مسودہ:حبوہ
| بعض عملی اور فقہی احکام |
|---|
| یہ مقالہ ایک فقہی موضوع کے بارے میں توصیفی تحریر ہے اور دینی اعمال کے لئے معیار نہیں بن سکتا۔ دینی اعمال کے لئے دیگر مصادر کی طرف رجوع کریں۔ |
حَبْوَہ سے مراد میت کے ترکے کا وہ مخصوص حصہ ہے جو فقہِ امامیہ کے مطابق میت کے بڑے بیٹے کو دیا جاتا ہے اور دوسرے ورثا کا اس میں کوئی حق نہیں ہوتا۔ اس حکم کو شیعہ مذہب کی ضروریات میں شمار کیا گیا ہے، بلکہ اس کے بارے میں اجماع اور روایات کے تواتر کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ اہل سنت کے مذاہب میں حبوہ کا کوئی تصور نہیں ہے۔ حبوہ میں شامل اموال کے بارے میں فقہا کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔ مشہور فقہا چار چیزوں، یعنی لباس، تلوار، انگوٹھی اور قرآن کو یقینی طور پر حبوہ میں شامل قرار دیتے ہیں، اور زرہ، کتابوں اور دیگر ہتھیاروں کو ان کے ساتھ ملحق کرنے کو قبول نہیں کرتے ہیں۔
مشہور فقہا شرعی طور پر حبوہ کو واجب قرار دیتے ہیں اور اس پر اجماع کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے، تاہم بعض فقہا اسے مستحب سمجھتے ہیں۔ اسی طرح حبوہ کو میت کے ترکے سے جدا کرنے کی نوعیت کے بارے میں بھی اختلاف پایا جاتا ہے؛ بعض فقہا اسے ترکے سے الگ اور وراثت کی تقسیم سے پہلے بڑے بیٹے کے ساتھ مختص قرار دیتے ہیں، جب کہ بعض اسے ترکے کا حصہ قرار دیتے ہوئے میراث کی تقسیم بڑے بیٹے کے حصے میں شمار کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں بعض فقہا سورہ نساء آیت نمبر 11 کے عموم سے استدلال کرتے ہوئے قاعدہ عدم تخصیص کو ترجیح دیتے ہیں۔
فقہا کے مطابق حبوہ کا حکم صرف باپ کے اموال سے متعلق ہے، ماں کے اموال میں حبوہ کا کوئی تصور نہیں ہے۔ اسی طرح حبوہ کے حکم کے نفاذ کے لئے ضروری ہے کہ متوفی کے پاس حبوہ میں شامل اشیا کے علاوہ بھی کچھ مال موجود ہو، متوفی کے ذمے کوئی واجب الادا قرض نہ ہو اور حبوہ میں شامل اشیا کے بارے میں متوفی نے کوئی وصیت نہ کی ہو۔ فقہاء حبوہ کے استحقاق کے لئے عمر کے لحاظ سے بڑے بیٹے کا موجود ہونا ضروری قرار دیتے ہیں، خواہ اس کی کوئی بڑی بہن موجود ہو یا وہ تمام اولاد میں سب سے چھوٹا ہی کیوں نہ ہو۔
تعریف
حبوہ سے مراد میت کے ترکے کا ایک مخصوص حصہ ہے،[1] جو احکامِ ارث کے مطابق[2] متوفی کے بڑے بیٹے کو دیا جاتا ہے[3] اور میت کے دوسرے ورثا کا اس میں کوئی حق نہیں ہوتا۔[4] حبوہ فقہِ امامیہ کے مخصوص احکام میں سے ہے[5] اور فقہِ اہل سنت میں اس کا کوئی تصور موجود نہیں ہے۔[6] کہا گیا ہے کہ اصلِ حبوہ کے بارے میں فقہائے امامیہ کے درمیان کوئی اختلاف نہیں پایا جاتا۔[7] یہاں تک کہ بعض فقہا نے اسے شیعہ مذہب کے مسلمات[8] اور ضروریات میں شمار کیا ہے[9] اور اس کے بارے میں اجماع کا دعویٰ بھی کیا ہے۔[10] اسی طرح بعض علما نے حبوہ سے متعلق موجود احادیث[11] کے متواتر ہونے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔[12]
