اطعام غدیر (آداب و رسوم)

ویکی شیعہ سے
(اطعام غدیر (آئین) سے رجوع مکرر)

اطعام غدیر شیعوں کے یہاں عید غدیر کے آداب و رسوم میں سے ہے جس کی احادیث میں بھی سفارش کی گئی ہے۔ امام رضاؑ سے منقول ایک حدیث میں عید غدیر کے دن لوگوں کو کھانا کھلانے کا ثواب تمام انبیاء اور صدیقین کو کھانا کھلانے کے ثواب کے برابر قرار دیتے ہوئے شیعوں کو اس دن اپنی حیثیت کے مطابق لوگوں کو کھانا کھلانے کی تاکید کی گئی ہے۔

ایران، افغانستان، پاکستان اور ترکی سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں عید غدیر کے دن مختلف آداب و رسوم کے‌ ذریعے لوگوں کی پذیرائی کی جاتی ہے۔ ایران میں عید غدیر کے دن گھروں، مسجدوں اور امام بارگاہوں میں لوگوں کو کھانا کھلایا جاتا ہے۔ سنہ 2023ء کو تہران میں عید غدیر کے دن ایک جشن منایا گیا جس میں 10 کلومیٹر کے احاطے میں لوگوں کی پذیرائی کی گئی جس میں 1300 سے زیادہ موکب (مختلف سہولیات سے بھر پور عوامی کیمپ) لگائے گئے تھے۔

شیعوں کے آداب و رسوم

تہران حرم عبد العظیم حسنی میں عید غدیر کے دن 20 ہزار لوگوں کے لئے کھانا تیار کیا جا رہا ہے 8 جولائی 2023ء[1]

اطعام غدیر یا دوسروں کو کھانا کھلانا عید غدیر کے دن شیعوں کے دیرینہ آداب و رسوم میں شمار کیا جاتا ہے۔[2] عید غدیر کے دن لوگوں کو کھانا کھلانا شیعوں‌ کے ان آداب و رسوم میں شمار کیا جاتا ہے جو اس دن کو زندہ رکھنے اور امام علیؑ کے ساتھ تجدید عہد کے لئے منایا جاتا ہے۔[3] امام صادقؑ سے مروی ایک حدیث میں روز غدیر کو یوم اطعام کے نام سے یاد کیا گیا ہے۔[4]

دنیا کے مختلف ممالک میں شیعہ حضرات عید غدیر کے دن بڑے اہتمام سے دوسروں کو کھانا کھلاتے ہیں؛ افغانستان میں سادات اپنے ہمسایوں اور رشتہ داروں کو کھانا اور نذر دیتے ہیں۔[5] پاکستان کے مختلف شہروں جیسے لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پیشاور میں عید غدیر کے دن جشن منانے کے ساتھ کھانے کے مختلف دسترخوان بھی بچھائے جاتے ہیں جن پر جشن میں شرکت کرنے والوں کی تواضع کی جاتی ہے۔[6] ترکی کے مختلف علاقوں میں علوی سادات عید غدیر کے دن "ہریسہ" نامی مخصوص طعام لوگوں میں تقسیم کرتے ہیں۔[7]

ایران میں عید غدیر کے دن گھروں، مساجدوں اور امام بارگاہوں میں لوگوں کو کھانے کھلائے جاتے ہیں۔[8] سنہ 2023ء کو تہران میں عید غدیر کے دن 10 کیلو میٹر رقبے پر محیط ایک جشن منایا گیا جس میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی۔ اس جشن میں 1300 سے بھی زیادہ موکب لگائے گئے تھے جن میں لوگوں کی خاطر تواضع کی گئی۔[9] سنہ 2021ء کو حرم امام رضاؑ کی طرف سے "اطعام غدیر" مہم (کمپین)چلایا گیا جس میں حصہ لینے والوں کی جانب سے دس لاکھ کھانے پورے ایران میں تقسیم کئے گئے۔[10]

ائمہ کی سیرت اور سفارش

ائمہ معصومینؑ اپنے ماننے والوں کو غدیر کے دن کھانا کھلانے کی سفارش کرتے تھے؛ چنانچہ ایک حدیث میں عید غدیر کے دن روزہ رکھنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو کھانا کھلانے، عیدی دینے اور صلہ رحمی کی سفارش کی گئی ہے۔[11] امام رضاؑ سے مروی ایک حدیث میں شیعوں کو عید غدیر کے دن اپنی اپنی حیثیت کے مطابق کھانا کھلانے کی سفارش کی گئی‌ ہے۔[12]

