مندرجات کا رخ کریں

مسودہ:سرحدوں کی حفاظت

ویکی شیعہ سے

سرحدوں کی حفاظت یا مرابطہ سے مراد کسی ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور انہیں بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔ اسلامی فقہ میں سرحدوں کی حفاظت مستحب ہے، تاہم بعض صورتوں میں، مثلاً اسلام کو خطرہ لاحق ہونے یا نذر کی ادائیگی کی صورت میں، یہ واجب ہو جاتی ہے۔ پندرہویں صدی ہجری کے بعض شیعہ فقہا زمانے کے تقاضوں کے پیش نظر سرحدوں کی حفاظت کو واجب کفائی قرار دیتے ہیں۔ سرحدوں کی حفاظت کے لئے امام معصومؑ سے اجازت لینے کے بارے میں بعض فقہا اسے واجب قرار دیتے ہیں، جب کہ بعض کے نزدیک اس کی ضرورت نہیں ہے۔

سرحدوں کی حفاظت کے لئے مالی نذر کے بارے میں شیعہ فقہا کے درمیان مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔ شیخ طوسی مالی نذر کے ذریعے سرحدوں کے محافظوں کی مدد کرنے کو واجب نہیں سمجھتے، جب کہ علامہ حلی اور شہید اول کے نزدیک ہر صورت میں نذر پوری کرنا لازم ہے۔ اسی طرح سرحدوں کی حفاظت کے لئے کسی کو اجرت پر رکھنے کے بارے میں شیخ طوسی اسے واجب نہیں سمجھتے اور وصول کی گئی رقم واپس کرنے کو ضروری قرار دیتے ہیں، جب کہ بعض دوسرے فقہا کے نزدیک معاہدے کی پابندی واجب ہے۔

سرحدوں کی حفاظت کی مدت تین سے چالیس دن تک بیان کی گئی ہے اور اس سے زیادہ مدت تک سرحدوں کی حفاظت کا حکم جہاد کے حکم میں آتا ہے۔ بعض فقہا سرحدوں کی حفاظت سے متعلق عمارتوں اور تنصیبات کی تعمیر کے لئے وجوہات شرعیہ، مثلاً زکوٰۃ کے استعمال کو جائز قرار دیتے ہیں۔ سرحدی محافظوں کی مدد کرنا، حتیٰ کہ انہیں ضروری سازوسامان بھیجنا بھی باعثِ ثواب ہے۔ امام سجادؑ نے بھی صحیفہ سجادیہ کی ستائیسویں دعا میں سرحدی محافظوں کی تقویت، استحکام اور ان میں تقویٰ و پرہیزگاری کی صفت میں اضافے اور دشمنوں کی نابودی کے لئے دعا فرمائی ہے۔

مفہوم اور اہمیت

فقہی اصطلاح میں سرحدوں کی حفاظت سے مراد اسلامی اور غیر اسلامی ممالک کے درمیان سرحدوں کی محافظت اور نگرانی،[1] دشمن کی تحرکات سے باخبر رہنا[2] اور ان کی دراندازی کو روکنا ہے۔[3] سیاسی اور جغرافیائی اصطلاح میں کسی ملک کی دوسرے ممالک کے ساتھ مشترکہ سرحدوں کی نگرانی کو سرحدوں کی حفاظت کہا جاتا ہے،[4] جس میں زمینی، فضائی اور بحری سرحدیں شامل ہیں۔[5]

احادیث میں سرحدوں کی حفاظت کے متعدد فضائل بیان ہوئے ہیں، جن میں گناہوں بخشش، نامۂ اعمال میں ثواب کا درج ہونا،[6] ایک ماہ کی عبادت سے زیادہ فضیلت، عذاب قبر سے محفوظ رہنا[7] اور جہنم کی آگ سے نجات شامل ہیں۔[8]

