مسودہ:اسلامی فتوحات
| ویکی شیعہ میں مقالات «شیعہ نقطہ نظر» سے تحریر کئے جاتے ہیں، اس موضوع کے دیگر پہلوؤں سے آشنائی کے لئے دوسرے منابع کی طرف رجوع کریں۔ |
| خلفائے ثلاثہ (ابوبکر، عمر اور عثمان) کے دور میں اسلامی فتوحات | |
|---|---|
| تاریخ | 13ھ تا 35ھ |
| مقام | عراق، شام، مصر اور ایران |
| علل و اسباب | اسلامی حکومت کے قلمرو میں وسعت اور اسلام کی طرف دعوت |
| قلمرو | شام، مصر ا ور ایران سے لے کر مشرقی سرزمینوں تک |
| نتیجہ | فتح شام، مصر اور فتح ایران |
| فریق 1 | مسلمان |
| فریق 2 | مشرقی روم کے بادشاہان اور ساسانی حکمران |
| سپہ سالار 1 | خالد بن سعید، خالد بن ولید، سعد بن ابی وقاص |
| سپہ سالار 2 | ہرقل، مقوقس، رستم فرخزاد |
اسلامی فتوحات سے مراد مسلمانوں کی طرف سے غیر مسلم علاقوں کو فتح کرنے کے لئے کی جانے والی لشکر کشی اور عسکری کارروائیاں ہیں جو اسلام اور اسلامی حکومت کے دائرہ اقتدار کو وسعت دینے کے لئے انجام دی گئیں ہیں۔ اسلامی فتوحات کو تاریخِ اسلام کے اہم ترین واقعات میں شمار کیا جاتا ہے۔ بعض مفسرین سورہ صف آیت نمبر 13 میں مذکور "فتحِ قریب" کی بشارت کو انہی فتوحات کی طرف اشارہ قرار دیتے ہیں۔ محققین کے مطابق فتوحات کا آغاز 13 ہجری میں ابوبکر کے دورِ خلافت میں عراق پر لشکر کشی سے ہوا۔ خالد بن ولید نے حیرہ، انبار اور عین التمر کو فتح کرنے کے بعد شام کا رخ کیا۔ اس کے بعد اجنادین اور یرموک کی جنگوں میں کامیابی، دمشق اور بیت المقدس کی فتح کے ذریعے شام کی فتوحات کا سلسلہ آگے بڑھا۔ پھر عمر بن خطاب کے دور میں ایران فتح ہوئی اور عثمان بن عفان کے دورِ خلافت میں یہ سلسلہ فارس، کرمان، خراسان اور اس سے آگے کے علاقوں تک پھیل گیا۔
تحقیقی آثار کے مطابق امام علیؑ مسلمانوں کی طرف سے لشکر کشی انجام دینے کے حق میں نہیں تھے۔ آپؑ کے دورِ خلافت میں فتوحات کا متوقف ہونا، سابقہ لشکر کشیوں میں آپؑ کی عدم شرکت اور ایران کی طرف لشکر کشی کے موقع پر عمر بن خطاب کے ساتھ جانے سے انکار کو اس نظرئے کے قرائن و شواہد میں شمار کیا گیا ہے۔ تاہم، پہلے دو خلفا کے دور میں اسلامی فتوحات سے متعلق بعض امور میں آپؑ انہیں مشورے دیتے تھے۔ بعض فتوحات میں امام حسنؑ اور امام حسینؑ کی شرکت سے متعلق روایات کی سند اور متن کے بارے میں بھی بعض محققین نے شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ اس کے باوجود ان فتوحات میں امام علیؑ کے بعض اصحاب کی شرکت کی اطلاعات ملتی ہیں۔
