مندرجات کا رخ کریں

مسودہ:فلسفہ احکام

ویکی شیعہ سے

فلسفہ احکام سے مراد شرعی احکام کی وجہ تشریع، ان کی حکمت، مصالح اور مفاسد کے بارے میں بحث ہے۔ یہ موضوع حدیثی مصادر، فقہ، اصول فقہ اور علم کلام میں زیرِ بحث آیا ہے۔ اصول فقہ میں حکم کی علت، حکمت اور ملاک کے درمیان فرق کیا جاتا ہے۔ اسی طرح فلسفہ احکام اور مقاصد شریعت بھی ایک دوسرے سے مختلف موضوعات ہیں۔ امامیہ مکتبِ فکر میں فلسفہ احکام کی بنیاد چند اصولوں پر قائم ہے، جن میں خداوندِ متعال کے افعالِ تشریعی کا بامقصد ہونا، احکام کا حقیقی مصالح اور مفاسد پر مبنی ہونا اور احکام کے ملاکات کی شناخت میں عقل کی محدودیت وغیرہ شامل ہیں۔ فلسفہ احکام کو قرآن، روایات اور قطعی عقلی دلیل کے ذریعے پہچانا جاسکتا ہے۔ اسی طرح اگر ضروری شرائط پر پوری اتریں تو علمی تحقیقات بھی بعض احکام کی حکمتوں کو واضح کرنے میں مؤثر ثابت ہوسکتی ہیں۔ اسلامی مصادر میں روزہ، قصاص، جزیہ اور حرمت شراب جیسے احکام کی حکمتیں بیان کی گئی ہیں۔

مفہوم اور اسلامی علوم میں اس کا مقام

فلسفہ احکام سے مراد شرعی احکام کی حکمت، مصلحت اور مفسدہ نیز ان کی تشریع کی وجوہات پر بحث کرنا ہے۔[1] فلسفہ احکام کا مطالعہ شرعی احکام کی حکمت کو بہتر طور پر سمجھنے اور ان کے بارے میں اٹھنے والے بعض سوالات اور شبہات کے جوابات دینے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔[2]

فلسفہ احکام کا موضوع روائی مصادر، علم فقہ، اصول فقہ اور علمِ کلام میں زیرِ بحث آیا ہے۔ شیعہ روائی مصادر میں احکام کی علل اور حکمتوں کے بارے میں متعدد روایات نقل ہوئی ہیں۔ شیخ صدوق کی تصنیف کتاب علل الشرایع اس موضوع پر اہم کتابوں میں شمار ہوتی ہے۔[3] اصول فقہ میں احکام کی علت، حکمت اور احکام کے ملاک جیسے موضوعات پر بحث کی جاتی ہے۔[4] علمِ کلام میں بھی فلسفہ احکام کا تعلق خداوندِ متعال کے افعالِ تشریعی کے بامقصد ہونے کے مسئلے سے ہے۔[5] اس کے علاوہ، فلسفہ احکام کے موضوع پر مستقل کتابیں بھی تصنیف کی گئی ہیں۔

بعض علما نے فلسفہ احکام کو ایک مستقل علم قرار دیا ہے، جس کا مقصد شرعی احکام کی حکمتوں اور علتوں کو واضح کرنا اور ان کی تشریع کی وجوہات کی وضاحت کرنا ہے۔[6]

فلسفہ احکام کا علتِ حکم، حکمتِ حکم اور مقاصدِ شریعت سے تعلق

فلسفہ احکام کا تعلق ’’علتِ حکم‘‘ اور ’’حکمتِ حکم‘‘ جیسے مفاہیم سے ہے، لیکن اصولِ فقہ میں ان مفاہیم کو ایک دوسرے سے مختلف سمجھا جاتا ہے۔[7] علتِ حکم سے مراد وہ امر ہے جس پر حکم کی تشریع کا انحصار ہوتا ہے، یعنی جس کے پائے جانے یا نہ پائے جانے سے حکم میں بھی تبدیلی آتی ہے۔ اس کے برعکس، حکمتِ حکم سے مراد وہ مصلحت یا مفسدہ ہے جس کے حصول یا اس سے بچاؤ کے لیے حکم تشریع کیا گیا ہو۔ تاہم، ضروری نہیں کہ وہ مصلحت یا مفسدہ حکم کے تمام مصادیق میں پایا جائے۔[8] فلسفہ احکام اپنے عمومی مفہوم میں شرعی احکام کی وجوہات اور غایات کا مطالعہ ہے، جس میں ان کی علت، حکمت، مصلحت اور مفسدہ پر بحث شامل ہوتی ہے۔[9] تاہم، بعض اہلِ علم فلسفہ احکام کو صرف حکمتِ حکم کے ہم معنی سمجھتے ہیں اور اسے علتِ حکم سے مختلف قرار دیتے ہیں۔[10]

