علامہ حلی

ویکی شیعہ سے
(حسن بن یوسف حلی سے رجوع مکرر)
علامہ حلی
حرم امام علی(ع) میں علامہ حلی کی قبر کا نقشہ
کوائف
مکمل نامحسن بن یوسف بن مطہر حلّی
لقب/کنیتعلامہ حلی
تاریخ ولادت29 رمضان 648 ھ
آبائی شہرحلہ
تاریخ وفات21 محرم 726 ھ
مدفنحرم امیرالمومنین ، نجف اشرف
علمی معلومات
اساتذہسید بن طاووس، خواجہ نصیر الدین طوسی، ابن میثم بحرانی
شاگردقطب الدین رازی، فخر المحققین
تالیفاتکشف المراد، نہج الحق و کشف الصدق، باب حادی عشر، خلاصۃ الاقوال فی معرفۃ الرجال، الجوہر النضید
خدمات
سماجیمختلف فرقوں کے علماء کے ساتھ مناظرہ، سلطان محمد خدا بندہ کو شیعہ مذہب کی طرف مائل کرنا اور ایران میں شیعہ مذہب کی ترویج۔


حسن بن یوسف بن مطہر حلّی (648۔726 ھ) علامہ حلّی کے نام سے مشہور، آٹھویں صدی ہجری کے شیعہ فقیہ اور متکلم ہیں۔ انہوں نے علم اصول، فقہ، تفسیر، منطق، کلام اور رجال میں 120 سے زیادہ کتابیں تحریر کی ہیں جن میں سے اکثر اس وقت بھی شیعہ حوزات علمیہ میں تدریس اور تحقیق کا اصلی منبع شمار کی جاتی ہیں۔ فقہ شیعہ کی گسترش اور توسیع میں ان کا بڑا کردار رہا ہے۔ نیز انہوں نے شیعہ مذہب کے کلامی اور اعتقادی مبانی کو عقلی بنیادوں پر استوار کیا۔ ان کی کتاب باب حادی عشر اور خواجہ نصیر الدین طوسی کی کتاب تجرید الاعتقاد کی شرح میں لکھی جانے والی کتاب کشف المراد شیعہ اعتقادات کے اصلی متون میں شامل ہیں۔ نہج الحق و کشف الصدق، خلاصۃ الاقوال فی معرفۃ الرجال، الجوہر النضید، تذکرۃ الفقہاء، قواعد الاحکام اور مختلف الشیعہ وغیرہ ان کی دیگر معروف تصانیف ہیں۔

علامہ حلی پہلی شخصیت ہیں جنہیں آیت اللہ کا لقب دیا گیا۔ قطب الدین رازی، فخر المحققین، ابن معیہ اور محمد بن علی جرجانی ان کے مشہور شاگردوں میں سے ہیں۔ ایران اور سلطان محمد خدا بندہ کے دربار میں ان کی موجودگی اس ملک میں شیعہ مذہب کے رواج پیدا کرنے کا سبب بنی۔

زندگی اور حصول علم

علامہ حلی جمعہ 29 رمضان سنہ 648 ھ میں عراق کے شہر حلہ میں پیدا ہوئے۔[1] ان کے والد یوسف بن مطہر متکلمین اور بلند پائے کے شقعہ فقہاء میں سے تھے۔[2] پیدائش کے چند سال بعد اپنے والد کی ہدایات پر قرآن کی تعلیم کیلئے مدرسہ میں داخلہ لیا اور اسی مدرسے میں انہوں نے ابتدائی تعلیم مکمل کی۔ اس کے بعد ادبیات عرب، علم فقہ، اصول فقہ، حدیث اور کلام اپنے والد اور اپنے ماموں محقق حلی سے جبکہ علم منطق، فلسفہ اور ہیئت وغیرہ دوسرے اساتید بطور خاص خواجہ نصیر الدین طوسی سے کسب کئے اور سن بلوغ تک پہنچنے سے پہلے اجتہاد کے درجے پر فائز ہوئے۔ کمسنی میں تعلیم اور اعلی فضائل کے حامل ہونے کی وجہ سے آپ اپنے خاندان اور اہل علم کے درمیان جمال الدین کے نام سے مشہور تھے۔[3]