اسلامی فتوحات کے شرعی جواز کے بارے میں بھی مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔ نظریۂ عدالتِ صحابہ اور جہادِ ابتدائی کے وجوب کو ان فتوحات کے جواز کے لئے پیش کئے جانے والے اہم دلائل میں شمار کیا گیا ہے۔ بعض فقہا نے امام علیؑ کی رضایت مندی سے استدلال کرتے ہوئے اسلامی فتوحات کا دفاع کیا ہے۔ اس کے مقابلے میں بعض علما نے صرف ان فتوحات کو جائز قرار دیا ہے جن کے نتیجے میں اسلام کو وسعت حاصل ہوئی۔ اسلامی فتوحات کے محرکات اور نتائج کے بارے میں بھی مختلف تجزیے پیش کئے گئے ہیں۔ ان میں خلافت کے داخلی مسائل کو جزیرہ نمائے عرب سے باہر منتقل کرنا، دنیا پرستی اور قبائلی تعصبات کا فروغ نیز علمِ کلام کے مباحث کی ترقی شامل ہیں۔
اسلامی فتوحات اور ان کا جغرافیائی دائرہ کار
اسلامی فتوحات سے مراد وہ لشکر کشی اور غیر مسلم علاقوں کو فتح کرنے کی کارروائیاں ہیں جو مسلمانوں نے اسلام اور اسلامی حکومت کے قلمرو کو وسعت دینے کے لئے انجام دیں۔ محققین کے مطابق ان فتوحات کا آغاز ابوبکر کے دورِ خلافت میں 13ھ سے ہوا اور یہ سلسلہ عثمان کے دور خلافت تک جاری رہا۔[1] ابتدائی فتوحات بالخصوص ابوبکر اور عمر بن خطاب کے ادوار میں، پہلی صدی ہجری کے اختتام تک اسلامی حکومت کی حدود جبل الطارق سے دریائے سندھ اور سیحون تک پھیلا چکی تھیں۔[2] بعد کے ادوار میں امویوں اور عباسیوں کے زمانے میں یہ فتوحات مغربی روم تک پہنچیں۔[3]
اسلامی فتوحات کو ابتدائی اسلامی خلفا کے عہدِ حکومت کے اہم ترین واقعات میں شمار کیا جاتا ہے۔[4] بعض مفسرین نے سورہ صف آیت نمبر 13 میں مذکور "فتحِ قریب" کی بشارت کو انہی فتوحات کی طرف اشارہ قرار دیا ہے۔[5] اسی طرح مسلمانوں کی مادی اور معنوی زندگی پر ان فتوحات کے وسیع اثرات مرتب ہوئے، یہاں تک کہ بعض علماء نے ان فتوحات کو اسلام اور توحید کے پیغام کو مختلف علاقوں تک پہنچانے کا ذریعہ قرار دیا ہے، جبکہ بعض دوسرے محققین نے ان جنگوں کے دوران پیش آنے والے مظالم اور تباہ کاریوں کی بنا پر ان پر تنقید کی ہیں۔[6] اسی طرح ان فتوحات کے نتیجے میں مسلمانوں کی تعداد میں اضافہ ہوا اور وہ مفتوحہ علاقوں میں آباد ہوئے،[7] اور چند صدیوں کے دوران وسیع علاقوں کے دینی اور آبادیاتی ڈھانچے میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہوئیں۔[8]
فتوحات کا تاریخی سلسلہ
تاریخی روایات کے مطابق مسلمانوں کی جانب سے ایران پر ابتدائی لشکر کشی کا زمینہ مثنیٰ بن حارثہ اور سوید بن قحطبہ کی جانب سے ساسانیوں کے سرحدی علاقوں پر کئے جانے والے حملوں سے ہموار ہوا۔ انہوں نے ایران کے نامساعد حالات کی اطلاع ابوبکر کو دی اور ان سے فوج بھیجنے کی درخواست کی۔ اس پر ابوبکر نے خالد بن ولید کو حیرہ جانے اور مثنیٰ کے ساتھیوں کے ساتھ ایران کی طرف پیش قدمی کرنے کا حکم دیا۔[9]
