ویکی شیعہ:ہفتہ وار منتخب مقالے/2022/12
محمد بن حسن (عج) (ولادت 255 ھ)، امام مہدی، امام زمانہ اور حجت بن الحسن جیسے القاب سے مشہور شیعوں کے آخری اور بارہویں امام ہیں۔ 260ھ کو امام حسن عسکریؑ کی شہادت کے بعد آپؑ کی امامت شروع ہوئی۔ اس وقت آپ غیبت میں ہیں اور ایک طولانی غیبت کے بعد ظہور کریں گے۔
امام حسن عسکریؑ کے دور امامت میں عباسی حکومت کے کارندے آپؑ کے فرزند اور جانشین کی تلاش میں تھے اس لئے امام مہدیؑ کی ولادت خفیہ رکھی گئی یہاں تک کہ امام حسن عسکریؑ کے کچھ خاص اصحاب کے سوا کسی کو آپؑ کا دیدار نصیب نہیں ہوا۔ امام مہدیؑ کی خفیہ ولادت سبب بنی کہ بہت سے شیعہ آپؑ کی امامت کے سلسلے میں شک و تردید کے شکار ہوگئے اور شیعہ معاشرے میں مختلف قسم کے فرقے وجود میں آئے۔ یہی وجہ ہے کہ شیعوں کے ایک گروہ نے آپؑ کے چچا جعفر کذاب کی پیروی شروع کردی۔ لیکن اس دوران امام زمانہؑ کی توقیعات جو عام طور پر شیعیان اہل بیت کے نام لکھی جاتی تھیں اور خاص نائبین کے ذریعے لوگوں تک پہنچتی تھیں، مکتب تشیع کے استحکام کا سبب قرار پائیں۔
مذہب امامیہ کے مطابق امام مہدیؑ اب بھی غیب کے پردے میں زندہ ہیں اور حضرت عیسیؑ کے ساتھ ظہور کریں گے۔ شیعہ علماء نے امام زمانؑ کی طویل عمر کے اسباب اور تفصیلات کے بارے میں مختلف وضاحتیں پیش کی ہیں۔ آپ کی غیبت کو غیبت صغری اور غیبت کبری میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ غیبت صغری جو امام حسن عسکریؑ کی شہادت سے سنہ 329ھ تک جاری رہی، کے دوران نواب اربعہ کے ذریعے آپؑ کا رابطہ اپنے ماننے والوں کے ساتھ قائم رہا۔ لیکن جب سنہ 329 ھ میں غیبت کبری کا آغاز ہوا تو آپ سے براه راست رابطہ نواب اربعہ کے ذریعے بھی منقطع ہوگیا۔ مزید...