لیٹر فار یو
لیٹر فار یو، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے ان خطوط کا عنوان ہے جنہیں آپ نے یورپ اور شمالی امریکہ کے جوانوں کے نام جاری کیا۔ ان میں سے پہلا خط تکفیری جماعتوں خصوصا داعش کے دہشت گردانہ حملوں خاص کر 31 جنوری 2015ء کو فرانس کے شارلی ابدو نامی نشریہ کے دفتر جہاں سے پیغمبر اسلامؐ کی توہین آمیز کارٹون شایع ہوئی تھی، پر کئے گئے حملے کے بعد مغربی ممالک میں پھیلنے والے اسلام ہراسی کے لہر کے تناظر میں جاری کیا۔ آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے اس پیغام میں مغربی سیاستدانوں کی جانب سے پھیلائے گئے اسلامو فوبیا کے تازہ ترین لہر کے بارے میں بعض اہم سوالات اٹھاتے ہوئے تاریخ میں مغربی حکومتوں کی طرف سے انجام پانے والے ظلم و بربریت، نسل پرستی، مذہبی تصادم اور پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں ہونے والے قتل عام کی طرف اشارہ کیا ہے اور یورپی اور شمالی امریکہ کے جوانوں سے اسلام کے بارے میں بےبنیاد تعصبات سے پرہیز کرتے ہوئے اسلام کو پہچاننے کیلئے اس کے اصلی منابع یعنی قرآن اور پیغمبر اسلامؐ کی زندگی کا مطالعہ کرنے کی سفارش کی ہے۔
یہ پیغام "لیٹر فار یو" (Letter For You) کے نام سے دنیا کی مختلف زبانوں میں سوشل میڈیا میں بہت جلدی گردش کرنے لگا۔
نومبر 2015ء کو پیرس میں ہونے والے دہشت گرادانہ حملے کے بعد آیت الله خامنہ ای نے یورپی جوانوں کے نام اپنا دوسرا خط جاری کیا۔
پہلے خط کا متن
بسم اللہ الرحمن الرحیم
یورپ اورشمالی امریکہ کے تمام جوانوں کے نام پیغام
- فرانس کے حالیہ واقعات اور بعض دوسرے مغربی ممالک میں اس جیسے واقعات نے مجھے اس بات پر قائل کیا کہ میں ان کے بارے میں براہ راست آپ سے بات اور گفتگو کروں۔ میں آپ جوانوں کو اپنا مخاطب قرار دیتا ہوں؛ اس کی وجہ یہ نہیں کہ میں آپ کے والدین کو نظر انداز کررہا ہوں، بلکہ اس لئے کہ میں آپ کی قوم اور آپ کے ملک کی زمام آپ کے ہاتھوں میں دیکھ رہا ہوں نیز حقیقت یابی کی حس کو آپ کے دلوں کی گہرائی میں ہوشیار اور زندہ مشاہدہ کررہا ہوں، اس تحریر میں میرا خطاب آپ کے سیاستدانوں اور حکومتی ارکان سے نہیں ہے؛ کیونکہ میرا اس بات پر یقین ہے کہ انھوں نے مکمل طور پر آگاہی کے ساتھ سیاست کا راستہ صداقت اور سچائی سے الگ کرلیا ہے۔
- میری بات آپ کے ساتھ اسلام کے بارے میں ہے خاص طور پر اسلام کی اس شکل و صورت اور تصویر کے بارے میں ہے جو آپ کے سامنے پیش کی جاتی ہے۔ گذشتہ دو عشروں سے ادھر یعنی تقریبا سویت یونین کے انحلال کے بعد بہت زیادہ تلاش و کوشش کی گئی ہے تاکہ اس عظیم دین کو خوفناک دشمن کی جگہ پیش کیا جائے۔ افسوس ہے کہ مغربی سیاسی تاریخ میں طویل عرصہ سے رعب و نفرت کے احساس کو بھڑکانے اور اس سے استفادہ کی پالیسی جاری ہے۔ میں یہاں مغربی قوموں کے سامنے مختلف اور گوناگوں قسم کے خوف و ہراس کی تفصیل پیش نہیں کرنا چاہتا ہوں آپ خود تاریخ کے بارے میں حالیہ تنقیدی مطالعہ کا مختصر جائزہ لینے کے بعد مشاہدہ کریں گے کہ جدید تاریخ نگاری میں دنیا کی دیگر قوموں اور ثقافتوں کے ساتھ مغربی حکومتوں کی غلط اور غیر صادقانہ و مکارانہ رفتار کی مذمت کی گئی ہے۔ یورپ اور امریکہ کی تاریخ ،غلامی کے سلسلے میں شرما رہی ہے ، استعمار کے دور کی وجہ سے اس کا سرجھکا ہوا ہے، رنگین فاموں اور غیر عیسائيوں پر ظلم و ستم سے وہ شرمندہ ہے؛ کیتھولیک اور پروٹسٹان کے درمیان مذہب کے نام پر خونریزی یا پہلی اور دوسری عالمی جنگوں میں نسل اور قومیت کے نام پر خونریزی کی وجہ سے آپ کے مؤرخین اور محققین کے سرشرم سے جھکے ہوئے ہیں۔
- یہ بات بذات خود ایک اچھی اور قابل تحسین بات ہے اور میرا مقصد اس طویل فہرست سے تاریخ کی سرزنش اور مذمت نہیں ہے بلکہ میں آپ سے چاہتا ہوں کہ آپ اپنے روشنفکر افراد سے سوال کریں کہ مغرب میں لوگوں کا ذہن اور وجدان دسیوں یا سینکڑوں سال کی تاخیر کے بعد کیوں بیدار ہوتا ہے؟ اجتماعی وجدان میں ماضی بعید کے بجائے روز مرہ کے مسائل کے بارے میں تجدید نظر کیوں نہیں ہوتی؟ اسلامی فکر و ثقافت جیسے اہم مسائل کے فروغ میں رکاوٹ کیوں پیدا کی جاتی ہے؟
- آپ اجھی طرح جانتے ہیں کہ تحقیر، نفرت اور دوسروں کے بارے میں خیالی خوف و ہراس ،ظالموں اور ستمگروں کے مفادات کی مشترکہ راہ رہی ہے۔
- اب میں چاہتا ہوں کہ آپ اپنے آپ سے سوال کریں کہ اس مرتبہ غیر معمولی شدت کے ساتھ خوف پیدا کرنے اور نفرت پھیلانے کی پرانی اور قدیمی سیاست نے اسلام اور مسلمانوں کو کیوں نشانہ بنا رکھا ہے؟ اور کیوں آج کی دنیاوی طاقتیں اسلام کو حاشیہ کی طرف دھکیلنا اور غیر فعال بنانا چاہتی ہیں؟ اسلام کی کونسی قدریں اور مفاہیم ان بڑی طاقتوں کے منصوبوں کے لئے خطرہ ہیں اور اسلام کی غلط شکل و صورت پیش کرنے میں ان کے کون سے مفادات کو تحفظ فراہم ہوگا؟ لہذا میرا پہلا مطالبہ یہ ہے کہ آپ اسلام کے خلاف وسیع پروپیگنڈے کے محرکات کے بارے میں ریسرچ اور جستجو کریں۔
- میرا دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ اسلام کے خلاف منفی قضاوت اور پروپیگنڈوں کے ہجوم کے رد عمل میں آپ اسلام کے بارے میں براہ راست اور مستقیم شناخت حاصل کریں تاکہ آپ کم سے کم یہ جان لیں کہ وہ چیز جس سے آپ کو ڈراتے ہیں وہ کیا ہے اور اس کی حقیقت اور ماہیت کیا ہے۔ میں اس بات پر اصرار نہیں کرتا کہ اسلام کے بارے میں جو میرا نقطہ نظر ہے آپ اسی کو قبول کرلیں بلکہ میں یہ کہتا ہوں کہ آپ کسی کو اجازت نہ دیں کہ آج کی دنیا میں سب سے زیادہ مؤثر حقیقت کو آلودہ اغراض و مقاصد کے تحت آپ کے سامنے غلط بنا کر پیش کیا جائے۔آپ اس بات کی اجازت نہ دیں کہ وہ اپنے نوکر دہشت گردوں کو اسلام کا نمائندہ بنا کر پیش کریں ۔ آپ اسلام کو اس کے اصلی مآخذ اور مدارک کے ذریعہ پہچاننے کی کوشش کریں ، اسلام کو قرآن مجید کے ذریعہ اور پیغمبر اسلام ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ) کی حیات طیبہ کے ذریعہ پہچاننے کی کوشش کریں، میں آپ سے سوال کرتا ہوں کہ کیا آپ نے آج تک مسلمانوں کے قرآن کی طرف براہ راست رجوع کیا ہے؟ کیا آپ نے پیغمبر اسلام ( صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ) کی تعلیمات اور ان کی زندگی کے اخلاقی اور انسانی پہلوؤں کا مطالعہ کیا ہے؟ کیا آپ نے میڈيا کے علاوہ اسلام کے پیغام کو کسی دوسرے مآخذ سے حاصل کیا ہے؟ کیا کبھی آپ نے اپنے آپ سے سوال کیا ہے کہ اسی اسلام نے طویل برسوں کے دوران کونسے اقدار کی بنیاد پر دنیا کے علمی اور فکری تمدن کو فروغ دیا اور اعلی ترین دانشوروں اور مفکرین کی تربیت کی؟
- میں آپ سے چاہتا ہوں کہ آپ اجازت نہ دیں کہ وہ سست و غلط باتوں کے ذریعہ آپ کے اندر ایسا احساس و جذبہ پیدا کریں اوراس طرح آپ سے غیر منصفانہ قضاوت کی صلاحیت کو سلب کرلیں۔ آج ارتباطاتی وسائل نے جغرافیائی سرحدوں کو توڑ دیا ہے، آپ اجازت نہ دیں کہ وہ آپ کو ذہنی اور ساختگی سرحدوں میں بند کردیں اگر چہ کوئی شخص انفرادی طور پر ایجاد شدہ شگاف کو پر نہیں کرسکتا لیکن آپ جوانوں میں سے ہر ایک اپنے ارد گرد کے ماحول میں آگاہی کی غرض سے اس شگاف کے اوپر فکر و انصاف کا پل بنا سکتا ہے۔ اگر چہ یہ چیلنج، اسلام اور آپ جوانوں کے درمیان پہلے سے طے شدہ منصوبہ کے تحت ناگوار ہے لیکن آپ کے متلاشی اورمتجسس ذہن میں نئے سوالات پیدا کرسکتا ہے اور آپ کے پاس ان سوالات کے جوابات تلاش کرنے کا غنیمت موقع ہے جس میں آپ کے سامنے حقائق نمایاں ہوجائيں گے۔ لہذا اسلام کے بارے میں صحیح فہم و ادراک کے سلسلے میں اس موقع سے بھر پور استفادہ کیجئے تاکہ آپ کے اس ذمہ دارانہ احساس کی بدولت آئندہ آنے والی نسلیں اسلام اور مغرب کے بارے میں آسودہ خاطر ہوں۔
دوسرے خط کا متن
بسم اللہ الرحمن الرحیم
مغربی ممالک کے تمام جوانوں کے نام
- رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ نے مغربی اور یورپی جوانوں کے نام اپنے دوسرے خط میں دین اسلام کو امن و سلامتی، محبت ، دوستی اور پیار کا دین قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ دین اسلام عدم تشدد اور ظلم و ستم سے دور رہنے کا درس دیتا ہے۔
خط کا مکمل ترجمہ حسب ذیل ہے
- اندھی دہشت گردی نے فرانس میں جو تلخ سانحے رقم کئے، ان سانحوں نے مجھے ایک بار پھر آپ نوجوانوں سے گفتگو پر مجبور کر دیا۔ میرے لئے یہ افسوس کا مقام ہے کہ گفتگو کی وجہ اس طرح کے واقعات بنیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اگر دردناک مسائل، چارہ جوئی کی زمین اور ہم خیالی کا میدان فراہم نہ کریں تو دگنا نقصان ہوگا۔ دنیا میں کسی بھی جگہ پر کسی بھی انسان کا رنج و الم اپنے آپ میں تمام نوع انسانی کے لئے اندوہناک ہوتا ہے۔ وہ منظر کہ بچہ اپنے عزیزوں کے سامنے دم توڑ دیتا ہے، ایک ماں جس کے خاندان کی خوشی سوگ میں تبدیل ہو جاتی ہے، ایک شوہر اپنی بیوی کا بے جان جسم اٹھائے کسی سمت بھاگ رہا ہے، یا وہ تماشائی کہ جسے نہیں معلوم کہ چند لمحے بعد اپنی زندگی کا آخری سین دیکھنے جا رہا ہے۔ یہ ایسے مناظر نہیں ہیں جو دیکھنے والے کے احساسات و جذبات کو جھنجھوڑ نہ دیں۔ جس کے اندر بھی محبت و انسانیت کی کوئی رمق ہے، یہ مناظر دیکھ کر متاثر اور رنجیدہ ہوگا؛ خواہ وہ فرانس میں رونما ہوں یا فلسطین و عراق و لبنان و شام میں۔ یقینا ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے یہی احساسات ہیں اور وہ ان المیوں کو انجام دینے والوں اور ذمہ داروں سے بیزار اور متنفر ہیں۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ اگر آج کے یہ رنج و الم بہتر اور زیادہ محفوظ مستقبل کی تعمیر کی بنیاد نہ بنیں تو ان کی حیثییت تلخ و بے ثمر یادوں تک محدود ہوکر رہ جائے گی۔ یہ میرا نظریہ ہے کہ صرف آپ نوجوان ہی آج کے ناموافق تغیرات سے سبق لیکر مستقبل کی تعمیر کی نئی راہیں تلاش کرنے اور اس انحرافی پیش قدمی کو روکنے پر قادر ہوں گے جس نے مغرب کو آج اس مقام پر پہنچا دیا ہے۔
- یہ صحیح ہے کہ دہشت گردی آج ہمارا اور آپ کا مشترکہ درد ہے۔ لیکن آپ کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ جس بد امنی اور اضطراب کا سامنا آپ نے حالیہ سانحے میں کیا، اور اس رنج و الم میں جسے عراق، یمن، شام اور افغانستان کے عوام برسوں سے جھیل رہے ہیں، دو بنیادی فرق پائے جاتے ہیں۔ ایک تو یہ کہ عالم اسلام حدود کے اعتبار سے کئی گنا زیادہ وسیع علاقے میں، اس سے کئی گنا زیادہ حجم کے ساتھ اور بہت زیادہ طولانی مدت کے دوران تشدد اور دہشت کی بھینٹ چڑھتا رہا ہے۔ دوسرے یہ کہ بد قسمتی سے اس تشدد کی ہمیشہ بعض بڑی طاقتوں کی طرف سے گوناگوں روشوں سے اور بہت موثر انداز میں حمایت کی جاتی رہی ہے۔ آج شاید ہی کوئی شخص ہو جسے القاعدہ، طالبان اور اس منحوس سلسلے کی کڑیوں کی تشکیل، انھیں تقویت پہنچانے اور اسلحہ فراہم کرنے میں ریاستہائے متحدہ امریکا کے کردار کا علم نہ ہو۔ اس براہ راست پشت پناہی کے ساتھ ساتھ، تکفیری دہشت گردی کے جانے پہچانے اور اعلانیہ حامی پسماندہ ترین سیاسی نظام رکھنے کے باوجود، ہمیشہ مغرب کے اتحادیوں کی صف میں شامل رہے ہیں، جبکہ علاقے میں پنپتی جمہوریت سے نکلنے والے روشن ترین اور پیشرفتہ ترین نظریات کی بے رحمی سے سرکوبی کی گئی ہے۔ عالم اسلام میں بیداری کی تحریک کے ساتھ مغرب کا دوہرا رویہ مغربی پالیسیوں کے تضاد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
- اس تضاد کا ایک اور روپ اسرائیل کی سرکاری دہشت گردی ہے۔ فلسطین کے ستم دیدہ عوام ساٹھ سال سے زیادہ عرصے سے بدترین قسم کی دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں۔ اگر آج یورپ کے عوام چند روز اپنے گھروں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں اور پرہجوم مقامات پر جانے سے اجتناب کر رہے ہیں تو فلسطینی خاندان دسیوں سال سے حتی خود اپنے گھر میں بھی صیہونی حکومت کی انہدامی اور قتل و غارت کی مشین سے محفوظ نہیں ہیں۔ آج تشدد کی کون سی ایسی قسم ہے کہ قسی القلبی کے اعتبار سے جس کا موازنہ صیہونی حکومت کی کالونیوں کی تعمیر سے کیا جا سکتا ہے؟ یہ حکومت اپنے بااثر حامیوں یا ظاہری طور پر خود مختار نظر آنے والے بین الاقوامی اداروں کی طرف سے کسی طرح کی سنجیدہ اور موثر سرزنش کا سامنا کئے بغیر، روزانہ فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرتی ہے، ان کے باغات اور کھیتیوں کو نابود کرتی ہے، یہاں تک کہ انھیں اسباب زندگی کو کہیں منتقل کرنے یا کھیتوں کی فصلیں کاٹنے تک کی مہلت نہیں دیتی۔ یہ سب کچھ عام طور پر عورتوں اور بچوں کی آشکبار آنکھوں کے سامنے ہوتا ہے، جو اپنے افراد خاندان کو زد و کوب ہوتے اور بعض اوقات عقوبت خانوں میں منتقل ہوتے دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ کیا آج کی دنیا میں آپ اتنے وسیع پیمانے پر، اس حجم کے ساتھ اور اس تسلسل کے ساتھ انجام پانے والی کسی اور قسی القلبی سے واقف ہیں؟ سر سے پاؤں تک مسلح فوجی کے سامنے صرف اعتراض کر دینے کے جرم میں بیچ سڑک پر ایک خاتون کو گولیوں سے بھون دینا اگر دہشت گردی نہیں تو کیا ہے؟ یہ بربریت چونکہ ایک غاصب حکومت کے فوجی انجام دے رہے ہیں تو کیا اسے انتہا پسندی نہیں کہنا چاہئے؟ یا صرف اس بنا پر کہ یہ تصاویر ساٹھ سال سے ٹی وی کے اسکرینوں پر بار بار نظر آتی رہی ہیں، ہمارے ضمیروں کو نہ جھنجوڑیں!
- حالیہ برسوں میں عالم اسلام پر لشکر کشی کہ جس میں بے شمار جانیں تلف ہوئیں، مغرب کی تضاد آمیز روش کا ایک اور نمونہ ہے۔ حملے کا نشانہ بننے والے ممالک نے جانی نقصانات اٹھائے، اس کے علاوہ ان کا اقتصادی و صنعتی انفراسٹرکچر ختم ہو گیا ہے، نمو و ترقی کی جانب ان کی پیش قدمی کا عمل کند ہو گیا ہے، بعض معاملات میں وہ دسیوں سال پیچھے چلے گئے ہیں۔ اس کے باوجود گستاخی کے ساتھ ان سے کہا جاتا ہے کہ خود کو مظلوم نہ سمجھیں۔ یہ کیسے ممکن ہے کہ کسی ملک کو ویرانے میں تبدیل کر دیا جائے، اس کے شہروں اور قریوں کو راکھ کے ڈھیر میں بدل دیا جائے اور پھر اس سے کہا جائے کہ براہ مہربانی آپ خود کو ستم دیدہ نہ مانئے! سانحوں کو بھول جانے اور انھیں نہ سمجھنے کی دعوت دینے کے بجائے کیا سچائی سے معذرت کر لینا زیادہ بہتر نہیں ہے؟ ان برسوں کے دوران عالم اسلام کو حملہ آوروں کے دوہرے روئے اور مصنوعی چہروں سے جو رنج پہنچا ہے وہ مادی خسارے سے کم نہیں ہے۔
- عزیز نوجوانو! میں امید کرتا ہوں کہ آپ اسی وقت یا مستقبل میں فریب سے آلودہ اس ذہنیت کو تبدیل کریں گے، اس ذہنیت کو جس کا ہنر دراز مدتی اہداف کو پنہاں رکھنا اور موذیانہ اغراض و مقاصد پر ملمع چڑھا دینا ہے۔ میری نظر میں سلامتی و آسودگی قائم کرنے کے سلسلے میں پہلا مرحلہ اس تشدد انگیز فکر کی اصلاح کرنا ہے۔ جب تک مغرب کی سیاست پر دوہرے معیار حکمفرما رہیں گے، جب تک دہشت گردی کو اس کے حامی اچھی اور بری قسموں میں تقسیم کرتے رہیں گے اور جب تک حکومتوں کے مفادات کو انسانی و اخلاقی اقدار پر ترجیح دی جاتی رہے گی، اس وقت تک تشدد کی جڑوں کو کہیں اور تلاش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