تاریخی منابع کے مطابق، خالد بن ولید 11ھ کے اواخر میں عراق کی طرف روانہ ہوا۔ انہوں نے بصرہ کے قریب اُبلّہ کی جنگ میں کامیابی حاصل کی۔[10] اس کے بعد کئی دوسری جنگوں میں بھی کامیاب ہوئے۔[11] 12ھ میں انہوں نے حیرہ کا محاصرہ کیا۔ حیرہ کے باشندوں نے جزیہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے شہر مسلمانوں کے حوالے کر دیا اور اس طرح اسلامی خلافت کو پہلی مرتبہ جزیہ موصول ہوا۔[12] خالد بن ولید نے کوفہ کے مغرب میں واقع انبار اور عین التمر نامی علاقو کو فتح کرنے کے بعد شام کا رخ کیا۔[13][14]
مورخین کی روایات کے مطابق شام کی فتوحات کا آغاز ابو عبیدہ جراح اور عمرو بن عاص کی قیادت میں ہونے والی لشکر کشی سے ذریعے ہوا اور بعد میں خالد بن ولید بھی ان کے ساتھ شامل ہوگئے۔[15] مسلمانوں نے اجنادین،[16] مرج الصفر،[17] اور دمشق کو فتح کرنے بعد[18] 15ھ میں حمص اور بعلبک سمیت پورے شام پر قبضہ کر لیا۔ یرموک کی جنگ میں مسلمانوں کی فتح کے بعد مشرقی روم کے شہنشاہ ہرقل (تقریباً 610ء-641ء) نے شام چھوڑ دیا۔[19] اسی طرح 16ھ میں بیت المقدس بھی صلح کے ذریعے عمر بن خطاب کی موجودگی میں فتح ہوا۔[20] مسلمانوں نے پیغمبر اکرمؐ کے واقعۂ معراج کی مناسبت سے اس شہر کو "بیت المقدس" کا نام دیا۔[21]
ایران کی فتح کو مسلمانوں کی اہم ترین فتوحات میں شمار کیا جاتا ہے۔[22] یوم الجسر کی جنگ میں شکست کے بعد[23] مسلمانوں نے جنگِ قادسیہ میں ساسانی فوج کو شکست دی اور تیسفون، جلولا اور عراق کے دیگر علاقوں کو فتح کر لیا۔[24] اس کے بعد عمر کے حکم سے کوفہ کو مسلمانوں کی فوجی چھاونی قرار دیا گیا۔[25] بعد ازاں اہواز، شوش، شوشتر اور نہاوند فتح ہوئے۔ جنگِ نہاوند میں کامیابی نے ایران کے دیگر علاقوں کی فتوحات کی راہ ہموار کر دی۔[26] مورخین کے مطابق عثمان کے دور میں بھی فتوحات کا دائرہ فارس، کرمان، خراسان، نیشاپور، طوس، مرو، ہرات، کابل اور بلخ جیسے شہروں تک پھیل گیا۔[27]
تاریخی منابع کے مطابق امام علیؑ کے دورِ خلافت میں فتوحات کا سلسلہ رک گیا۔[28] داخلی کشمکش اور فتنوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت کے پیش نظر آپؑ نے اسلامی حکومت کی حدود کو مزید وسعت دینے سے گریز کیا اور سرحدی علاقوں میں تعینات بعض فوجی دستوں کو واپس عراق بلا لیا۔ ان میں اشعث بن قیس کا لشکر بھی شامل تھا جو آذربائیجان میں تعینات تھا۔[29]
فتوحات میں امام علیؑ اور اہل بیتؑ کا کردار اور موقف
