ویکی شیعہ:ہفتہ وار منتخب مقالے/2019/15
حسین بن علی بن ابی طالب (4- 61 ھ)، ابا عبد اللہ اور سید الشہداء کے نام سے مشہور شیعوں کے تیسرے امام ہیں۔ دس سال امامت پر فائز رہے اور واقعہ عاشورا میں شہید ہوئے۔ آپ امام علیؑ و فاطمہ زہراؑ کے بیٹے اور پیغمبر اکرم (ص) کے نواسے ہیں۔
شیعہ و اہل سنت تاریخی گزارش کے مطابق پیغمبر خداؐ نے آپؑ کی ولادت کے دوران آپ کی شہادت کی خبر دی اور آپ کا نام حسین رکھا۔ رسول اللہؐ، حسنین کو بہت چاہتے تھے اور ان سے محبت رکھنے کی سفارش بھی کرتے تھے۔امام حسینؑ اصحاب کسا میں سے ہیں۔ مباہلہ میں بھی حاضر تھے اور اہل بیتِ پیغمبر میں سے بھی ہیں جن کی شان میں آیۂ تطہیر نازل ہوئی ہے۔ امام حسینؑ کی فضیلت میں آنحضرتؐ سے بہت ساری روایات نقل ہوئی ہیں انہی میں سے یہ روایات بھی ہیں؛ «حسن اور حسین جنت کے جوانوں کے سردار ہیں» نیز «حسین چراغ ہدایت اور کشتی نجات ہے۔»
ختمی المرتبتؐ کی وفات کے بعد ان کی تیس سالہ زندگی کے بارے میں بہت کم گزارشات میسر ہیں۔ آپ امیرالمؤمنینؑ کی خلافت کے دوران اپنے والد گرامی کے ساتھ تھے اور اس دور کی جنگوں میں شرکت کی اور امام حسنؑ کی امامت کے دوران آپ ان کے دست و بازو بنے اور امام حسنؑ کی معاویہ سے صلح کی تائید کی۔ دوسرے امام کی شہادت کے بعد سے معاویہ کے مرنے تک اس عہد پر باقی رہے اور کوفہ کے بعض شیعوں نے جب آپ کو بنی امیہ کے خلاف قیام اور شیعوں کی رہبری سنبھالنے کی درخواست کی تو آپ نے انہیں معاویہ کے مرنے تک صبر کرنے کی تلقین کی۔