مسودہ:برہان معجزہ
برہانِ معجزہ خدا کے وجود کو ثابت کرنے کی عقلی دلیلوں میں سے ایک ہے، جس میں معجزات اور خارقِ عادت واقعات کی بنیاد پر خدا کے وجود کو ثابت کیا جاتا ہے۔[1] منابع کے مطابق یہ دلیل سب سے پہلے مغربی مفکرین کے ہاں پیش کیا گیا، بعد ازاں محمد مہدی نراقی جیسے بعض مسلمان علما نے اسے مختلف انداز میں بیان کیا۔[2] یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس برہان سے خدا کے وجود کو ثابت کرنے کے علاوہ نبوت اور بعض صورتوں میں امامت کو ثابت کرنے کے لئے بھی استدلال کیا گیا ہے۔[3] اگرچہ اکثر مسلمان علما نے معجزے سے نبوت کو ثابت کرنے کے لئے استدلال کیا ہے،[4] تاہم بعض مفکرین، جیسے محمد مہدی نراقی[5] اور احمد بن مصطفیٰ مراغی،[6] نے اسے خدا کے وجود کو ثابت کرنے والی دلیل بھی قرار دیا ہے۔
اس برہان کو منابع میں تین مختلف انداز سے بیان کیا گیا ہے:
- پہلی صورت: اس بیان میں عصائے موسی کا اژدھا میں تبدیل ہونا، مردوں کو زندہ کرنا اور چاند کا شق ہونا جیسے واقعات کو انسان کی قدرت اور توانائی سے باہر قرار دیا گیا ہے اور ان کے وقوع پذیر ہونے کے لیے ایک مافوق قدرت کے وجود کو ضروری سمجھا گیا ہے۔[7] نراقی نے اس بیان کو خدا کے وجود کو ثابت کرنے کے لئے اپنی چوتھی دلیل کے طور پر پیش کیا ہے۔ ان کے نزدیک، اگر معجزے کے بارے میں تسلیم کر لیا جائے کہ وہ پیغمبر کے دعوائے نبوت کی صداقت کو ثابت کرتے ہیں تو انہی کے ذریعے خدا کے وجود کو بھی ثابت کیا جا سکتا ہے۔[8]
- دوسری صورت: اس بیان میں سخت اور مشکل حالات میں انسانوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات اور تجربات سے استدلال کیا گیا ہے۔ اس کے مطابق انسان جب ناامیدی کی کیفیت سے دوچار ہوتا ہے تو فطری طور پر خدا کی طرف رجوع کرتا ہے۔[9] اس رجوع کو خدا کی معرفت کے فطری ہونے کی علامت قرار دیا گیا ہے۔[10] نراقی نے اس بیان کو خدا کے وجود کو ثابت کرنے کے لئے اپنی ساتویں دلیل کے طور پر پیش کیا ہے۔[11] کہا گیا ہے کہ یہ استدلال نبوت پر انحصار کئے بغیر انسانی تجربات پر مبنی ہے۔[12]
- تیسری صورت: اس بیان میں اگرچہ معجزات کی تعداد اور ان کے مصادیق کے بارے میں اختلاف پایا جاتا ہے، تاہم تاریخ کے مختلف ادوار میں ان کے وقوع پذیر ہونے کو تسلیم کیا گیا ہے اور ان کی واحد توجیہ فطری نظام میں خدا کی مداخلت کو قرار دیا گیا ہے۔[13] یہ بیان جان ہاسپرز (John Hospers، 1918ء–2011ء) کی طرف منسوب کی گئی ہے۔ اس سے پہلے آگسٹین (Saint Augustinus، 354ء–430ء) نے بھی اسی سے ملتی جلتی توجیہ پیش کی تھی، جس میں عالم کے حادث ہونے سے بھی استدلال کیا گیا تھا۔[14] اس نظریے کے مطابق معجزے کے وقوع پذیر ہونے کا لازمہ خدا کا موجود ہونا ہے، اگرچہ معجزے کے وقوع کو ثابت کرنا دشوار سمجھا گیا ہے۔[15]