کہا گیا ہے کہ حبوہ کا حکم اس تصور پر مبنی ہے کہ بڑا بیٹا اپنے والد کا جانشین اور قائم مقام ہوتا ہے۔[13] یہ حکم خاندان کی سربراہی سے متعلق قدیم روایات کی باقیات میں سے ہے۔ اس روایت کے مطابق والد کے انتقال کے بعد بڑا بیٹا اس کا جانشین بنتا اور اس کے مخصوص اموال کا وارث ہوتا تھا۔[14]
اسلامی جمہوریہ ایران کے مدنی قانون میں بھی فقہِ امامیہ کی پیروی کرتے ہوئے دفعہ 915 میں حبوہ کو بڑے بیٹے کا حق قرار دیا گیا ہے اور قول مشہور کی متابعت کرتے ہوئے اسے واجب قرار دیا گیا ہے۔[15]
حبوہ کے مصادیق
حبوہ میں شامل اموال کے بارے میں فقہاء کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔[16] مشہور فقہاء نے احادیث[17] کی روشنی میں چار چیزوں، یعنی لباس، تلوار، انگوٹھی اور قرآن کو یقینی طور پر حبوہ میں شامل قرار دیا ہے۔[18] بعض روایات میں[19] زرہ، کتابوں اور دیگر ہتھیاروں کا بھی ذکر آیا ہے، لیکن اکثر فقہاء[20] نے ان اشیا کو حبوہ میں شمار نہیں کیا ہے اور صرف مشہور چار چیزوں کے علاوہ دیگر اموال کو حبوہ میں شامل کرنا خلافِ اصل قرار دیا ہے۔[21] اسی طرح حبوہ میں شامل اشیاء میں سے ہر ایک کی تعداد ایک سے زیادہ یعنی مثلا یہ کہ میت کے متعدد لباس[22] یا ایک سے زیادہ انگوٹھیاں[23] ہونے کی صورت میں ان سب کا حبوہ میں شامل ہونے کے بارے میں بھی فقہا کے درمیان متعدد اختلافی آرا پائی جاتی ہیں۔[24]
وجوب یا استحباب
فقہاء کے درمیان حبوہ کے واجب یا مستحب ہونے کے بارے میں اختلاف پایا جاتا ہے۔[25] مشہور فقہاء خصوصاً متاخرین نے اجماع کا دعویٰ کرتے ہوئے[26] حبوہ کو واجب قرار دیا ہے۔[27] اس کے برخلاف بعض فقہاء اسے مستحب سمجھتے ہیں،[28] ان کے نزدیک جبوہ پر دلالت کرنے والی احادیث سے اس کا وجوب ثابت نہیں ہوتا۔[29] اسی طرح حبوہ کے حساب اور تقسیم کی نوعیت میں بھی اختلاف ہے۔ بعض فقہا جبوہ کو ترکے سے الگ قرار دیتے ہوئے وراثت کی تقسیم سے پہلے ان اشیاء کو بڑے بیٹے کو دیئے جانے کے قائل ہیں۔[30] جبکہ بعض دوسرے فقہاء اسے ترکے میں شامل قرار دیتے ہوئے اسے میراث میں بڑے بیٹے کے حصے میں شمار کرتے ہیں۔[31] اس سلسلے میں بعض فقہا سورہ نساء آیت نمبر 11 کے عموم سے استدلال کرتے ہوئے[32] اصالت عدمِ تخصیص کا قاعدہ جاری کرتے ہیں[33] اور حبوہ کو میراثت میں بڑے بیٹے کے حصے میں شمار کرنے کے نظرئے کو ترجیح دیتے ہیں۔[34]
