محمد بن عثمان عمری

ویکی شیعہ سے
(محمد بن عثمان عَمری سے رجوع مکرر)
محمد بن عثمان عَمری
کوائف
مکمل ناممحمد بن عثمان
کنیتابو عمرو
لقبکوفی • سمّان • عسکری
محل زندگیسامرابغداد
مدفنبغداد
دینی معلومات
وجہ شہرتامام زمانہ (ع) کے دوسرے نائب خاص


ابو جعفر محمد بن عثمان بن سعید عمری (متوفی: 305 ھ) امام زمانہ (عج) کے نواب اربعہ میں سے دوسرے نائب خاص ہیں۔ انہوں نے ابتداء میں امام زمانہ (ع) کے وکیل اور اپنے والد عثمان بن سعید عمری کے معاون اور بعد میں اپنے والد کی موت کے بعد آپ (ع) کے دوسرے نائب خاص کے عنوان سے چالیس سال تک خدمات انجام دیں۔ محمد بن عثمان کی نیابت کے حوالے سے امام حسن عسکری (ع) کی روایت اور امام زمانہ (ع) کی توقیع مبارک میں تصریح ہونے کے باوجود امام زمانہ (ع) کی غیبت کے دوران آپ کی عمومی نیابت کے فرائض انجام دینے والے نائبین میں سے بعض نے ان کی نیابت خاص کے بارے میں شک و تردیک کا اظہار کیا ہے اور بعض نے ان کے مقابلے میں امام کی جانب سے نیابت کا دعوی بھی کیا۔ اپنے والد کی طرح محمد بن عثمان نے بھی بعض معاونین کا انتخاب کیا جو ان وکالتی اور نیابتی امور کی انجام دہی میں ان کی مدد کرتے تھے۔ محمد بن عثمان اپنے زمانے کے فقہاء میں سے تھے اور علم فقہ میں وہ صاحب تالیف بھی تھے اسی طرح امام مہدی (ع) کے بارے میں ان سے بعض روایات بھی نقل ہوئی ہیں۔ بعض مشہور دعائیں جیسے دعائے سمات، دعائے افتتاح و زیارت آل‌ یاسین وغیرہ نیز ان کے ذریعہ سے نقل ہوئی ہیں۔

سوانح حیات

محمد بن عثمان عمری کی تاریخ پیدائش کے بارے میں دقیق معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ دینی منابع میں ان کا نام محمد بن عثمان بن سعید (امام مہدی (ع) کے پہلے نائب خاص کے عنوان سے) اور ان کی کنیت ابو جعفر ذکر ہوئی ہے۔ آپ کا تعلق بنی اسد کے قبیلہ سے تھا۔[1] ان کے بارے میں حدیثی اور رجالی منابع میں اس کے علاوہ کوئی اور کنیت ذکر نہیں ہوئی ہے۔[2] البتہ ان کے کئی القاب مختلف منابع میں ذکر ہوئے ہیں: کبھی ان کو عَمْری[3] کہا گیا ہے۔ اکثر رجالی اور حدیثی کتابوں میں انہیں اسی نام سے یاد کیا گیا ہے۔ اسی طرح ان کو اسدی[4] اور کہیں کوفی[5] کے نام سے بھی یاد کیا گیا ہے۔ سمان[6] اور عسکری[7] بھی ان کے القاب میں سے ہیں۔

وفات

احادیث کے مطابق محمد بن عثمان نے اپنی موت کے بارے میں پیشن گوئی کی تھی اور اپنی وفات سے دو مہینہ پہلے اس بارے میں خبر دی تھی۔ اس حدیث کے راوی نے ان کے ساتھ ہونے والے ملاقات میں ان سے پوچھا کہ کیوں اپنے لئے قبر کھود رکھی ہے؟ اس کے جواب میں انہوں نے جواب دیا تھا کہ مجھے اپنے امور کو سمیٹنے کا حکم ہے کیونکہ میں دو ماہ بعد اس دنیا سے جانے والا ہوں۔[8] [9]

امام زمانہ (ع) کے دوسرے نائب خاص کی وفات جمادی الاول کی آخری تاریخ سنہ 305 ھ میں ہوئی۔[10] بغداد میں ان کی تشییع ہوئی اور اپنے والد کے مقبرے کے ساتھ انہیں سپرد خاک کیا گیا۔[11] محمد بن عثمان کی وصیت کے مطابق حسین بن روح نوبختی بغداد دار النیابہ میں حاضر ہوئے اور محمد بن عثمان کے جانشین مقرر ہوئے۔[12]