علمی کمالات

سنہ 676 ھ میں محقق حلی جو اپنے زمانے میں دنیائے تشیع کے مرجع تقلید تھے، کی وفات کے بعد ان کے شاگردوں اور دیگر دانشوروں نے ایک ایسی شخصیت کی تلاش شروع کیا جو شیعیان جہاں کی مرجعیت اور زعامت کیلئے سب سے لائق اور مناسب ہو۔ اس حوالے سے علامہ حلی کو اس مقام کیلئے سب سے زیادہ مناسب پایا یوں انہوں نے 28 سال کی عمر میں شیعہ مرجعیت کو قبول کیا۔

علامہ حلی پہلی شخصیت تھی جنہیں ان کی علمی مقام اور اخلاقی فضائل و کمالات کی بنا پر آیت اللہ کا لقب دیا گیا۔[4] ابن‌ حجر عسقلانی‌ (متوفی 852 ھ) نے انہیں "آیۃ فی‌ الذكاء" کا لقب دیا۔[5] شرف الدین شولستانی، شیخ بہائی اور ملا محمد باقر مجلسی‌ نے اپنے اپنے شاگردوں کو دیئے جانے والے اجازہ اجتہاد میں علامہ حلی کو آیت‌ اللہ‌ فی‌ العالمین‌ کے نام سے یاد کیا ہے۔[6]

ایران میں آمد

علامہ حلی ایران کب تشریف لائے اس کی کوئی دقیق تاریخ مشخص نہیں۔ لیکن یہ احتمال دیا جاتا ہے کہ سنہ 705 ہجری میں انہوں نے سلسلہ ایلخانیان کے بادشاہ سلطان محمد خدا بندہ کی دعوت پر ایران کا سفر کیا۔ تاج الدین آوی نے بادشاہ کے دربار میں علامہ حلی کی رسائی کیلئے زمینہ ہموار کیا۔[7] علامہ حلی کی ایران میں داخلے کے بعد ایک دن کسی مجلس میں اہل سنت کے مذاہب اربعہ کے مختلف علماء منجملہ خواجہ نظام الدین عبد الملک مراغہ‌ای کے ساتھ مناظرہ کیا۔ ان مناظرے میں علامہ حلی نے امام علی(ع) کی ولایت و امامت اور مذہب شیعہ کی حقانیت کو پادشاہ کے سامنے ثابت کیا۔ یہ واقعہ پادشاہ کے مذہب شیعہ اختیار کرنے کا باعث بنا اور انہوں نے اپنا نام "الجایتو" سے سلطان محمد خدا بندہ میں تبدیل کیا اور شیعہ مذہب کو ایران کا سرکاری مذہب قرار دیا۔[8] مختلف تاریخی منابع میں سلطان محمد خدا بندہ کی مذہب شیعہ اختیار کرنے میں علامہ حلی کے کردار کی طرف اشارہ ہوا ہے۔[9]

علامہ حلی کا مشہور مناظرہ

میرزا محمد علی مدرس تبریزی اپنی کتاب ریحانۃ الادب میں علامہ مجلسی سے کتاب من لا یحضرہ الفقیہ کی شرح میں لکھتے ہیں: ایک دن سلطان محمد خدا بندہ نے ایک مجلس منعقد کی اور اہل سنت کے بڑے بڑے علماء کو مدعو کیا نیز علامہ حلی کو بھی اس مجلس میں دعوت دی گئی۔ علامہ حلی نے مجلس میں داخل ہوتے وقت جوتے اپنی بغل میں رکھ کر پادشاہ کے قریب جا کر بیٹھ گئے۔ درباریوں نے علامہ سے پوچھا کہ کیوں آپ نے پادشاہ کو سجدہ اور احترام نہیں کیا؟ اس موقع پر علامہ نے جواب دیا: پیغمبر اکرم(ص) تمام پادشاہوں کے پادشاہ تھے اور انہیں سب سلام کرتے تھے اور قرآن میں بھی آیا ہے کہ "فَإِذَا دَخَلْتُم بُيُوتًا فَسَلِّمُوا عَلَى أَنفُسِكُمْ تَحِيَّة مِّنْ عِندِ اللَّه مُبَارَكَة طَيِّبَة (ترجمہ: جب بھی کسی گھر میں داخل ہو جاؤ تو ایک دوسرے کو سلام کیا کرو! یہ سلام خدا کے نزدیک مبارک اور پسندیدہ ہے)" [10] اس کے علاوہ ہمارے اور تمہارے درمیان اس بات میں کوئی اختلاف نہیں ہے کہ سجدہ صرف خدا کے ساتھ مختص ہے۔

