مندرجات کا رخ کریں

مسودہ:تحریک تمباکو

ویکی شیعہ سے
مقالہ تحریک تمباکو جیسے مقالوں کے ساتھ مربوط ہے۔
تحریک تمباکو
رژی معاہدے کے بعد تمباکو کے استعمال کے بارے میں میرزائے شیرازی کا فتویٰ
رژی معاہدے کے بعد تمباکو کے استعمال کے بارے میں میرزائے شیرازی کا فتویٰ
تاریخ1308ھ
مکان/مبداءتہران، شیراز، تبریز، اصفہان
قیادتمیرزائے شیرازی
مؤثر شخصیاتسید علی‌اکبر فال اسیری، سید جمال الدین اسد آبادی
علل و اسبابریجی کمپنی کے ساتھ معاہدے پر دستخط اور تمباکو کی تجارت کو اس کے فوائد و امتیازات کے ساتھ پچاس سال کے لئے اس کمپنی کو سونپنا۔
اہم واقعاتمیرزائے شیرزای کی طرف سے تحریم تمباکو فتوی صادر کرنا
نتایجریجی کمپنی کو دیے گئے تجارتی امتیاز اور معاہدے کی منسوخی (1309ھ)
طرفینناصر الدین شاہ قاجار و ریجی کمپنی انگلستان- مرزائے شیرازی کی قیادت میں عوام اور علماء
متعلقاتفتوائے تحریم تمباکو

تحریکِ تمباکو ایرانی عوام کی وہ ملک گیر تحریک ہے جو ناصرالدین شاہ قاجار کے دورِ حکومت میں تمباکو کی تجارت اور اجارہ داری کا حق برطانوی شہری جیرالڈ ٹالبوٹ کو دئے جانے کے خلاف شروع ہوئی۔ اس پچاس سالہ امتیازی معاہدے اور مذکورہ کمپنی کی دوسری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ حکومت سے عوامی ناراضگی اور غیر ملکی باشندوں کے بڑھتے ہوئے اقتصادی اثر و رسوخ کے باعث تاجروں اور معاشرے کے مختلف طبقات میں شدید مخالفت پیدا ہوئی۔ تاریخی منابع کے مطابق اس تحریک کا آغاز چودھویں صدی ہجری کے شیعہ مرجع تقلید سید علی اکبر فال اسیری کی مخالفت سے ہوا، جس کے نتیجے میں شیراز میں احتجاج شدت اختیار کر گیا اور انہیں جلاوطن کر دیا گیا۔ بعد ازاں یہ تحریک تبریز، اصفہان، مشہد اور تہران جیسے شہروں تک پھیل گئی۔ بازاروں کی بندش، احتجاجی بیانات کی اشاعت، حکومت کو درخواستیں بھیجنا اور عموامی اجتماعات اس تحریک کے نمایاں مظاہر تھے۔

محققین کے مطابق اس تحریک کو وسعت دینے میں علما اور دینی مراجع نے مؤثر کردار ادا کیا۔ آقا نجفی نے اصفہان میں تمباکو کے استعمال کی حرمت کا فتویٰ دیا، جبکہ میرزائے شیرازی نے یکم جمادی الاول ۱۳۰۹ھ کو تمباکو کے ہر قسم کے استعمال کو حرام قرار دیا۔ یہ فتویٰ ایران کے مختلف شہروں تک پھیل گیا اور عوام کے مختلف طبقات نے اس پر عمل کیا۔ یہاں تک کہ ناصرالدین شاہ کے دربار کے بعض ملازمین اور حکومتی عہدیداروں نے بھی تمباکو کے استعمال کو ترک کر دیا۔ قاجار حکومت نے احتجاج پر قابو پانے کے لئے شروع میں مخالفین کی گرفتاری اور جلاوطنی کا راستہ اختیار کیا اور تمباکو کی حرمت کا فتویٰ صادر ہونے کے بعد اس کی نسبت میرزائے شیرازی کی طرف منسوب ہونے سے انکار کیا۔ اس کے بعد ناصرالدین شاہ اور امین السلطان نے علما اور تاجروں سے مذاکرات اور ملک کے اندر تمباکو کی اجارہ داری منسوخ کرنے کا اعلان کرکے احتجاج ختم کرنے کی کوشش کی؛ تاہم چونکہ غیر ملکی کمپنی کو دیا گیا امتیاز بدستور برقرار تھا، اس لیے مخالفت جاری رہی۔ میرزا حسن آشتیانی پر حکومتی دباؤ، انہیں حقہ پینے یا تہران چھوڑنے کا حکم دینے کے واقعے کے نتیجے میں بازار بند ہوگئے اور عوام نے احتجاجی اجتماعات منعقد کیے۔ مظاہرین اور سرکاری محافظوں کے درمیان جھڑپوں میں سات افراد ہلاک ہوئے۔

بالآخر، احتجاج کے مسلسل جاری رہنے اور میرزائے شیرازی کے امتیاز کی مکمل منسوخی پر اصرار کے نتیجے میں حکومت نے تمباکو کا معاہدہ منسوخ کر دیا اور تہران کے علما نے تمباکو اور دیگر دخانیات کے استعمال کو حلال قرار دیا۔ امتیاز کی منسوخی کے بعد ایرانی حکومت کو اس کمپنی کو ہرجانہ بھی ادا کرنا پڑا۔

تمباکو کی تجارت کا امتیاز دیے جانے کے اسباب اور احتجاج کا آغاز

منابع کے مطابق، قاجار دور میں تمباکو کی کاشت اور استعمال کے رواج اور ایران میں امتیازات حاصل کرنے کے لیے روس اور انگلستان کے درمیان معاشی مسابقت نے حکومت کو ان مصنوعات کی تجارت پر اجارہ داری قائم کرنے کی طرف متوجہ کیا۔[1] تمباکو کی تجارت کو اجارہ داری میں لینے کا خیال اس سے پہلے محمدحسن اعتماد السلطنہ جیسے افراد نے بھی پیش کیا تھا۔[2] بالآخر ناصرالدین شاہ قاجار کے دور میں ایران میں تمباکو کی خرید و فروخت اور برآمدات کا پچاس سالہ اجارہ داری کا امتیاز انگلستان کے شہری جرالڈ ٹالبوٹ کو دے دیا گیا اور اس معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ریجی کمپنی قائم کی گئی۔[3] یہ امتیاز، شاہ اور حکومتی عہدے داروں سے عوامی ناراضی اور غیر ملکی امتیازات کے خلاف تاجروں کی مخالفت کے ساتھ، احتجاج کا بنیادی محور بن گیا۔[4]