فلسفہ احکام اور مقاصد شریعت دونوں میں احکام کے اہداف اور غایات مورد توجہ ہوتے ہیں، لیکن فلسفہ احکام میں زیادہ تر کسی ایک حکم یا احکام کے مجموعے کی علت اور حکمت مد نظر ہوتی ہے؛ مثلاً روزے کے وجوب کے فلسفے اور حکمت پر بحث۔ اس کے برعکس، مقاصدِ شریعت سے مراد شریعت کے وسیع تر اہداف اور عمومی مقاصد ہیں۔[11]

فلسفہ احکام کے نظریاتی مبانی

علمائے امامیہ کے نزدیک فلسفہ احکام کو تسلیم کرنا اور اس پر بحث کرنا بعض کلامی اور اصولی مبانی پر استوار ہے، جن میں درج ذیل یہ چیزیں اہم ہیں:

خداوندِ متعال کے افعالِ تشریعی کا بامقصد ہونا

علمائے امامیہ [12] اور معتزلہ[13] اس بات کے قائل ہیں کہ خداوندِ متعال کے تکوینی اور تشریعی افعال بامقصد ہیں۔ ان کے نزدیک شرعی احکام حقیقی مصالح اور مفاسد پر مبنی ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس، اشاعرہ خداوندِ متعال کے افعال، بالخصوص افعالِ تشریعی کے بامقصد ہونے کو اس مفہوم میں قبول نہیں کرتے کہ اس سے خدا کی ذات سے باہر کسی غرض کے تحقق کو لازم قرار دیا جائے۔ وہ شرعی احکام کو ایسے مصالح اور مفاسد کے تابع بھی نہیں سمجھتے جو خداوندِ متعال کی مشیت اور ارادے سے مستقل ہوں۔[14] امامیہ اور معتزلہ نے اس نظریے کو مورد نقد قرار دیا ہے۔[15]

شرعی احکام کا مصالح اور مفاسد پر مبنی ہونا

معتزلہ اور امامیہ کے نزدیک شرعی احکام حقیقی مصالح اور مفاسد پر مبنی ہیں اور خداوندِ متعال کے اوامر و نواہی انہی کی بنیاد پر تشریع کیے جاتے ہیں۔[16] اس کے برعکس، اشاعرہ شرعی احکام کی بنیاد ایسے حقیقی مصالح اور مفاسد کو نہیں مانتے جو خداوندِ متعال کے امر و نہی سے مستقل ہوں۔ ان کے نزدیک حسن و قبح اور احکام کے ملاک کا تعین خداوندِ متعال کے امر و نہی کے تابع ہے۔[17]

احکام کے ملاکات کو پہچاننے میں عقل کی محدودیت

امامیہ کے نقطہ نظر سے عقل بعض مواقع پر کسی حکم کی مصلحت یا مفسدہ کو سمجھ سکتی ہے، لیکن انسان کے لیے تمام شرعی احکام کے ملاکات کو پہچاننا ممکن نہیں ہے۔[18] اسی لیے کسی معتبر دلیل کے بغیر کسی شرعی حکم کے لیے کسی خاص مصلحت یا مفسدہ کو متعین کرنا قابلِ قبول نہیں ہے۔ ناصر مکارم شیرازی کے مطابق، فلسفہ احکام کی معرفت قطعی دلیل پر مبنی ہونی چاہیے۔ محض قیاس آرائی یا ذاتی رائے کی بنیاد پر کسی چیز کو کسی شرعی حکم کا فلسفہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔[19]

فلسفہ احکام کو پہچاننے کے ذرائع

فلسفہ احکام کو شرعی اور عقلی دلائل کے ذریعے پہچانا جا سکتا ہے۔[20] ان میں درج ذیل ذرائع اہم ہیں:

  • قرآن: جعفر سبحانی نے اپنی کتاب اصول الفقہ المقارن فیما لا نص فیہ میں نو ایسی آیات کا ذکر کیا ہے جن کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ وہ بعض احکام کے فلسفے کو صراحت کے ساتھ بیان کرتی ہیں۔[21] اسی طرح انہوں نے آٹھ ایسی آیات بھی ذکر کی ہیں جو غیر صریح انداز میں بعض احکام کے فلسفے کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔[22]
  • روایات: مکارم شیرازی کے مطابق، روایات میں کبھی عمومی طور پر یہ بیان کیا جاتا ہے کہ شرعی احکام کے پیچھے مصالح اور حکمتیں موجود ہیں اور کبھی کسی خاص حکم کی مخصوص مصلحت بیان کی جاتی ہے۔[23] مثال کے طور پر، ایک روایت میں شراب نوشی کی حرمت کو عقل کے زائل ہونے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بعض برے اثرات سے مربوط کیا گیا ہے، جن میں گناہ کی طرف میلان، یادِ خدا سے دوری اور انسان پر شیطان کا غلبہ وغیرہ شامل ہیں۔[24]
  • قطعی عقلی دلیل : بعض علمائے امامیہ کے مطابق، عقل بعض مواقع پر کسی حکم کے ملاک اور مصلحت کو دریافت کر سکتی ہے۔[25] مرتضی مطہری کا نظریہ ہے کہ جب کسی حکم کا ملاک قطعی طور پر معلوم ہوجائے تو شرعی حکم اس کے مطابق ہوتا ہے۔[26]
  • علمی تحقیقات: بعض مصنفین نے تجربیاتی علوم کے نتائج کو بھی بعض احکام کی حکمتوں کو سمجھنے میں مؤثر عامل قرار دیا ہے۔[27] تاہم، اگر علمی نتائج قطعی نہ ہوں یا حکم کے ملاک سے ان کا تعلق ثابت نہ ہو تو محض ان نتائج کو اس حکم کے فلسفے کی قطعی دلیل قرار نہیں دیا جا سکتا۔

بعض شرعی احکام کے فلسفے کی مثالیں

اسلامی مصادر میں بعض شرعی احکام کے لیے مختلف حکمتیں بیان کی گئی ہیں۔ روزے کی حکمتوں میں تقویٰ،[28] ضرورت مندوں کی حالت کا احساس[29] اور اس کے انفرادی و اجتماعی اثرات شامل ہیں۔[30] قصاص کے بارے میں قرآن میں بیان کردہ مقاصد میں سے ایک انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔[31] جزیے کے بارے میں علمائے شیعہ نے مختلف توجیہات بیان کی ہیں۔ ان میں اہلِ ذمہ کی جان و مال کا تحفظ،[32] انہیں اسلامی احکام کی پابندی پر آمادہ کرنا،[33] اور انہیں اسلام قبول کرنے کی ترغیب دینا شامل ہیں۔[34]

متعلقہ موضوع

حوالہ جات

  1. ↑ مکارم شیرازی، دائرۃ المعارف فقہ مقارن، ج1، ص388۔
  2. ↑ مکارم شیرازی، دائرۃ المعارف فقہ مقارن، ج1، ص387-388۔
  3. ↑ مطہری، مجموعہ آثار، ج21، ص293۔
  4. ↑ نمونہ کے لیے ملاحظہ کیجیے: مظفر، اصول الفقہ، ج2، ص165؛ سیفی مازندرانی، بدایع البحوث فی علم الاصول، ص49۔
  5. ↑ مکارم شیرازی، دائرۃ المعارف فقہ مقارن، ج1، ص388۔
  6. ↑ زمانی، فلسفہ احکام، ص9-10۔
  7. ↑ سیفی مازندرانی، بدایع البحوث، ج1، ص209-210۔
  8. ↑ زمانی، فلسفہ احکام، ص9-10۔
  9. ↑ مکارم شیرازی، دائرۃ المعارف فقہ مقارن، ج1، ص388؛ جمعی از نویسندگان، فرہنگ‌نامہ اصول فقہ، ص431۔
  10. ↑ مکارم شیرازی، دائرۃ المعارف فقہ مقارن، ج1، ص418۔
  11. ↑ سبحانی، اصول الفقہ المقارن، ص347۔
  12. ↑ سبحانی، اصول الفقہ المقارن فیما لانص فیہ، ص332۔
  13. ↑ ملاحظہ کیجیے: فخر رازی، التفسیر الکبیر، ج26، ص399۔
  14. ↑ فخر رازی، التفسیر الکبیر، ج9، ص439۔
  15. ↑ سبحانی، اصول الفقہ المقارن فیما لانص فیہ، ص331-332۔
  16. ↑ مطہری، مجموعہ آثار، ج21، ص293 و ج26، ص61-62۔
  17. ↑ فخر رازی، التفسیر الکبیر، ج22، ص131؛ جرجانی، شرح المواقف، ج4، ص103۔
  18. ↑ مطہری، مجموعہ آثار، ج21، ص300۔
  19. ↑ مکارم شیرازی، دایرۃ المعارف فقہ مقارن، ج1، ص393۔
  20. ↑ مکارم شیرازی، دایرۃ المعارف فقہ مقارن، ج1، ص393۔
  21. ↑ سبحانی، اصول الفقہ المقارن، ص336-339۔
  22. ↑ سبحانی، اصول الفقہ المقارن، ص339-341۔
  23. ↑ مکارم شیرازی، دائرۃ المعارف فقہ مقارن، ج1، ص409۔
  24. ↑ مجلسی، بحار الانوار، ج62، ص162۔
  25. ↑ مطہری، مجموعہ آثار، ج21، ص300۔
  26. ↑ مطہری، مجموعہ آثار، ج21، ص300-301۔
  27. ↑ مکارم شیرازی، دائرۃ المعارف فقہ مقارن، ج1، ص414؛ بہرامی، «فلسفہ احکام در قرآن»، ص66-67۔
  28. ↑ سورہ بقرہ، آیہ 183۔
  29. ↑ حر عاملی، وسائل الشیعہ، ج7، ص3۔
  30. ↑ مکارم شیرازی، دائرۃ المعارف فقہ مقارن، ج1، ص413۔
  31. ↑ مکارم شیرازی، دائرۃ المعارف فقہ مقارن، ج1، ص408؛ سبحانی، اصول الفقہ المقارن فیما لانص فیہ، ص337۔
  32. ↑ شیخ مفید، المقنعۃ، ص269۔
  33. ↑ شیخ طوسی، المبسوط، ج2، ص43۔
  34. ↑ علامہ حلی، مختلف الشیعۃ، ج4، ص440۔