قطب راوندی نے سورہ آل عمران آیت نمبر 200 میں لفظ «رَابِطُوا» سے سرحدوں کی حفاظت مراد لیا ہے۔[9]

اخروی اجر و ثواب کے لحاظ سے سرحدوں کی حفاظت کی بہترین صورتیں جان، مال اور اہل و عیال کے ذریعے (غیر جنگی حالات میں) سرحدوں کی حفاظت[10] اور خطرناک سرحدوں کی حفاظت بیان کی گئی ہیں۔[11] جعفر کاشف الغطاء کے مطابق سرحدی علاقوں کے باشندے بھی اگر سرحدوں کے دفاع کے لئے تیار رہیں تو انہیں بھی سرحدوں کی حفاظت کا ثواب ملتا ہے۔[12] اسی طرح سرحدوں کی حفاظت کے دوران قتل ہونے والے افراد شہید شمار ہوتے ہیں اور انہیں شہید کا ثواب حاصل ہوتا ہے۔[13] مناسب ہے کہ سرحدی محافظ اپنی نمازوں کو مسجد میں ادا کریں تاکہ دشمن مسلمانوں کے اجتماع اور ان کی کثرت کو دیکھ کر خوف و ہراس میں مبتلا ہو۔[14]

امام سجادؑ کی سرحدی محافظوں کے لئے دعا

امام سجادؑ نے صحیفہ سجادیہ میں سرحدی محافظوں کی قوت و استقامت، تقویٰ میں اضافے اور باہمی اتحاد و یکجہتی کے لئے اللہ سے دعا فرمائی ہے۔ آپؑ نے بارگاہِ الٰہی میں ان محافظوں کے علم و آگاہی میں اضافے، انہیں درست تدبیر اور صحیح حکمت عملی اپنانے اور اسلام دشمنوں کی نابودی کی درخواست کی ہے۔ اسی طرح آپؑ نے دعا فرمائی ہے کہ دنیاوی مفادات اور تعلقات انہیں دشمن کے مقابلے میں کمزوری دکھانے یا پیچھے ہٹنے پر آمادہ نہ کریں اور آخرت کی یاد ان کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رکھے۔ مزید برآں، دشمن پر فتح و کامرانی کے بعد ان کے لئے شہادت کی آرزو بھی فرمائی ہے۔[15]

سرحدوں کی حفاظت کا وجوب اور استحباب

شیعہ فقہاء میں سے علامہ حلی[16] اور صاحب جواہر[17] سرحدوں کی حفاظت کو مستحب قرار دیتے ہیں اور امام معصومؑ کے زمانۂ حضور میں اس کے لئے زیادہ فضیلت کے قائل ہیں۔[18] تاہم بعض صورتوں میں مثلا اسلام اور مسلمانوں کو خطرہ لاحق ہونے[19] یا نذر کی ادائیگی کی صورت میں یہ واجب ہو جاتی ہے۔[20] اسلامی جمہوریہ ایران بانی امام خمینی کے مطابق اسلامی ممالک کی سرحدوں پر حملے کی صورت میں ان کا دفاع تمام مسلمانوں پر واجب ہے۔[21]

پندرہویں صدی ہجری کے بعض شیعہ مراجع تقلید جیسے آیت اللہ بہجت اور آیت اللہ نوری ہمدانی زمانے کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے سرحدوں کی حفاظت کو واجب کفائی قرار دیتے ہیں،[22] اور ان کے نزدیک جب سرحدوں پر ضرورت کے مطابق محافظ تعینات ہو جائیں تو اس کا حکم استحباب میں تبدیل ہو جاتا ہے۔[23] کاشف الغطاء کے مطابق اگر سرحدوں کی حفاظت واجب کفائی ہو اور اس کے لئے کافی تعداد میں افراد نہ جائیں تو جو لوگ اس ذمہ داری کو انجام دیتے ہیں، وہ اجرت وصول کرنے کے حق دار نہیں ہیں۔[24]

