مسودہ:بچوں کا نام رکھنا
بچوں کا نام رکھنا اسلامی منابع میں بچوں کے حقوق میں شمار کیا گیا ہے اور اچھا نام منتخب کرنا باپ کی پہلی ذمہ داری قرار دیا گیا ہے۔ بعض مسلمان علماء ایسے ناموں کو ترجیح دیتے ہیں جن میں خدا کی بندگی کا مفہوم پایا جاتا ہو، جیسے عبداللہ اور عبدالرحمن۔ اسی طرح انبیاء الٰہی اور اہل بیتؑ کے ناموں کو ترجیحی حیثیت دیا ہے۔ اہل بیتؑ کے ناموں میں سے بھی «محمد» نام رکھنے کی زیادہ تاکید کی گئی ہے۔
محمدی رے شہری نے اپنی کتاب حکمت نامہ کودک میں احادیث اور فقہاء کے نظریات کی روشنی میں خداوند متعال کے مخصوص اسماء جیسے «قُدّوس»، «حَکَم» اور «خالق» کو بچوں کے لئے بطور نام منتخب کرنے کو شرعی لحاظ سے حرام قرار دیا ہے۔ اس کے برخلاف شیعہ فقیہ فیض کاشانی نے اس عمل کو مکروہ قرار دیا ہے۔
اہمیت اور مقام
پیغمبر اکرمؐ کی احادیث کے مطابق بچوں کے لئے اچھا نام انتخاب کرنا باپ کی طرف سے بچوں کے لئے پہلا تحفہ[1] اور بچے کے حقوق میں سے شمار کیا گیا ہے۔[2] بعض منابع کے مطابق والدہ بھی اپنے بچوں کے لئے نام منتخب کیا کرتی تھیں۔[3] اسلامی منابع میں بچوں کے نام رکھنے کے موضوع پر «باب الأسماء و الکنی» (ناموں اور کنیتوں کا باب)[4] اور «اَلتَّسمِيَة»[5] کے عنوان سے مستقل ابواب مختص کئے گئے ہیں۔ بزرگان دین کی سیرت میں بھی اس بات کی سفارش کی گئی ہے کہ والدین بچوں کے نام منتخب کرنے میں آپس میں مشاورت اور اتفاق سے کام لیں۔[6]
محققین کے مطابق نام انتخاب کرنے میں مختلف عوامل اثر انداز ہوسکتے ہیں؛ جن میں دینی اور ثقافتی عقائد، معاشرے میں رائج اقدار، الفاظ کی خوش آہنگی اور خوبصورتی[7] نیز ہر دور کی جغرافیائی حالات اور سماجی ماحول شامل ہیں۔[8]
وقت اور آداب
بچوں کی پیدائش کے وقت بلکہ اس سے بھی پہلے ان کا نام منتخب کرنا مستحب قرار دیا گیا ہے؛[9] تاہم بچوں کے نام رکھنے کا بہترین وقت پیدائش کے ساتویں دن ذکر کیا گیا ہے۔[10] شیخ صدوق نے امام علیؑ سے منقول ایک روایت کی بنیاد پر بیان کیا ہے کہ بچے کی پیدائش سے پہلے ہی اس کا نام منتخب کر لینا چاہئے اور جنس معلوم نہ ہونے کی صورت میں کوئی ایسا مشترکہ نام رکھا جائے جو لڑکے اور لڑکیوں دونوں کے لئے موزون ہوں۔[11] اسلامی منابع میں نوزائیدہ بچوں کا نام رکھنے سے پہلے ان کے کان میں اذان کہنا اور فرات کے پانی سے گھٹی دینا مستحب قرار دیا گیا ہے۔[12] عقیقہ کرنا، نوزائیدہ بچے کے سر کے بال منڈوانا اور ان بالوں کے وزن کے برابر صدقہ دینا بھی بچے کے نام رکھنے سے متعلق آداب میں شمار کیا گیا ہے۔[13]
ترجیحی نام