حبوہ متحقق ہونے کی شرائط
حبوہ کے حکم کے نفاذ کے لئے فقہاء متعدد شرائط بیان کرتے ہیں:
متوفی سے متعلق شرائط:
- حبوہ کا حکم صرف والد کے اموال سے متعلق ہے، والدہ کے اموال سے نہیں۔[35]
- متوفی کے پاس حبوہ میں شامل اشیا کے علاوہ بھی کچھ مال ہونا ضروری ہے۔ اگر اس کے پاس ان اشیا کے علاوہ کوئی مال نہ ہو تو حبوہ میں شامل اشیاء تمام ورثا کے درمیان تقسیم ہوں گی۔[36]
- متوفی کے ذمے کوئی قرض یا واجب الادا حقوق وغیرہ نہ ہوں۔[37] کیونکہ میت کے قرض اور واجب الادا حقوق کی ادائیگی، ترکے کی تقسیم[38] اور حبوہ کو معین کرنے پر مقدم ہے۔[39]
- متوفی نے حبوہ میں شامل اشیاء کے بارے میں کوئی وصیت نہ کی ہو، کیونکہ متوفی کی وصیت حبوہ کے حکم پر مقدم ہے۔[40] البتہ اس مسئلے میں فقہاء کے درمیان اختلاف بھی پایا جاتا ہے۔[41]
بڑے بیٹے (مستحقِ حبوہ) سے متعلق شرائط:
- حبوہ عمر کے لحاظ سے سب سے بڑے بیٹے کو ملے گا۔[42] اگر متوفی کا کوئی بیٹا موجود نہ ہو تو حبوہ کا حکم نافذ نہیں ہوگا۔[43] اگر بیٹے اور بیٹیاں دونوں ہوں تو اس میں کوئی فرق نہیں کہ متوفی کی بیٹی یا بیٹیاں عمر میں بیٹے سے بڑی ہو۔[44]
- اگر ایک سے زیادہ بڑے بیٹے ہوں تو اس بارے میں فقہا کے درمیان اختلاف ہے کہ حبوہ ان سب کے درمیان تقسیم ہوگا[45] یا اس صورت میں حبوہ کا حکم ہی ختم ہوجائے گا۔[46]
- بعض فقہا نے بڑے بیٹے کے لئے عاقل، رشید اور مذہب کے اعتبار سے والد کے ہم مذہب ہونے کی شرط بھی بیان کی ہے۔[47] تاہم مشہور فقہا نے ان شرائط کو قبول نہیں کیا ہے۔[48]
- بعض فقہا نے بڑے بیٹے کے بالغ ہونے کو بھی شرط قرار دیا ہے،[49] جب کہ بعض دوسرے فقہا کے نزدیک بلوغ شرط نہیں ہے۔[50] حتیٰ کہ بعض فقہا کے مطابق اگر ماں کے پیٹ میں موجود بچے میں روح پھونک دی گئی ہو تو وہ بھی حبوہ کا مستحق ہوگا۔[51] اس نظرئے کی دلیل روایات اور فقہاء کے فتاوے کا مطلق ہونا ہے۔[52]
- بعض فقہا کے نزدیک بڑے بیٹے کو حبوہ اسی صورت میں ملے گا جب وہ والد کی قضا نماز اور روزے ادا کرے۔[53] اس نظرئے کے مطابق حبوہ کو اس شرعی ذمہ داری کا عوض سمجھا جاتا ہے۔[54] اس کے برخلاف بعض فقہاء کا کہنا ہے کہ احادیث سے ایسی کوئی شرط ثابت نہیں ہوتی اور بڑے بیٹے پر والد کی قضا شدہ نمازوں اور روزوں کی ادائیگی حبوہ نہ ہونے کی صورت میں بھی واجب ہے۔[55]
حوالہ جات
- ↑ آلعصفور، الأنوار اللوامع، قم، ج14، ص499۔
- ↑ مؤسسہ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی، فرہنگ فقہ، ج3، ص208۔
- ↑ طوسی، الخلاف، ج4، ص115؛ مؤسسہ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی، موسوعۃ الفقہ الإسلامی، ج9، ص166؛ شہید ثانی، رسائل، ج1، ص501۔