محققین کے مطابق شیعہ نقطۂ نظر سے منسلک بعض تحقیقی کتابوں میں امام علیؑ کو اسلامی فتوحات کو گسترش دینے کا مخالف قرار دیا گیا ہے۔[30] آپؑ کے دورِ خلافت میں فتوحات کا متوقف ہونا اور اس سے پہلے ہونے والی فتوحات میں آپؑ کی عدم شرکت کو اس موقف کے شواہد میں شمار کیا گیا ہے۔[31] اسی طرح روایت ہے کہ امام علیؑ نے ایران کی فتح کے لئے عمر بن خطاب کے ساتھ جانے کی دعوت قبول نہیں کی اور انہیں خود میدانِ جنگ میں جانے سے بھی منع کیا۔[32] تاہم تاریخی روایات کے مطابق پہلے دو خلفا کے دور میں امام علیؑ بعض فتوحات، مثلاً شام کی فتح،[33] جنگِ نہاوند[34] اور بیت المقدس کی فتح،[35] کے سلسلے میں خلفا کو مشورے دیتے تھے؛ لیکن عثمان کے دور میں آپؑ نے اس طرح کے مشورے دینے سے بھی گریز کیا۔[36]
روایت ہے کہ امام حسنؑ اور امام حسینؑ نے سنہ 29 ہجری میں سعید بن عاص کے ساتھ گرگان کی فتح میں شرکت کی تھی۔[37] ایک دوسری روایت میں امام حسنؑ کا جرجان سے گزرنے اور اصفہان آمد کا ذکر ملتا ہے۔[38] تاہم بعض محققین ان روایات کو سند اور متن کے اعتبار سے قابلِ اعتماد نہیں سمجھتے۔ انہوں نے اس سلسلے میں دیگر منابع میں اسی نوعیت کی روایات کے نہ ہونے،[39] بنیادی راویوں کے بارے میں شکوک و شبہات[40] اور روایات کے باہمی تضاد سے استدلال کیا ہے۔[41] ان محققین کے مطابق اہل بیتؑ نے ان لشکر کشیوں میں شرکت نہیں کی تاکہ ان فتوحات کو شرعی جواز فراہم نہ ہو۔[42] تاہم امام علیؑ کے بعض اصحاب، مثلاً خالد بن سعید بن عاص،[43] عمار یاسر،[44] ہاشم بن عتبہ،[45] فضل بن عباس[46] اور مالک اشتر،[47] نے بعض فتوحات میں شرکت کی تھی۔
شیعہ علما کے نزدیک اسلامی فتوحات کا شرعی جواز
کہا جاتا ہے کہ اسلامی فتوحات کو مشروعیت بخشنے والا سب سے اہم نظریہ عدالت صحابہ کا نظریہ ہے؛ کیونکہ اسلامی فتوحات پر تنقید کو خلفا اور صحابہ پر تنقید کا سبب سمجھا جاتا ہے اور اسے اس نظرئے کے منافی قرار دیا جاتا ہے۔[48] بعض فقہا نے جہادِ ابتدائی کے وجوب[49] یا ابتدائی فتوحات کے بارے میں امام علیؑ کی رضامندی سے استدلال کرتے ہوئے ان کے شرعی جواز کا دفاع کیا ہے۔[50] ان کے مطابق ان فتوحات کے نتیجے میں غیر مسلم علاقوں میں اسلام کو تقویت ملی اور اسلامی حکومت کا دائرہ وسیع ہوا، جس پر ائمہؑ راضی تھے۔[51] تاہم بعض فقہا نے صرف انہی فتوحات کو قابلِ قبول قرار دیا ہے جن کے نتیجے میں اسلام کو وسعت حاصل ہوئی ہو۔[52]
اسی تناظر میں آیت اللہ علی خامنہ ای نے ان فتوحات کو قابلِ دفاع قرار دیا ہے جن کے نتیجے میں ظالم حکومتوں کا تسلط ختم ہوا اور اسلام کو فروغ حاصل ہوا۔[53] اس کے برعکس، وہ ان فتوحات کو قابلِ دفاع نہیں سمجھتے جن کی نوعیت محض سلطنت کی توسیع اور دنیاوی فتوحات پر مبنی ہو۔[54] ان کے مقابلے میں علامہ طباطبائی اور شہید مطہری نے اسلامی فتوحات کو علم کے فروغ سے غفلت کا سبب قرار دیا ہے۔[55] مطہری کے نزدیک، ان فتوحات کے نتیجے میں اسلامی ثقافت کے فروغ پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے۔[56]
