مجلس وحدت مسلمین پاکستان

ویکی شیعہ سے
مجلس وحدت مسلمین پاکستان
عمومی معلومات
تاسیس2 اپریل 2009ء
نوعیتسیاسی و مذہبی
ہدفحقیقی اسلام کی ترویج
ہیڈ کوارٹراسلام آباد
سربراہناصر عباس جعفری
نائب سربراہسید احمد اقبال رضوی
متعلقہ ادارےالمجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ، خیر العمل فاونڈیشن
ویب سائٹhttp://mwmpak.org
ملکپاکستان
نعرہپاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے


مجلس وحدت مسلمین پاکستان (MWM) ایک شیعہ سیاسی مذہبی تنظیم ہے جس کی بنیاد سنہ 2009ء کو اسلام آباد میں رکھی گئی۔ اس تنظیم کا مقصد دینی تعلیمات کی ترویج، پاکستان کی سالمیت اور استحکام، دین اسلام کے اقدار کا تحفظ، محرومین کی حمایت، نیز وحدت اسلامی کے لئے عملی جد و جہد اور عارف حسین حسینی کے مشن کو جاری رکھنا ہے۔ سنہ 2010 ء کو راجہ ناصر عباس جعفری اس تنظیم کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔ سنہ 2013ء کو یہ تنظیم ایک سیاسی پارٹی کی شکل میں الیکشن کمیشن پاکستان میں رجسٹرڈ ہوگئی۔ اور خیمہ کا نشان اس کا انتخابی نشان قرار پایا۔ سنہ 2016ء میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں شرکت کی سنہ 2018ء کے انتخابات میں پاکستان کی سیاسی پارٹی تحریک انصاف کی اتحادی رہی۔ گلگت بلتستان کے 2015 اور 2020ء کے الیکشن میں بھی حصہ لیا۔ مجلس وحدت مسلمین مختلف ذیلی ادارہ جات من جملہ خیر العمل فاونڈیشن اور المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے تحت فلاحی امور بھی انجام دیتی ہے جن میں مساجد کی تعمیر، ہیلتھ سنٹرز کا قیام اور کفالت ایتام کے پروگرام قابل ذکر ہیں۔

اہمیت

مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں ایک سیاسی پارٹی ہے جسے اسلامی تحریک کی کارکردگی کو غیر اطمینان بخش سمجھ کر پاکستان کے بعض علما نے تشکیل دی۔ یہ تنظیم مختلف موقعوں پر پاکستان کی سیاست میں سر گرم رہی۔ مظلومین کی حمایت، مسنگ پرسنز کی بازیابی، عزاداری کے تحفظ اور مجالس عزاء کے دشمنوں کی ناپاک کوششوں کو ناکام کرنے، سیاسی اور قومی سطح پہ تشیع کو تنہا کرنے کی سازشوں کو روکنے اور خوف و دہشت کے ماحول کو توڑ کر دشمنان تشیع اور پاکستان کو بے نقاب کرنے میں ایم ڈبلیو ایم نے کردار ادا کیا ہے۔[1]

تأسیس

12 اپریل 2008ء کو اسلام آباد میں یہ طے پایا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نام سے علماء کا ایک سیٹ اپ تشکیل دیا جائے جو صوبہ پنجاب تک محدود رہے گا۔[2] اسی غرض سے 37 ارکان پر مشتمل شورائے مرکزی اور 12 افراد پر مشتمل شورائے عالی منتخب ہوئی۔[3] اور 3 مئی 2009ء کو ضلع چنیوٹ کے قصبہ رجوعہ سادات میں موجود مدرسہ بعثت میں اسے وسعت دیتے ہوئے مکمل تنظیمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ جبکہ ایک دستوری جماعت کے طور پر 2 اپریل سنہ 2009ء کو اسلام آباد میں اس کی بنیاد رکھی گئی۔[4] جس کا مقصد دینی تعلیمات کی ترویج، پاکستان کی سالمیت اور استحکام، اسلامی اقدار کا تحفظ، محرومین کی حمایت، نیز وحدت اسلامی کے لئے عملی جدوجہد کرنا ہے۔ اس پارٹی نے «پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے» کے نعرے کے ساتھ کام کا آغاز کیا۔[5]