انہوں نے کہا پس کیوں تم پادشاہ کے قریب جا کر بیٹھ گئے ہو؟ علامہ نے جواب دیا: کیونکہ اس کے علاوہ کوئی جگہ خالی نہیں تھی اور حدیث میں آیا ہے کہ جب تم کسی مجلس میں جاؤ تو جہاں کہیں جگہ خالی ہو وہیں بیٹھ جاؤ۔ پوچھا گیا: ان جوتوں کی کیا حیثیت تھی کہ تم اسے پادشاہ کے دربار میں لے آئے ہو؟ علامہ نے جواب دیا: مجھے اس بات کا خوف ہوا کہ مذہب حنفی والے میرے جوتے چوری نہ کر لیں جس طرح ان کے پیشواؤں نے پیغمبر اکرم (ص) کی جوتیاں چوری کی تھیں۔ یہ سننا تھا کہ مذہب حنفی کے ماننے والوں نے اعتراض کیا اور کہا کہ ابو حنیفہ تو پیغمبر اکرم (ص) کے زمانے میں موجود نہیں نہیں تھے۔ علامہ نے کہا معاف کیجئے گا مجھ سے غلطی ہوگئی وہ شخص شافعی تھا، اس طرح یہ گفتگو اور اعتراض شافعی، مالکی اور جنبلیوں کے ساتھ تکرار ہوا۔ اس موقع پر علامہ حلی نے پادشاہ کی طرف رخ کرکے کہا: اب حقیقت روشن ہو گئی کہ مذاہب اربعہ میں سے کسی ایک مذہب کا پیشوا پیغمبر اکرم (ص) کے زمانے میں موجود نہیں تھے اس سے پتہ چلتا ہے کہ ان کے نظریات ان کی اپنی اختراع ہیں، اس کا وحی اور پیغمبر اکرم (ص) کی تعلیمات سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔ لیکن مذہب شیعہ جو امیرالمؤمنین حضرت علی (ع) کے پیروکار ہیں جو پیغمبر اکرم (ص) کے وصی، جانشین اور نفس پیغمبر ہیں۔ علامہ نے اس مناظرہ کے آخر میں ایک نہایت فصیح اور بلیغ خطبہ بھی دیا جسے سننے کے بعد پادشاہ نے مذہب شیعہ اختیار کیا۔[11]

علامہ سلطان محمد خدا بندہ کی وفات تک ایران ‌میں مقیم رہے اور مذہب حقہ کی نشر و اشاعت میں اہم کردار ادا کیا۔ ایران میں اقامت کے دوران علامہ حلی پادشاہ کے تمام مسافرتوں میں ہمراہ رہے اور ان کی ہی تجویز پر پادشاہ نے ایک سیار مدرسہ بھی تاسیس کیا یوں علامہ جہاں بھی جاتے خیمہ نصب کئے جاتے یوں علامہ درس و تدریس میں مشغول ہو جاتے تھے۔[12]

اساتذہ

  • شیخ یوسف سدید الدین (والد علامہ)
  • محقق حلی‏
  • سید رضی الدین علی بن طاووس‏
  • سید احمد بن طاووس‏
  • خواجہ نصیر الدین طوسی‏
  • محمد بن علی اسدی
  • یحیی بن سعید حلی
  • مفید الدین محمد بن جہم حلی
  • کمال الدین میثم بن علی بن میثم بحرانی
  • جمال الدین حسین بن ایاز نحوی
  • محمد بن محمد بن احمد کشی
  • نجم الدین علی بن عمر کاتبی
  • برہان الدین نسفی
  • شیخ فاروقی واسطی
  • شیخ تقی الدین عبد اللہ بن جعفر کوفی