محمد حسن رجبی دوانی کا بھی ماننا ہے کہ امام علیؑ اسلامی فتوحات سے متفق نہیں تھے اور انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں اس سلسلے کو روک دیا تھا۔[57] اس کے مقابلے میں بعض محققین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اسلامی فتوحات جنگ کے ذریعے حاصل ہوئیں، لیکن مفتوحہ علاقوں کے باشندوں میں اسلام کی تبلیغ اور اشاعت جنگ کے زور پر نہیں ہوئی۔[58]
محرکات اور نتائج
خلفا کی جانب سے اسلامی فتوحات کے آغاز اور انہیں جاری رکھنے کے محرکات کے بارے میں مختلف آرا پیش کی گئی ہیں۔ بعض محققین کے مطابق جزیرہ نمائے عرب میں اقتدار کے خلا کے نتیجے میں پیدا ہونے والے داخلی مسائل اور اختلافات کو بیرونی علاقوں کی طرف منتقل کرنا بھی فتوحات کے اہم عوامل میں شامل تھا۔ ان کے نزدیک دینی اور اقتصادی محرکات کے ساتھ یہ عامل بھی فتوحات کے آغاز اور تسلسل میں مؤثر تھا۔[59] اسی طرح یہ بھی نقل کیا گیا ہے کہ خلافت مخالف یا معترض صحابہ کو مرکزِ حکومت سے دور رکھنے کے لئے انہیں جہاد اور فتوحات کی مہمات پر روانہ کرتی تھی۔ معاویہ[60] اور ابن عامر[61] نے عثمان کو اسی نوعیت کی پالیسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ عسکری فتوحات کی وسعت اور جنگی غنائم کی آمد کے نتیجے میں سماجی اور ثقافتی تبدیلیاں بھی رونما ہوئیں۔ مرتضیٰ مطہری کے مطابق اس عمل نے دنیا پرستی، تجمل پسندی اور قبائلی تعصبات کے فروغ کے لئے زمین ہموار کی۔[62] علامہ طباطبائی نے بھی فتوحات کو علمِ کلام اور اعتقادی مباحث کے فروغ کے ساتھ عرب و عجم کے درمیان برتری کے احساس کو تقویت دینے والے عوامل میں شمار کیا ہے۔[63] اسی سلسلے میں فضل بن شاذان نے نقل کیا ہے کہ دوسرے خلیفہ عرب لڑکیوں کی غیر عرب مردوں سے شادی کے مخالف تھے اور انہیں فارسی زبان کے رواج پانے پر بھی تشویش تھی۔[64]
حوالہ جات
- ↑ محمودپور، «توان نظامی اعراب مسلمان در فتوح اولیہ»، ص168۔
- ↑ رحمتی و آقاجاری، «جایگاہ تفلیس در قلمرو اسلامی»، ص222۔
- ↑ حسنبگی و مہدویفر، «واکاوی دیدگاہ اہل بیت (ع) بہ فتوحات»، ص51۔
- ↑ حسنبیگی و دیگران، «بررسی نقش رویدادہا بر پدیداری حدیث»، ص120۔
- ↑ مکارم شیرازی، تفسیر نمونہ، ج24، ص91۔
- ↑ حسنبیگی و دیگران، «بررسی نقش رویدادہا بر پدیداری حدیث»، ص119ـ120۔
- ↑ رحمتی و آقاجاری، «جایگاہ تفلیس در قلمرو اسلامی»، ص222۔
- ↑ جعفریان، تاریخ خلفا، ص188۔
- ↑ ابناعثم، الفتوح، ج1، ص70؛ الدینوری، الاخبار الطوال، ص111؛ ابناثیر، اسد الغابۃ، ج4، ص283۔
- ↑ الطبری، تاریخ الامم و الملوک، ج3، ص343۔
- ↑ ابناثیر، الکامل، ج2، ص387۔
