گراں فروشی
گراں فروشی سے مراد اشیاء یا خدمات کو مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت پر فروخت کرنا[1] یا ان کی قیمت وصول کرتے وقت متعارف اور انصاف کے تقاضوں سے تجاوز کرنا ہے۔[2] اسی طرح ہر وہ اقدام جس کے نتیجے میں خریدار کو غیر معمولی طور پر زیادہ رقم ادا کرنی پڑے، گران فروشی کے زمرے میں آتا ہے۔[3]
اسلامی فقہ میں خیار غبن کے ذیل میں گراں فروشی سے بحث کی جاتی ہے۔[4] اس بنیاد پر اگر فروخت کرنے والا کسی چیز کو اس کی حقیقی قیمت سے زیادہ پر فروخت کرے اور خریدار اصل قیمت سے آگاہ نہ ہو تو غبن تحقق پاتا ہے اور خریدار کے لئے خیارِ غبن ثابت ہو جاتا ہے اور خریدار معاملہ میں حق فسخ یعنی معاملہ کو ختم کرنے کا حق رکھتا ہے۔[5]
حدیثی منابع میں گراں فروشی کی مذمت کی گئی ہے۔ رسول اکرمؐ سے منقول ہے کہ مسلمانوں کے بازار میں گرانی پیدا کرنا عذاب الٰہی کا باعث بنتا ہے۔[6] اسی طرح بعض روایات میں ارزانی کو رضائے الٰہی اور گرانی کو غضبِ الٰہی کی علامت قرار دیا گیا ہے۔[7] امام صادقؑ سے منقول ایک روایت میں بھی غیر متعارف منافع حاصل کرنے کو ناپسندیدہ قرار دیا گیا ہے۔[8]
فقہا نے گراں فروشی کے شرعی حکم کے بارے میں مختلف آرا پیش کی ہیں۔ بعض فقہا نے بعض روایات، بالخصوص روایت: «غَبْنُ المُسْتَرْسِلِ سُحْتٌ؛ اعتماد کرنے والے شخص کو دھوکا دے کر حاصل کیا گیا مال حرام ہے»،[9] سے استدلال کرتے ہوئے گراں فروشی کو حرام قرار دیا ہے۔[10] محمد محسن فیض کاشانی کے مطابق مسترسل اس شخص کو کہا جاتا ہے جو قیمت کے تعین میں فروخت کرنے والے پر اعتماد کرے؛[11] لہٰذا ایسے شخص کو دھوکا دینا غبن کا مصداق ہے[12] اور اس بنیاد پر ہونے والا معاملہ حرام اور باطل ہوگا۔[13] اس کے مقابلے میں بعض فقہا نے اصل معاملے کو صحیح قرار دیتے ہوئے مغبون شخص کے لئے فسخ کا حق تسلیم کیا ہے۔[14] شیعہ مراجعِ تقلید میں سے امام خمینی[15] اور آیت اللہ خامنہ ای[16] کے نزدیک اگر گراں فروشی صارفین پر ظلم و زیادتی کا سبب بنے یا اسلامی حکومت کے قوانین کے خلاف ہو تو جائز نہیں ہے۔ آیت اللہ سیستانی کے مطابق اگر یہ عرف اور حکومتی ضوابط کے خلاف نہ ہو تو فقہی اعتبار سے جائز، لیکن اخلاقی لحاظ سے ناپسندیدہ ہے۔[17] آیت اللہ مکارم شیرازی منافع کی مقدار کو فریقین کی رضامندی کے تابع قرار دیتے ہیں، البتہ جہاں سرکاری قیمت اور ریٹ مقرر ہوں وہاں ان کی پابندی ضروری ہے؛ تاہم وہ انصاف کی رعایت پر زور دیتے ہیں۔[18] آیت اللہ صافی گلپایگانی بھی اصل معاملے کو فریقین کی رضامندی کے تابع قرار دیتے ہیں، لیکن غبن کی صورت میں خریدار کے لئے حق فسخ کے قائل ہیں اور ظلم و زیادتی اور ناانصافی سے اجتناب پر تاکید کرتے ہیں۔[19]
علم کلام میں گرانی اور ارزانی کا مسئلہ اِسعار (قیمت گذاری) کی بحث کے ذیل میں اس اعتبار سے زیرِ بحث آتا ہے کہ آیا گرانی اور ارزانی خدا کا فعل ہے یا انسان کا۔[20] اشاعرہ افعالِ بندگان کے مخلوق خدا ہونے کے نظریے کی بنا پر گرانی اور ارزانی کو بھی خداوند متعال کی طرف منسوب کرتے ہیں؛[21] جبکہ شیعہ متکلمین کے نزدیک جب گرانی انسانی اعمال و رویوں کا نتیجہ ہو تو اس کی نسبت انسانوں ہی کی طرف ہوگی۔[22]
