مندرجات کا رخ کریں

مشہد السقط

ویکی شیعہ سے
(مشہدالسقط سے رجوع مکرر)
مشہد السقط
مشہد السقط
ابتدائی معلومات
بانیسیف الدولہ حمدانی
تاسیسسنہ 351 ھ
استعمالزیارت گاہ
محل وقوعحلب، شام
دیگر اسامیمشہد محسن بن الحسین (ع)
مشخصات
موجودہ حالتدہشت گردانہ حملے میں منہدم
معماری
تعمیر نوساتویں صدی ہجری


مَشہَد السِّقْطْ یا مشہد مُحْسن بن الحُسَین کے نام سے شام کے شہر حلب کے پاس پہاڑ کے دامن میں ایک زیارت گاہ موجود ہے۔ یہ عمارت مشہد النقطہ نام کے مقام سے 300 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس عمارت کو 351 ھ میں سیف الدولہ حمدانی کے حکم سے تعمیر کیا گیا۔ یہ مقام امام حسین علیہ السلام کے محسن نام کے بیٹے سے منسوب ہے اور کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی والدہ کے رحم سے اس مقام پر سقط ہوئے۔ لیکن تاریخی مآخذ میں امام حسین کے بیٹوں میں ایسا کوئی نام مذکور نہیں ہے۔

صاحب مرقد

یہ عمارت محسن بن حسین (ع) کے نام سے منسوب ہے۔ مؤرخ یاقوت کے مطابق واقعۂ کربلا کے بعد اسیران کربلا کے اس مقام پر استراحت کے دوران حضرت امام حسین کی ایک بیوی کا فرزند اس جگہ سقط ہوا تھا۔[1] یا انکے ہمراہ ایک بیٹا تھا جس کی حلب میں موت کے بعد اسے اسی مقام پر دفن کیا گیا۔[2] اس جگہ کو محسن‌السقط کہا جانے لگا۔ ابن عدیم نے کہا ہے: کہا گیا ہے کہ سقط شدہ بچے کا نام محسن بن حسین رکھا گیا تھا لیکن تاریخی منابع اس نام کی تائید نہیں کرتے ہیں[3] اور نہ منابع تاریخی امام حسین کے کسی محسن نام کے بیٹے کو انکی طرف نسبت ہی دیتے ہیں۔

کشف قبر

اس جگہ لکڑی کا ایک تختہ تھا جس بیٹھ کر سیف‌ الدولہ حمدانی گھڑ دوڑ دیکھتا تھا اور اسے مشہد الدکّہ اور مشہد الطرح کہتے تھے۔[4] غزی "تاریخ ابن ابی طی" سے نقل کرتا ہے: سنہ 351 ھ میں سیف الدولہ نے شہر سے ایک نور دیکھا اس جگہ کو کھودا گیا تو ایک پتھر دریافت ہوا جس پر لکھا ہوا تھا: هذا قبر محسن بن الحسین بن علی علیه ‌السلام اس نے علویوں کو اکٹھا کیا اور ان سے سوال و جواب کئے کہ کیا امام حسین محسن کے نام سے بیٹا رکھتے تھے؟ کچھ نے جواب دیا: ہمیں کوئی علم نہیں ہے۔ ہم نے سنا ہے کہ حضرت فاطمہ(س) حاملہ تھیں اور پیامبر(ص) نے اس رحم کے جنین کو محسن کے نام سے یاد کیا تھا۔ محسن علی (ع) کے گھر پر حملے کے دوران سقط ہوا۔ بعض نے کہا: جب اسیران کربلا جب یہاں سے گزر رہے تھے تو امام حسین علیہ السلام کی ایک زوجہ سے سقط جنین ہوا۔[5]

پھر سیف الدولہ نے کہا: خداوند نے اجازت دی ہے کہ یہ مقام آباد ہو اور میں اسے اہل بیت کے نام سے آباد کروں. اس کے حکم سے مزار اور مرقد بنایا گیا اور اسکے حکم سے خط کوفی میں لکھا گیا: عَمَرَ هذا المَشهدَ المُبارکَ ابتِغاءً لِوَجهِ اللهِ و قُربَةً اِلی اللهِ، عَلی اسمِ مولانا المُحسنِ بنِ الحسینِ بن علیٍّ بن ابی طالب رَضی اللهُ عَنهم، الامیرُ الاجل، سیف الدوله ابوالحسن علی بن عبدالله بن حمدان سنة ۳۵۱ه[6]

محل وقوع

گزشتہ زمانے میں یہ زیارت گاہ حلب کے غرب میں موجود جوشن نامی پہاڑ کے دامن میں واقع تھی۔[7] آجکل حلب میں مشہد نام کی سڑک پر واقع ہے۔ اس شہر کے مکینوں کے نزدیک شیخ محسن کے نام سے پہچانی جاتی ہے۔ اس زیارت‌ گاه کے قریب مشہدالنقطہ اور ابن زہره (585 ھ)، ابن شہر آشوب اور احمد بن منیر طرابلسی (548 ھ) جیسے شیعہ علما کی قبریں واقع ہیں۔[8]