23 فروری 1891ء کو امین الدولہ نے تاجروں کی نمائندگی کرتے ہوئے شاہ سے ملاقات کی اور تمباکو کے امتیاز کے خلاف ان کی مخالفت سے آگاہ کیا۔[5] اسی طرح عباس میرزا ملک آرا کی روایت کے مطابق، تہران کی مساجد اور مدارس میں خفیہ اعلامیے تقسیم کیے گئے، جن میں لوگوں کو قیام اور شاہ کو معزول کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔[6] اسی زمانے میں سید جمال الدین اسدآبادی بھی مخالفین اور اصلاح پسندوں کے ساتھ ہوگئے۔ ناصرالدین شاہ نے انہیں ایران سے نکالنے کا حکم دیا اور سید جمال الدین نے ایران سے نکلنے کے بعد شاہ کی پالیسیوں اور غیر ملکیوں کو دیے گئے امتیازات پر تنقید کرتے ہوئے میرزائے شیرازی کے نام ایک خط بھیجا۔[7]

ریجی کمپنی کی سرگرمیوں میں توسیع اور مخالفت میں اضافہ

ٹالبوٹ جنوری 1891ء/جمادی الآخر 1308ھ میں تمباکو کے امتیاز پر عمل درآمد کے لیے ایران پہنچا۔[8] حکومت نے بھی ایک سال کی تاخیر سے اس امتیاز اور اس کے فوائد کے بارے میں ایک سرکاری اعلامیہ جاری کیا۔[9] کمپنی کا ڈائریکٹر ارنشتائن اپریل 1891ء میں تہران پہنچا۔ شاہ اور صدر اعظم نے عوام میں بے چینی پیدا ہونے کے خدشے کے پیش نظر کمپنی کے منتظمین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سرگرمیاں احتیاط سے شروع کریں اور معاہدے پر مکمل عمل درآمد میں جلد بازی نہ کریں۔[10]

1308ھ کے اواخر رجب میں تمباکو کے تاجروں اور کاروباری افراد نے مسجد شاہ میں اجتماع کے بعد حرم عبدالعظیم حسنی میں پناہ لی اور کمپنی کی اطاعت سے انکار کا اعلان کیا۔ کمپنی کے ڈائریکٹر کی جانب سے انہیں راضی کرنے کی کوشش بھی ناکام رہی۔[11] مارچ اور اپریل 1891ء کے اواخر میں تہران اور تبریز میں تمباکو کے امتیاز اور غیر ملکیوں کو مختلف مراعات دیے جانے کے خلاف اعلامیے شائع ہوئے۔ اسی طرح علما نے رمضان 1308ھ کے مہینے میں منبروں سے معاہدے اور غیر ملکیوں کی مداخلت کی مخالفت کی۔[12]

ریجی کمپنی نے ایران کے مختلف شہروں میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دی اور بعض عمارتوں کو اپنے یورپی ملازمین کے لیے مخصوص کر دیا۔ تہران کا باغِ ایلخانی بھی کمپنی کا مرکزی دفتر بن گیا۔ بعض منابع میں ایران آنے والے یورپی باشندوں کی تعداد سترہ ماہ کے دوران دو لاکھ بیان کی گئی ہے۔[13] کمپنی نے تمباکو کی خرید و فروخت پر اپنی اجارہ داری قائم کر لی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے سزائیں مقرر کیں۔ مصنوعات کی قیمتوں اور کمپنی کے اہل کاروں کے رویے پر اختلافات نے بھی عوامی ناراضی میں اضافہ کیا۔[14] کمپنی کے اعلان کے مطابق، 7 جمادی الاول 1309ھ/9 دسمبر 1891ء سے تمباکو کی خرید و فروخت کمپنی کی اجازت اور نگرانی میں ہونا ضروری تھا۔[15] بعض تاریخی منابع میں یورپی باشندوں سے میل جول کے نتیجے میں شراب نوشی اور روزہ خوری کے رواج اور جوئے خانوں، شراب خانوں اور قحبہ خانوں کے قیام کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔[16] ان منابع میں گرجا گھروں اور مدارس کے قیام کو بھی عیسائیت کی ترویج سے متعلق اقدامات میں شمار کیا گیا ہے۔[17]

شیراز اور تبریز میں احتجاج کا پھیلاؤ اور سید علی اکبر فال اسیری کی جلاوطنی

منابع کی رپورٹ کے مطابق، تمباکو کے امتیاز کے معاملے میں عوام اور حکومت کے درمیان پہلی جھڑپ شیراز میں ہوئی۔ شیراز کے مجتہدین میں سے سید علی اکبر فال اسیری نے منبر سے تقریر کرتے ہوئے لوگوں کو ریجی کمپنی کی مخالفت کی دعوت دی۔ حکومت نے 8 شوال 1308ھ/17 مئی 1891ء کو انہیں گرفتار کر کے بوشہر اور بصرہ کے راستے عتبات عالیات جلاوطن کر دیا۔ فال اسیری نے بصرہ میں سید جمال الدین اسدآبادی سے ملاقات کی اور ان کا ایک خط سامرا میں میرزائے شیرازی کے نام لے گئے۔ اس خط میں غیر ملکیوں کو امتیازات دیے جانے پر تنقید کی گئی تھی اور میرزا سے اس صورت حال کے خلاف اقدام کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔[18] فال اسیری کی جلاوطنی کے بعد شیراز کے لوگوں نے بازار بند کر دیے اور ان کی واپسی کا مطالبہ کیا۔ کمپنی کے انگریز ملازمین کی آمد کے بعد حرم شاہ چراغ اور ٹیلی گراف کے دفتر میں اجتماعات منعقد ہوئے، جو فوجیوں کی فائرنگ اور متعدد افراد کی ہلاکت پر ختم ہوئے۔[19]

شیراز کے بعد احتجاج تبریز تک پھیل گیا۔ تبریز کے بااثر علما میں سے حاج میرزا جواد مجتہد تبریزی نے اپنی تقاریر میں اس امتیاز کی مخالفت کی اور مسلمانوں کو کمپنی کے اہل کاروں کے ساتھ تعاون کرنے سے منع کیا۔[20] محرم 1309ھ کے اوائل میں تبریز میں مقیم یورپی باشندوں، کمپنی سے لین دین کرنے والوں اور تحریک کے مخالف بعض علما کے خلاف ایک دھمکی آمیز اعلامیہ شائع ہوا، جس میں یومِ عاشورا کو بغاوت کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ اس کے بعد لوگوں کے ایک گروہ نے اسلحہ جمع کرنا شروع کر دیا۔[21]