مختلف حدیثی منابع جیسے شیخ طوسی (متوفی: 413ق) کی کتاب مصباح المتہجد میں امام رضاؑ سے نقل ہونے والی ایک حدیث کے مطابق امام رضاؑ نے عید غدیر کی شام کو اپنے خاص اصحاب کو افطاری پر دعوت دی اور ان کے گھر والوں کے لئے ان کے ساتھ کھانا بھجوایا۔[13]

اطعام غدیرکا ثواب

امام رضاؑ سے منقول ایک حدیث میں عید غدیر کے دن مؤمنوں کو کھانا کھلانے کا ثواب تمام انبیاء اور صدیقین کو کھانا کھلانے کے ثواب کے برابر قرار دیا گیا ہے؛[14] اسی طرح عید غدیر کے دن امام علیؑ کا ایک خطبہ جسے امام رضاؑ نے نقل کیا ہے، میں آیا ہے کہ: عید غدیر کے دن کسی مؤمن کو افطاری دینا 10 فِئام کو افطاری دینے کے برابر ہے۔ امام علیؑ کے مطابق ہر فئام ایک لاکھ انبیاء، صدیقین اور شہداء کے برابر ہے۔ اسی طرح غدیر کے دن کھانا کھلانے والے کے لئے امام علیؑ خدا کی طرف سے کفر اور فقر سے نجات کی ضمانت دیتے ہیں۔[15]

احادیث میں عید غدیر کے دن نیازمندوں،[16] مؤمنوں[17] اور دینی بھائیوں[18] کو کھانا کھلانے اور روزہ‌ داروں کو افطاری[19] دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ عید غدیر کے دن روزہ کا استحباب[20] شیعوں کے یہاں مشہور ہے۔[21]

حوالہ جات

  1. «اطعام غدیر / پخت و توزیع بیش از 20 ہزار غذا در روز عیدسعید غدیرخم / عکس: اسدی»، آستان مقدس حضرت عبدالعظیء۔
  2. «طعام روز غدیر؛ سنتی فراموش شدہ»، خبرگزاری مہر۔
  3. «عید غدیر خم چہ آداب و رسومی دارد؟»، خبرگزاری میزان۔
  4. حلی، العدد القویۃ، 1408ھ، ص169۔
  5. «آداب و رسوم کشورہای مختلف برای برگزاری عید ولایت»، خبرگزاری مہر۔
  6. ملاحظہ کریں «آئین‌ہای «عید غدیر» با حضور پیروان امامت و ولایت در پاکستان برگزار شد + فیلم»، خبرگزاری ایرنا۔
  7. «Gadir Hum Nedir, Ğadir Hum Bayramı Nasıl Kutlanılır»، Bölge Gündem Haber.
  8. «جشن غدیر از آذربایجان تا خوزستان/سفرہ علوی در سراسر ایران پہن شد»، خبرگزاری مہر۔
  9. «جزئیات جشن 10 کیلومتری غدیر در تہران اعلام شد»، باشگاہ خبرنگاران جوان۔
  10. «برپایی پویش “اطعام غدیر” و جلب مشارکت مردمی، یک میلیون وعدہ غذا را در سراسر کشور طبخ و توزیع شد»، بنیاد کرامت رضوی۔
  11. حلی، العدد القویۃ، 1408ھ، ص169۔
  12. شیخ طوسی، مصباح المتہجد، 1411ھ، ج2، ص757۔
  13. شیخ طوسی، مصباح المتہجد، 1411ھ، ج2، ص758؛ ابن‌طاووس، إقبال الأعمال، 1409ھ، ج1، ص461۔
  14. ابن‌طاووس، إقبال الأعمال، 1409ھ، ج1، ص465۔
  15. شیخ طوسی، مصباح المتہجد، 1411ھ، ج2، ص758؛ ابن‌طاووس، إقبال الأعمال، 1409ھ، ج1، ص463-464؛ کفعمی،‌ المصباح، 1405ھ، ص700؛ شیخ حر عاملی، وسائل الشیعۃ، 1409ھ، ج10، ص445۔
  16. شیخ طوسی، مصباح المتہجد، 1411ھ، ج2، ص757؛ مجلسی، بحار الأنوار، 1403ھ، ج94، ص117۔
  17. ابن‌طاووس، إقبال الأعمال، 1409ھ، ج1، ص463۔
  18. ابن‌طاووس، إقبال الأعمال، 1409ھ، ج1، ص475۔
  19. شیخ طوسی، مصباح المتہجد، 1411ھ، ج2، ص758۔
  20. خطیب بغدادی، تاریخ بغداد، بیروت، ج8، ص284۔
  21. «آیا حدیث اطعام روز غدیر امام صادقؑ صحت دارد؟»، 8 دی نیوز۔

مآخذ