شاگرد

علامہ کے بعض شاگردوں کے اسامی درج ذیل ہیں:

  • محمد بن حسن بن یوسف حلی، فخر المحققین (فرزند علامہ)
  • سید عمید الدین عبدالمطلب (بھانجے)‏
  • سید ضیا الدین عبد اللہ حسینی (بھانجے)
  • سید محمد بن قاسم حسنی معروف بہ ابن معیہ
  • رضی الدین ابو الحسن علی بن احمد حلی
  • قطب الدین رازی
  • سید نجم الدین مہنا بن سنان مدنی
  • تاج الدین محمود بن مولا
  • تقی الدین ابراہیم بن حسین آملی
  • محمد بن علی جرجانی

تألیفات

علامہ حلی نے مختلف علوم جیسے فقہ، اصول فقہ، کلام، حدیث، تفسیر، رجال، فلسفہ اور منطق میں کتابیں تصنیف کی ہیں۔ لیکن ان کی تألیفات کی تعداد کے بارے میں اختلاف ہے۔ علامہ حلی نے خود خلاصۃ الاقوال میں اپنی 57 تصانیف کا ذکر کیا ہے۔[13]

سید محسن امین اپنی کتاب اعیان الشیعہ میں لکھتے ہیں: علامہ حلی کی سو سے زیادہ تصانیف ہیں اور میں نے ان کی 95 کتابوں کو دیکھا ہے جن میں سے کئی کتابوں کے کئی جلدیں ہیں۔[14] اسی طرح وہ فرماتے ہیں کہ علامہ کی کتاب الروضات کے تقریبا ہزار تحقیقی دستاویزات ہیں۔[15] میرزا محمد علی مدرس نیز ریحانۃ الادب[16] میں 120 تصانیف اور کتاب گلشن ابرار[17] میں حوزہ علمیہ قم کے محققین کی ایک گروہ نے علامہ کی تصانیف کی تعداد کو تقریبا 110 عدد ذکر کیا ہے۔

علامہ حلی کی معروف تصانیف میں علم فقہ میں مختلف الشیعہ اور تذکرہ الفقہاء، عقائد و کلام میں کشف المراد، باب حادی عشر اور منہاج الکرامۃ، علم رجال میں خلاصۃ الاقوال اور منطق میں جوہر النضید کا نام قابل ذکر ہیں۔

علامہ حلی نے شیعہ اصول عقايد میں لکھی گئیں اپنی دو کتابیں نہج الحق و کشف الصدق اور منہاج الکرامہ کو سلطان محمد خدا بندہ کو بطور ہدیہ دیا۔[18]

امام زمانہ (ع) سے ملاقات

علامہ حلی کی امام مہدی (ع) کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں سے دو واقعات مشہور ہیں۔

تکمیل کتاب توسط امام زمانہ (ع)

پہلا واقعہ ایک کتاب سے متعلق ہے جسے علامہ نے کسی اہل سنت عالم دین سے بطور امانت لیا تھا تاکہ اس کی نسخہ برداری کی جا سکے لیکن آدھی رات کو نیند غالب آنے کی وجہ سے کتاب کی نسخہ برداری میں رکاوٹ آنے لگی اتنے میں امام زمانہ (ع) علامہ کے کمرے میں داخل ہوتے ہیں اور کتاب کی تنسیخ کا باقی ماندہ کام اپنے ذمہ لے لیتے ہیں۔ بیداری کے بعد جب علامہ حلی نے کتاب کی نسخہ برداری کی طرف دیکھا تو معلوم ہوا کہ یہ کام مکمل ہو چکا تھا۔[19]