حاج میرزا جواد نے یومِ تاسوعا کو لوگوں کو پُرامن رہنے کی دعوت دی اور امتیاز منسوخ کرانے کے لیے شاہ کو عرضداشت بھیجنے کا مطالبہ کیا۔[22] انہوں نے ناصرالدین شاہ قاجار کو ایک ٹیلی گرام بھیجا، جس میں بتایا کہ آذربائیجان کے عوام ریجی کمپنی کے مخالف ہیں اور اگر حکومت معاہدے پر عمل درآمد پر اصرار کرے گی تو ان کے لیے احتجاج پر قابو پانا ممکن نہیں ہوگا۔[23] تبریز میں انگلستان کے سیاسی نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، تہران اور دیگر علاقوں کے علما کے خطوط، جن میں ریجی کمپنی کے خلاف اقدام کی حمایت کی گئی تھی، آذربائیجان میں مخالفت کے پھیلاؤ میں مؤثر تھے۔[24]

محرم 1309ھ کے اواخر میں تبریز میں احتجاج مزید شدت اختیار کر گیا۔[25] آقاعلی آشتیانی، معروف بہ امین حضور، کو امتیاز کے فوائد کی وضاحت اور علما و عوام کو راضی کرنے کے لیے بھیجا گیا، لیکن ان کی کوشش بھی ناکام رہی۔[26] شاہ امتیاز منسوخ کرنے پر آمادہ تھا، لیکن انگلستان کے دباؤ اور امین السلطان کی مخالفت نے اس اقدام میں رکاوٹ پیدا کی۔[27] احتجاج اس وقت عارضی طور پر کم ہوا جب یہ اعلان کیا گیا کہ فی الحال آذربائیجان میں تمباکو کی اجارہ داری کا معاہدہ نافذ نہیں ہوگا۔[28]

ناصرالدین شاہ قاجار

میرزائے شیرازی کی مداخلت اور حکومت کی جانب سے مخالفت پر قابو پانے کی کوشش

تاریخی منابع کے مطابق، احتجاج کے پھیلاؤ نے میرزائے شیرازی کی اس معاملے میں مداخلت کی راہ ہموار کی، جو سامرا میں مقیم شیعوں کے مرجع تقلید تھے۔ انہیں عتبات عالیات کے علما اور مجتہدین میں ممتاز مقام حاصل تھا۔[29] تمباکو کی حرمت کا حکم جاری کرنے سے پہلے ہی وہ مختلف شہروں کے علما کے ذریعے اس معاہدے کے خلاف عوامی ناراضی سے آگاہ ہو چکے تھے۔[30] 27 ذی الحجہ 1308ھ کو میرزائے شیرازی نے ناصرالدین شاہ کو ایک ٹیلی گرام بھیجا، جس میں فال اسیری کی جلاوطنی پر اعتراض کرتے ہوئے ان کی باعزت واپسی کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بینک، تمباکو اور ریلوے جیسے امتیازات غیر ملکیوں کو دیے جانے پر تنقید کی اور ان کے نتائج کی تلافی کا مطالبہ کیا۔[31]

اس کے بعد شاہ کے حکم پر بغداد میں ایران کے نمائندے میرزا محمود مشیرالوزارہ نے میرزا سے ملاقات کی اور معاہدہ منسوخ کرنے کو ناممکن قرار دیا۔[32] تاہم اس گفتگو سے میرزائے شیرازی کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔[33] منابع کے مطابق، اس کے بعد درباریوں اور ریجی کمپنی نے میرزا کے حکم کو پھیلنے سے روکنے کے لیے فتویٰ کے جعلی ہونے سے متعلق افواہیں پھیلائیں۔[34] پھر انہوں نے ایران اور نجف کے دوسرے علما سے فتوے حاصل کرنے کی کوشش کی تاکہ میرزائے شیرازی کے حکم کے اثرات کم کیے جا سکیں، لیکن ان کی یہ کوششیں ناکام رہیں۔[35] اسی طرح منابع میں علما کی ایک ایسی نشست کا بھی ذکر ہے جس میں امتیاز نامے کی شقوں کا جائزہ لیا گیا اور عوامی مفادات اور شرعی احکام کے منافی شرائط میں ترمیم کرنے پر غور کیا گیا۔[36]

سید جمال الدین اسدآبادی

تحریکِ تمباکو کا اصفہان اور دیگر شہروں تک پھیلاؤ

تاریخی منابع کی رپورٹ کے مطابق، ریجی کمپنی کے معاملے میں میرزائے شیرازی کی مداخلت کے ساتھ ہی اصفہان صفر 1309ھ/ستمبر 1891ء میں تحریک کا ایک اہم مرکز بن گیا۔[37] اس شہر میں احتجاج کا آغاز آقا نجفی کی قیادت میں علما کی تقاریر اور تاجروں کی جانب سے اصفہان کے حاکم ظل السلطان کو عرضداشتیں بھیجنے سے ہوا۔[38] تاہم حاکم کے دھمکی آمیز جوابات بھی مخالفت کے پھیلاؤ کو نہ روک سکے۔[39]

منابع کے مطابق، اصفہان کے بعد شیخ محمدتقی بجنوردی اور حاج میرزا حبیب مجتہد شہیدی کی قیادت میں مشہد بھی اس تحریک میں شامل ہوگیا۔ اکتوبر کے اوائل میں لوگوں نے مسجد گوہرشاد میں اجتماع کیا اور معاہدہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اگلے روز بازار بند کر دیے گئے۔ خراسان کے والی کی جانب سے احتجاج ختم کرانے کی کوشش ناکام رہی اور مشہد میں طاقت کے استعمال کی دھمکی کے بعد پانچ دن گزرنے پر حالات پُرسکون ہوئے۔[40] یہ مخالفت قزوین، کاشان اور یزد تک بھی پھیل گئی۔[41]

سید علی اکبر فال اسیری

اصفہان میں تمباکو کی حرمت کا حکم اور حکومتی ردعمل

تمباکو کو حرام قرار دینے کا ابتدائی خیال اصفہان میں آقا نجفی سے منسوب کیا گیا ہے اور اس شہر میں ملک گیر پابندی سے پہلے ہی اس حکم پر عمل شروع ہو گیا تھا۔[42] ریجی کمپنی کی چھ ماہ کی مہلت ختم ہونے کے بعد تاجروں اور عوام کے احتجاج میں شدت آگئی۔ شکایات کا کوئی نتیجہ نہ نکلنے پر آقا نجفی، شیخ محمدعلی آقا نجفی اور ملا باقر فشارکی نے تمباکو کی خرید و فروخت اور تمباکو نوشی کو حرام قرار دے دیا۔[43] اس حکم کو عوام اور اصفہان کے دوسرے علما کی حمایت حاصل ہوئی، اگرچہ شہر سے باہر اس کا اثر زیادہ نہیں ہوا۔ اسی طرح ایک تاجر کے تمباکو کے ذخیرے کو اس لیے آگ لگانے کا بھی ذکر ملتا ہے تاکہ وہ کمپنی کے اہل کاروں کے ہاتھ نہ لگ سکے۔[44]