شیخ طوسی نے اپنی کتاب المبسوط میں سرحدوں کی حفاظت کے مستحب ہونے کو امام عادل کی موجودگی سے مشروط کیا ہے،[25] جب کہ اپنی دوسری کتاب میں اسے مطلقاً مستحب قرار دیا ہے۔[26]

عصر غیبت میں سرحدوں کی حفاظت

شیخ طوسی کے نزدیک سرحدوں کی حفاظت کے لئے نذر ماننے کی صورت میں اسے پورا کرنا واجب ہے؛ تاہم ان کا خیال ہے کہ زمانۂ غیبت میں اگر کوئی شخص اپنے مال کا کچھ حصہ سرحدی محافظوں کو دینے کی منت مانے تو اس نذر کو پورا کرنا واجب نہیں ہے اور وہ اس مال کو دوسرے فلاحی اور خیراتی کاموں میں صرف کر سکتا ہے۔[27] اس کے باوجود بعض فقہا کا موقف ہے کہ امام معصومؑ کے زمانۂ حضور اور غیبت دونوں صورتوں میں نذر پوری کرنا واجب ہے[28] اور اس مال کو دوسرے فلاحی کاموں میں صرف کرنا جائز نہیں ہے۔[29]

بعض شیعہ فقہا کے نزدیک اگر کوئی شخص زمانۂ غیبت میں سرحدوں کی حفاظت کے لئے کسی دوسرے کی طرف سے اجرت پر کام کرنے کا معاہدہ کرے تو اس معاہدے کو پورا کرنا اس پر واجب نہیں ہے البتہ اسے وصول کی گئی رقم واپس کرنی ہوگی۔[30] اس کے برخلاف، بعض دوسرے فقہا ایسے معاہدوں کی پابندی کو بھی واجب قرار دیتے ہیں۔[31]

علامہ حلی کے مطابق امام زمانہؑ کی غیبت کے زمانے میں سرحدوں کی حفاظت کے ذمہ دار شخص کو جنگ کا آغاز نہیں کرنا چاہئے۔ اس کی ذمہ داری دشمنوں کو اسلامی سرزمینوں میں داخل ہونے سے روکنا، دشمن کی تحرکات سے مسلمانوں کو آگاہ کرنا اور حملے کی صورت میں دفاع کرنا ہے۔ ایسے حالات میں لڑائی کا مقصد اسلام اور اپنی جان کا دفاع ہونا چاہئے، نہ کہ جہاد کی نیت سے جنگ میں پہل کرنا۔[32]

سرحدوں کی حفاظت کے حوالے سے حکومت کی ذمہ داری

بعض فقہا کے نزدیک معاشرے کے حاکم[33] یا ولی فقیہ[34] کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہمیشہ سرحدوں کی حفاظت کے لئے افراد تعینات کرے اور سرحدی محافظوں پر بھی اس کی اطاعت لازم اور واجب ہے۔[35] سرحدی محافظوں کو امام معصومؑ یا ان کے مقرر کردہ نمائندے کی اجازت کے بغیر جنگ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔[36] اسی طرح سرحدوں کی حفاظت سے متعلق بنائی گئی عمارتوں اور تنصیبات کی تعمیر کے لئے زکوٰۃ جیسی وجوہات شرعیہ استعمال کرنا جائز قرار دیا گیا ہے۔[37]