- ↑ علم الہدیٰ، الانتصار، ص582؛ انصاری، صراط النجاۃ، ص328۔
- ↑ علم الہدیٰ، الانتصار، ص582۔
- ↑ شیخ بہائی و ساوجی، جامع عباسی، ص878۔
- ↑ شہید ثانی، رسائل، ج1، ص502۔
- ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج39، ص127۔
- ↑ طباطبائی حائری، ریاض المسائل، ج14، ص294؛ مؤسسہ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی، موسوعۃ الفقہ الإسلامی، ج9، ص166۔
- ↑ شہید ثانی، رسائل، ج1، ص502، شیخ مفید، شیخ طوسی اور ابن زہرہ سے نقل کرتے ہوئے؛ طوسی، الخلاف، ج4، ص116؛ کاشف الغطاء، أنوار الفقاہۃ، ص38۔
- ↑ عاملی، رسائل، ج1، ص503 تا 505؛ حر عاملی، وسائل الشیعۃ، ج26، ص97۔
- ↑ حلی، أجوبۃ مسائل، ص277۔
- ↑ علم الہدیٰ، الانتصار، ص583۔
- ↑ امامی، حقوق مدنی، تہران، ج3، ص261۔
- ↑ امامی، حقوق مدنی، تہران، ج3، ص261۔
- ↑ مؤسسہ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی، موسوعۃ الفقہ الإسلامی، ج9، ص170۔
- ↑ طوسی، تہذیب الأحکام، ج9، ص275۔
- ↑ حلی، التنقیح الرائع لمختصر الشرائع، ج4، ص168؛ عاملی، رسائل، ج1، ص503۔
- ↑ کلینی، الکافی، ج7، ص85۔
- ↑ حلی، التنقیح الرائع، ج4، ص168؛ عاملی، الدروس الشرعیۃ، ج2، ص362؛ عاملی، رسائل، ج1، ص503؛ عاملی، جامع عباسی، ص878۔
- ↑ علامہ حلی، تبصرۃ المتعلمین، ج2، ص652۔
- ↑ حلی، التنقیح الرائع، ج4، ص169؛ علامہ حلی، تبصرۃ المتعلمین، ج2، ص652۔
- ↑ مؤسسہ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی، موسوعۃ الفقہ الإسلامی، ج9، ص171۔
- ↑ حلی، التنقیح الرائع، ج4، ص169؛ صیمری، غایۃ المرام، ج4، ص179۔
- ↑ سبزواری، کفایۃ الأحکام، ج2، ص828۔
- ↑ حلی، السرائر، ج3، ص258۔
- ↑ شہید ثانی، رسائل، ج1، ص517؛ شہید ثانی، الروضۃ البہیۃ، ج8، ص108۔
- ↑ طوسی، جواہر الفرائض، ص94؛ علم الہدیٰ، الانتصار، ص582۔
- ↑ سبزواری، کفایۃ الأحکام، ج2، ص828۔
- ↑ صیمری، غایۃ المرام، ج4، ص179؛ شہید ثانی، الروضۃ البہیۃ، ج8، ص108۔
- ↑ علم الہدیٰ، الانتصار، ص582؛ طوسی، جواہر الفرائض، ص94۔
- ↑ علم الہدیٰ، رسائل، ج1، ص257۔
- ↑ صیمری، غایۃ المرام، ج4، ص178۔
- ↑ علم الہدیٰ، رسائل، ج1، ص258۔
- ↑ انصاری، صراط النجاۃ، ص298۔
- ↑ حلی، السرائر، ج3، ص258۔
- ↑ حلی، التنقیح الرائع، ج4، ص168؛ صیمری، غایۃ المرام، ج4، ص180۔
- ↑ مازندرانی، الرسائل الفقہیۃ، ج2، ص76۔
- ↑ نراقی، مستند الشیعۃ، ج19، ص235۔
- ↑ خمینی، تحریر الوسیلۃ، قم، ج2، ص382۔
- ↑ شیخ بہائی و ساوجی، جامع عباسی، ص880۔
- ↑ مازندرانی، الرسائل الفقہیۃ، ج2، ص76۔
