ویکی شیعہ:ہفتہ وار منتخب مقالے/2022/2
فرشتہ یا ملک ایسی ما ورائے طبیعیات اور نا مرئی مخلوق ہے جو دنیا و آخرت میں خدا کے اوامر کو نافذ کرنے پر مامور ہیں۔ ملائکہ پر ایمان مسلمانوں کے عقائد کا حصہ ہے۔ مسلمان علما کا فرشتوں کی حقیقت کے بارے میں اختلاف ہے؛ متکلمین انہیں جسمانی موجودات سمجھتے ہیں جو مختلف صورتیں اختیار کر سکتے ہیں، مگر فلاسفہ انہیں غیر جسمانی قرار دیتے ہیں۔
شیعہ علما کا عقیدہ ہے کہ فرشتے معصوم ہوتے ہیں، اس لیے خدا کے احکام کی نافرمانی اور گناہ کا ارتکاب نہیں کرتے۔ اسی طرح فرشتے اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں کوتاہی نہیں کرتے۔ ان کی ذمہ داریاں یہ ہیں: عبادت، تسبیح خدا، نامہ اعمال لکھنا، پیغمبروں پر وحی نازل کرنا، انسانوں کی حفاظت، مومنین کی امداد، مادی و معونی رزق پہنچانا، روحیں قبض کرنا، دلوں کو ہدایت دینا اور اللہ کے عذاب کا اجرا۔
فرشتے مختلف گروہوں اور مراتب کے حامل ہیں؛ جبرئیل، میکائیل، اسرافیل اور عزرائیل دیگر فرشتوں کی نسبت بلند مقام رکھتے ہیں۔