گراں فروشی کو معاشرے کے کمزور اور نادار طبقات کی معاشی مشکلات میں اضافے کے اہم عوامل میں شمار کیا گیا ہے۔[23] نیز اسلامی جمہوریۂ ایران کے بانی امام خمینی نے سرکاری قیمتوں سے زیادہ قیمت وصول کرنے کو ظلم و ناانصافی اور شرعی و اخلاقی اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔[24] اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر اعلی سید علی خامنہ ای نے اسے ظالمانہ طرزِ عمل قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف جدوجہد کو ظلم کے مقابلے کی ایک صورت قرار دیا ہے۔[25] گراں فروشی کی روک تھام کے لئے دیگر مختلف ممالک کی طرح پاکستان میں بھی حکومتی سطح پر ہر سال مختلف اقدامات اٹھائے جاتے ہیں جن میں سرکاری نرخ ناموں کا اعلان،[26] گراں فروشوں کی گرفتاری اور دکانیں سربمہر[27] اور ان کے خلاف گرینڈ آپریشن اور کروڑوں روپئے کے جرمانے[28] عائد کئے جاتے ہیں، لیکن اس کے باوجود بھی گراں فروشی کی لعنت سے عوام کو چھٹکارا نہیں ملتا۔[29]
حوالہ جات
- ↑ میرزایی، «بررسی احتکار و گرانفروشی در فقہ و حقوق ایران»، ص54۔
- ↑ حقیقی، «در ورای گرانفروشی و احتکار»، ص25۔
- ↑ میرزایی، «بررسی احتکار و گرانفروشی در فقہ و حقوق ایران»، ص54۔
- ↑ حلی، تبصرۃ المتعلمین، ص123؛ خمینی، تحریر الوسیلہ، ج1، ص522۔
- ↑ شیخ انصاری، کتاب المکاسب، ج5، ص157۔
- ↑ نیشابوری، المستدرک علی الصحیحین، ج2، ص15۔
- ↑ کلینی، الکافی، ج5، ص162۔
- ↑ کلینی، الکافی، ج10، ص48-50۔
- ↑ کلینی، الکافی، ج10، ص24۔
- ↑ فیض کاشانی، الوافی، ج17، ص456۔
- ↑ فیض کاشانی، الوافی، ج17، ص456۔
- ↑ فیض کاشانی، الوافی، ج17، ص456۔
- ↑ فیض کاشانی، الوافی، ج17، ص456۔
- ↑ فیض کاشانی، الوافی، ج17، ص457۔
- ↑ خمینی، استفتاءات، ج2، ص62۔
- ↑ ملاحظہ کیجئے:«مسائل متفرقہ تجارت، سؤال1612»، دفتر حفظ و نشر آثار حضرت آیت اللہ خامنہ ای کی ویب سائٹ۔
- ↑ «آیا گرانفروشی حرام است؟»، ویب سائٹ ہدانا۔
- ↑ «معاملۂ سلف»، آیت اللہ مکارم شیرازی کی ویب سائٹ۔
- ↑ «فتوای آیتاللہ صافی گلپایگانی دربارہ فروش اجناس بہ قیمت روز و گرانتر از قیمت اولیہ»، شیعہ نیوز۔
- ↑ حلی، کشف المراد، ج1، ص342۔
- ↑ تفتازانی، شرح المقاصد، ج4، ص320۔
- ↑ حلی، کشف المراد، ج1، ص342۔
- ↑ «ریشہ گرانفروشی کجاست؟...»، جوان صحافیوں کی ویب سائٹ۔
- ↑ امام خمینی، صحیفۂ نور، ج6، ص510۔
- ↑ «پیام بہ رئیس جمہور در خصوص مبارزہ با گرانفروشی»، دفتر حفظ و نشر آثار حضرت آیت اللہ خامنہ ای کی ویب سائٹ۔
- ↑ سرکاری نرخ نامے، آزاد اردو ویب سائٹ۔
- ↑ عادی گراں فروشوں کو گرفتار اور دکانیں سربمہر کرنے کا فیصلہ، روزنامہ دنیا۔
- ↑ گراں فروشوں کیخلاف گرینڈ آپریشن، کروڑوں کے جرمانے اور ہزاروں گرفتاریاں، اے آر وائی نیوز۔
- ↑ گراں فروشی عروج پر، کراچی کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، حکام تماشائی، نمائشی اقدامات تک محدود، روزنامہ جنگ۔
مآخذ
- «مسائل متفرقہ تجارت» (تجارت کے متفرق مسائل)، دفتر حفظ و نشر آثار حضرت آیت اللہ خامنہ ای کی ویب سائٹ، تاریخ درج مطلب: 30 ستمبر 2018ء، تاریخ مشاہدہ: 28 جون 2026۔