- ↑ دینوری، اخبار الطوال، ص112۔
- ↑ الحموی، معجم البلدان، ج4، ص178۔
- ↑ دینوری، اخبار الطوال، ص112۔
- ↑ یعقوبی، تاریخ یعقوبی، ج2، ص133۔
- ↑ ابنکثیر، البدایہ و النہایہ، ج7، ص55۔
- ↑ ابنمسکویہ الرازی، تجارب الأمم، ج1، ص298۔
- ↑ البلاذری، فتوح البلدان، ص121۔
- ↑ المقدسی، البدء و التاریخ، مکتبۃ الثقافۃ الدینیۃ، ج5، ص184۔
- ↑ بلاذری، فتوح البلدان، ص223۔
- ↑ خسروشاہی، تاریخ بیت المقدس و مسئلہ فلسطین، ص15۔
- ↑ حاجیبابایی، «مقاومت در آستانہ مرز»، ص28۔
- ↑ المقدسی، البدء و التاریخ، ج5، ص170۔
- ↑ ابناعثم، الفتوح، ج1، ص215۔
- ↑ ابنطقطقی، الفخری فی الآداب السلطانیۃ و الدول الاسلامیۃ، ص86۔
- ↑ ابنطقطقی، الفخری فی الآداب السلطانیۃ و الدول الاسلامیۃ، ص180ـ182۔
- ↑ ابناعثم، الفتوح، ج2، ص337۔
- ↑ خضری و سیدی، «ایستایی فتوح بہ دوران خلافت امام علی»، ص46۔
- ↑ نہج البلاغہ، خطبہ 122۔
- ↑ گوہری فخرآباد، «فتوحات و مشروعیت خلفای راشدین»، ص7۔
- ↑ رنجبر، «مواضع امام علی در برابر فتوحات خلفا»، ص62۔
- ↑ مسعودی، مروج الذہب و معادن الجوہر، ج2، ص318۔
- ↑ ابناعثم، الفتوح، ج1، ص81۔
- ↑ ابناثیر، الکامل فی التاریخ، ج3، ص7۔
- ↑ واقدی، فتوح الشام، ج1، ص144ـ148۔
- ↑ رنجبر، «مواضع امام علی در برابر فتوحات خلفا»، ص62۔
- ↑ البلاذری، فتوح البلدان، ص326۔
- ↑ الأصبہانی، ذکر أخبار إصبہان، ج1، ص47۔
- ↑ خضری و سیدی، «ایستایی فتوح بہ دوران خلافت امام علی»، ص39۔
- ↑ خضری و سیدی، «ایستایی فتوح بہ دوران خلافت امام علی»، ص39۔
- ↑ خضری و سیدی، «ایستایی فتوح بہ دوران خلافت امام علی»، ص39۔
- ↑ منتظر القائم، تاریخ امامت، ص109۔
- ↑ یعقوبی، تاریخ یعقوبی، ج2، ص111؛ ابنسعد، الطبقات الکبری، ج4، ص99؛ ابنعبدالبرّ، الاستیعاب، ج2، ص422۔
- ↑ ابنطقطقی، الفخری فی الآداب السلطانیۃ و الدول الاسلامیۃ، ص180ـ182۔
- ↑ الدینوری، الأخبار الطوال، ص120۔
- ↑ ابناثیر، اسد الغابہ، ج4، ص66۔
- ↑ ابنخلدون، دیوان المبتدأ و الخبر، ج2، ص581۔
- ↑ حسنبیگی و دیگران، «بررسی نقش رویدادہا بر پدیداری حدیث»، ص124۔
- ↑ حسنبیگی و دیگران، «بررسی نقش رویدادہا بر پدیداری حدیث»، ص127۔
- ↑ ہدایتپناہ، «فتوحات خلفا از منظر فقہای شیعہ»، ص169ـ170۔
- ↑ ہدایتپناہ، «فتوحات خلفا از منظر فقہای شیعہ»، ص167۔
- ↑ ہدایتپناہ، «فتوحات خلفا از منظر فقہای شیعہ»، ص168۔
- ↑ «بیانات در جلسه پرسش و پاسخ مدیران مسئول و سردبیران نشریات دانشجویی»، ویب سائٹ خامنہ ای ڈاٹ آئی آر۔
- ↑ «بیانات در جلسه پرسش و پاسخ مدیران مسئول و سردبیران نشریات دانشجویی»، ویب سائٹ خامنہ ای ڈاٹ آئی آر۔
- ↑ طباطبائی، المیزان، ج5، ص272۔