بعض مؤرخوں نے اس پہاڑ کے جوشن نام کا سبب بیان کرتے ہوئے کہا ہے شمر بن ذی الجوشن نے اسیران اور شہدائے کربلا کے ہمراہ اس جگہ قیام کیا تھا اس مناسبت اسے جوشن کہا جانے لگا۔ یاقوت حموی کے مطابق یہاں معدنی کان موجود تھی جس سے تانبہ نکلتا تھا۔ کان میں کام کرنے والے اسیروں کے ساتھ برے رویے سے پیش آنے کی وجہ سے مورد نفرین قرار پائے جس کی بدولت کان ختم ہو گئی۔[9]

تاریخچۂ عمارت

یہ عمارت پہلی مرتبہ 351 ھ میں سیف الدولہ حمدانی کے حکم سے بنائی گئی۔[10] فربخ نے 518 ھ میں حلب پر قبضہ کیا اور اس نے نبش قبر کیا، اس میں کوئی چیز نہیں پائی تو اس نے اسے آگ لگا دی۔[11] ساتویں صدی ہجری میں برقرق بن رضی نے اسے دوبارہ از سر نو تعمیر کیا اور اسکے لئے متولی، مؤذن اور امام جماعت مقرر کیا۔[12] شیخ عباس قمی نے سنہ 1342 ھ میں اس مقام کی زیارت کی اور اس زمانہ میں اس کی عمارت کے استحکام کا ذکر کیا ہے۔ کتاب نفثۃ المصدور میں ان کے قول کے مطابق، یہ عمارت حلب میں جنگ کی وجہ سے خراب ہو چکی ہے اور اس کتاب کی تالیف کے وقت اس کی عمارت خراب شدہ شکل میں ہے۔[13]

یہ عمارت ایک مرکزی صحن پر مشتمل ہے جس کے اطراف میں مختلف عمارتیں ہال، رواق‌ اور مقبره محسن بن حسین واقع ہیں۔ عمارت کے ہر حصے پر نیم دائرے کی صورت میں چھوٹے گنبد بنے ہوئے ہیں۔ صحن کے شمالی ضلع میں ایوبی بادشاہوں کے دور کے کتبے نصب ہیں جن پر چودہ معصومین پر صلوات لکھی گئی ہے۔[14] یہ مرقد 24 اگست 2012 ء میں دہشت گردانہ حملے کی بدولت خرابے میں تبدیلی ہوگئی۔[15]

حوالہ جات

  1. حموی، معجم البلدان، ج۲، ص۱۸۶.
  2. حموی، معجم البلدان، ج۲، ص۲۸۴.
  3. ابن عدیم، ج۴، ص۴۱۱.
  4. غزی، نہرالذہب، ج۲، ص۲۱۰.
  5. غزی، نہرالذہب، ج۲، ص۲۱۰.
  6. غزی، نہرالذہب، ج۲، ص۲۱۰.
  7. حموی، معجم البلدان، ج۲، ص۱۸۶.
  8. حسینی جلالی، مزارات اہل البیت و تاریخہا، ص۲۳۴-۲۳۵.
  9. حموی، معجم البلدان، ج۲، ص۱۸۶.
  10. غزی، نہرالذہب، ج۲، ص۲۱۰.
  11. ابن عدیم، بغیۃ الطلب، ج۴، ص۴۱۲.
  12. غزی، نہرالذہب، ج۲، ص۲۱۰.
  13. قمی، نفس المهموم، ۱۴۲۱ق، ص۶۱۲.
  14. خامہ یار، تخریب زیارت‌ گاه‌ ہای اسلامی، ص۶۲.
  15. خامہ یار، تخریب زیارت‌ گاه‌ ہای اسلامی، ص۶۳.

مآخذ

  • ابن عدیم، عمر بن احمد، بغیة الطلب فی تاریخ الحلب، بیروت، دارالفکر، بی ‌تا.
  • حسینی جلالی، محمد حسین، مزارات اهل البیت و تاریخها، بیروت، مؤسسہ اعلمی، چاپ سوم، ۱۴۱۵ق/۱۹۹۵ء
  • حلبی غزّی، کامل بن حسین، نهر الذهب فی تاریخ حلب، حلب، دارالقلم، ۱۴۱۹ق.
  • خامہ ‌یار، احمد، (تخریب زیارت‌ گاه‌های اسلامی در کشورهای عربی؛ عراق، سوریہ، تونس و لیبی)، قم، دار الاعلام لمدرسة اهل البیت، ۱۳۹۱ش.
  • یاقوت حموی، معجم البلدان، بیروت، دارصادر، ۱۹۹۵ء
  • قمی، عباس، نفس المهموم فی مصیبة سیدنا الحسین المظلوم و یلیہ نفثة المصدور فیما یتجدد بہ حزن العاشور، نجف، المکتبة الحیدریة، ۱۴۲۱ق.