تنظیمی ڈھانچہ

اس پارٹی کے ڈھانچے میں سب سے اعلی ادارہ شورائے عالی ہے جس کو پارٹی پالیسی بنانے کا اختیار حاصل ہے۔ اس کے علاوہ شورائے مرکزی، شورائے عمومی مرکزی کابینہ، صوبائی کابینہ اور ضلعی کابینہ ڈھانچے میں شامل ہیں۔[6] پارٹی کا مرکزی آفس اسلام آباد میں ہے جبکہ پاکستان کے ہر صوبے میں اس کا ڈویژنل آفس نیز بیرون ممالک میں بھی اس کے شعبے موجود ہیں۔[7] اس تنظیم کا ڈھانچہ شورائے عالی، شورائے مرکزی، شورائے عمومی اور کابینہ پر مشتمل ہے۔[8] ان اداروں کے علاوہ تنظیم کے امور چلانے کے لئے مرکزی کابینہ، صوبائی کابینہ اور ضلعی کابینہ بھی اس ڈھانچے کا حصہ ہیں۔[9]

سربراہ

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ راجہ ناصر عباس جعفری

مجلس وحدت المسلمین کے دستور کے مطابق پارٹی سربراہ تین سال کے لئے انتخابات کے ذریعے منتخب ہوتا ہے۔[10]

حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری 12 اپریل 2008ء کو شورای عالی کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے تھے۔[11] اور رسمی طور پر دس اور گیارہ اپریل 2010ء کو اسلام آباد میں منعقدہ تنظیمی کنونشن میں تنظیم کے سربراہ کے طور پر منتخب ہوئے۔[12] اور اب تک (2020ء) کے تنظیمی انتخابات میں مسلسل سیکرٹری جنرل منتخب ہوتے آرہے ہیں۔[13]

راجہ ناصر حوزہ علمیہ قم ایران میں 20 سال تک درس و تدریس میں مشغول رہے جو اب بھی اسی شعبے سے منسلک ہیں اور مدرسہ الولایۃ کے سرپرست بھی ہیں۔[14]

16 مئی 2022ء کو مجلس وحدت المسلمین پاکستان کی شورائے عمومی کے ووٹ سے دستور میں ترمیم کر کے پارٹی سربراہ کے عنوان کو سیکرٹری جنرل سے چیئرمین میں تبدیل کیا۔[حوالہ درکار]


کارکردگی

مجلس وحدت مسلمین کا پرچم

ملکی انتخابات میں شرکت

مجلس وحدت المسلمین سنہ 2013ء کو پاکستان الیکشن کمیشن میں ایک رسمی سیاسی پارٹی کے عنوان سے شامل ہوگئی[15] جس کا انتخابی نشان خیمہ ہے۔[16] اسی سال قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں شرکت کی اور بلوچستان اسمبلی میں ایک سیٹ جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔[17] البتہ ووٹرز کی تعداد کے مطابق مجلس وحدت مسلمین الیکشن کمیشن پاکستان کی رتبہ بندی کے مطابق 200 پارٹیوں میں 29ویں پارٹی بن گئی۔[حوالہ درکار]

سنہ 2018ء کے عام انتخابات میں پاکستان کی سیاسی پارٹی تحریک انصاف کی اتحادی رہی جس کے نتیجے میں پنجاب صوبائی اسمبلی میں خواتین کی ایک مخصوص نشست پر تحریک انصاف کے نام پر ایک خاتون کو بھیجنے میں کامیاب ہوئی۔[18] گلگت بلتستان کے 2015 کے الیکشن میں بھرپور حصہ لیا اور صرف دو سیٹیں جیت گئی[19] سنہ 2020 میں مجلس وحدت مسلمین نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں حصہ لیا۔[20] جن میں سے بلتستان سے ایک نمائندہ جیت گیا۔[21] اسلامی وحدت پر توجہ دینے کی وجہ سے سیاسی میدان میں اہل سنت جماعتوں میں سے بعض نے گلگت بلتستان الیکشن میں مجلس وحدت مسلمین کی حمایت کا اعلان کیا۔[22]


