ویکی شیعہ:ہفتہ وار منتخب مقالے/2019/1
انبیا کو خدا اپنی طرف لوگوں کو دعوت دینے کیلئے انتخاب کرتا ہے اور خدا وحی کے ذریعے ان کے ساتھ رابطے میں ہوتا ہے۔ معصوم ہونا، غیب کا علم رکھنا، معجزہ اور خدا سے وحی کو حاصل کرنا انکی خصوصیات میں سے ہے۔ قرآن کریم نے حضرت ابراہیم کیلئے آگ کے سرد ہونے، عصائے موسی کے اژدہا میں تبدیل ہونے اور حضرت عیسی کے ہاتھوں مردوں کے زندہ ہونے اور قرآن پاک جیسے معجزات کو انبیا کے معجزات کے طور پر ذکر کیا ہے۔
فضیلت کے لحاظ سے انبیا کے مراتب مختلف ہیں۔بعض انبیا مقام نبوت کے ساتھ رسالت اور بعض اس کے ساتھ ساتھ امامت کے عہدے پر فائز تھے۔ روایات کی روشنی میں اولی العزم انبیا (نوح، ابراہیم، موسی، عیسی و محمد علیہم السلام) دیگر پیغمبروں پر فضیلت رکھتے ہیں۔ اسی طرح انبیا میں سے حضرت شیث، حضرت ادریس، حضرت موسی، حضرت داؤد، حضرت عیسی اور آخری نبی حضرت محمد صاحب شریعت ہیں۔ مشہور قول کی بنا پر انبیا کی کل تعدادایک لاکھ چوبیس ہزار(124,000) ہے اور ان میں سے 25,انبیا کے اسما قرآن مجید میں مذکور ہوئے ہیں۔حضرت آدم علیہ السلام پہلے اور حضرت محمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) آخری نبی ہیں۔ شیعہ علما نے انبیا کی تاریخ اپنی کتب میں ذکر کی اور ان کے متعلق جداگانہ کتابیں بھی لکھی ہیں۔ النور المبین فی قصص الانبیاء و المرسلین، تالیف سید نعمت اللہ جزائری، قصص الانبیاء، مؤلف راوندی، تنزیہ الانبیاء اثر سید مرتضی اور حیات القلوب تالیف علامہ مجلسی ان کتب میں سے ہیں۔