فقہا کے مطابق بچے کا نام منتخب کرتے وقت ایسے ناموں کو ترجیح دینی چاہئے جن میں خداوند متعال کی بندگی اور عبودیت کا مفہوم پایا جاتا ہو، جیسے عبداللہ اور عبدالرحمن۔ اس کے بعد انبیائے الٰہی اور اہل بیتؑ کے ناموں کو ترجیح حاصل ہے۔[14] حدیثی مصادر میں اہل بیتؑ کے ناموں میں سے نام «محمد» نام رکھنے پر خصوصی تاکید کی گئی ہے۔[15] فقہی منابع میں بھی اس موضوع پر خاص توجہ دی گئی ہے۔[16] اسی طرح دینی متون میں احمد، علی، حسن، حسین اور فاطمہ جیسے ناموں کی سفارش کی گئی ہے اور ان اسامی کے بعض آثار و برکات کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے۔[17]
تیرہویں صدی ہجری کے شیعہ محدث محدث نوری نے امام صادقؑ سے منقول ایک حدیث کی روشنی میں اہل بیتؑ کے ناموں پر بچوں کا نام رکھنے کو ان سے محبت اور مودت کے اظہار کی ایک نمایاں علامت قرار دیا ہے۔[18] کتاب کافی میں آیا ہے کہ امام حسینؑ نے اپنے تمام بیٹوں کا نام «علی» رکھا اور یہ نامگذاری حقیقت میں امیر المؤمنینؑ حضرت علیؑ سے ان کی محبت اور عقیدت کا مظہر تھی۔[19]
محدثین کے مطابق «جعفر»، «طالب» اور «عبداللہ» کے اسامی کو بھی روایات میں اچھے اور نیک ناموں میں شمار کیا گیا ہے۔[20] تربیتی علوم کے محققین کے مطابق اچھے اور نیک ناموں کے تربیتی اور تلقینی اثرات ہوتے ہیں اور کسی فرد کی شخصیت کی تشکیل میں اس نام کا مفہوم اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔ مثال کے طور پر «عبدالرحمن» جیسا نام کسی شخص میں بندگی کی روح اور نیکی کے جذبات کو تقویت دے سکتا ہے۔[21] کلینی کی نقل کردہ ایک روایت کے مطابق اہل بیتؑ اپنے بچوں کو بچپن سے ہی کنیت ذریعے مخاطب کرتے تھے تاکہ ان کو ناپسندیدہ القاب سے پکارنے سے روکا جا سکے۔[22]
خلفاء کے نام پر اہل بیت کے بچوں کا نام رکھنا
اہل سنت کے ایک گروہ نے اہل بیتؑ بالخصوص امام علیؑ کی بعض اولاد کا نام خلفاء کے ناموں پر رکھے جانے کو اہل بیتؑ اور خلفاء کے درمیان اچھے تعلقات اور باہمی محبت کی علامت قرار دیا ہے۔[23] یہ بات «اسئلة قادت شباب الشیعة الی الحق» (وہ سوالات جو شیعہ نوجوانوں کو حقیقت کی راہ دکھاتے ہیں) نامی رسالے میں بھی آیا ہے۔[24] سید علی شہرستانی کے مطابق اس اشکال کے جواب میں دو رسالے تحریر کئے گئے ہیں، ایک وحید بہبہانی کا اور دوسرا کتاب قِصَصُ الْعُلَماء کے مصنف تنکابنی کا ہے۔[25]
سید علی شہرستانی نے اپنی کتاب التسمیات بین التسامح العلوی و التوظیف الاموی میں صدر اسلام سے لے کر بعد کی صدیوں تک نام رکھنے کے رجحانات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے اس کتاب میں 29 اہم نکات بیان کرنے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ اس قسم کے نام رکھنے سے افراد کے درمیان اچھے تعلقات کی نشاندہی نہیں ہو سکتی؛ جس طرح نام نہ رکھنا بھی دشمنی کی علامت نہیں ہو سکتا؛[26] کیونکہ یہ نام خلفاء سے پہلے اور بعد بھی رائج تھے۔