- افسوس کی بات ہے کہ یہ جڑیں برسوں کی اس مدت میں بتدریج مغرب کی ثقافتی پالیسیوں کی گہرائیوں تک پھیل گئی ہیں اور ایک خاموش اور نامحسوس یلغار کا راستہ ہموار ہوا ہے۔ دنیا کے بہت سے ممالک اپنی ملی و مقامی ثقافت پر ناز کرتے ہیں، ان ثقافتوں پر جو بالیدگی و نمو کے عالم میں سیکڑوں سال سے انسانی معاشروں کو بنحو احسن سیراب کرتی آئی ہیں۔ عالم اسلام بھی اس سے مستثنی نہیں ہے۔ لیکن دور حاضر میں مغربی دنیا پیشرفتہ وسائل کی مدد سے دنیا کی ثقافتوں کو ایک جیسا بنا دینے پر بضد ہے۔ میں دیگر اقوام پر مغرب کی ثقافت مسلط کئے جانے اور خود مختار ثقافتوں کو پست قرار دئے جانے کو ایک خاموش اور انتہائی زیاں بار تشدد مانتا ہوں۔ غنی ثقافتوں کی تحقیر اور ان کے محترم ترین پہلوؤں کی توہین ایسے عالم میں کی جا رہی ہے کہ اس کی جگہ لینے والی ثقافت میں ہرگز جانشینی کی لیاقت نہیں ہے۔ مثال کے طور پر دو عناصر 'جارحانہ رویہ' اور 'اخلاقی بے راہروی' نے جو بد قسمتی سے مغربی ثقافت کے بنیادی پہلو بن چکے ہیں، اس کی مقبولیت اور پوزیشن کو خود وہاں تنزل سے دوچار کر دیا ہے جہاں یہ وجود میں آئی۔ اب سوال یہ ہے کہ اگر ہم روحانیت سے گریزاں، تشدد پسند اور فحاشی کی ثقافت کو قبول نہ کریں تو کیا ہم گنہگار ہیں؟ اگر ہم اس تباہ کن سیلاب کا راستہ روک دیں جو نام نہاد آرٹ کی گوناگوں شکلوں میں ہمارے نوجوانوں کی طرف روانہ کیا جاتا ہے تو کیا ہم نے جرم کیا ہے؟ میں ثقافتی رشتوں کی قدر و قیمت کا منکر نہیں ہوں۔ یہ رشتے جب بھی فطری حالات میں اور میزبان معاشرے کے احترام کے ساتھ قائم ہوئے ہیں، ان سے نمو، بالیدگی اور بے نیازی ملی ہے۔ اس کے برخلاف ناہموار اور مسلط کردہ رشتے ناکام اور ضرر رساں ثابت ہوئے ہیں۔ نہایت افسوس کے ساتھ مجھے کہنا پڑتا ہے کہ داعش جیسے پست گروہ امپورٹڈ ثقافتوں سے انھیں ناکام رشتوں کی پیداوار ہیں۔ اگر خرابی عقیدے میں ہوتی تو استعماری دور سے پہلے بھی عالم اسلام میں ایسے گروہ نمودار ہوتے۔ جبکہ تاریخ اس کے برخلاف گواہی دیتی ہے۔ مسلمہ تاریخی حقائق سے واضح طور پر پتہ چلتا ہے کہ کس طرح ایک بادیہ نشین قبیلے کے اندر موجود انتہا پسندانہ اور رد کر دئے گئے نظرئے سے استعمار کے ملاپ نے اس علاقے میں انتہا پسندی کا بیج بو دیا؟! ورنہ کیونکر ممکن ہے کہ دنیا کے اخلاقی ترین اور انسان دوست ترین مکتب فکر سے جس کے بنیادی متن میں ایک انسان کی جان لینے کو تمام بشریت کے قتل کے مترادف قرار دیا گیا ہو، داعش جیسا کوڑا باہر آئے؟