شیعوں کے حقوق کا دفاع

مجلس وحدت مسلمین، پاکستان میں شیعوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے اور شیعہ حقوق کے دفاع میں پیش پیش رہی ہے۔[23] اسی سلسلے میں پارٹی سربراہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شیعوں کے قتل پر احتجاج کرتے ہوئے 13 مئی سنہ 2016ء کو اسلام آباد میں بھوک ہژتال کیا اور یہ ہڑتال 87 دن تک جاری رہی۔[24] اور 87 دن بعد آیت اللہ مکارم شیرازی کے حکم کے مطابق ناصر عباس جعفری نے بھوک ہڑتال ختم کیا۔[25] اہل سنت کی مختلف جماعتوں نے بھی اس بھوک ہڑتال کی حمایت کی اور کیمپ میں آکر ہمدردی کا اظہار کیا۔[26]

طالبان سے مذاکرات کی مخالفت

مجلس وحدت مسلمین، پاکستان میں شیعوں پر ڈھائے جانے والے مظالم میں طالبان کو دخیل سمجھتی ہے۔[27] اس لئے نواز شریف کے دور حکومت میں طالبان سے مذاکرات کی سختی سے مخالفت کی۔ اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہر قسم کے اسباب و وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے طالبان کو اس ملک سے دور کرے۔[28] اور ہر قسم کے مذاکرات سے اجتناب کرے کیونکہ یہ لوگ پاکستان کی آئین اور قانون کو نہیں مانتے ہیں اور ایسے میں اس طرح کے کسی بھی دہشتگرد گروپ سے مذاکرات معقول نہیں ہے۔[29]

وحدتِ اسلامی

مجلس وحدت مسلمین کے اہداف میں سے ایک یہ ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک بنے جس میں تمام مذاہب کے لوگ سکون سے زندگی بسر کرسکیں۔[30] اسی تناظر میں بریلویوں کے ساتھ بہت قریب ہوئے۔ امت اسلامی کے اتحاد کے پیش نظر ہفتہ وحدت منانے میں بہت کوشاں رہتے ہیں۔[31]

اتحاد بین المسلمین کی خاطر سنی اتحاد کونسل، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن اور جمعیت علماء پاکستان نیازی گروپ سے روابط قائم کئے۔۔ اتحاد امت مصطفی کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ مذہبی اقلیتوں میں مسیحی، ہندو اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ بھی اچھے رابطے رہے۔[حوالہ درکار]


خیر العمل فاونڈیش کا قیام

مجلس وحدت المسلمین نے سیاسی فعالیت کے علاوہ فلاحی امور میں بھی کام شروع کیا ہے جس کے لئے دو ادارے خیرالعمل فاونڈیشن اور المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ بنائے گئے۔[32] خیرالعمل فاونڈیشن مجلس وحدت مسلمین کا شعبہ فلاح و بہبود ہے جس کا مقصد معاشرے کے مستحق اور محروم افراد کو بلاتفریق خدمت کرنا اور معاشرے میں ثقافت، ایثار، بھائی چارے، محبت رواداری اور دوسروں کی مدد جیسی اعلٰی اقدار کو پروان چڑھا کر انسانیت کو بندگی کے بلند ترین مرتبے پر فائز کرنا ہے۔[33] خیر العمل فاونڈیشن نے ابتدائی طور پر تین اہم شعبوں ڈیزاسٹر منیجمنٹ پروگرام، مستقل و دیرپا نتائج کے منصوبے، اور انسانی حقوق کی پاسداری (Human rights protection program) پر کام کا آغاز کیا ہے۔[34]

مستقل و دیرپا نتائج کے منصوبے والے پروگرام کو چند حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ شعبہ رابط و کوآرڈینیشن، شعبہ سروے اینڈ ریسرچ، چھوٹے منصوبوں کی تیاری اور ان پر عمل درآمد، تعلیم سپورٹ پروگرام، شعبہ صحت عامہ، شعبہ کفالت ایتام۔[35] اب تک اس ادارے کے توسط مختلف کام انجام پائے ہیں جن میں مساجد، دینی مراکز، اور ہیلتھ سنٹرز کا قیام ہے۔[36] اسی طرح فقراء کی مدد،[37] اجتماعی شادی،[38] مختلف علاقوں میں واٹر سپلائی کے پراجیکٹس[39] لگایا ہے تربیتی حوالے سے بھی یہ تنظیم فعالیت کرتی ہے[40] اور جوانوں کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے میں کوشاں ہے۔[41]