امام زمانہ (ع) کی وکالت و نیابت

امام حسن عسکری (ع) نے اپنی ایک حدیث میں محمد بن عثمان کا امام مہدی (ع) کے نائب خاص ہونے کے بارے میں تصریح فرمائی تھی۔ واقعہ کچھ یوں ہے کہ یمن کے بعض شیعہ سامرا میں امام حسن عسکری (ع) کی خدمت میں حاضر ہوئے، امام (ع) نے عثمان بن سعید، محمد بن عثمان کے والد احضار فرمایا اور محمد بن عثمان کی وکالت اور ان کی وثاقت کی گوادی دی اور انہیں امام مہدی(ع) کے وکیل کے نام سے یاد فرمایا۔[13]

شیخ طوسی اپنی کتاب الغیبہ میں ایک روایت نقل کرتے ہیں جس کے مطابق محمد بن عثمان اور ان کے والد عثمان بن سعید دونوں امام حسن عسکری (ع) کے مورد اعتماد اور ثقہ تھے۔ اس حدیث میں امام حسن عسکری (ع) نے تصریح کی ہے کہ: یہ دونوں جو کچھ بھی تم تک پہنچاتے ہیں وہ ہماری طرف سے پہنچاتے ہیں اور یہ دونوں جو کچھ بھی کہتے ہیں وہ ہماری طرف سے اور ہمارے قول کو تم تک پہنچاتے ہیں۔ پس ان کی باتوں کو غور سے سنیں اور ان کی اطاعت کریں یہ دونوں میرے لئے قابل اعتماد اور امین ہیں۔[14]

تسلیت نامہ سے اقتباس

"یہ تمہارے والد کی سعادت اور خوشبختی کی علامت ہے کہ خداوند عالم نے ان کو تم سا بیٹا عطا فرمایا جو خدا کے حکم سے ان کا جانشین مقرر ہوا اور ان کیلئے طلب رحمت و مغفرت کرتا ہے۔ میں خدا کی حمد و ستائش بجا لاتا ہوں، بتحقیق ہمارے شیعوں کے قلوب تمہارے مقام و منزلت اور جو چیز خدا نے تم میں قرار دی ہے، مسرور اور راضی ہونگے۔ حق تعالی تمہاری مدد فرمائے اور تمہیں قدرت و طاقت عنایت فرمائے اور تمہیں توفیق عنایت فرمائے اور خدا ہی تمہارا حافظ اور نگہبان قرار پائے۔"

شیخ طوسی کی روایت کے مطابق عثمان بن سعید (پہلے نائب خاص) فوت ہوئے تو ان کے بیٹے محمد نے انہیں غسل دیا، کفن کیا اور انہیں سپرد خاک کیا۔[15] بارہویں امام (ع) کی جانب سے انہیں تعزیتی خط موصول ہوا جس میں امام (ع) نے محمد بن عثمان کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار فرمایا تھا اور اپنے والد کے بعد محمد بن عثمان کی نیابت کی طرف اشارہ کیا تھا۔[16]

نیابت کی مدت

شیخ طوسی اپنی کتاب الغیبۃ میں تصریح کرتے ہیں کہ محمد بن عثمان نے تقریبا پچاس سال تک نیابت کے فرائض انجام دیئے ہیں،[17] لیکن سید محمد صدر نے اس دعوی کو غلط قرار دیا ہے ان کی دلیل یہ ہے کہ چونکہ محمد بن عثمان کی وفات سن 305 ھ میں واقع ہوئی ہے جو امام حسن عسکری (ع) کی وفات سے صرف 45 سال کا فاصلہ ہے اور پہلے نائب یعنی عثمان بن سعید کی مدت نیابت تقریبا 5 سال کی تھی اس بنا پر دوسرے نائب کی مدت نیابت تقریبا 40 سال کی ہوگی نہ پچاس سال کی۔[18]

ان کی نیابت کے مخالفین

عثمان بن سعید کی وفات کے بعد جنہوں نے محمد بن عثمان کی نیابت میں شک و تردید کرتے ہوئے خود اپنی نیابت کا دعوی کیا وہ یہ ہیں:

  • حسن شریعی
  • محمد بن نصیر نمیری
  • احمد بن ہلال عبرتائی
  • محمد بن علی بن بلال
  • محمد بن احمد بن عثمان معروف بہ ابوبکر بغدادی
  • اسحاق احمر
  • باقطانی
  • حسین بن منصور حلاج[19][20]

دوران نیابت کے حالات

محمد بن عثمان کی نیابت کے دوران واقع ہونے والے اہم واقعات میں قیام صاحب زنج اور قرامطہ مذہب کا ظہور تھا۔ چونکہ صاحب زنج کا حسب و نسب زید بن امام سجاد(ع) تک پہنچتی تھا اس بنا پر علویوں کی ایک تعداد نے ان کی حمایت کی اور سن 257 ہجری قمری میں ان کے قیام میں بھی شرکت کی۔[21]

فرقہ قرامطہ، فرقہ اسماعیلیہ کی ایک شاخ کے عنوان سے بھی شیعوں کے ساتھ مربوط تھی جس کی وجہ سے مذہب امامیہ کیلئے مشکلات کھڑی کر سکتی تھی۔ جاسم حسین کے بقول حضرت قائم آل محمد (ع) کے قیام کے حوالے سے فرقہ قرامطہ کی جانب سے انجام پانے والی سرگرمیاں حکومت وقت کو ورغلا سکتی تھی یوں حکومت ان کی ان سرگرمیوں کو بارہویں امام(ع) کی غیبت سے مربوط قرار دیتے ہوئے ان سرگرمیوں کو آپ (ع) کے ظہور اور قیام کیلئے مقدمہ قرار دے۔ جاسم حسین معتقد ہیں کہ امام زمانہ(ع) کی جانب سے محمد بن عثمان کی نام ابو الخطاب کی مذمت میں صادر ہونے والی توقیع، فرقہ قرامطہ وغیرہ کے خطرات کے تناظر میں تھی اور گویا امام اس تحریر کے ذریعے شیعوں کو ان جیسے غلط اور گمراہ کن فرقوں کے ساتھ رابطہ رکھنے سے منع فرما رہے تھے۔[22]

طرز عمل

محمد بن عثمان نیابت اور وکالت کے فرائض کو مخالفین کی ہر قسم کی رکاوٹ سے دور رکھ کر انجام دینا چاہتے تھے اسلئے اس معاملے میں وہ تقیہ سے کام لیتے تھے۔ وہ اس طرح دکھاوا کرتے تھے کہ گویا امام حسن عسکری (ع) کے جانشین نہ رکھنے پر مبنی بنی عباس کا تصور صحیح ہے۔ وہ اپنے وکیلوں کو یہ تاکید کرتے تھے کہ اپنی فعالیتوں کو تقیہ کے ساتھ انجام دیں اور خدا نخواستہ کبھی بھی امام کا نام اپنی زبان پر لائے تاکہ اس طرح حکومت وقت کی ذہنیت اس حوالے سے اسی طرح باقی رہے۔ محمد بن عثمان کی یہ حکمت عملی اس لئے تھی تاکہ حکومت مطمئن رہے کہ شیعوں کا کوئی رہبر اور قیادت کرنے والا نہیں ہے پس وہ قیام نہیں کرینگے۔[23] [24]

معاونین

محمد بن عثمان کی نیابت کے دوران بعض افراد اس فریضے کی ادائگی میں ان کے معاون و مددگار تھے۔ ان میں سے بعض مختلف مناطق میں ان کے نمائندہ تھے اور بعض ان کے شاگرد تھے جو ان سے حدیث نقل کرتے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ صرف بغداد میں کم از کم دس افراد اس کے زیر نگرانی کام کرتے تھے جن میں سے ایک حسین بن روح بھی تھے جو بعد میں ان کی وفات کے بعد امام زمانہ (ع) کے تیسرے نائب خاص منتخب ہوئے۔[25] بقیہ افراد کے نام یہ ہیں:

  1. اسحاق بن یعقوب
  2. جعفر بن عثمان مدائنی
  3. محمد بن ہمام بغدادی
  4. عبد اللہ بن جعفر حمیری
  5. قاسم بن علاء
  6. محمد بن ابراہیم مہزیار
  7. علی بن احمد دلال قمی
  8. غیاث بن اسید
  9. احمد بن ابراہیم نوبختی[26]