- ↑ مطہری، جاذبہ و دافعہ علی علیہالسلام، ص135۔
- ↑ رجبی دوانی، «سیره امیرالمؤمنین برای بهبود معیشت مردم»، ویب سائٹ خامنہ ای ڈاٹ آئی آر۔
- ↑ زرینکوب، کارنامہ اسلام، ص1۔
- ↑ سعادتفر و دیگران، «عوامل موثر بر ناکامی فتوحات و گسترش اسلام»، ص117۔
- ↑ ابنقتیبہ، الامامہ و السیاسہ، ج1، ص49۔
- ↑ طبری، تاریخ الامم و الملوک، ج4، ص333۔
- ↑ مطہری، سیری در نہجالبلاغہ، ص195۔
- ↑ طباطبائی، المیزان فی تفسیر القرآن، ج5، ص273، 276۔
- ↑ ابنشاذان، الإیضاح، ج1، ص281۔
مآخذ
- ابونعیم، احمد بن عبداللہ، تاریخ أصبہان (ذکر أخبار أصبہان)، بیروت، دار الکتب العلمیۃ، 1410ھ۔
- ابنأبیالحدید، عبدالحمید بن ہبۃ اللہ، شرح نہج البلاغۃ، قم، مکتبۃ آیۃ اللہ المرعشی النجفی، 1404ھ۔
- ابناثیر، علی بن محمد، أسد الغابۃ فی معرفۃ الصحابۃ، بیروت، دارالفکر، 1409ھ۔
- ابناثیر، علی بن محمد، الکامل فی التاریخ، بیروت، دار صادر، 1385ھ۔
- ابناعثم الکوفی، محمد بن علی، الفتوح، تحقیق علی شیری، بیروت، دارالأضواء، پہلی اشاعت، 1411ھ۔
- ابنخلدون، عبد الرحمن بن محمد، دیوان المبتدأ و الخبر فی تاریخ العرب و البربر و من عاصرہم من ذوی الشأن الأکبر، تحقیق خلیل شحادۃ، بیروت، دار الفکر، ط الثانیۃ، 1408ھ۔
- ابنسعد، محمد بن سعد، الطبقات الکبری، بیروت، چاپ احسان عباس، 1405ھ۔
- ابنشاذان، فضل بن شاذان، الإیضاح، محقق: سید جلال الدین حسینی ارموی، تہران، ادارۂ اشاعت و طباعت، جامعہ تہران، 1363ہجری شمسی۔
- ابنطقطقی، محمد بن علی، الفخری فی الآداب السلطانیۃ و الدول الإسلامیۃ، تحقیق عبد القادر محمد مایو، بیروت، دار القلم العربی، ط الأولی، 1418ھ۔
- ابنعبدالبر، یوسف بن عبداللہ، الإستیعاب فی معرفۃ الأصحاب، تحقیق علی محمد البجاوی، بیروت، دار الجیل، 1412ھ۔
- ابنقتیبہ، عبداللہ بن مسلم، الإمامۃ و السیاسۃ المعروف بتاریخ الخلفاء، بیروت، دار الأضواء، 1410ھ۔
- ابنمسکویہ، احمد بن محمد، تجارب الأمم، تحقیق: ابو القاسم امامی، تہران، انتشارات سروش، دوسری اشاعت، 1379ہجری شمسی۔
- اسکافی، محمد بن عبداللہ، المعیار و الموازنہ، تصحیح: محمدباقر محمودی، بیجا، بیتا۔
- بلاذری، احمد بن یحیی، فتوح البلدان، بیروت، دار و مکتبۃ الہلال، 1988ء۔
- حاجیبابایی، مجید، «مقاومت در آستانہ مرز، الگویی برای تحلیل فتوحات اعراب مسلمان در ایران» (سرحد کی دلہیز پر مزاحمت: ایران میں مسلمان عرب فاتحین کی فتوحات کے تحلیل کا ایک نمونہ)، فصلنامہ مطالعات تاریخی جنگ، شمارہ 6، موسم سرما 2018-2019ء۔
- حسنبگی، علی؛ مہدویفرد، امیرعباس، «واکاوی دیدگاه اهل بیت (ع) به فتوحات صدر اسلام با رویکرد تاریخی حدیثی» (فتوحاتِ صدرِ اسلام کے حوالے سے اہلِ بیتؑ کے موقف کا تاریخی و حدیثی مطالعہ)، فصلنامہ مطالعات تاریخی جنگ، شمارہ 4، موسم گرما 2018ء۔