[27] وہ مزید وضاحت کرتے ہیں کہ مثلاً ابوبکر بنیادی طور پر کسی خاص شخص کا اصل نام نہیں بلکہ کنیت ہے اور عام طور پر کوئی شخص کنیت کو اپنے بچوں کے لئے بطور نام یا اسم منتخب نہیں کرتا۔[28] اہل سنت کے مشہور عالم ابن تیمیہ حرانی کا بھی یہی خیال ہے کہ کسی کے نام پر نام رکھنا اس سے محبت کی دلیل نہیں؛ کیونکہ رسول اللہؐ اور صحابہ اپنے بچوں کے لئے نام رکھنے میں بعض کفار کے نام استعمال کرتے تھے۔[29]
نامناسب نام رکھنا
کتاب حکمت نامہ کودک کے مصنف محمدی رے شہری نے احادیث اور بعض فقہاء کے نظریات کی روشنی میں خداوند متعال کے مخصوص اسامی جیسے «قدّوس»، «حَکَم» اور «خالق» کے ذریعے اپنے بچوں کے نام رکھنے کو حرام قرار دیا ہے۔[30] اس کے برعکس شیعہ فقیہ فیض کاشانی نے اس عمل کو مکروہ شمار کیا ہے۔[31] اسی طرح دینی متون میں بعض اسامی کے ذریعے بچوں کے نام رکھنے سے منع کیا گیا ہے؛ جن میں دوزخ کے مفہوم پر مشتمل اسامی،[32] شیاطین کے نام جیسے ضُرَيس،[33] حُباب،[34] جانوروں کے نام جیسے «کلب» اور «کُلیب»،[35] اور ناپسندیدہ مفاہیم پر مشتمل نام جن میں «ضِرار» (نقصان)، «حَرب» (جنگ) اور «ظالم» وغیرہ شامل ہیں۔[36] مورخ صالحی دمشقی نے نقل کیا ہے کہ پیغمبر اسلامؐ بچوں کے ناپسندیدہ نام تبدیل کر دیا کرتے تھے۔[37]
تربیتی علوم کے محققین کے مطابق ایسے اسامی جو ظاہری ترکیب اور لفظی آہنگ کے لحاظ سے ناموزوں ہوں، جن کا تلفظ دشوار ہو یا جن کا معنی پسندیدہ نہ ہو ایسے اسامی بچوں پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں، ان میں احساس حقارت، والدین کی سرزنش، معاشرے میں منفی ردعمل کا سامنا کرنا[38] اور یہاں تک کہ بچوں میں بعض ناپسندیدہ سماجی رویوں کے فروغ پانے کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔[39] اسی طرح بعض اسامی تاریخی شخصیات کے ساتھ ان کے ظالمانہ یا نفرت انگیز کردار کی وجہ سے نامناسب شمار کئے جاتے ہیں؛[40] کیونکہ ممکن ہے ایسے نام رکھنے سے کسی فرد میں زندگی کے بعض مراحل پر ان شخصیات کے طرز عمل کی پیروی کا رجحان پیدا ہوجائے۔[41]
حوالہ جات
- ↑ علامہ مجلسی، بحار الأنوار، ج101، ص130۔
- ↑ علامہ مجلسی، بحار الأنوار، ج101، ص92۔
- ↑ شیخ مفید، الإرشاد، ج1، ص126۔
- ↑ کلینی، الکافی، ج6، ص18؛ ورام، مجموعة ورام، ج1، ص32۔
- ↑ محمدی ری شہری، حکمت نامہ کودک، ص96۔
- ↑ علی اکبری، «نام گذاری فرزند»، ص214۔
- ↑ فتح علی خانی، آموزههای بنیادین علم اخلاق، ج2، ص177۔
- ↑ علی اکبری، «نام گذاری فرزند»، ص213۔
- ↑ فیض کاشانی، مفاتیح الشرائع، ج2، ص283۔