اس داستان کا سب سے قدیمی‌ منبع کتاب مجالس المومنین تالیف قاضی نوراللہ شوشتری ہے۔ انہوں نے اس واقعے کیلئے کوئی مکتوب منبع ذکر کئے بغیر لکھا ہے کہ یہ واقعہ مؤمنین کے درمیان مشہور ہے۔[20]

کربلا کے راستے میں ملاقات

دوسرا واقعہ قصص العلما تالیف تنکابنی میں نقل ہوا ہے۔ مصنف کے مطابق علامہ حلی کے کربلا کی طرف سفر کے دوران راستے میں ان کی کسی سید سے ملاقات ہوتی ہے۔ ان کے ساتھ گفتگو کے دوران معلوم ہو جاتا ہے کہ یہ ایک بہت بڑی علمی شخصیت ہیں لہذا علامہ نے اپنی علمی مشکلات کو ان سے دریافت کرنا شروع کیا اور وہ ان سوالوں کا جواب دیتے گئے۔ اسی دوران ایک دفعہ علامہ حلی سوال کرتے ہیں کہ آیا زمانہ غیبت کبری میں امام عصر(ع) سے ملاقات کا امکان ہے یا نہیں؟ اس سوال کے ساتھ علامہ حلی کے ہاتھ سے تازیانہ زمین پر گر جاتا ہے تو وہ شخص زمین سے اس تازیانہ کو اٹھا کر علامہ حلی کو دیتے ہوئے جواب دیتے ہیں کہ کیسے ممکن نہیں ہے جبکہ اس (امام زمانہ) کا ہاتھ ابھی تمہارے ہاتھ میں ہے۔ اس وقت علامہ حلی متوجہ ہوتے ہیں کہ یہ شخص خود امام زمانہ(ع) ہیں۔ یہ معلوم ہوتے ہی علامہ حلی نے خود کو امام کے قدموں میں گرا دیا۔[21]

تنکابنی اس داستان کیلئے کوئی مآخذ ذکر کئے بغیر لوگوں کی زبانی مشہور داستانوں کے طور پر ذکر کرتے ہیں۔[22] اپنی بات پر گواہ کے طور پر انہوں نے جس چیز کو ذکر کیا ہے وہ یہ ہے کہ علامہ اور اس شخص کے درمیان ہونے والی گفتگو میں اس شخص نے علامہ کو شیخ طوسی کی کتاب تہذیب الاحکام میں ایک حدیث کا ایڈریس بتاتے ہیں جس سے علامہ آگاہ نہیں تھے۔ جب علامہ نے اس سفر سے واپس آکر اس حدیث کو مذکورہ کتاب میں دریافت کیا تو اس کے حاشیہ میں لکھتے ہیں کہ امام عصر (ع) نے مجھے اس حدیث کی طرف رہنمائی فرمائی ہے۔ تنکابنی نے اس واقعہ کو سید محمد طباطبایی صاحب مناہل کے ایک شاگرد "ملا صفر علی لاہیجی" سے نقل کیا ہے۔ لاہیجی اپنے استاد سے نقل کرتے ہیں کہ جنہوں نے اس کتاب اور اس میں علامہ حلی کی یادداشت کو دیکھا ہے۔[23]

وفات

علامہ حلی سنہ 716 ھ میں سلطان محمد خدا بندہ کی وفات کی بعد اپنے آبائی شہر حلہ واپس آ گئے اور آخر عمر تک وہیں مقیم رہے۔ 21 محرم سنہ 726 ہجری میں 78 سال کی عمر میں "حلہ" میں وفات پائی۔ انہیں حرم امیرالمومنین (ع) میں سپرد خاک کیا گیا۔[24]