وثاقت اور علمی مقام

شیخ طوسی اپنی کتاب رجال طوسی اور الغیبہ میں محمد بن عثمان اور ان کے والد کو امام زمانہ (ع) کے نائبین میں سے قرار دیتے ہوئے انہیں عظیم المرتبت اور مورد اعتماد سمجھتے ہیں۔[27][28] علامہ حلی بھی اپنی رجالی کتاب خلاصۃ الاقوال میں محمد بن عثمان کا امام زمانہ (ع) کے نائب خاص کے عہدے پر فائز ہونے کو ان کے عظیم المرتبت ہونے کی نشانی قرار دیتے ہیں۔[29] عبد اللہ مامقانی اپنی کتاب تنقیح المقال میں ان کے مقام و منزلت کو اس قدر مشہور و معروف جانتے ہیں جو کسی تعارف یا دلیل و برہان کا محتاج نہیں ہے۔[30] سید ابو القاسم خوئی بھی معجم رجال الحدیث میں ان کی شان و منزلت میں وارد ہونے والے احادیث کو کافی و وافی قرار دیتے ہیں۔[31]

روایات اور علمی آثار

محمد بن عثمان سے امام زمانہ (ع) کے بارے میں احادیث نقل ہوئی ہیں من جملہ ان احادیث میں آپ (ع) کی ولادت[32]، عصر غیبت صغری میں ان کا نام لینا حرام ہونا[33][34] اور امام مہدی (ع) کے ساتھ ان کی ملاقاتوں کے بارے میں ہیں۔[35][36] دعائے سمات، دعائے افتتاح اور زیارت آل یاسین وغیرہ ایسی دعائیں ہیں جو محمد بن عثمان کے توسط سے نقل ہوئی ہیں۔[37] انہوں نے بعض احادیث کو اپنے والد یعنی عثمان بن سعید سے نقل کیا ہے۔

محمد بن عثمان، علم فقہ میں علمی آثار کے بھی مالک تھے جس میں امام حسن عسکری (ع) اور امام مہدی (ع) سے منقول احادیث بھی موجود ہیں۔ ان کتابوں میں سے ایک کتاب الاشربۃ ہے۔ ام کلثوم بنت ابو جعفر کے مطابق یہ کتاب محمد بن عثمان کی وفات کے بعد حسین بن روح (نایب سوم) کے پاس تھی۔ چنانچہ ابو نصر کہتے ہیں کہ یہ کتاب حسین بن روح کے بعد ابو الحسن سَمَری (نایب چہارم) کے پاس تھی۔[38].

متعلقہ مضامین

حوالہ جات

  1. مجلسی، بحار الانوار، 1403ھ، ج51، ص344.
  2. غفارزاده، زندگانی نواب خاص امام زمان، 1379ش، ص155.
  3. نجاشی، رجال نجاشی، 1408ھ، ج2، ص408.
  4. مامقانی، تنقیح المقال، 1352ھ، ج3، ص149.
  5. مامقانی، تنقیح المقال، 1352ھ، ج3، ص149.
  6. صدوھ، کمال الدین، 1395ھ، ج2، ص54.
  7. ابن اثیر، الکامل، 1386ھ، ج8، ص109.
  8. طوسی، الغیبہ، 1411ھ، ص364.
  9. مجلسی، بحار الانوار، ج51، ص351.
  10. طوسی، الغیبہ، 1411ھ، ص366.
  11. رہ توشہ عتبات عالیات، ص378.
  12. ذہبی، سیر اعلام النبلاء، 1413ھ، ص223.
  13. طوسی، الغیبہ، 1411ھ، ص356.
  14. طوسی، الغیبہ، 1411ھ، ص243.
  15. طوسی، الغیبہ، 1411ھ، ص364.
  16. صدوھ، کمال الدین، 1395ھ، ج2، ص510.
  17. طوسی، الغیبہ، 1411ھ، ص366.
  18. صدر، تاریخ الغیبۃ، 1412ھ، ج1، ص404.
  19. غفارزادہ، زندگانی نواب خاص امام زمان، ص179.
  20. جباری، سازمان وکالت، ج2، ص694-707.
  21. جاسم حسین، تاریخ سیاسی امام دوازدہم، 1385ش، ص175و176.
  22. جاسم حسین، تاریخ سیاسی امام دوازدہم، 1385ش، ص177و178.
  23. جاسم حسین، تاریخ سیاسی غیبت امام دوازدہم، 1385ش، ص169.
  24. غفار زادہ، زندگانی نواب خاص امام زمان، 1379ش، ص227.
  25. جاسم حسین، تاریخ سیاسی غیبت امام دوازدہم، 1385ش، ص170.
  26. رہ توشہ عتبات عالیات، ص373-374.
  27. طوسی، رجال طوسی، 1415ھ، ص447.
  28. طوسی، الغیبہ، 1411ھ، ص243.
  29. حلی، خلاصۃ الاقوال، 1417ھ، ص250.
  30. مامقانی، تنقیح المقال، 1352ھ، ج3، ص149.
  31. خویی، معجم رجال الحدیث، 1413ھ، ج17، ص294.
  32. مجلسی، بحار الانوار، 1403ھ، ج51، ص16.
  33. صدوھ، کمال الدین، 1395ھ، ج2، ص483.
  34. مجلسی، بحارالانوار، 1403ھ، ج51، ص33.
  35. صدوھ، کمال الدین، 1395ھ، ج2، ص435.
  36. مجلسی، بحارالانوار، 1403ھ، ج52، ص152.
  37. طوسی، مصباح المتہجد، 1411ھ، ج1، ص417.
  38. طوسی، الغیبہ، 1411ھ، ص363.