- انصاری، شیخ مرتضی، کتاب المکاسب، قم، مجمع الفکر الاسلامی، 1415ھ۔
- «آیا گرانفروشی حرام است؟» (کیا گراں فروشی حرام ہے؟)، سائت ہدانا، تاریخ درج مطلب: 8 اپریل 2017ء، تاریخ مشاہدہ: 28 جون 2026۔
- «معاملہ سلف»، آیت اللہ مکارم شیرازی کی آفیشل ویب سائٹ، تاریخ مشاہدہ: 28 جون 2026۔
- «پیام بہ رئیس جمہور در خصوص مبارزہ با گرانفروشی» (گراں فروشی کے روک تھام کے حوالے سے صدر مملکت کو پیغام)، سائت khamenei.ir، تاریخ درج مطلب: 7 اکتوبر 1994ء، تاریخ مشاہدہ: 28 جون 2026۔
- تفتازانی، سعد الدین، شرح المقاصد، قم، الشریف الرضی، پہلی اشاعت، 1409ھ۔
- حقیقی، مجید، «در ورای گرانفروشی و احتکار» (گراں فروشی اور احتکار کے پس پردہ حقائق)، مجلہ گزارش، شمارہ 47، دسمبر 1994ء و جنوری 1995ء۔
- حلی، حسن بن یوسف، تبصرہ المتعلمین، تہران، انتشارات فقیہ، پہلی اشاعت، 1368ہجری شمسی۔
- حلی، حسن بن یوسف، کشف المراد فی شرح تجرید الاعتقاد، قم، مؤسسہ النشر الاسلامی، 1413ھ۔
- خمینی، سید روح اللہ، تحریر الوسیلہ، نجف، دار الکتب العلمیہ، 1390ھ۔
- خمینی، سید روح اللہ، استفتائات، قم، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم، پہلی اشاعت، 1372ہجری شمسی۔
- خمینی، سید روح اللہ، صحیفہ نور، قم، مؤسسہ نظیم و نشر آثار امام خمینی، 1378ہجری شمسی۔
- «ریشہ گرانفروشی کجاست؟/ تاملی بر یکی از جدیترین چالشہای اقتصادی» (گراں فروشی کی جڑ کیا ہے؟/ معاشی مسائل میں سے ایک اہم مسئلے پر غور و فکر)، نوجوان صحافیوں کی ویب سائٹ، تاریخ درج مطلب: 29 ستمبر 2017ء، تاریخ مشاہدہ: 28 جون 2026۔
- «سرکاری نرخ نامے»، آزاد اردو ویب سائٹ، تاریخ نشر: 29 جون 2026ء، تاریخ مشاہدہ: 14 نومبر 2026ء۔
- «عادی گراں فروشوں کو گرفتار اور دکانیں سربمہر کرنے کا فیصلہ»، روزنامہ دنیا، تاریخ نشر: 28 اکتوبر 2026ء، تاریخ مشاہدہ: 14 نومبر 2026ء۔
- «فتوای آیت اللہ صافی گلپایگانی دربارہ فروش اجناس بہ قیمت روز و گرانتر از قیمت اولیہ» (اجناس کو اصل قیمت سے مہنگا اور موجودہ قیمت پر فروخت کرنے کے حوالے سے آیت اللہ صافی گلپایگانی کا فتوا)، سائت شیعہ نیوز، تاریخ درج مطلب: 29 اگست 2013ء، تاریخ مشاہدہ:14 نومبر 2026ء۔
- فیض کاشانی، الوافی، اصفہان، کتابخانہ امام أمیرالمؤمنین علی (علیہ السلام )، 1406ھ۔
- کلینی، محمد بن یعقوب، الکافی، قم، انتشارات دار الحدیث، 1430ھ۔
- «گراں فروشوں کیخلاف گرینڈ آپریشن، کروڑوں کے جرمانے اور ہزاروں گرفتاریاں»، اے آر وائی نیوز، تاریخ نشر: 10 نومبر 2025ء، تاریخ مشاہدہ: 14 نومبر 2026ء۔
- «گراں فروشی عروج پر، کراچی کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، حکام تماشائی، نمائشی اقدامات تک محدود»، روزنامہ جنگ، تاریخ نشر: 08 جولائی 2023ء، تاریخ مشاہدہ: 14 نومبر 2026ء۔
- میرزایی، محمدرضا، «بررسی احتکار و گرانفروشی در فقہ و حقوق ایران» (فقہ اور ایران کے مدنی قوانین میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کا جائزہ)، مجلہ تحقیقات حقوقی، شمارہ ۲۱، بہار اور گرما 2022ء۔
- نیشابوری، ابو عبداللہ الحاکم، المستدرک علی الصحیحین، بیروت، دار الکتب العلمیہ، پہلی اشاعت، 1411ھ۔