ویکی شیعہ:ہفتہ وار منتخب مقالے/2020/14
"مہدی" اسلامی احادیث میں "منجی" کے القابات میں سے ہے اور خاص طور پر اہل تشیع کے اعتقادات میں یہ لفظ ان کے بارہویں امام کے القابات میں سے ہے جو آخری زمانے میں ظہور کرے گا اور دنیا کو اس طرح عدل و انصاف سے بھر دے گا جس طرح وہ ظلم و جور سے بھری ہوگی۔ چونکہ پیغمبر اکرم(ص) نے اپنے خاندان میں سے ایک نجات دہندہ کے ظہور کی خوشخبری دی تھی اسلئے مسلمان آپ(ص) کی رحلت کے بعد سے ہی اس منجی کے ظہور کے منتظر ہیں جس کا لقب مہدی ہوگا۔
بعض اسلامی فرقے من جملہ زیدیوں اور عباسیوں نے اپنے قائدین کو مہدی کا لقب دے کر عدل و انصاف کے قیام اور ظلم و جور کے ازالے کا دعوا کرتے ہوئے مہدی موعود پر عقیدہ رکھنے والے سادہ لوح عوام کی توجہ جلب کرنے اور اپنی حکومتوں کو مضبوط کرنے کی کوشش بھی کی ہیں۔ بعض تاریخی شواہد کی رو سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ مہدی کا لقب صدر اسلام میں عظمت اور بزرگی کے عنوان سے بعض بزرگوں کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ بعض محققین کا خیال ہے کہ پہلا شخص جس نے لفظ مہدی کو منجی کے عنوان سے استعمال کیا وہ ابو اسحاق کعب بن ماتہ بن حیسوء حمیری متوفای 34ہجری قمری تھا۔