ظل السلطان نے علما کو حکم واپس لینے پر مجبور کرنے کے لیے دھمکی دی کہ یا تو وہ عوام کے سامنے حقہ پئیں یا اصفہان چھوڑ دیں۔ آقا نجفی اور شیخ محمدعلی نے اس دباؤ کے سامنے مزاحمت کی، لیکن شہر کے بعض دوسرے علما وہاں سے چلے گئے۔ ان میں آقا منیرالدین شیرازی بھی شامل تھے، جو رات کے وقت سامرا گئے اور اصفہان کے حالات کی رپورٹ میرزائے شیرازی تک پہنچائی۔[45]

میرزائے شیرازی

میرزائے شیرازی کی پیروی اور شاہ پر دباؤ میں اضافہ

ریجی کمپنی کی چھ ماہ کی مہلت ختم ہونے کے قریب تھی تو تہران میں مخالفین کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا۔ میرزا حسن آشتیانی، جو بااثر مجتہد اور معاہدے کے مخالف تھے، نے شاہ اور امین السلطان سے ملاقاتوں میں اس امتیاز کے نتائج اور علما، تاجروں اور عوام کی مخالفت سے انہیں آگاہ کیا۔ ربیع الثانی 1309ھ کے اوائل میں میرزائے شیرازی نے بھی ناصرالدین شاہ کو دوبارہ ٹیلی گرام بھیجا۔ انہیں اپنے پہلے ٹیلی گرام کے نتیجے میں صرف سید علی اکبر فال اسیری کی باعزت واپسی کے مطالبے کی تکمیل ہوئی تھی۔ انہوں نے اس بار مسلمانوں کے معاشی اور تجارتی امور میں غیر ملکی مداخلت کے نتائج سے خبردار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ان امتیازات کو برقرار رکھنے کے نقصانات انہیں ترک کرنے کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں۔[46]

تمباکو کی حرمت کا فتویٰ جاری ہونا

میرزائے شیرازی کا تمباکو کی حرمت کا فتویٰ

ربیع الآخر 1309ھ کے اواخر میں ریجی کمپنی کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ چھ ماہ کی مہلت ختم ہونے کے بعد تمباکو کی خرید و فروخت اور برآمدات کمپنی کی اجارہ داری میں ہوں گی۔ اس فیصلے سے تہران اور دوسرے شہروں میں عوام کی تشویش اور ناراضی میں اضافہ ہوا۔[47]

یکم جمادی الاول 1309ھ/3 دسمبر 1891ء کو تہران میں ہر طرح سے تمباکو کے استعمال کی حرمت کا حکم جاری کیا گیا۔ فتویٰ کا متن یہ تھا:

بسم اللہ الرحمن الرحیم
آج کے دن سے تمباکو کا کسی بھی صورت میں استعمال امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ کے ساتھ جنگ کرنے کے حکم میں ہے۔[48]

سید رضی شیرازی، جو میرزائے شیرازی کی اولاد میں سے تھے، نے کہا ہے کہ یہ حکم امام زمانہ(عج) کی جانب سے میرزا کو پہنچا تھا۔[49]

تمباکو کی حرمت کے فتویٰ پر حکومت کا ردعمل اور اس پر عوامی عمل درآمد

محققین کے مطابق، حکومت نے اپنے ابتدائی ردعمل میں حرمت کے فتویٰ کو جعلی قرار دیا اور حاج کاظم ملک التجار کو فتویٰ جعلی بنانے کے الزام میں گرفتار کرکے قزوین جلاوطن کر دیا۔[50] کچھ عرصے بعد میرزائے شیرازی نے علما اور عوام کے سوالات کے جواب میں اس حکم کی اپنی طرف نسبت کی تصدیق کی اور تمام شکوک و شبہات ختم کر دیے۔[51] منابع کے مطابق، یہ حکم عوام کے مختلف طبقوں میں تیزی اور نظم و ضبط کے ساتھ نافذ ہوا۔[52] اور عوامی اتحاد کی علامت بن گیا۔[53] حتیٰ کہ فرنگی مآب افراد،[54] مذہبی اقلیتوں،[55] دربار کے ملازمین،[56] حکومتی عہدے داروں،[57] اور ناصرالدین شاہ کی بیویوں نے بھی تمباکو استعمال کرنے سے اجتناب کیا۔[58]

داخلی اجارہ داری ختم کرنے کی حکومتی کوشش

فتویٰ جاری ہونے کے تقریباً ایک ہفتے بعد ناصرالدین شاہ کے حکم پر نائب السلطنت کے گھر میں ایک مجلس منعقد ہوئی، جس میں تہران کے علما، امین السلطان اور حکومتی عہدے دار شریک ہوئے۔ حاضر علما نے حکومت اور ان افراد پر اعتراض کیا جن پر انگریزوں سے رشوت لینے کا الزام تھا۔[59] آخر میں یہ طے پایا کہ امین السلطان معاہدہ منسوخ کرنے کے لیے اقدام کریں گے اور اس کے بعد علما تمباکو کے استعمال کے جائز ہونے کا فتویٰ جاری کریں گے۔[60] منابع کے مطابق، ایران اور انگلستان کی حکومتیں معاہدے پر مزید عمل درآمد کو ناممکن سمجھتی تھیں۔[61] تاہم شاہ اور امین السلطان کو امید تھی کہ داخلی اجارہ داری منسوخ کرنے سے احتجاج ختم ہو جائے گا۔[62]

16 جمادی الاول 1309ھ/27 آذر 1270ش کو حکومتی عہدے داروں، علما اور تاجروں کی شرکت سے ایک اور مجلس منعقد ہوئی۔[63] امین السلطان نے اپنی مذاکراتی کوششوں کی رپورٹ پیش کی اور داخلی اجارہ داری منسوخ کرنے کا اعلان کیا، لیکن غیر ملکی اجارہ داری کا دفاع کرتے ہوئے علما سے درخواست کی کہ وہ مساجد اور منبروں سے تمباکو کے استعمال کے جائز ہونے کا اعلان کریں۔[64] میرزا حسن آشتیانی نے جواب دیا کہ ان کا مقصد مسلمانوں کے امور میں غیر ملکیوں کی مداخلت ختم کرنا ہے۔[65] حکومت نے بھی غیر ملکی اجارہ داری منسوخ کرنے کو بھاری ہرجانہ ادا کرنے سے مشروط قرار دیا۔[66]

