ویکی شیعہ:ہفتہ وار منتخب مقالے/2019/26
مفاتیح الجنان جس کے معنی جنت کی کنجیوں کے ہیں، شیعوں کے یہاں سب سے زیادہ معروف اور مشہور دعاؤں کی کتاب ہے جسے شیخ عباس قمی نے تالیف کیا ہے۔ یہ کتاب پیغمبر اکرمؐ، ائمہ معصومینؑ اور بعض جلیل القدر شیعہ علماء سے منقول مختلف دعاؤں، مناجاتوں، زیارتوں، سال کے مختلف مہینوں اور ایام کے مخصوص اعمال و عبادات پر مشتمل ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف دینی آداب و رسوم کا مجموعہ ہے۔ مؤلف نے اس کتاب کے اکثر مضامین کو سابقہ کتب منجملہ: اقبال الاعمال، زاد المعاد اور مصباح کفعمی سے اقتباس کیا ہے۔
مفاتیح الجنان پہلی مرتبہ سنہ 1344 ہجری کو مشہد مقدس میں شایع ہوئی اور مختصر عرصے میں ہمہ گیر ہوئی۔ یہ کتاب پوری دنیا کے شیعیان اہل بیت ؑ کے گھروں، مساجد و مقدس مقامات پر قرآن کے ساتھ ساتھ پائی جاتی ہے اور خاص دینی، مذہبی مواقع اور مناسبتوں میں مستحب اعمال کے لئے اس کی طرف رجوع کیا جاتا ہے۔ فارسی میں مفاتیح الجنان کا مشہور ترین ترجمہ مہدی الہی قمشہ ای کا ترجمہ ہے جبکہ اردو سمیت دنیا کی تقریبا تمام زندہ زبانوں میں اس کتاب کا ترجمہ موجود ہے۔ محدث قمی نے اپنی کتاب باقیات الصالحات کو بھی مفاتیح کی طرز پر تحریر اور اس کے ساتھ ضمیمہ کیا ہے جو مختلف اشاعتوں میں مفاتیح کے حاشیے کے طور پر درج ہے۔
مفاتیح نوین اور منہاج الحیاۃ مفاتیح الجنان کے مضامین کی مستند سازی اور مفاتیح الحیات، مفاتیح الجنان کی تکمیل کی خاطر لکھی گئی ہے۔ اس کتاب کے مختلف خلاصے مختلف ناموں سے منظر عام پر آ چکے ہیں۔