حوالہ جات

  1. حسن بن یوسف بن مطہر حلی، رجال العلامہ، ص ۴۸
  2. اشمیتکہ، اندیشہ‌ہای کلامی علامہ حلی، ص ۲۴
  3. جمعی از مؤلفان، گلشن ابرار، ج۱، ص ۱۳۸
  4. دائرہ المعارف بزرگ اسلامی، مدخل «آیت اللہ».
  5. عسقلانی، ج۲، ص۳۱۷
  6. مجلسی‌، بحار الانوار، ج۱، ص۲۰۴-۱۰۷/۸۱.
  7. مستدرک الوسائل، ج ۲، ص۴۰۶
  8. خوانساری، روضات الجنات، ج۲، ص ۲۷۹ و ۲۸۰
  9. ابن بطوطہ، سفرنامہ، ج۲، ص ۵۷ و امین، اعیان الشیعہ، ج۲۴، ص ۲۳۱ بہ بعد
  10. سورہنور/آیت نمبر61۔
  11. مدرس، ریحانۃ الادب، ج ۳ و ۴، ص۱۶۹.
  12. خواندمیر، تاریخ حبیب السیر، ج۳، ص ۱۹۷ و شوشتری، مجالس المؤمنین، ج۲، ص ۳۶۰
  13. امین، اعیان الشیعہ، ج۵، ص۴۰۲.
  14. امین، اعیان الشیعہ، ج۵، ص۴۰۲.
  15. امین، اعیان الشیعہ، ج۵، ص۴۰۲.
  16. مدرس، ریحانہ الادب، ج۳ و ۴، ص۱۷۴.
  17. گلشن ابرار، ۱۳۸۵ش، ج۱، ص۱۴۴.
  18. اعیان الشیعہ، ج۱۰، ص۲۲۹؛الذریعۃ، ج۲۳، ص۱۷۲.
  19. شوشتری، مجالس المؤمنین، ج۱، ص۵۷۱
  20. شوشتری، مجالس المؤمنین، ج۱، ص۵۷۱
  21. تنکابنی، قصص العلماء، ص۸۸۳
  22. تنکابنی، قصص العلماء، ص۸۸۳
  23. تنکابنی، قصص العلماء، ص۸۸۵
  24. امین، اعیان الشیعہ، ج۲۴، ص ۲۲۳ و شوشتری، مجالس المؤمنین، ج۱، ص ۵۷۴

مآخذ

  • ابن بطوطہ، محمد بن عبد اللہ، سفرنامہ ابن بطوطہ
  • ابن‌ حجر عسقلانی‌، احمد، لسان‌ المیزان‌، بیروت‌، ۱۳۹۰ھ
  • اشمیتکہ، زابینہ، اندیشہ‌ہای کلامی علامہ حلی، ترجمہ: احمد نمایی، بنیاد پژوہش‌ہای اسلامی، مشہد، ۱۳۷۸ش
  • امین، سیدمحسن، اعیان الشیعہ، بیروت: دارالتعارف للمطبوعات، ۱۴۰۶ق/۱۹۸۶ء
  • تہرانی، آقا بزرگ، الذریعۃ الی تصانیف الشیعۃ، بیروت، دار الاضواء، ۱۴۰۳ھ
  • نسخہ pdf تنکابنی، محمد بن سلیمان، قصص العلماء.
  • جمعی از پژوہشگران حوزہ علمیہ قم، گلشن ابرار، چ۳، قم: نشر معروف، ۱۳۸۵ش.
  • حسن بن یوسف بن مطہر حلی، رجال العلامہ، بہ اہتمام محمد صادق بحر العلوم، نجف، حیدریہ، ۱۹۶۱ء
  • خواند میر، غیاث الدین، تاریخ حبیب السیر فی اخبار افراد البشر، بہ اہتمام جلال الدین ہمایی، تہران، کتابخانہ خیام، ۱۳۳۳ شمسی
  • خوانساری، محمد باقر، روضات الجنات فی احوال العلماء و السادات، قم، ۱۹۸۶ ء
  • دائرہ المعارف بزرگ اسلامی، مدخل «آیت اللہ»
  • شوشتری، قاضی نوراللہ، مجالس المؤمنین، کتاب فروشی اسلامیہ، تہران، ۱۳۶۵ شمسی.
  • مجلسی، محمد باقر، بحار الانوار، بیروت‌، ۱۴۰۳ ھ‌، ج۱، ص۳۵، ۵۸، ج۵۱، ص۳۴۳.
  • مدرس، میرزا محمد علی، ریحانۃ الادب، چ۳، تہران: انتشارات خیام، ۱۳۶۹