منابع کے مطابق، علما کا خیال تھا کہ حرمت کا حکم منسوخ کرنے کا اختیار میرزائے شیرازی کے پاس ہے۔[67] امین السلطان کے دباؤ کے تحت انہوں نے ایک ٹیلی گرام بھیجا اور اعلان کیا کہ پورے ایران سے تمباکو کا امتیاز ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے میرزا سے شاہ کا شکریہ ادا کرنے کی درخواست بھی کی۔[68] چونکہ ٹیلی گرام کا متن مبہم تھا اور اس سے یہ تاثر پیدا ہو سکتا تھا کہ غیر ملکی اجارہ داری بھی منسوخ ہو چکی ہے، اس لیے تہران کے علما اور معززین نے ایک الگ رپورٹ میں وضاحت کی کہ غیر ملکی امتیاز بدستور برقرار ہے اور سابقہ ٹیلی گرام بھی دباؤ کے تحت بھیجا گیا تھا۔[69] انہوں نے میرزائے شیرازی سے اس بارے میں رہنمائی طلب کی۔[70] اسی روز حکومت نے داخلی اجارہ داری کی منسوخی کا اعلان صوبوں میں بھیج دیا۔[71] تاہم اس اقدام کا عوام نے خیر مقدم نہیں کیا اور لوگ میرزائے شیرازی کے موقف کے منتظر رہے۔[72]

شاہ کی جانب سے اجارہ داری منسوخ کرنے کا حکم

احتجاج میں شدت اور جہاد کی دھمکی

23 جمادی الاول کو تہران میں ایک بے دستخط اعلامیہ شائع ہوا، جس میں آشتیانی کی طرف سے یہ تنبیہ نقل کی گئی تھی کہ اگر 48 گھنٹوں کے اندر تمباکو کا امتیاز منسوخ نہ کیا گیا تو عوام جہاد کے لیے تیار ہو جائیں۔[73] اس خبر سے شاہ، امین السلطان اور تہران میں مقیم غیر ملکیوں کی تشویش میں اضافہ ہوا۔[74] جمادی الاول کے اواخر میں «ایک عالم» سے منسوب ایک مضمون بھی شائع ہوا،[75] جس میں مصر اور ہندوستان میں انگریزوں کے طرزِ عمل کا حوالہ دیتے ہوئے تمباکو کمپنی کے مقاصد کے بارے میں خبردار کیا گیا تھا اور اس کا موازنہ ایسٹ انڈیا کمپنی سے کیا گیا تھا۔[76] منابع کے مطابق، جہاد کی افواہ پھیلنے کے بعد لوگوں کے ایک گروہ نے اسلحہ اور خوراک جمع کرنا شروع کر دی۔[77]

ناصرالدین شاہ نے ایک خط میں آشتیانی پر عوام کو دھوکا دینے اور اقتدار حاصل کرنے کی خواہش رکھنے کا الزام لگایا۔ آشتیانی نے جواب میں غیر ملکی مداخلت کے نتائج بیان کیے اور اس بات پر زور دیا کہ حرمت کا حکم صرف میرزائے شیرازی ہی منسوخ کر سکتے ہیں۔ شاہ نے ایک اور خط میں ان سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کو ختم شدہ قرار دیں، لیکن آشتیانی نے جواب دیا کہ عوام مکمل طور پر امتیاز منسوخ ہونے کے بغیر مطمئن نہیں ہوں گے۔[78]

اتوار 26 جمادی الاول کی شام آشتیانی نے علما اور واعظین کو بلایا تاکہ پیر کے دن ممکنہ واقعات سے متعلق افواہ کی تردید کریں اور لوگوں کو پُرسکون رہنے کی تلقین کریں۔[79] 30 جمادی الاول کو میرزائے شیرازی نے ایک ٹیلی گرام میں شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ’’غیر ملکیوں کا ہاتھ مکمل طور پر ایران سے کاٹ دیا جائے گا۔‘‘[80] یہ جواب حکومت کی خواہش کے مطابق نہیں تھا، جس پر شاہ سخت ناراض ہوا۔[81]

آشتیانی کے ساتھ حکومتی محاذ آرائی اور تہران میں احتجاج

حکومت کی پسپائی کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد اس نے علما کے سامنے مزاحمت کرنے کا فیصلہ کیا۔ 2 جمادی الآخر کو تہران کے حاکم نے آشتیانی کو حکم دیا کہ یا تو وہ عوام کے سامنے حقہ پئیں یا شہر چھوڑ دیں۔ آشتیانی نے ایک دن کی مہلت طلب کی اور بعض علما نے اعلان کیا کہ وہ بھی ان کے ساتھ تہران سے باہر چلے جائیں گے۔[82] 3 جمادی الآخر کو آشتیانی کی روانگی روکنے کے لیے لوگوں نے بازار اور دکانیں بند کر دیں اور ان کے گھر کے اطراف میں اجتماع کیا۔ اس کے بعد مجمع شاہ کے محل کی طرف روانہ ہوا اور شاہ کے خلاف نعرے لگا کر احتجاج کیا۔ نائب السلطنت کی جانب سے لوگوں کو پُرسکون کرنے کی کوشش ناکام رہی اور محافظ دستوں کی فائرنگ سے سات افراد ہلاک ہوئے۔ بالآخر شاہ نے عہد کیا کہ تین دن کے اندر تمباکو کی داخلی اور خارجی دونوں طرح کی اجارہ داری منسوخ کر دی جائے گی اور آشتیانی سے عوام کو پُرسکون کرنے کی درخواست کی۔ شام کے قریب آشتیانی اور ملک التجار کی کوششوں سے مجمع منتشر ہوگیا۔[83]

ریجی معاہدے کے خلاف میرزائے شیرازی کی مخالفت جاری رہنا

حکومت نے آشتیانی سے حرمت کا فتویٰ واپس لینے کی درخواست کی، لیکن انہوں نے یہ معاملہ میرزائے شیرازی پر چھوڑ دیا۔[84] 9 جمادی الثانی 1309ھ کو شیخ فضل اللہ نوری نے بھی میرزا کو ایک ٹیلی گرام بھیجا، جس میں معاملہ ختم ہونے اور امتیاز منسوخ ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے حرمت کا حکم اٹھانے کی درخواست کی۔[85]

میرزائے شیرازی نے آشتیانی کے جواب میں تاکید کی کہ حرمت کا حکم صرف اسی وقت منسوخ ہوگا جب امتیاز مکمل طور پر ختم ہونے اور غیر ملکیوں کی مداخلت بند ہونے کی تصدیق ہو جائے۔ بصورت دیگر حرمت کا حکم برقرار رہے گا۔ انہوں نے اسی مضمون کے ٹیلی گرام دوسرے شہروں کے علما کو بھی بھیجے اور اعلان کیا کہ جب تک معاہدے کی اصل دستاویز غیر ملکیوں سے واپس نہیں لی جاتی، وہ تمباکو کے استعمال کے جائز ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔[86]

