہ ہائے علمیہ قم المقدس اور نجف اشرف سے آنے والے علماءافراد کے درمیان روابط قائم کرنے کے لئے اس ادارے کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
  • المنتظر بینک کا قیام: اندرونی مالیاتی نظام کے لئے المنتظر بینک بھی قائم کردیا گیا ہے جہاں سے جامعہ کے علماء اور طلبا کو ضرورت پڑنے پر قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے۔
  • المنتظر ٹی وی کے ذریعے قومی، بین الاقوامی اور جامعات کی خبریں نشر کی جائیں گی۔
  • ادارہ فارغ التحصیلان جامعۃ المنتظر کا قیام: اس ادارے میں اب تک جامعہ ہذا میں تعلیم حاصل کرنے والے تمام علماء اور طلبا کا ریکارڈ رکھا جائے گا۔[17]

حوالہ جات

  1. حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کا انٹرویو، وفاق ٹائمز؛ نقوی، تذکرہ علمای امامیہ پاکستان، ص107۔
  2. حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کا انٹرویو، وفاق ٹائمز
  3. حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کا انٹرویو، وفاق ٹائمز؛ نقوی، تذکرہ علمای امامیہ پاکستان، ص107۔
  4. حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی مدظلہ العالی کا مختصر تعارف، وفاق ٹائمز
  5. حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی مدظلہ العالی کا مختصر تعارف قسط نمبر 2، وفاق ٹائمز
  6. حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی مدظلہ العالی کا مختصر تعارف قسط نمبر 2، وفاق ٹائمز
  7. نقوی، تذکرہ علمای امامیہ پاکستان، ص107۔
  8. مختصر حالات زندگی آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، وفاق ٹائمز۔
  9. آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے بلا مقابلہ صدر منتخب؛ حوزہ نیوز ایجنسی
  10. حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین کا انٹرویو ، وفاق ٹائمز
  11. حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی مدظلہ العالی کا مختصر تعارف؛وفاق ٹائمز۔
  12. حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کا انٹرویو |قسط 4، وفاق ٹائمز
  13. حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کا انٹرویو |قسط 4، وفاق ٹائمز
  14. حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کا انٹرویو |قسط 4، وفاق ٹائمز
  15. حضرت آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی کا انٹرویو |قسط 4، وفاق ٹائمز
  16. مختصر حالات زندگی آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی؛ وفاق ٹائمز۔
  17. حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور میں دارالتحقیق قرآن و الحدیث کا افتتاح؛ حوزہ نیوز ایجنسی۔

مآخذ