تعمیر مساجد

صوبہ پنجاب میں ایم ڈبلیو ایم کی بنائی ہوئی ایک مسجد، مدرسہ اور یتیم خانہ

مجلس وحدت مسلمین نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں مساجد بنوائیں جن میں سے بعض مندرجہ ذیل ہیں:[42]

  • مسجد فاطمہ زہرا ہرگیسا سکردو
  • مسجد امام رضا بستی گوکل لیہ،
  • مسجد القدس بھیرہ سیداں بارہ کہو اسلام آباد،
  • مسجد امام مہدی نور پور سیتھی چکوال،
  • مسجد امام موسیٰ کاظم ببر پکا ڈی آئی خان،
  • مسجد ابو الفضل العباس جمال پور پھالیہ،
  • مسجد امام باقر نامیوالی خوشاب،
  • مسجد فاطم زہرا بستی بخاری مظفر گڑھ،
  • مسجد صاحب الزمان درگئی اورکزئی ایجنسی،
  • مسجد رسول اعظم پیر اصحاب بھکر،
  • مسجد امام مہدی وانگ راجن پور،
  • مسجد امام حسین ریحان پورہ شیخوپورہ،
  • مسجد نبی یوسف الصدیق لکھیوال سرگودھا
  • مسجد ثامن الآئمہ کوٹ بھائی خان سرگودھا
  • مسجد امام مہدی جھل مگسی گنداوہ بلوچستان
  • مسجد حسن مجتبیٰ گوٹھ اللہ بخش گنداوہ بلوچستان،
  • مسجد فاطمہ زہرا عالم شیر پارہ چنار
  • امام بارگاہ اہلبیت زیڈان پارا چنار،
  • مسجد امام حسین مناور گلگت،
  • مسجد امام حسین نلتر نومل گلگت،
  • مسجد صاحب الزمان ساٹھ میل ٹائون نواب شاہ سندھ،
  • مسجد امام مجتبیٰ جیکب آباد سندھ،
  • مسجد امام مہدی لکھی غلام شاہ سندھ،
  • مسجد سبطین نصر کالونی سکھر،
  • مسجد الصادق پٹھان کالونی سکھر،
  • مسجد امام علی بستی بلوچی والا لیہ،
  • مسجد امام حسین بھوانہ شہر چنیوٹ،
  • مسجد فاطمہ زہرا چاہ فتح والا مورانی بھکر،
  • مسجد چہادہ معصومین منڈاوہ فقیر مظفر گڑھ،
  • مسجد فاطمہ زہرا پنڈدادنخان جہلم،
  • مسجد ابوذر غفاری سرائے مہاجر سکھر،
  • مسجد فاطمہ زہرا تحٹہ محمد شاہ چنیوٹ،
  • مسجد فاطمہ زاہرا ٹبی کربلا لیہ
  • مسجد امیر المومنین یو ای ٹی ٹائون لاہور

ہیلتھ سنٹرز

  • الخدیجہ میڈیکل سنٹر
  • اہلبیت کلینک، بستی لیہ
  • امام الہادی کلینک، ٹھٹہ محمد شاہ چنیوٹ
  • امام رضا کلینک، کچورہ گمبہ سکردو
  • خدیجۃ الکبریٰ میڈیکل سنٹر، جام پور
  • حضرت عباس ہسپتال، سکردو[43]

کفالت ایتام

خیر العمل فاونڈیشن نے کفالت ایتام منصوبے کے تحت سینکڑوں یتیموں کی کفالت کا آغاز سنہ 2013ء میں گلگت بلتستان سے کیا۔[44]

المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ

المجلس ڈیزاسٹر منیجمنٹ (ADMC) کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کسی بھی قدرتی یا انسانی سانحہ مثلاً زلزلہ، سیلاب، آتشزدگی یا بم دھماکے کی صورت میں بروقت اقدامات اٹھا کر نقصان کی شدت میں کمی لائی جا سکے۔ یہ ادارہ اب تک مختلف حادثات اور آفات کے موقع پر مستحقین اور متاثرین تک ریلیف پہنچانے میں کوشاں رہا ہے۔[45] سنہ 2010ء کے سیلاب سے پاکستان کے 36 اضلاع متاثر ہوئے اور ان میں خیر العمل فاونڈیشن نے 66686 خاندانوں کو ریلیف دیا۔ جبکہ ہزاروں متاثرین میں ادویات، خیمے اور کمبل تقسیم کئے۔[46]