شاہ کے حکم پر ارنشتائن نے ایک اعلامیہ جاری کیا، جس میں داخلی اور خارجی اجارہ داری منسوخ کرنے کا اعلان کیا گیا اور سابقہ خریداروں سے کہا گیا کہ وہ کمپنی کو فروخت کیا گیا تمباکو واپس لے لیں۔ تاہم میرزائے شیرازی کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ 22 جمادی الآخر کو شاہ نے نائب السلطنت اور امین السلطان کے نام ایک خط میں معاہدہ منسوخ کرنے پر زور دیا اور تاجروں اور عوام کو اس سے آگاہ کرنے کا مطالبہ کیا۔[87]

معاملے میں غیر یقینی صورت حال اور حکومت کے دباؤ کے جاری رہنے کے بعد آشتیانی اور تہران کے دیگر علما نے شیخ فضل اللہ نوری کے استفسار کے جواب میں میرزا کے فتویٰ کا حوالہ دیتے ہوئے 25 جمادی الآخر 1309ھ/6 بہمن 1270ش کو تمباکو کے استعمال کے جائز ہونے کا اعلان کیا۔[88] شبیرى زنجانی نے میرزائے شیرازی کی نواسی کے بیٹے سید رضی شیرازی سے نقل کیا ہے کہ میرزائے شیرازی تمباکو کی حرمت کا حکم دینے کے بعد اس بات سے رنجیدہ تھے کہ ایک شیعہ بادشاہ کو مجبوری اور دباؤ کے تحت کمزور کیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے کمزور ہونے سے عثمانی حکومت کو طمع ہو سکتا تھا۔[89]

تحریکِ تمباکو کے نتائج اور اہمیت

تحریکِ تمباکو کو قاجار سلطنت کی طاقت کے مقابلے میں ایرانی عوام کی پہلی وسیع اور کامیاب مزاحمتوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس تحریک نے انقلابِ مشروطہ کی راہ ہموار کرنے میں بھی کردار ادا کیا۔ اس تحریک میں دینی علما نے فیصلہ کن کردار ادا کیا، جبکہ روشن خیال افراد اور تاجروں کی کوششوں، روس اور انگلستان کے درمیان مسابقت اور حکومتی عہدے داروں کے اختلافات نے بھی اس کے آغاز اور کامیابی میں اثر ڈالا۔ تاہم حکومت اور خود ناصرالدین شاہ قاجار سے عوام کی وسیع ناراضی کو اس تحریک کے بنیادی اسباب میں شمار کیا گیا ہے؛ یہ بات اس دور کے درباریوں کی رپورٹوں میں بھی منعکس ہوئی ہے۔[90]

تمباکو کا امتیاز منسوخ ہونے کے بعد حکومتِ ایران نے امتیاز حاصل کرنے والی کمپنی کو ہرجانے کے طور پر پانچ لاکھ برطانوی پاؤنڈ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی اور اس رقم کی فراہمی کے لیے بینکِ شاہنشاہی سے قرض لیا۔ اس قرض نے ایران کی حکومت کا غیر ملکی بینکوں پر مالی انحصار بڑھا دیا۔[91]

تحریک کی کامیابی میں میرزائے شیرازی کا کردار

ریجی کمپنی اور برطانوی اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے میں میرزائے شیرازی کے کردار کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے عزم، تدبر اور سیاسی بصیرت پر زور دیا گیا ہے۔ میرزا حبیب اللہ رشتی، جو شیخ انصاری کے شاگردوں میں سے تھے، سے نقل کیا گیا ہے کہ ان کے استاد میں علم، سیاست اور زہد کی تین خصوصیات تھیں اور انہوں نے اپنی سیاسی بصیرت میرزائے شیرازی کے سپرد کر دی تھی۔[92] اعتمادالسلطنہ نے بھی میرزائے شیرازی کے حکم کے اثرات کے بارے میں لکھا ہے: ’’جناب میرزا کے قلم کو آفرین ہو، جس کا اثر ایران کی حکومت کی سنگینوں سے بھی زیادہ ہے۔‘‘[93]

ایک دوسری رپورٹ کے مطابق، تہران میں انگلستان کے وزیرمختار سر فرینک لاسلز نے برطانیہ کے وزیر اعظم سالسبری کے نام ایک خط میں علما کی طاقت اور عوام کی جانب سے شرعی حکم کی اطاعت کو ایران کے حالات سے عمومی ناراضی کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کے بقول، عوام کی یہی ناراضی تھی جس نے انہیں علما کی پیروی کرنے اور ظلم سے نجات کا راستہ تلاش کرنے پر آمادہ کیا۔[94]

