ویکی شیعہ:ہفتہ وار منتخب مقالے/2019/27
جعفر بن محمد (83-148ھ)، امام جعفر صادقؑ کے نام سے مشہور، شیعوں کے چھٹے اور اسماعیلیوں کے پانچویں امام ہیں۔ آپ کی امامت 34 سالوں (114-148ھ) پر محیط تھی جس میں بنی امیہ کے آخری پانچ خلفا یعنی ہشام بن عبدالملک سے آخر تک اور بنی عباس کے پہلے دو خلفا سفاح اور منصور دوانیقی بر سر اقتدار رہے ہیں۔ آپ کی امامت کے دوران چونکہ بنی امیہ اپنے زوال کے ایام سے گذر رہی تھی اسلئے آپ کو دوسرے ائمہ کی بنسبت زیادہ علمی امور کی انجام دہی کا موقع ملا۔ آپ کے شاگردوں اور راویوں کی تعداد 4000 ہزار تک بتائی گئی ہیں۔ اہل بیتؑ سے منسوب احادیث میں سے اکثر احادیث امام صادقؑ سے نقل ہوئی ہیں اسی بنا پر شیعہ مذہب کو مذہب جعفریہ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔
امام صادقؑ کو اہل سنت کے فقہی پیشواؤں کے ہاں بھی بڑا مقام حاصل ہے۔ ابوحنیفہ آپ کو مسلمانوں میں سب سے زیادہ علم و معرفت کا حامل سمجھتے تھے۔
بنی امیہ کی حکومت رو بزوال ہونے نیز شیعوں کی جانب سے حاکم وقت کے خلاف قیام کرنے کی دعوت کے باوجود آپ نے قیام نہیں فرمایا۔ ابومسلم خراسانی اور ابوسلمہ کی طرف سے خلافت کی ذمہ داری قبول کرنے سے متعلق درخواست کو بھی آپ نے رد فرمایا۔ اسی طرح اپنے چچا زید بن علی کی تحریک میں بھی آپ شریک نہیں ہوئے۔ یہاں تک کہ آپ اپنے پیروکاروں کو بھی قیام کرنے سے پرہیز کرنے کی سفارش فرماتے تھے۔ لیکن ان سب چیزوں کے باوجود حاکمان وقت کے ساتھ بھی آپ کے تعلقات اچھے نہیں تھے۔ یہاں تک کہ بنی امیہ اور بنی عباس کے سیاسی دباؤ کی وجہ سے آپ تقیہ کیا کرتے تھے اور اپنے پیروکاروں کو بھی تقیہ کرنے کی سفارش فرماتے تھے۔