ولایت ٹی وی چینل

ویکی شیعہ سے
(ولایت TV سے رجوع مکرر)
ولایت چینل کا مونوگرام

ولایت عالمی ٹی وی چینل، ایک سیٹلائٹ ٹی وی چینل ہے جہاں سے شیعہ مرجع تقلید ناصر مکارم شیرازی کے زیر نظر دینی موضوعات پر مختلف پروگرامز نشر ہوتے ہیں۔ اس ٹی وی چینل کو سنہ 2010ء میں قائم کیا گیا۔ اس کے پروگرامز فارسی، عربی، ہوسائی اور آذری زبانوں میں نشر کیے جاتے ہیں۔ تعلیمات اہل بیتؑ کا فروغ، عالمی سطح پر شیعہ مذہب کا دفاع کرنا، مکتب اہل بیتؑ اور اس کے افکار پر مبنی اسلامی نقطہ نظر اور اسلامی اقدار کی تشریح، تبلیغ اور پرچار کرنا اس چینل کے اہداف میں شامل ہیں۔ اس چینل سے انٹرنیٹ پر بھی پروگرامز نشر ہوتے ہیں اور اس کے کچھ نشر شدہ پروگراموں کو ضبط تحریر میں بھی لایا گیا ہے۔

اہمیت اور اہداف

ولایت عالمی چینل ایک سیٹلائٹ ٹی وی چینل ہے جو شیعہ مرجع تقلید ناصر مکارم شیرازی کے تعاون اور ان کی نگرانی میں قائم کیا گیا ہے اور ان ہی کے زیر نظر فعالیتیں انجام دیتا ہے۔[1] فی الحال ولایت ٹی وی چینل سے فارسی، عربی، آذری اور ہوسائی میں پروگرامز نشر ہوتے ہیں۔ ٹی وی کے مینیجینگ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ عنقریب ان میں سواحلی[2] اور روسی زبانیں بھی شامل کی جائیں گی۔[3]

درج ذیل اہداف کو مد نظر رکھتے ہوئے ولایت ٹی وی چینل کو قائم کیا گیا ہے:

  • تعلیمات و فرہنگ محمدؐ و آلؑ محمدؐکی نشر و اشاعت،
  • مکتب تشیع کی نظریاتی سرحدوں کا دفاع کرنا،
  • مکتب اہل بیتؑ کے عقیدہ و افکار کے مطابق اسلامی اور دینی اقدار کی وضاحت اور تبلیغ کرنا،
  • دین سے متعلق اعتراضات اور شبہات کا مدلل جواب فراہم کرنا،
  • لوگوں کی دینی معرفت میں مزید گہرائی اور اسے وسیع انداز میں ترقی و کمال کی طرف لے جانا۔[4]

ولایت عالمی ٹی وی چینل کے پروگرامز ہاٹبرڈ (Hotbird) اور گلیکسی(Galaxy) نام کے دو سیٹلائٹس کے ذریعے براعظم شمالی اور جنوبی امریکہ، یورپ، شمالی افریقہ، وسطی ایشیا، خلیج فارس کے ممالک، جنوبی اور جنوب مشرقی چین، بھارت، افغانستان اور روسی دولت مشترکہ کے کچھ حصوں میں نشر ہوتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس چینل پر مذہبی مناظرے اور عقیدتی شبہات کے جواب کے سلسلے میں نشر کیے جانے والے پروگرامز کے ناظرین کی تعداد 40 ملین لوگ ہیں۔ سیٹلائٹ پر نشر ہونے والے اس چینل کو روزانہ چار ہزار لوگ دیکھتے ہیں۔[5] ولایت ٹی وی کا مرکزی دفتر قم میں ہے۔[6]

تاریخی پس منظر

ولایت ٹی وی چینل پر 26جون سنہ2010ء مطابق 13 رجب المرجب 1431ہجری[7]کو سید محمد حسینی قزوینی کے زیر نگرانی نشریات کا آغاز ہوا.[8] یہ مجموعہ ایران میں «ولایت عالمی انسٹیٹیوٹ» کے عنوان سے رجسٹرڈ ہے۔ اسی طرح امریکہ اور انگلینڈ میں بھی سرکاری طور پر "ولایت عالمی نیٹ ورک" کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔[9] دسمبر2017ء کو ناصر مکارم شیرازی کے حکم سے عباس رفعتی ولایت ٹی وی چینل کے مینیجینگ ڈائریکٹر منصوب ہوئے؛[10] جبکہ مارچ2023ء کو سید جعفر علوی اس چینل کے مینیجینگ ڈائریکٹر مقرر کیے گئے۔[11]