بعض مفکرین کی جانب سے اس برہان کو قبول کئے جانے کے باوجود، محققین کے مطابق اکثر مسلمان فلاسفہ اور متکلمین، جن میں ابن سینا، ملاصدرا، علامہ طباطبائی، جعفر سبحانی اور عبداللہ جوادی آملی شامل ہیں، خدا کے وجود کو ثابت کرنے کے لئے برہانِ معجزہ کو کافی نہیں سمجھتے ہیں۔[16] علامہ طباطبائی کے نزدیک، انبیاء نے معجزات کو توحید اور معاد جیسے معارف کو ثابت کرنے کے لئے پیش نہیں کیا، بلکہ ان سے اپنے دعوائے نبوت کی صداقت کو ثابت کرنے کے لئے استفادہ کیا۔[17] اسی طرح جعفر سبحانی کا خیال ہے کہ معجزہ صرف نبوت پر دلالت کرتا ہے اور اس دلالت کا انحصار حسن و قبح عقلی کو تسلیم کرنے پر ہے۔[18] جوادی آملی کے نزدیک بھی برہانِ معجزہ صرف اسی صورت میں خدا کے وجود کو ثابت کر سکتا ہے جب اسے برہانِ وجوب و امکان کی طرف لوٹایا جائے۔[19]
حوالہ جات
- ↑ جوادی آملی، تبیین براہین اثبات خدا، ص257۔
- ↑ خسروپناہ، «دلالت معجزات بر اثبات وجود خدا»، ص79۔
- ↑ ربانی گلپایگانی، «بررسی و تحلیل برہان معجزہ بر امامت امام عصر(عج)»، ص11۔
- ↑ خسروپناہ، «دلالت معجزات بر اثبات وجود خدا»، ص81۔
- ↑ شمس آبادی، «برہان معجزہ در مسیر اثبات وجود خدا»، ص113۔
- ↑ شمس آبادی، «برہان معجزہ در مسیر اثبات وجود خدا»، ص121و123۔
- ↑ نراقی، انیس الموحدین، ص53-54۔
- ↑ خسروپناہ، «دلالت معجزات بر اثبات وجود خدا»، ص82۔
- ↑ نراقی، انیس الموحدین، ص57-58۔
- ↑ نراقی، انیس الموحدین، ص57-58۔
- ↑ شمس آبادی، «برہان معجزہ در مسیر اثبات وجود خدا»، ص122۔
- ↑ خسروپناہ، «دلالت معجزات بر اثبات وجود خدا»، ص84۔
- ↑ خسروپناہ، «دلالت معجزات بر اثبات وجود خدا»، ص84۔
- ↑ شمس آبادی، «برہان معجزہ در مسیر اثبات وجود خدا»، ص118۔
- ↑ خسروپناہ، «دلالت معجزات بر اثبات وجود خدا»، ص85۔
- ↑ شمس آبادی، «برہان معجزہ در مسیر اثبات وجود خدا»، ص114-117۔
- ↑ طباطبائی، تفسیر المیزان، ج1، ص83۔
- ↑ سبحانی، الاہیات علی ہدی الکتاب و السنۃ و العقل، ص۔
- ↑ خسروپناہ، «دلالت معجزات بر اثبات وجود خدا»، ص90۔
مآخذ
- جوادی آملی، عبداللہ، تبیین براہین اثبات خدا، قم، نشر اسرا، پانچویں اشاعت، 1386ہجری شمسی۔
- خسروپناہ، عبدالحسین، «دلالت معجزات بر اثبات وجود خدا» (خدا کے وجود کو ثابت کرنے میں معجزات کی دلالت)، قبسات، شمارہ11، خزاں 2006ء۔
- عصر-عجل-اللہ-تعالي-فرجہ-الشريف ربانی گلپایگانی، علی، «بررسی و تحلیل برہان معجزہ بر امامت امام عصر(عج)» (امامِ عصرؑ کی امامت پر برہانِ معجزہ کا تحقیقی و تجزیاتی مطالعہ)، مجلہ انتظار موعود، شمارہ 34، بہار 2011ء۔
- سبحانی، جعفر، الاہیات علی ہدی الکتاب و السنۃ و العقل، قم، امام صادق(ع)، پانچویں اشاعت، 1423ھ۔
- شمس آبادی، محمدعلی، «برہان معجزہ در مسیر اثبات وجود خدا» (برہان معجزہ کے ذریعے وجود خدا کا اثبات)، فرہنگ پژوہش، شمارہ 14 و 15، خزاں اور گرما 2013ء۔
- علامہ طباطبائی، سید محمدحسین، المیزان فی تفسیر القرآن، بیروت، موسسۃ الاعلمی للمطبوعات، تیسری اشاعت، 1393ھ۔
- میرباقری، محمدعلی و عباس یزدانی، «نقد و بررسی برہان معجزہ بر اثبات وجود خدا از دیدگاہ فیلسوفان دین مغرب زمین» (مغربی فلسفۂ دین کے نقطۂ نظر سے اثباتِ وجودِ خدا میں برہانِ معجزہ کا تنقیدی جائزہ)، دو فصلنامہ تأملات فلسفی، شمارہ14، بہار و گرما 2015ء۔
- نراقی، محمدمہدی، انیس الموحدین، تصحیح قاضی طباطبایی، تہران، الزہرا(س)، دوسری اشاعت، 1403ھ۔