حوالہ جات

  1. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1358ش، ص13–14؛ عیسوی، تاریخ اقتصادی ایران، 1362ش، ص380–381؛ بہار، میراث‌خوار استعمار، 1344ش، ص512–515۔
  2. ↑ ناطق، بازرگانان در داد و ستد با بانک شاہی و رژی تمباکو، 1373ش، ص65؛ اعتمادالسلطنہ، روزنامۂ خاطرات، 1345ش، ص461، 478 اور 540۔
  3. ↑ ناطق، بازرگانان در داد و ستد با بانک شاہی و رژی تمباکو، 1373ش، ص86؛ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص29–32۔
  4. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص40–45 و 56۔
  5. ↑ براون، انقلاب ایران، 1329ش، ص48۔
  6. ↑ ملک‌آرا، شرح حال عباس میرزا ملک‌آرا، 1325ش، ص113۔
  7. ↑ ملک‌آرا، شرح حال عباس میرزا ملک‌آرا، 1325ش، ص113؛ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص57–58۔
  8. ↑ ناطق، بازرگانان در داد و ستد با بانک شاہی و رژی تمباکو، 1373ش، ص89۔
  9. ↑ ناطق، بازرگانان در داد و ستد با بانک شاہی و رژی تمباکو، 1373ش، ص90؛ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص39–40۔
  10. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص62۔
  11. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص65۔
  12. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص69 و 72–73۔
  13. ↑ ناطق، بازرگانان در داد و ستد با بانک شاہی و رژی تمباکو، 1373ش، ص107؛ اصفہانی کربلائی، تاریخ دخانیہ، 1377ش، ص71۔
  14. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص44۔
  15. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص83؛ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص78۔
  16. ↑ «فتوای تحریم تمباکو و پیامدہای آن»، ص195۔
  17. ↑ اصفہانی کربلائی، تاریخ دخانیہ، 1377ش، ص73۔
  18. ↑ جمالی اسدآبادی، نامہ‌ہای تاریخی و سیاسی سیدجمال‌الدین اسدآبادی، 1360ش، ص46–53۔
  19. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص68–73؛ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص78–92؛ ملک‌آرا، شرح حال عباس میرزا ملک‌آرا، 1325ش، ص114–116؛ اعتمادالسلطنہ، روزنامۂ خاطرات، 1345ش، ص895۔
  20. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص96۔
  21. ↑ اعتمادالسلطنہ، روزنامۂ خاطرات، 1345ش، ص875؛ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص97؛ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص74۔
  22. ↑ اعتمادالسلطنہ، روزنامۂ خاطرات، 1345ش، ص875۔
  23. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص98۔
  24. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص98۔
  25. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص104۔
  26. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص76؛ ملک‌آرا، شرح حال عباس میرزا ملک‌آرا، 1325ش، ص115۔
  27. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص105۔
  28. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص105–114؛ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص78؛ ملک‌آرا، شرح حال عباس میرزا ملک‌آرا، 1325ش، ص115؛ فووریہ، سہ سال در دربار ایران، 1325ش، ص223۔
  29. ↑ بامداد، شرح حال رجال ایران، 1347ش، ج1، ص335۔
  30. ↑ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص77–78۔
  31. ↑ صفایی، اسناد سیاسی، 1355ش، ص10۔
  32. ↑ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص82–84۔
  33. ↑ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص85۔
  34. ↑ اصفہانی کربلائی، تاریخ دخانیہ، 1377ش، ص125۔
  35. ↑ «فتوای تحریم تمباکو و پیامدہای آن»، ص209۔
  36. ↑ اصفہانی کربلائی، تاریخ دخانیہ، 1377ش، ص134۔
  37. ↑ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص91–95۔
  38. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، ص118۔
  39. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص119۔
  40. ↑ آدمیت، شورش بر امتیازنامۂ رژی، 1360ش، ص60–65؛ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص119–120؛ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص80۔
  41. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص80۔
  42. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص78؛ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص124۔
  43. ↑ صفایی، اسناد برگزیدہ، 1357ش، ص118؛ صفایی، اسناد سیاسی، 1355ش، ص22۔
  44. ↑ اصفہانی، تاریخ دخانیہ، 1377ش، ص98–99؛ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص79۔
  45. ↑ اصفہانی، تاریخ دخانیہ، 1377ش، ص98–99۔
  46. ↑ اصفہانی، تاریخ دخانیہ، 1377ش، ص89؛ ناظم‌الاسلام، تاریخ بیداری ایرانیان، 1357ش، ج1، ص34۔
  47. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص100۔
  48. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، ص103؛ کدی، تحریم تمباکو در ایران، ص125۔
  49. ↑ «ناگفتہ‌ہایی از جنبش تحریم تمباکو در گفت‌وگو با آیت‌اللہ سید‌رضی شیرازی: شایع بود کہ انگلیسی‌ہا میرزا را مسموم کردند»، وبگاہ آخرین خبر۔
  50. ↑ امین‌الدولہ، خاطرات سیاسی، 1355ش، ص162؛ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص128؛ آدمیت، شورش بر امتیازنامۂ رژی، 1360ش، ص75۔
  51. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص113–116؛ ناظم‌الاسلام، تاریخ بیداری ایرانیان، 1357ش، ج1، ص30 و 44–46؛ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص126؛ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص119–120۔
  52. ↑ فووریہ، سہ سال در دربار ایران، 1325ش، ص231۔
  53. ↑ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص110۔
  54. ↑ امین الدولہ، خاطرات سیاسی، 1355ش، ص147۔
  55. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص108؛ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص127۔
  56. ↑ معیرالممالک، یادداشت‌ہایی از زندگی خصوصی ناصرالدین شاہ، ص176۔
  57. ↑ ملک‌آرا، عباس میرزا، شرح حال عباس میرزا ملک‌آرا، 1325ش، ص116۔
  58. ↑ اعتماد السلطنہ، روزنامۂ خاطرات، 1345ش، ص893۔
  59. ↑ حاشیہ بر «تاریخ دخانیہ»، ص122–123۔
  60. ↑ صفایی، اسناد سیاسی، 1355ش، ص37؛ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص124؛ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص128۔
  61. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، تہران، 1358ش، ص128۔
  62. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، تہران، 1358ش، ص129–130؛ صفایی، اسناد سیاسی، تہران، 1355ش، ص37؛ آدمیت، شورش بر امتیازنامۂ رژی، تہران، 1360ش، ص95۔
  63. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، تہران، 1361ش، ص125؛ آدمیت، شورش بر امتیازنامۂ رژی، تہران، 1360ش، ص93۔
  64. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص125، 126۔
  65. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص126۔
  66. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص126۔
  67. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص127؛ آدمیت، شورش بر امتیازنامۂ رژی، 1360ش، ص93۔
  68. ↑ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ کتاب «سدۂ تحریم تمباکو»، 1377ش، ص130؛ ناظم‌الاسلام، تاریخ بیداری ایرانیان، 1357ش، ج1، ص35، 36۔
  69. ↑ اصفہانی کربلائی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص132؛ اعتمادالسلطنہ، روزنامۂ خاطرات، 1345ش، ص896۔
  70. ↑ اصفہانی کربلائی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ کتاب سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص132۔
  71. ↑ اعتمادالسلطنہ، روزنامۂ خاطرات، 1345ش، ص896۔
  72. ↑ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ کتاب «سدۂ تحریم تمباکو»، 1377ش، ص132۔
  73. ↑ اصفہانی کربلائی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص133؛ فووریہ، سہ سال در دربار ایران، 1325ش، ص234؛ اعتمادالسلطنہ، روزنامۂ خاطرات، 1345ش، ص896۔
  74. ↑ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ کتاب «سدۂ تحریم تمباکو»، 1377ش، ص134، 135۔
  75. ↑ اصفہانی، تاریخ دخانیہ، ہمراہ کتاب «سدۂ تحریم تمباکو»، 1377ش، ص116؛ ناظم‌الاسلام، تاریخ بیداری ایرانیان، 1357ش، ج1، ص46۔
  76. ↑ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص116؛ ناظم‌الاسلام، تاریخ بیداری ایرانیان، 1357ش، ج1، ص46۔
  77. ↑ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص139۔
  78. ↑ ناظم‌الاسلام، تاریخ بیداری ایرانیان، 1357ش، ج1، ص22–30؛ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص135–143؛ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص139–146۔
  79. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص144۔
  80. ↑ ناظم‌الاسلام، تاریخ بیداری ایرانیان، تہران، 1357ش، ج1، ص36۔
  81. ↑ فووریہ، سہ سال در دربار ایران، 1325ش، ص236۔
  82. ↑ اعتمادالسلطنہ، روزنامۂ خاطرات، 1345ش، ص898۔
  83. ↑ مثال کے طور پر ملاحظہ کریں: فووریہ، سہ سال در دربار ایران، 1325ش، ص236–239؛ اعتمادالسلطنہ، روزنامۂ خاطرات، 1345ش، ص898–899؛ ملک‌آرا، شرح حال عباس میرزا ملک‌آرا، 1325ش، ص117–118۔
  84. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص178–181؛ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص170–175؛ ناظم‌الاسلام، تاریخ بیداری ایرانیان، 1357ش، ج1، ص40–43۔
  85. ↑ صفایی، اسناد نویافتہ، 1349ش، ص149۔
  86. ↑ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص184؛ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص178–180، 184۔
  87. ↑ اعتمادالسلطنہ، روزنامۂ خاطرات، 1345ش، ص902–903۔
  88. ↑ اصفہانی، «تاریخ دخانیہ»، ہمراہ سدۂ تحریم تمباکو، 1377ش، ص187–188؛ تیموری، تحریم تمباکو، 1361ش، ص186، 192۔
  89. ↑ شبیری زنجانی، جرعہ‌ای از دریا، 1394ش، ج2، ص362۔
  90. ↑ فووریہ، سہ سال در دربار ایران، 1325ش، ص206؛ اعتمادالسلطنہ، روزنامۂ خاطرات، 1345ش، ص840، 898؛ امین‌الدولہ، خاطرات سیاسی، 1355ش، ص147۔
  91. ↑ «نہضت تمباکو و لغو امتیاز رژی»، وبگاہ گاہنامۀ مشروطہ۔
  92. ↑ ابوالحسنی، تراز سیاست، 1383ش، ص30۔
  93. ↑ اعتمادالسلطنہ، روزنامۂ خاطرات، 1345ش، ص791۔
  94. ↑ کدی، تحریم تمباکو در ایران، 1358ش، ص130۔