مآخذ

  • ابن اثیر، الکامل فی التاریخ،‌ دار صادر، بیروت۔
  • صدوھ، محمد بن علی، کمال‌ الدین و تمام‌ النعمۃ، چاپ علی‌ اکبر غفاری، قم، 1363ہجری شمسی۔
  • اربلی، علی بن عیسی، کشف الغمہ، قم، اسلامیہ، 1421ھ۔
  • جاسم محمد حسین، تاریخ سیاسی غیبت امام دوازدہم، ترجمہ محمد تقی آیت‌ اللہی، تہران، امیر کبیر، 1385ہجری شمسی۔
  • جباری، محمد رضا، سازمان وکالت و نقش آن در عصر ائمۃ علیہم السلام، قم، مؤسسہ آموزشی پژوہشی امام خمینی، 1382ہجری شمسی۔
  • جمعی از نویسندگان، رہ توشہ عتبات عالیات، تہران، نشر مشعر، 1391ہجری شمسی۔
  • حلی، حسن بن یوسف، خلاصۃ الاقوال، مؤسسۃ نشر الفقاہۃ، 1417ھ۔
  • خویی، سید ابو القاسم، معجم رجال الحدیث، 1413ھ۔
  • ذہبی، سیر أعلام النبلاء، إشراف و تخریج: شعیب الأرنؤوط، تحقیق: إبراہیم الزیبھ، بیروت، مؤسسۃ الرسالۃ، 1413ھ۔
  • صدر، سید محمد، تاریخ الغیبہ، بیروت، دار التغارف، 1412ھ۔
  • طبری، محمد بن جریر، تاریخ الطبری، بیروت، مؤسسۃ الاعلمی۔
  • طوسی، محمد بن حسن، الغیبۃ، قم، مؤسسۃ المعارف الاسلامیۃ، 1411ھ۔
  • طوسی، محمد بن حسن، رجال الطوسی، قم، جامعہ مدرسین، 1415ھ۔
  • طوسی، محمد بن حسن، مصباح المتہجد و سلاح المتعبد، مؤسسہ فقہ شیعہ، بیروت، 1411ھ۔
  • غفار زادہ، علی، زندگانی نواب خاص امام زمان، قم، انتشارات نبوغ، سوم، 1379ہجری شمسی۔
  • قمی، عباس، سفینۃ البحار و مدینۃ الحکم و الآثار، قم، اسوہ، 1414ھ۔
  • مامقانی، عبد اللہ، تنقیح المقال فی علم الرجال، چاپ نجف، 1352ھ۔
  • مجلسی، محمد باقر، بحار الانوار، بیروت، مؤسسہ الوفاء، 1403ھ۔
  • نجاشی، احمد بن علی، رجال النجاشی، چاپ موسی شبیری زنجانی، قم، 1407ھ۔
  • نوبختی، حسن بن موسی، فرق الشیعہ، تصحیح سید محمد صادق آل بحر العلوم، نجف، المکتبۃ المرتضویۃ، 1355ھ۔