ویکی شیعہ:Featured articles/2024/04
اِعْتِکاف اسلام میں ایک مستحب عبادت ہے جس کے معنی ایک معینہ مدت (کم از کم 3 دن) کیلئے روزے کے ساتھ مسجد میں ٹھہرنے کے ہیں۔ اعتکاف کرنے والے کو "معتکف" کہا جاتا ہے۔ اعتکاف کے لئے شریعت میں کوئی خاص وقت معین نہیں لیکن احادیث کے مطابق اس کا بہترین وقت ماہ مبارک رمضان کا آخری عشرہ ہے۔ اعتکاف کے لئے مسجد میں ٹھہرنے اور مسجد سے خارج ہونے سے متعلق مختلف احکام اور آداب ہیں۔ ایران کے اکثر شہروں کی تمام بڑی مسجدوں میں رجب کی 13، 14 اور 15 تاریخ جن کو ایام بیض کہا جاتا ہے، اعتکاف انجام پاتا ہے۔ احادیث میں اعتکاف کو حج اور عمرہ کے برابر، گناہوں کی بخشش اور جہنم کی آگ سے نجات کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ بعض احادیث میں اعتکاف کو مسجد الحرام، مسجد نبوی، مسجد کوفہ اور مسجد بصرہ کے ساتھ مختص کیا گیا ہے۔ لیکن ایسی روایات بھی منقول ہیں جن کی رو سے کسی بھی مسجد یا جامع مسجد میں اعتکاف کرنا جائز ہے جن میں کسی عادل امام نے نماز جمعہ یا نماز جماعت ادا کی ہو۔ فقہ امامیہ کے مطابق روزہ رکھنا اعتکاف کے ارکان میں سے ہے۔ اس بنا پر جو شخص روزہ نہیں رکھ سکتا جیسے مسافر، بیمار اور حایض وغیرہ، ا ن کا اعتکاف بھی صحیح نہیں ہے۔ البتہ اعتکاف میں قضا روزہ اور نذری روزے کی نیت سے بھی روزہ رکھ سکتے۔