ویکی شیعہ:Featured articles/2023/29
حسین بن علی بن ابی طالب (4۔61ھ)، امام حسینؑ، اباعبد اللہ و سید الشہداء کے نام سے مشہور شیعوں کے تیسرے امام ہیں جو واقعہ عاشورا میں شہید ہوئے۔ آپ امام علیؑ و فاطمہ زہراؑ کے دوسرے بیٹے اور پیغمبر اکرم ؐ کے نواسے ہیں۔ آپ اپنے بھائی امام حسن مجتبیؑ کے بعد دس سال منصب امامت پر فائز رہے۔
شیعہ و اہل سنت تاریخی مصادر کے مطابق پیغمبر خداؐ نے آپؑ کی ولادت کے وقت آپ کی شہادت کی خبر دی اور آپ کا نام حسین رکھا۔ رسول اللہؐ حسنینؑ کو بہت چاہتے تھے اور ان سے محبت رکھنے کی سفارش کرتے تھے۔ امام حسینؑ اصحاب کسا میں سے ہیں، مباہلہ میں بھی حاضر تھے اور اہل بیتِ پیغمبر میں سے ہیں جن کی شان میں آیۂ تطہیر نازل ہوئی ہے۔ امام حسینؑ کی فضیلت میں آنحضرتؐ سے بہت ساری روایات نقل ہوئی ہیں جیسے؛ حسن و حسین جنت کے جوانوں کے سردار ہیں اور حسین چراغ ہدایت و کشتی نجات ہیں۔
ختمی المرتبتؐ کی وفات کے بعد کے تیس سالوں میں آپ کی زندگی کے بارے میں بہت کم معلومات دستیاب ہیں۔ آپ امیرالمؤمنینؑ کی خلافت کے دور میں ان کے ساتھ تھے اور اس دور کی جنگوں میں شریک رہے۔ امام حسنؑ کی امامت کے دوران آپ ان کے دست و بازو بنے اور امام حسنؑ کی معاویہ سے صلح کی تائید کی۔ امام حسن کی شہادت سے معاویہ کے مرنے تک اس عہد پر باقی رہے اور کوفہ کے بعض شیعوں نے جب آپ کو بنی امیہ کے خلاف قیام اور شیعوں کی رہبری سنبھالنے کی درخواست کی تو آپ نے انہیں معاویہ کے مرنے تک صبر کرنے کی تلقین کی۔
دوسرے معیاری مضامین: دعائے عرفہ امام حسینؑ – سید عارف حسین حسینی – خوارج