مآخذ

  • بہرامی، محمد، «فلسفہ احکام در قرآن»(قرآن میں فلسفہ احکام کا بیان)، جریدہ مطالعات قرآنی، شمارہ 3، تاریخ درج مطلب: دسمبر 1995ء، تاریخ مشاہدہ: 5 نومبر 2026ء۔
  • جمعی از نویسندگان، فرہنگ‌نامہ اصول فقہ، قم، پژوہشگاہ علوم و فرہنگ اسلامى، 1389ہجری شمسی۔
  • حر عاملی، محمد بن حسن، تفصیل وسائل الشیعۃ إلی تحصیل مسائل الشریعۃ، بیروت، دار احیاء التراث العربی، بے تا۔
  • علامہ حلی، حسن بن یوسف، مختلف الشیعۃ، قم، دفتر انتشارات اسلامى وابستہ بہ جامعہ مدرسين حوزہ علميہ قم‌، 1413ھ۔
  • سبحانی، جعفر، اصول الفقہ المقارن فیما لانص فیہ، قم، انتشارات مؤسسہ امام صادق(ع)، 1383ہجری شمسی۔
  • سیفی مازندرانی، علی‌اکبر، بدایع البحوث فی علم الاصول، قم، مؤسسۃ النشر الاسلامی، 1429ھ۔
  • شیخ طوسی، محمد بن حسن، المبسوط فی فقہ الامامیۃ، تہران، المكتبۃ المرتضویۃ لإحیاء الآثار الجعفریۃ، چاپ سوم، 1387ھ۔
  • شیخ مفید، المقنعۃ، قم، شيخ مفيد ہزارویں کانفرنس، پہلی اشاعت، 1413ھ۔
  • زمانی، علی، فلسفہ احکام، قم، مرکز مطالعات و پاسخگویی بہ مسائل شرعی، 1394ہجری شمسی۔
  • فخر رازی، محمد بن عمر، التفسیر الکبیر، بیروت، دار إحیاء التراث العربی، 1420ھ۔
  • مجلسی، محمدباقر، بحار الانوار، بیروت، مؤسسۃ الوفاء، 1403ھ۔
  • مطہری، مرتضی، مجموعہ آثار، تہران، انتشارات صدرا، 1391ہجری شمسی۔
  • مظفر، محمدرضا، اصول الفقہ، قم، دفتر تبلیغات اسلامی حوزہ علمیہ قم، 1370ہجری شمسی۔
  • مکارم شیرازی، ناصر، دائرۃ المعارف فقہ مقارن، قم، مدرسہ امام علی بن ابی طالب(ع)، 1427ھ۔
  • جرجانی، علی بن محمد، شرح المواقف، قم، الشریف الرضی، 1325ھ۔