- ↑ فیض کاشانی، مفاتیح الشرائع، ج2، ص283۔
- ↑ شیخ صدوق، علل الشرائع، ج2، ص464۔
- ↑ شیخ صدوق، من لا یحضرہ الفقیہ، ج3، ص488۔
- ↑ کلینی، الکافی، ج6، ص29۔
- ↑ مثلاً دیکھیں امام خمینی، تحریر الوسیلہ، ج2، ص333۔
- ↑ شیخ حر عاملی، وسائل الشیعة، ج21، ص394۔
- ↑ امام خمینی، تحریر الوسیلہ، ج2، ص333؛ فاضل لنکرانی، تفصیل الشریعہ (النکاح)، ص525 اور 527۔
- ↑ ابن فہد حلی، عدة الداعی و نجاح الساعی، ص87۔
- ↑ محدث نوری، مستدرک الوسائل، ج15، ص129۔
- ↑ کلینی، الکافی، ج6، ص20۔
- ↑ کلینی، الکافی، ج6، ص19۔
- ↑ پناہی، مهارتهای زندگی ویژه متاهلین، ص246؛ بخشندہ بالی، «بررسی مراحل شکلگیری هویت دینی کودکان و نوجوانان»، ص56؛ علی اکبری، «نام گذاری فرزند»، ص217۔
- ↑ کلینی، الکافی، ج6، ص20۔
- ↑ حسینی، «مقدمہ مترجم»، نام خلفا بر فرزندان امامان، ص11۔
- ↑ شہرستانی، التسمیات، ص12۔
- ↑ شہرستانی، التسمیات، ص14۔
- ↑ شہرستانی، التسمیات، ص477-488۔
- ↑ شہرستانی، التسمیات، ص98-99۔
- ↑ شہرستانی، التسمیات، ص427-472۔
- ↑ ابن تیمیہ، منہاج السنة، ج1، ص41-42۔
- ↑ محمدی ری شہری، حکمت نامہ کودک، ص85 اور 107۔
- ↑ فیض کاشانی، مفاتیح الشرائع، ج2، ص283۔
- ↑ ابن اشعث، الجعفریات (الأشعثیات)، ص190۔
- ↑ شیخ حر عاملی، وسائل الشیعة، ج21، ص399۔
- ↑ ابونعیم، معرفة الصحابة، ج3، ص275۔
- ↑ طبرانی، المعجم الاوسط، ج8، ص21۔
- ↑ شیخ حر عاملی، وسائل الشیعة، ج21، ص399۔
- ↑ صالحی دمشقی، سبل الہدی، ج9، ص491۔
- ↑ بخشندہ بالی، «بررسی مراحل شکلگیری هویت دینی کودکان و نوجوانان»، ص56، 110، 111۔
- ↑ پناہی، مهارتهای زندگی ویژه متاهلین، ص246۔
- ↑ بخشندہ بالی، «بررسی مراحل شکلگیری هویت دینی کودکان و نوجوانان»، ص110۔
- ↑ بخشندہ بالی، «بررسی مراحل شکلگیری هویت دینی کودکان و نوجوانان»، ص110 اور 111۔
مآخذ
- «انتخاب نام نیک برای فرزندان» (بچوں کے لئے نیک نام انتخاب کرنا)، حوزه آفیشل ویب سائٹ، تاریخ درج مطلب: 21 جولائی 2018ء، تاریخ مشاہدہ: 19 نومبر 2026ء۔
- ابن اشعث، محمد بن محمد، الجعفریات، تهران، مکتبة النینوى الحدیثة، پہلی اشاعت، بے تا۔
- ابن تیمیہ، محمد بن عبدالحلیم، منهاج السنة النبویة، تحقیق محمد رشاد سالم، ریاض، جامعة الامام محمد بن سعود الإسلامیة، 1406ھ۔
- ابن فہد حلی، احمد بن محمد، عدة الداعی و نجاح الساعی، تحقیق: احمد موحدی قمی، تهران، دار الکتب الإسلامیة، پہلی اشاعت، 1407ھ۔
- ابونعیم، احمد بن عبدالله، معرفة الصحابة، بیروت، دار الکتب العلمیة، پہلی اشاعت، 1422ھ۔
- امام خمینی، تحریر الوسیلہ، تهران، موسسہ تنظیم و نشر آثار امام خمینی، تیسری اشاعت، 1434ھ۔