سرحدوں کی حفاظت سے متعلق احکام

  • سرحدوں کی حفاظت کی مدت: شیعہ فقہا جیسے شیخ طوسی اور محقق حلی کے مطابق جب سرحدوں کی حفاظت مستحب ہو تو اس کی مدت تین سے چالیس دن تک ہے اور اس سے زیادہ مدت پر جہاد حکم لاگو ہوگا۔[38] بعض فقہا تین دن سے کم مدت کی سرحدی حفاظت کو بھی معتبر سمجھتے ہیں،[39] تاہم اس کا ثواب نسبتاً کم ہے۔[40]
  • امام معصومؑ سے اجازت لینا: بعض فقہا جیسے کاشف الغطاء اور آیت اللہ مشکینی سرحدوں کی حفاظت کے لئے امام معصومؑ کی اجازت یا مرجع تقلید کے فتوے کو ضروری نہیں سمجھتے۔[41] تاہم بعض فقہا کے نزدیک امام معصومؑ کے زمانۂ حضور میں ان سے اجازت لینا واجب ہے۔[42] اسی طرح دشمنوں کے ساتھ جنگ کے لئے بھی سرحدی محافظوں کو امام یا ان کے مقرر کردہ نمائندے سے اجازت لینا ضروری ہے۔[43]
  • سرحدی محافظوں کی مدد: سرحدی محافظوں کو ضروری سازوسامان بھیجنا یا کسی بھی طریقے سے ان کی مدد کرنا باعثِ ثواب ہے۔[44]
  • جو افراد جہاد کی غرض سے سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، وہ مالِ غنیمت میں حصہ دار ہوتے ہیں۔[45]
  • خطرناک سرحدی علاقوں میں اہل و عیال کو ساتھ لے جانا مکروہ[46] اور بعض صورتوں میں حرام قرار دیا گیا ہے۔[47]

حوالہ جات

  1. ↑ مشکینی، مصطلحات الفقہ، ص512۔
  2. ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج21، ص39۔
  3. ↑ محقق حلی، شرائع الإسلام، ج1، ص280۔
  4. ↑ قیصری، «مبانی فقہی مرزبانی در مسئولیت پلیس مرزبانی ناجا»، ص86۔
  5. ↑ آقابابایی، «ارزش مرزبانی: جغرافیا و امنیت در اسلام و جمہوری اسلامی ایران»، ص89۔
  6. ↑ شیخ صدوق، کتاب من لایحضرہ الفقیہ، ج2، ص284۔
  7. ↑ ابن حنبل، مسند الامام احمد بن حنبل، ج39، ص130۔
  8. ↑ ترمذی، الجامع الصحیح (سنن الترمذی)، ج3، ص573۔
  9. ↑ راوندی، فقہ القرآن، ج1، ص333۔
  10. ↑ کاشف الغطاء، کشف الغطاء، ج4، ص387۔
  11. ↑ علامہ حلی، تحریر الأحکام، ج2، ص135؛ نجفی، جواہر الکلام، ج21، ص44۔
  12. ↑ کاشف الغطاء، کشف الغطاء، ج4، ص384۔