- ↑ شیخ بہائی و ساوجی، جامع عباسی، ص878۔
- ↑ حلی، التنقیح الرائع، ج4، ص167؛ آبی، کشف الرموز، ج2، ص450۔
- ↑ حلی، التنقیح الرائع، ج4، ص169؛ مازندرانی، الرسائل الفقہیۃ، ج2، ص76؛ شیخ بہائی و ساوجی، جامع عباسی، ص878۔
- ↑ مازندرانی، الرسائل الفقہیۃ، ج2، ص76۔
- ↑ حلی، السرائر، ج3، ص258؛ نیز ملاحظہ ہو: صیمری، غایۃ المرام، ج4، ص179؛ شعرانی، تبصرۃ المتعلمین، ج2، ص652۔
- ↑ صیمری، غایۃ المرام، ج4، ص178۔
- ↑ شیخ بہائی و ساوجی، جامع عباسی، ص879۔
- ↑ حلی، التنقیح الرائع، ج4، ص169؛ مازندرانی، الرسائل الفقہیۃ، ج2، ص76۔
- ↑ مزید معلومات کے لئے ملاحظہ کیجئے: امامی، حقوق مدنی، تہران، ج3، ص263۔
- ↑ صیمری، غایۃ المرام، ج4، ص180۔
- ↑ عاملی، مسالک الأفہام، ج13، ص128؛ شیخ بہائی و ساوجی، جامع عباسی، ص879۔
- ↑ کاشانی، مفاتیح الشرائع، قم، ج3، ص330، ابن حمزہ طوسی سے نقل کرتے ہوئے۔
- ↑ حلی، التنقیح الرائع، ج4، ص169؛ صیمری، غایۃ المرام، ج4، ص180۔
مآخذ
- آبی، حسن بن ابی طالب یوسفی، کشف الرموز فی شرح مختصر النافع، قم، دفتر انتشارات اسلامی، تیسری اشاعت، 1417ھ۔
- آل عصفور، حسین بن محمد، الأنوار اللوامع فی شرح مفاتیح الشرائع، قم، مجمع البحوث العلمیۃ، بے تا۔
- ابن ادریس، محمد بن احمد، السرائر الحاوی لتحریر الفتاوی، قم، دفتر انتشارات اسلامی، دوسری اشاعت، 1410ھ۔
- ابن ادریس، محمد بن احمد، أجوبۃ مسائل و رسائل فی مختلف فنون المعرفۃ، قم، دلیل ما، 1429ھ۔
- ابن سعید، یحییٰ بن احمد، الجامع للشرائع، قم، مؤسسہ سید الشہداء العلمیۃ، 1405ھ۔
- امامی، سید حسن، حقوق مدنی، تہران، انتشارات اسلامیہ، بے تا۔
- انصاری، مرتضیٰ، صراط النجاۃ، قم، شیخ اعظم انصاری کی عالمی کانگریس، 1415ھ۔
- حر عاملی، محمد بن حسن، وسائل الشیعۃ إلی تحصیل مسائل الشریعۃ، قم، مؤسسہ آل البیتؑ لإحیاء التراث، 1409ھ۔
- حلی، جعفر بن حسن، التنقیح الرائع لمختصر الشرائع، قم، مطبوعات کتاب خانہ آیت اللہ مرعشی نجفی، 1404ھ۔
- خمینی، سید روح اللہ، تحریر الوسیلۃ، قم، مؤسسہ مطبوعات دار العلم، بے تا۔
- خمینی، سید روح اللہ، تحریر الوسیلۃ، تہران، مؤسسہ تنظیم و نشر آثار امام خمینی، بے تا۔
- زبیدی، محب الدین، تاج العروس من جواہر القاموس، بیروت، دار الفکر للطباعۃ والنشر والتوزیع، 1414ھ۔
- سبزواری، محمد باقر، کفایۃ الأحکام، قم، دفتر انتشارات اسلامی، 1423ھ۔
- شہید اول، محمد بن مکی، الدروس الشرعیۃ فی فقہ الإمامیۃ، قم، دفتر انتشارات اسلامی، دوسری اشاعت، 1417ھ۔
- شہید ثانی، زین الدین بن علی، الروضۃ البہیۃ فی شرح اللمعۃ الدمشقیۃ، قم، کتاب فروشی داوری، 1410ھ۔