- دوسری جانب یہ سوال بھی کرنا چاہئے کہ وہ لوگ جو یورپ میں پیدا ہوئے اور اسی ماحول میں فکری و نفسیاتی پرورش پائی، اس قسم کے گروہوں کی جانب کیوں مائل ہو رہے ہیں؟ کیا یہ تسلیم کیا جا سکتا ہے کہ کچھ افراد جنگ زدہ علاقوں کا ایک دو سفر کرکے یکبارگی اتنے انتہا پسند بن جائیں کہ اپنے ہی ہم وطنوں پر گولیوں کی بوچھار کر دیں؟ تشدد سے پیدا ہوئے آلودہ ماحول میں پوری عمر فاسد ثقافتی تغذیہ کی تاثیر کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہئے۔ اس سلسلے میں جامع تجزیہ کرنا چاہئے، ایسا تجزیہ جو سماج کی پنہاں اور نمایاں آلودگیوں کا احاطہ کرے۔ شاید صنعتی و اقتصادی ترقی کے برسوں میں عدم مساوات اور بعض اوقات قانونی و ساختیاتی تفریق کے نتیجے میں مغربی سماجوں کے کچھ طبقات کے اندر بوئی گئی گہری نفرت نے ایسی گرہیں ایجاد کر دی ہیں جو وقفے وقفے سے اس بیمار شکل میں کھلتی ہیں۔
- بہرحال یہ آپ ہی کو اپنے سماج کی ظاہری پرتوں کو شگافتہ کرکے گرہوں اور کینوں کو تلاش اور ختم کرنا ہے۔ خلیج کو اور گہرا کرنے کے بجائے اسے پاٹنا چاہئے۔ دہشت گردی سے مقابلے میں سب سے بڑی غلطی عجلت پسندانہ رد عمل ہے جو موجودہ فاصلوں کو اور بڑھاتا ہے۔ ہیجان اور جلدبازی میں کیا جانے والا ہر اقدام جو یورپ اور امریکا میں سکونت پذیر مسلم برادری کو جس میں دسیوں لاکھ فعال اور ذمہ دار انسان شامل ہیں، الگ تھلگ، ہراساں اور مضطرب کرے، ماضی سے بھی زیادہ انھیں ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرے اور سماج کے اصلی دھارے سے دور کر دے، وہ نہ صرف یہ کہ مشکل کا حل نہیں ہے بلکہ فاصلوں میں مزید گہرائی اور کدورتوں میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔ سطحی اور انتقامی تدابیر، بالخصوص اگر اسے قانونی جواز بھی دے دیا جائے، کا نتیجہ موجودہ پولرائیزیشن میں مزید اضافے اور مستقبل کے بحرانوں کا راستہ ہموار ہونے کے علاوہ کچھ نہیں نکلے گا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بعض یورپی ممالک میں ایسے قانون وضع کئے گئے ہیں کہ جو شہرویوں کو مسلمانوں کی جاسوسی کی ترغیب دلاتے ہیں۔ یہ برتاؤ ظالمانہ ہے اور ہم سب جانتے ہیں کہ ظلم لا محالہ (خود ظالم کی طرف) پلٹ کر آنے کی خاصیت رکھتا ہے۔ دوسرے یہ کہ مسلمان اس ناقدری کے مستحق نہیں ہیں۔ مغربی دنیا صدیوں سے مسلمانوں کو بخوبی پہچانتی ہے۔ اس دور میں بھی جب اہل مغرب اسلامی سرزمین میں مہمان بن کر آئے اور صاحب خانہ کی دولت پر ان کی نگاہیں گڑ گئیں اور اس دور میں بھی جب وہ میزبان تھے اور انھوں نے مسلمانوں کی فکر و عمل سے استفادہ کیا، اکثر انھوں نے مہربانی اور رواداری کے علاوہ کچھ نہیں دیکھا ہے۔ بنابریں میں آپ نوجوانوں سے گزارش کرتا ہوں کہ ایک صحیح شناخت اور گہرے ادراک کی بنیاد پر اور ناگوار تجربات سے سبق لیتے ہوئے عالم اسلام کے ساتھ صحیح اور باعزت رشتے کی داغ بیل رکھئے۔ ایسا ہوا تو وہ دن دور نہیں جب آپ دیکھیں گے کہ اس 'نتیجے' کی بنیاد پر تعمیر کی گئی عمارت اپنے معماروں کے سروں پر اعتماد و اطمینان کا سایہ کئے ہوئے ہے، انھیں تحفظ اور آسودگی کی حرارت عطا کر رہی ہے اور روئے زمین پر تابناک مستقبل کی امیدوں کی روشنی بکھیر رہی ہے۔