نیز تعمیر وطن پروگرام کے تحت مجلس وحدت المسلمین نے سیلاب سے متاثر علاقوں میں خیرین کی مدد سے گھر، مسجد، ڈسپنسری، مدارس، اور سکول تعمیر کرائے۔ پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ، لیہ، رحیم یار خان، راجن پور، سندھ کے اضلاع شہداد کوٹ، کشمور، خیبر پختونخواہ کے علاقہ پہاڑ پور، بلوچستان کے علاقوں گنداخہ، اوستہ محمد اور صحبت پورہ میں پچیس پچیس مکانات تعمیر کرائے گئے۔[47]

متعلقہ مضامین

حوالہ جات

  1. علامہ ساجد نقوی صاحب، علامہ راجہ ناصر صاحب کیا آپکے علم میں ہے؟(2) اسلام ٹآئمز۔
  2. مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری حجۃ الاسلام و المسلمین راجہ ناصر عباس کا انٹرویو، اسلام ٹائمز۔
  3. شفقت شیرازی، 10 سالہ کارکردگی مجلس وحدت مسلمین پاکستان مختصر حائزہ، ص3
  4. تنظیمی ڈھانچہ،مجلس وحدت مسلمین کی آفیشل ویب سائٹ۔
  5. اسماعیل باقری، آسیب شناسی نقش شیعیان در پاکستان با تاکید بر حزب مجلس وحدت مسلمین، پژوہش ہای منطقہ ای دورہ جدید، ص93
  6. دستور مجلس وحدت مسلمین، باب دوم، شق 1 ص 9 و 10۔
  7. دستور مجلس وحدت مسلمین، باب دوم، شق 1
  8. دستور مجلس وحدت مسلمین، باب دوم، شق 1 ص 9 و 10
  9. دستور مجلس وحدت مسلمین، باب چہارم، تنظیمی ڈھانچہ، صوبہ، ضلع یونٹ۔
  10. حجت الاسلام راجہ ناصرعباس جعفری تین سال کے لئے منتخب رسا نیوز ایجنسی۔
  11. مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری حجۃ الاسلام و المسلمین راجہ ناصر عباس کا انٹرویو، اسلام ٹائمز۔
  12. مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری حجۃ الاسلام و المسلمین راجہ ناصر عباس کا انٹرویو، اسلام ٹائمز۔
  13. ایک مرتبہ پھر علامہ ناصر عباس جعفری سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین منتخب تقریب خبر رساں ایجنسی۔
  14. مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری حجۃ الاسلام و المسلمین راجہ ناصر عباس کا انٹرویو، اسلام ٹائمز۔
  15. List of Political Parties، الیکشن کمیشن آف پاکستان
  16. List of all Symbols، الیکشن کمیشن آف پاکستان
  17. کوئٹہ، آغا رضا نے حلقہ پی بی 27 اور این اے 265 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے[1]اسلام ٹائمز
  18. پنجاب صوبائی اسمبلی ممبران کا پروفائلپنجاب اسمبلی کی ویب سائٹ۔
  19. گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات : مسلم لیگ (ن) کی واضح برتری.... روزنامہ نوائے وقت۔
  20. گلگت بلتستان، ایم ڈبلیو ایم نے 3 حلقوں میں اپنے امیدوار میدان میں اتار دیے، شیعہ نیوز۔
  21. گلگت بلتستان الیکشن، تحریک انصاف کو تمام سیاسی حریفوں پر برتری، نیو نیوز۔
  22. تلاش «شورای اتحاد سنی» پاکستان برای پیروزی حزب شیعی وحدت مسلمین در ایالت «گلگت بلتستان» تسنیم نیوز ایجنسی۔