- حسنبیگی، علی؛ دسترنج، فاطمہ، احمدی، فاطمہ، «بررسی نقش رویدادہا بر پدیداری حدیث؛ مطالعہ موردی: فتوحات صدر اسلام و روایت أمِرتُ أن اُقَاتِل النَّاس...» (حدیث کی تشکیل پر واقعات کے کردار کا جائزہ؛ ایک موردی مطالعہ: صدرِ اسلام کی فتوحات اور روایت «أُمِرْتُ أَنْ أُقَاتِلَ النَّاسَ...»)، فصلنامہ مطالعات تاریخی جنگ، شمارہ 18، موسم سرما 2021-2022ء۔
- حسین، طہ، الفتنۃ الکبری، قاہرہ، دار العارف، 1400ھ۔
- خسروشاہی، ہادی، تاریخ بیت المقدس و مسئلہ فلسطین، قم، دارالتبلیغ اسلامی، 1354ہجری شمسی۔
- دینوری، احمد بن داوود، الأخبار الطوال، تحقیق: عبد المنعم عامر مراجعہ جمال الدین شیال، قم، منشورات الرضی، 1368ہجری شمسی۔
- رحمتی، محسن؛ آقاجری، الہام، «جایگاہ تفلیس در قلمرو اسلامی از آغاز فتوحات تا اوایل قرن ششم ہجری» (فتوحات کے آغاز سے چھٹی صدی ہجری کے اوائل تک اسلامی قلمرو میں تفلیس کا مقام)، فصلنامہ تاریخ اسلام، شمارہ 82، موسم گرما 2020ء۔
- رنجبر، محسن، «مواضع امام علی در برابر فتوحات خلفا»، فصلنامہ تاریخ اسلام در آینہ پژوہش، شمارہ 2، موسم بہار 2003ء۔
- زرین کوب، عبدالحسین، کارنامہ اسلام، موسسہ انتشارات امیر کبیر، تہران، چوتھی اشاعت 1369ہجری شمسی۔
- سہمی، حمزۃ بن یوسف، تاریخ جرجان، محقق: تحت مراقبۃ محمد عبد المعید خان، بیروت، عالم الکتب، چوتھی اشاعت، 1407ھ۔
- سیوطی، عبد الرحمان بن ابیبکر، تاریخ الخلفا، تحقیق: رہاب خضر عکاوی، بیروت، موسسہ عز الدین، 1992ء۔
- طباطبایی، سید محمدحسین، المیزان فی تفسیر القرآن، دفتر انتشارات اسلامی، قم، 1417ھ۔
- طبری، محمد بن جریر بن یزید، تاریخ الطبری؛ تاریخ الأمم و الملوک، بیروت، دار التراث، دوسری اشاعت، 1387ھ۔
- مسعودی، علی بن حسین، مروج الذہب و معادن الجوہر، مصر، مطبعۃ البیہۃ المصریہ، 1346ھ۔
- مطہری، مرتضی، آشنایی با قرآن، انتشارات تہران، نشر صدرا، 1389ہجری شمسی۔
- مطہری، مرتضی، جاذبہ و دافعہ علی(ع)، تہران، نشر صدرا، 1390ہجری شمسی۔
- مطہری، مرتضی، سیری در سیرہ ائمہ اطہار، تہران، نشر صدرا، 1390ہجری شمسی۔
- مطہری، مرتضی، مجموعہ آثار، تہران، نشر صدرا، 1390 ہجری شمسی۔
- مقدسی، مطہر بن طاہر، البدء و التاریخ، قاہرہ، مکتبۃ الثقافۃ الدینیۃ، بے تا۔
- مکارم شیرازی، ناصر، تفسیر نمونہ، تہران، دار الکتب الاسلامیۃ، 1374ہجری شمسی۔
- واقدی، محمد بن عمر، فتوح الشام، بیروت، دارالفکر، 1409ھ۔
- یاقوت حموی، یاقوت بن عبداللہ، معجم البلدان، بیروت، دارصادر، الطبعۃ الثانیۃ، 1996ء۔
- یعقوبی، احمد بن اسحاق، تاریخ الیعقوبی، نجف، مکتبۃ المرتضویہ، 13858ھ۔