سنہ 2018ء کو ولایت ٹی وی چینل پر ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے اہل سنت امام جمعہ مولوی عبد الحمید کے بارے میں ایک پروگرام نشر ہونے کے بعد شیعہ مرجع تقلید آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی اور ایران کی قانون ساز مجلس کے اہل سنت اراکین نے اس پروگرام پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ مکارم شیرازی نے اس سلسلے میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ تفرقہ انگیز نشریات کو دہرانے کی صورت میں اس نیٹ ورک سے ان کی حمایت منقطع کر دی جائے گی۔[12]

نشریات

ولایت ٹی وی چینل کی نشریات مختلف عناوین پر مشتمل ہوتی ہیں۔ ان میں سے دینی موضوعات پر گفتگو، گول میز کانفرنسز، دستاویزی فلمیں، مناظرات اور اخباری رپورٹس پر پروگرامز نشر کیے جاتے ہیں۔ان میں دینی، شیعیت، ثقافتی، سماجی اور معیشتی موضوعات پر گفتگو ہوتی ہے۔ ٹی وی کے زیادہ تر موضوعات ولایت کے تعارف، دینی شبہات اور اعتراضات کے رد اور ثقافتی مسائل پر مشتمل ہوتے ہیں۔[13]

ولایت چینل پر 24 گھنٹے نشریات چلتی ہیں۔ اس چینل پر چلنے والی نشریات کے تمام موضوعات کو ان کے متعلقہ علمی گروہ تیار کرتا ہے۔ جن میں تفسیر قرآن، علوم قرآن، کلامی اسلامی، مہدویت، دینی تعلیمات، گھریلو مسائل، تاریخ اور سیرت، دینی شبہات کے جوابات، نہج البلاغہ، صحیفہ سجادیہ اور روزانہ کی دینی مناسبات شامل ہیں۔[14] چینل کی بعض نشریات کو ضبط تحریر میں لاکر کتابی شکل دے دی گئی ہے۔[15]

حوالہ جات

  1. «معرفی شبکہ جہانی ولایت» سایت شبکہ جہانی ولایت.
  2. «وجود شبکہ‌ہای جہانی ولایت برای جہان اسلام یک ضرورت است»، خبرگزاری رسا.
  3. «رئیس شبکہ ولایت: بی‌بی‌سی دروغ می‌گوید»، خبرگزاری ایرنا.
  4. «معرفی شبکہ جہانی ولایت» سایت شبکہ جہانی ولایت.
  5. «معرفی شبکہ جہانی ولایت» سایت شبکہ جہانی ولایت.
  6. «رئیس شبکہ ولایت: بی‌بی‌سی دروغ می‌گوید»، خبرگزاری ایرنا.
  7. «معرفی شبکہ جہانی ولایت» سایت شبکہ جہانی ولایت.
  8. «آغاز بکار شبکہ ماہوارہ ای «ولایت»»، پایگاہ اطلاع‌رسانی حوزہ.
  9. «رئیس شبکہ ولایت: بی‌بی‌سی دروغ می‌گوید»، خبرگزاری ایرنا.
  10. «حجت‌الاسلام والمسلمین رفعتی بہ ریاست شبکہ جہانی ولایت منصوب شد»، بلیغ نیوز.
  11. «رئیس جدید شبکہ جہانی ولایت معارفہ شد»، بلیغ‌نیوز.
  12. «واکنش فراکسیون اہل‌سنت و اخطار مکارم شیرازی بہ توہین شبکہ «ولایت»»، خبرگزاری انصاف.
  13. «معرفی شبکہ جہانی ولایت» سایت شبکہ جہانی ولایت.
  14. «خبرنگاران قمی از شبکہ جہانی ولایت بازدید کردند»، خبرگزاری فارس.
  15. «برنامہ‌ہای شبکہ‌ہای جہانی ولایت در قالب کتاب ارائہ می‌شود»، خبرگزاری رسمی حوزہ.

مآخذ

بیرونی روابط