ویکی شیعہ:ہفتہ وار منتخب مقالے/2020/42
مَسْخ عذاب کی ایک قسم ہے جس سے انسان حیوان کی شکل اختیار کرتا ہے۔ مسخ میں انسان کی ماہیت تبدیل نہیں ہوتی بلکہ صرف ظاہری شکل اور صورت حیوان میں بدل جاتی ہے۔ اسلامی مآخذ میں مسخ کے بہت سارے موارد ذکر ہوئے ہیں جن میں اصحاب سبت کا قصہ زیادہ مشہور ہے۔ قرآنی آیات کے مطابق اصحاب سبت بنی اسرائیل کا ایک گروہ تھا جو اللہ کی نافرمانی کرتے ہوئے ہفتے کے دن مچھلی کا شکار کرنے پر بندر کی شکل اختیار کر گئے تھے۔ اسلامی روایات کے مطابق قیامت کے دن بھی مسخ ہوتے ہیں اور بعض گناہگار لوگ بندر، سور اور دیگر حیوانات کی شکل میں محشور ہوتے ہیں۔
بعض مفسروں کا کہنا ہے کہ قرآن مجید میں جس مسخ کا تذکر ہوا ہے وہ ایک تمثیل ہے جس کا معنی یہ ہے کہ بعض لوگ گناہ کی وجہ سے حیوانی صفت اپنا لیتے ہیں؛ لیکن اکثر مفسرین اس بات کو نہیں مانتے اور ان کا کہنا ہے کہ انسان کی ظاہری شکل ہی تبدیل ہوتی ہے۔