- بخشندہ بالی، «بررسی مراحل شکلگیری هویت دینی کودکان و نوجوانان» (بچوں اور نوجوانوں کی دینی شناخت کی تشکیل کے مراحل کا جائزہ)، قم، صدا و سیمای جمهوری اسلامی ایران، اسلامی تحقیقاتی مرکز، 1385ہجری شمسی۔
- پناہی، علی احمد، مهارتهای زندگی ویژه متاهلین (زندگی کی مہارتیں بالخصوص شادی شدہ افراد کے لئے) قم، دفتر نشر معارف، 1392ہجری شمسی۔
- حسینی، سید ہادی، «مقدمہ مترجم»، در کتاب نام خلفا بر فرزندان امامان، نوشتہ سید علی شہرستانی، قم، انتشارات دلیل ما، 1390ہجری شمسی۔
- شہرستانی، سید علی، التسمیات بین التسامح العلوی و التوظیف الأموی، مشہد، مؤسسة الرافد، 1431ھ۔
- شیخ مفید، محمد بن محمد، الإرشاد فی معرفة حجج الله علی العباد، مصحح: مؤسسة آل البیت(ع)، قم، کنگرہ شیخ مفید، پہلی اشاعت، 1413ھ۔
- شیخ حر عاملی، محمد بن حسن، وسائل الشیعة الی تحصیل مسائل الشریعة، تصحیح مؤسسة آل البیت(ع)، قم، مؤسسة آل البیت(ع)، پہلی اشاعت، 1409ھ۔
- شیخ صدوق، محمد بن علی، عیون اخبار الرضا(ع)، مصحح: مہدی لاجوردی، تهران، نشر جہان، پہلی اشاعت، 1378ہجری شمسی۔
- شیخ صدوق، محمد بن علی، علل الشرائع، قم، کتاب فروشی داوری، پہلی اشاعت، 1385ہجری شمسی۔
- شیخ صدوق، محمد بن علی، من لا یحضرہ الفقیہ، تصحیح: علی اکبر غفاری، قم، دفتر انتشارات اسلامی وابستہ بہ جامعہ مدرسین، دوسری اشاعت، 1413ھ۔
- صالحی دمشقی، محمد بن یوسف، سبل الہدی و الرشاد فی سیرة خبر العباد، قاہرہ، لجنة احیاء التراث الاسلامی، 1418ھ۔
- طبرانی، سلیمان بن احمد، المعجم الاوسط، مصر (قاہرہ)، دار الحرمین للطباعة و النشر و التوزیع، پہلی اشاعت، 1415ھ۔
- علامہ مجلسی، محمد باقر، بحار الأنوار الجامعة لدرر أخبار الأئمة الأطهار، بیروت، دار إحیاء التراث العربی، دوسری اشاعت، 1403ھ۔
- علی اکبری، راضیہ، «نام گذاری فرزند»، مجلہ رہتوشہ، شمارہ 109، بہار اور موسم گرما 2018ء۔
- فاضل لنکرانی، محمد، تفصیل الشریعہ (النکاح)، قم، مرکز فقہی ائمہ اطہار(ع)، پہلی اشاعت، 1421ھ۔
- فتح علی خانی، محمد، آموزههای بنیادین علم اخلاق (علم اخلاق کی بنیادی تعلیمات)، قم، مرکز بینالمللی ترجمہ و نشر المصطفی(ص)، 1393ہجری شمسی۔
- فیض کاشانی، محمد بن شاہ مرتضی، مفاتیح الشرائع، محقق: مسیح توحیدی، تهران، مدرسہ عالی شہید مطہری، 1395ہجری شمسی۔
- کلینی، محمد بن یعقوب، الکافی، تصحیح، علی اکبر غفاری و محمد آخوندی، تهران، دار الکتب الإسلامیة، چوتھی اشاعت، 1407ھ۔
- محدث نوری، حسین بن محمدتقی، مستدرک الوسائل و مسنتط المسائل، قم، مؤسسة آل البیت، پہلی اشاعت، 1408ھ۔
- محمدی ری شہری، محمد، حکمت نامہ کودک، قم، دارالحدیث، 1385ہجری شمسی۔
- ورام بن أبی فراس، مسعود بن عیسی، مجموعة ورّام، قم، مکتبہ فقیہ، 1410ھ۔