  13. ↑ علامہ حلی، تحریر الأحکام، ج2، ص136؛ کاشف الغطاء، کشف الغطاء، ج4، ص390۔
  14. ↑ علامہ حلی، تذکرۃ الفقہاء، ج9، ص452۔
  15. ↑ صحیفہ سجادیہ، دعا نمبر 27۔
  16. ↑ علامہ حلی، تحریر الأحکام، ج2، ص135۔
  17. ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج21، ص38۔
  18. ↑ علامہ حلی، تحریر الأحکام، ج2، ص135۔
  19. ↑ کاشف الغطاء، کشف الغطاء، ج4، ص384؛ نجفی، جواہر الکلام، ج21، ص38۔
  20. ↑ شیخ طوسی، المبسوط، ج2، ص8؛ علامہ حلی، تحریر الأحکام، ج2، ص136۔
  21. ↑ خمینی، تحریر الوسیلۃ، ص378۔
  22. ↑ «درس خارج فقہ حضرت آیت اللہ بہجت» ؛ «درس خارج فقہ آیت اللہ نوری»۔
  23. ↑ «درس خارج فقہ حضرت آیت اللہ بہجت»۔
  24. ↑ کاشف الغطاء، کشف الغطاء، ج4، ص389۔
  25. ↑ شیخ طوسی، المبسوط، ج2، ص8۔
  26. ↑ طوسی، الاقتصاد الہادی، ص312۔
  27. ↑ شیخ طوسی، المبسوط، ج2، ص8۔
  28. ↑ علامہ حلی، تحریر الأحکام، ج2، ص136؛ نجفی، جواہر الکلام، ج21، ص44۔
  29. ↑ شہید اول، الدروس الشرعیۃ، ج2، ص30۔
  30. ↑ شیخ طوسی، المبسوط، ج2، ص8-9۔
  31. ↑ علامہ حلی، تحریر الأحکام، ج2، ص136۔
  32. ↑ علامہ حلی، تحریر الأحکام، ج2، ص135۔
  33. ↑ کاشف الغطاء، کشف الغطاء، ج4، ص388۔
  34. ↑ تہرانی، ولایۃ الفقیہ فی حکومۃ الإسلام، ج3، ص261۔
  35. ↑ کاشف الغطاء، کشف الغطاء، ج4، ص388۔
  36. ↑ کاشف الغطاء، کشف الغطاء، ج4، ص389۔
  37. ↑ کاشف الغطاء، کشف الغطاء، ج4، ص388۔
  38. ↑ شیخ طوسی، الاقتصاد الہادی، ص312؛ محقق حلی، نکت النہایۃ، ج2، ص5۔
  39. ↑ «درس خارج فقہ حضرت آیت اللہ بہجت»۔
  40. ↑ کاشف الغطاء، کشف الغطاء، ج4، ص388۔
  41. ↑ کاشف الغطاء، کشف الغطاء، ج4، ص385؛ مشکینی، مصطلحات الفقہ، ص512۔
  42. ↑ «درس خارج فقہ حضرت آیت اللہ بہجت»۔
  43. ↑ کاشف الغطاء، کشف الغطاء، ج4، ص389۔
  44. ↑ شیخ طوسی، النہایۃ، ص291؛ محقق حلی، شرائع الإسلام، ج1، ص280۔
  45. ↑ طبرسی، المؤتلف، ج2، ص96۔
  46. ↑ علامہ حلی، تحریر الأحکام، ج2، ص135۔
  47. ↑ نجفی، جواہر الکلام، ج21، ص44۔