مآخذ

  • «نہضت تمباکو و لغو امتیاز رژی»، وبگاہ گاہنامۂ مشروطہ، تاریخ بازدید: 6 آبان 1405ش.
  • «ناگفتہ‌ہایی از جنبش تحریم تمباکو در گفت‌وگو با آیت‌اللہ سید‌رضی شیرازی: شایع بود کہ انگلیسی‌ہا میرزا را مسموم کردند»، وبگاہ آخرین خبر، تاریح درج مطلب: 27 اردیبہشت 1394ش، تاریخ بازدید: 6 آبان 1405ش.
  • آدمیت، فریدون، شورش بر امتیازنامۀ رژی، تہران: انتشارات پیام، 1360ش.
  • ابوالحسنی، علی، تراز سیاست: جلوہ‌ہایی از سیاست و مدیریت شیخ انصاری، تہران: مؤسسۀ مطالعات تاریخ معاصر ایران، 1383ش.
  • اصفہانی کربلایی، حسن، تاریخ دخانیہ، ہمراہ با سدۀ تحریم تمباکو، بہ کوشش موسی نجفی و رسول جعفریان، تہران: بی‌نا، 1377ش.
  • اصفہانی کربلایی، حسن، تاریخ دخانیہ، تصحیح رسول جعفریان، قم: نشر الہادی، 1377ش.
  • اعتمادالسلطنہ، محمدحسن، روزنامۀ خاطرات، بہ کوشش ایرج افشار، تہران: امیرکبیر، 1345ش.
  • امیری، مہراب، زندگی سیاسی اتابک اعظم، تہران: بی‌نا، 1346ش.
  • امین‌الدولہ، میرزا علی‌خان، خاطرات سیاسی، بہ کوشش حافظ فرمانفرماییان، تہران: بی‌نا، 1355ش.
  • بامداد، مہدی، شرح حال رجال ایران، تہران: کتاب‌فروشی زوار، 1347ش.
  • براون، ادوارد، انقلاب ایران، ترجمۀ احمد پژوہ، تہران: کانون معرفت، 1329ش.
  • بہار، مہدی، میراث‌خوار استعمار، تہران: امیرکبیر، 1344ش.
  • عیسوی، چارلز، تاریخ اقتصادی ایران، ترجمۀ یعقوب آژند، تہران: گسترہ، 1362ش.
  • تیموری، ابراہیم، تحریم تمباکو، تہران: شرکت سہامی کتاب‌ہای جیبی، 1361ش.
  • جعفریان، رسول، «حاشیہ بر تاریخ دخانیہ»، در: اصفہانی کربلایی، حسن، تاریخ دخانیہ، مشخصات نشر مطابق نسخۀ مورد استفادہ.
  • صفایی، ابراہیم، اسناد برگزیدہ، تہران: بی‌نا، 1357ش.
  • صفایی، ابراہیم، اسناد سیاسی، تہران: بی‌نا، 1355ش.
  • صفایی، ابراہیم، اسناد نویافتہ، تہران: بی‌نا، 1349ش.
  • عباس میرزا قاجار (ملک‌آرا)، شرح حال عباس میرزا ملک‌آرا، بہ کوشش عبدالحسین نوایی، تہران: بی‌نا، 1325ش.
  • فووریہ، ژان باتیست، سہ سال در دربار ایران، ترجمۀ عباس اقبال آشتیانی، تہران: بی‌نا، 1325ش.
  • کاظم‌زادہ، فیروز، روس و انگلیس در ایران، ترجمۀ منوچہر امیری، تہران: آموزش انقلاب اسلامی، 1371ش.
  • کدی، نیکی ر.، تحریم تمباکو در ایران، ترجمۀ شاہرخ قائم‌مقامی، تہران: شرکت سہامی کتاب‌ہای جیبی، 1358ش.
  • محدث، ہاشم، چند امتیازنامۀ عصر قاجار، تہران: سازمان چاپ و انتشارات وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی، 1380ش.
  • طباطبایی مجد، غلامرضا، معاہدات و قراردادہای تاریخی در دورۀ قاجار، تہران: بی‌نا، 1373ش.
  • معیرالممالک، دوستعلی، یادداشت‌ہایی از زندگی خصوصی ناصرالدین‌شاہ، تہران: بی‌نا، 1351ش.
  • مہدوی، شیرین، زندگی‌نامۀ حاج محمدحسن کمپانی، امین دارالضرب، ترجمۀ منصورہ اتحادیہ و فرحناز امیرخانی حسینک‌لو، تہران: بی‌نا، 1379ش.
  • ناطق، ہما، بازرگانان در دادوستد با بانک شاہی و رژی تمباکو، تہران: بی‌نا، 1373ش.
  • ناظم‌الاسلام کرمانی، محمد، تاریخ بیداری ایرانیان، بہ کوشش علی‌اکبر سعیدی سیرجانی، تہران: بی‌نا، 1357ش.
  • نامہ‌ہای تاریخی و سیاسی سیدجمال‌الدین اسدآبادی، بہ کوشش ابوالحسن جمالی اسدآبادی، تہران: بی‌نا، 1360ش.