  23. مجلس وحدت مسلمین بلتستان کے زیراہتمام عظیم الشان شہدا ء کانفرنس کا انعقاد، ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک، پامیر ٹائمز۔
  24. «اعتصاب غذا» و ورود اعتراضات شیعیان پاکستان به فاز جدیدتسنیم نیوز۔ ایجنسی۔
  25. در پی دستور آیت الله العظمی مکارم شیرازی؛ علامه جعفری بہ اعتصاب غذا پایان دادآیت اللہ مکارم شیرازی کی آفیشل ویب سائٹ۔
  26. اعتصاب غذای حجت الاسلام ناصر عباس جعفری وارد چهارمین روز شد مہر نیوز ایجنسی۔
  27. اعتصاب غذای شخصیت شیعه پاكستان در اعتراض به كشته شدن شیعیان، ایرنا نیوز ایجنسی۔
  28. مخالفت مجلس وحدت مسلمین پاکستان با مذاکرات با طالباناسلام ٹائمز۔
  29. مخالفت مجلس وحدت مسلمین پاکستان با مذاکرات با طالباناسلام ٹائمز۔
  30. مہدی ترحیمی، تروریسم در پاکستان، انتشارات دانشگاہ آزاد اسلامی تہران، 1388 شمسی ہجری، ص 109۔
  31. مجلس وحدت کا ملک بھر میں جشن میلاد النبی (ص) کو ھفتہ وحدت منانے کا اعلان شیعیت نیوز۔
  32. خیرالعمل فاونڈیشن انسانیت کی خدمت کے 3 سال (حصہ دوم) اسلام ٹائمز۔
  33. خیرالعمل فاونڈیشن انسانیت کی خدمت کے 3 سال (حصہ اول) مجلس وحدت المسلمین کی آفیشل ویب سائٹ۔
  34. خیرالعمل فاونڈیشن انسانیت کی خدمت کے 3 سال (حصہ اول) مجلس وحدت المسلمین کی آفیشل ویب سائٹ۔
  35. خیرالعمل فاونڈیشن انسانیت کی خدمت کے 3 سال (حصہ اول) مجلس وحدت المسلمین کی آفیشل ویب سائٹ۔
  36. ملاحظہ کریں:ایم ڈبلیوایم کے فلاحی شعبے کی جانب سے یوم ولادت امام حسینؑ پر مسجد، یتیم خانے اور اسکول کا شاندار افتتاحایم ڈبلیو ایم آفیشل ویب سائٹ۔
  37. خیرالعمل فاونڈیشن ضلع ملیرکے تحت تین سو خاندانوں میں ساڑھے چار لاکھ روپےکا راشن تقسیم مجلس وحد المسلمین آفیشل ویب سائٹ
  38. ایم ڈبلیوایم علی پورکے تحت ولادت جناب سیدہؑ کے موقع پر10جوڑوں کی اجتماعی شادی کا انعقاد مجلس وحدت المسلمین آفیشل ویب سائٹ
  39. ملاحظہ کریں: خیرالعمل فاونڈیشن شعبہ ویلفیئرایم ڈبلیوایم ضلع ملیرکی جانب سے عمار یاسرسوسائٹی میں واٹر سپلائی پروجیکٹ کا افتتاح مجلس وحدت المسلمین کی آفیشل ویب سائٹ۔
  40. ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کا 2 روزہ تنظیمی و تربیتی اجلاس جاری، مرکزی رہنمائوں کی شرکت اسلام ٹائمز۔
  41. سکردو میں استقبال ماہ رمضان و تربیت نسل جوان تربیتی ورکشاپ کا انعقادمجلس وحدت مسلمین آفیشل ویب سائٹ۔
  42. خیرالعمل فاونڈیشن انسانیت کی خدمت کے 3 سال (حصہ دوم) اسلام ٹائمز۔
  43. خیرالعمل فاونڈیشن انسانیت کی خدمت کے 3 سال (حصہ دوم) اسلام ٹائمز۔
  44. خیرالعمل فاونڈیشن انسانیت کی خدمت کے 3 سال (حصہ دوم) اسلام ٹائمز۔
  45. ایم ڈبلیوایم کے فلاحی شعبے کی جانب سے جہانیاں کی مسیحی برادری میں راشن بیگزکی تقسیم مجلس وحدت مسلمین کی آفیشل ویب سائٹ۔
  46. خیرالعمل فاونڈیشن انسانیت کی خدمت کے 3 سال (حصہ دوم) اسلام ٹائمز۔
  47. خیرالعمل فاونڈیشن انسانیت کی خدمت کے 3 سال (حصہ دوم) اسلام ٹائمز۔

مآخذ