- شہید ثانی، زین الدین بن علی، رسائل الشہید الثانی، قم، دفتر تبلیغات اسلامی حوزہ علمیہ قم، 1421ھ۔
- شہید ثانی، زین الدین بن علی، مسالک الأفہام إلی تنقیح شرائع الإسلام، قم، مؤسسہ المعارف الاسلامیہ، 1413ھ۔
- شیخ بہائی، محمد بن حسین، و محمد بن حسین ساوجی، جامع عباسی و تکمیل آن، قم، دفتر انتشارات اسلامی، 1429ھ۔
- شیخ صدوق، محمد بن علی، من لا یحضرہ الفقیہ، قم، دفتر انتشارات اسلامی، دوسری اشاعت، 1413ھ۔
- صیمری، مفلح بن حسن، غایۃ المرام، بیروت، دار الہادی، 1420ھ۔
- طباطبائی حائری، سید علی، ریاض المسائل فی تحقیق الأحکام بالدلائل، قم، آل البیت، پہلی اشاعت، 1418ھ۔
- طریحی، فخر الدین، مجمع البحرین، تہران، کتاب فروشی مرتضوی، تیسری اشاعت، 1416ھ۔
- طوسی، خواجہ نصیر الدین، جواہر الفرائض در ارث، ترجمہ محمد حسن شفیعی شاہرودی، قم، مؤسسہ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی بر مذہب اہل البیتؑ، 1426ھ۔
- طوسی، محمد بن حسن، الخلاف، قم، دفتر انتشارات اسلامی، 1407ھ۔
- طوسی، محمد بن حسن، تہذیب الأحکام، تحقیق حسن الموسوی، تہران، دار الکتب الاسلامیہ، 1407ھ۔
- علامہ حلی، حسن بن یوسف، تبصرۃ المتعلمین فی أحکام الدین، ترجمہ ابوالحسن شعرانی، تہران، منشورات اسلامیہ، پانچویں اشاعت، 1419ھ۔
- علم الہدیٰ، علی بن حسین، الانتصار فی انفرادات الإمامیۃ، قم، دفتر انتشارات اسلامی، 1415ھ۔
- علم الہدیٰ، علی بن حسین، رسائل الشریف المرتضیٰ، قم، دار القرآن الکریم، 1405ھ۔
- فیض کاشانی، محمد بن شاہ مرتضیٰ، مفاتیح الشرائع، قم، مطبوعات کتاب خانہ آیت اللہ مرعشی نجفی، بے تا۔
- کاشف الغطاء، حسن، أنوار الفقاہۃ، کتاب المیراث، نجف، مؤسسہ کاشف الغطاء، 1422ھ۔
- کلینی، محمد بن یعقوب، الکافی، تصحیح علی اکبر غفاری و محمد آخوندی، تہران، دار الکتب الاسلامیہ، 1407ھ۔
- مؤسسہ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی، موسوعۃ الفقہ الإسلامی طبقاً لمذہب أہل البیتؑ، زیر نگرانی سید محمود ہاشمی شاہرودی، قم، مؤسسہ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی، 1423ھ۔
- مؤسسہ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی، فرہنگ فقہ مطابق مذہب اہل البیتؑ، زیر نگرانی سید محمود ہاشمی شاہرودی، قم، مؤسسہ دائرۃ المعارف فقہ اسلامی، 1426ھ۔
- مازندرانی، خاتون آبادی، اسماعیل خواجوئی، الرسائل الفقہیۃ، قم، دار الکتاب الاسلامی، 1411ھ۔
- نجفی، محمد حسن، جواہر الکلام فی شرح شرائع الإسلام، تصحیح عباس قوچانی و علی آخوندی، بیروت، دار احیاء التراث العربی، ساتویں اشاعت، 1404ھ۔
- نراقی، محمد مہدی، مستند الشیعۃ فی أحکام الشریعۃ، قم، مؤسسہ آل البیتؑ، 1415ھ۔