مآخذ

  • «درس خارج فقہ حضرت آیت اللہ بہجت»، مدرسہ فقاہت، تاریخِ اشاعت: 3 نومبر 2008ء، تاریخِ مشاہدہ: 23 نومبر 2026ء۔
  • «درس خارج فقہ حضرت آیت اللہ بہجت»، مدرسہ فقاہت، تاریخِ اشاعت: 10 نومبر 2008ء، تاریخِ مشاہدہ: 23 نومبر 2026ء۔
  • «درس خارج فقہ حضرت آیت اللہ بہجت»، مدرسہ فقاہت، تاریخِ اشاعت: 12 نومبر 2008ء، تاریخِ مشاہدہ: 23 نومبر 2026ء۔
  • «درس خارج فقہ آیت اللہ نوری»، مدرسہ فقاہت، تاریخِ اشاعت: 16 مارچ 2009ء، تاریخِ مشاہدہ: 23 نومبر 2026ء۔
  • ابن حنبل، احمد، مسند الامام احمد بن حنبل، تحقیق: عامر غضبان و دیگران، بیروت، مؤسسۃ الرسالہ، 1416ھ۔
  • آقابابایی، حسین، «ارزش مرزبانی: جغرافیا و امنیت در اسلام و جمہوری اسلامی ایران» (سرحدی حفاظت کی اہمیت: اسلام اور اسلامی جمہوریہ ایران میں جغرافیہ اور سلامتی)، مجلہ آموزہ ہای حقوق کیفری، شمارہ 13، بہار 2010ء۔
  • ترمذی، محمد بن عیسیٰ، الجامع الصحیح (سنن الترمذی)، قاہرہ، دار الحدیث، پہلی اشاعت، 1419ھ۔
  • حسینی تہرانی، سید محمد حسین، ولایۃ الفقیہ فی حکومۃ الإسلام، بیروت، دار الحجۃ البیضاء، پہلی اشاعت، 1418ھ۔
  • خمینی، روح اللہ، تحریر الوسیلۃ، تہران، مؤسسہ تنظیم و نشر آثار امام خمینی، 2000ء۔
  • راوندی، سعید بن ہبۃ اللہ، فقہ القرآن، تحقیق: احمد حسینی اور محمود مرعشی، قم، مکتبۃ آیۃ اللہ المرعشی النجفی، دوسری اشاعت، 1405ھ۔
  • شہید اول، محمد بن مکی، الدروس الشرعیۃ فی فقہ الإمامیۃ، قم، دفتر انتشارات اسلامی، دوسری اشاعت، 1417ھ۔
  • شیخ صدوق، محمد بن علی، کتاب من لایحضرہ الفقیہ، قم، دفتر انتشارات اسلامی، 1984۔
  • شیخ طوسی، محمد بن حسن، الاقتصاد الہادی إلى طریق الرشاد، تہران، کتابخانۂ جامع چہل ستون، پہلی اشاعت، 1375ھ۔
  • شیخ طوسی، محمد بن حسن، المبسوط فی الفقہ الإمامیۃ، تہران، المکتبۃ المرتضویۃ لإحیاء الآثار الجعفریۃ، تیسری اشاعت، 1387ھ۔
  • شیخ طوسی، محمد بن حسن، النہایۃ فی مجرد الفقہ والفتاوى، بیروت، دار الکتاب العربی، دوسری اشاعت، 1400ھ۔
  • شیخ طوسی، محمد بن حسن، تہذیب الأحکام، تہران، دار الکتب الإسلامیۃ، چوتھی اشاعت، 1407ھ۔
  • صحیفہ سجادیہ۔
  • طبرسی، فضل بن حسن، المؤتلف من المختلف بین أئمۃ السلف، مشہد، مجمع البحوث الإسلامیۃ، پہلی اشاعت، 1410ھ۔
  • علامہ حلی، حسن بن یوسف، تحریر الأحکام الشرعیۃ على مذہب الإمامیۃ، قم، مؤسسہ امام صادقؑ، پہلی اشاعت، 1420ھ۔
  • علامہ حلی، حسن بن یوسف، تذکرۃ الفقہاء، تحقیق: مؤسسہ آل البیتؑ کا تحقیقی گروپ، قم، مؤسسہ آل البیتؑ، پہلی اشاعت، 1414ھ۔
  • قیصری، حبیب اور محمد قیصری، «مبانی فقہی مرزبانی در مسئولیت پلیس مرزبانی ناجا» (سرحدی پولیس کی ذمہ داریوں میں سرحدی حفاظت کے فقہی مبانی)، مجلہ بصیرت و تربیت اسلامی، شمارہ 14، 2009ء۔
  • کاشف الغطاء، جعفر، کشف الغطاء عن مبہمات الشریعۃ الغراء، قم، دفتر تبلیغات اسلامی، پہلی اشاعت، 1422ھ۔
  • محقق حلی، جعفر بن حسن، شرائع الإسلام فی مسائل الحلال والحرام، قم، اسماعیلیان، دوسری اشاعت، 1408ھ۔
  • محقق حلی، جعفر بن حسن، نکت النہایۃ، قم، دفتر انتشارات اسلامی، پہلی اشاعت، 1412ھ۔
  • مشکینی، علی، مصطلحات الفقہ، قم، دار الحدیث، ء2013۔
  • نجفی، محمد حسن، جواہر الکلام فی شرح شرائع الإسلام، تصحیح: عباس قوچانی اور علی آخوندی، بیروت، دار إحیاء التراث العربی، ساتویں اشاعت، 1404ھ۔