وادی حسین قبرستان

ویکی شیعہ سے
(وادی حسین کراچی سے رجوع مکرر)
وادی حسین قبرستان
وادی حسین قبرستان کا مین گیٹ
وادی حسین قبرستان کا مین گیٹ
ابتدائی معلومات
بانیشیخ سخاوت علی اور شیخ یاور علی
استعمالقبرستان
محل وقوعکراچی، پاکستان
دیگر اسامیباغ وادی حسین
مشخصات
رقبہ12 ایکڑ
معماری


وادی حسین قبرستان پاکستان کے شہر کراچی میں واقع ایک شیعہ قبرستان ہے جس میں مختلف شخصیات اور شہدا دفن ہیں۔ یہ پاکستان کی تاریخ کا یہ پہلا آنلائن قبرستان ہے جسے سنہ 1999ء میں بنایا گیا ہے۔ قبرستان کے کئی بلاک ہیں جن کو بعض شہدائے کربلا اور پیغمبر اکرمؐ کے اصحاب کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ وادی حسین قبرستان میں سنہ 2000ء کو مرحومین کی تدفین کا سلسلہ شروع ہوا۔ یہاں پر تمام قبروں کے سائز، رنگ اور کتبے یکساں ہیں۔ قبرستان میں ایک مسجد اور وضو خانہ بھی ہے۔ یہاں میت کی تدفین اور قبر پر کتبہ نصب کرنے جیسے تمام امور قبرستان کی انتظامیہ انجام دیتی ہے۔

اہمیت اور محل وقوع

وادی حسین قبرستان سپر ہائی وے کراچی حیدرآباد ٹول پلازہ سے 2 کیلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔[1] اس کا کل رقبہ بارہ ایکڑ ہے۔[2] قبرستان میں 57 ہزار قبروں کی گنجائش ہے۔[3] یہ قبرستان صرف شیعہ اثناء عشری مسلمانوں کے لئے مختص ہے۔[4] اس قبرستان کو شیخ سخاوت علی اور ان کے بھائی شیخ یاور علی نے بنوایا ہے۔[5] اس کا تصور حاجی محمد یوسف نقوی نے پیش کیا تھا۔[6] وادی حسین میں پہلی قبر بھی ان کے بڑے بھائی کی بنائی گئی ہے۔[7] قبرستان پر کام سنہ 1999ء میں شروع ہوا[8] لیکن پہلی تدفین 2000ء میں ہوئی۔[9]

قبرستان کا انتظام ایک ٹرسٹ چلاتا ہے۔[10]

آنلائن سسٹم

باغ وادی حسینؑ کو پاکستان کا پہلا ’آن لائن قبرستان‘ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔[11] وادی حسین قبرستان میں ویب سائٹ پروڈیو سٹریمنگ کے ذریعے دنیا کے کسی بھی کونے سے جنازے میں آنلائن شرکت کی جاسکتی ہے۔[12]

قبرستان میں ہر قبر کی ڈیجیٹل شناخت کا امکان موجود ہے۔ تدفین کے وقت ہر قبر کے لئے ایک نمبر مختص کیا جاتا ہے جس کے ذریعے ہر شخص قبرستان کی ویب سائٹ پر اپنے عزیز و اقارب کے قبر کی تصویر دیکھ سکتا ہے۔[13] آنلائن قبر کی رجسٹریشن بھی ہوسکتی ہے۔[14]

قبرستان کی خصوصیات

یکسانیت اور ترتیب

پاکستان کے شہر کراچی میں واقع شیعوں کا منفرد قبرستان، وادی حسین

وادی حسین میں ہر 300 قبروں پر مشتمل ایک بلاک ہے۔ اور ہر بلاک کا ایک نام ہے جو ’واقعہ کربلا‘ کے بعض شہدا اور مقدس شخصیات کے ناموں سے منسوب ہے۔[15] ان میں بلاک حضرت علیؑ، بلاک حضرت سلمان فارسی، بلاک امام زین العابدین، بلاک حضرت حر، بلاک زید شہید، بلاک عون و محمد اور بلاک حضرت ابوزر غفاری شامل ہیں۔[16] یہاں کی تمام قبریں اور ان کی ترتیب اور بناوٹ ایک جیسی ہے۔[17] تمام قبروں کی لمبائی اور چوڑائی یکسان ہے، لمبائی میں ساڑھے چھ فٹ ہے جبکہ چوڑائی میں بھی سب برابر ہیں۔[18] قبروں کے کتبے، ٹائل اور رنگ بھی یکساں ہیں۔[19] قبرستان میں مناسب روشنی کا انتظام ہے۔[20] اور قبروں کے درمیان چلنے کا راستہ رکھا گیا ہے۔[21]

شہدا کے قبور

قبرستان میں بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ وغیرہ میں شہید ہونے والوں کی قبور کو نمایاں بنایا گیا ہے۔[22] ہر قبر کے سرہانے سنگ مرمر کے کتبے کے علاوہ باقاعدہ دھات کے کتبے بھی نصب ہیں جن پر مرحوم کی تصویر، اس کا نام و پتہ، ولدیت اسی طرح سانحہ وفات کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔[23]

دیگر سہولیات

وادی حسین میں انتقال سے تدفین اور لحد کی تعمیر تک کے تمام امور انتظامیہ خود انجام دیتی ہے[24] جن میں وفات سے لیکر لحد میں اتارنے تک اور بعد از تدفین نیز قبرستان تک میت لانے، مرحوم کے اہل خانہ اور دیگر رشتے داروں کیلئے ٹرانسپورٹ کے انتظامات، ایمبولینس سروس، قبر کی بکنگ اور اس پر ٹائلز لگانا وغیرہ شامل ہیں۔[25] درختوں پر جابجا لاوٴڈ اسپیکر بھی لگے ہیں جن پر قرآن مجید کی تلاوت اور مختلف دعاؤں کی دھیمی آواز سنائی دیتی ہے۔[26]

وادی حسین قبرستان میں باقاعدہ ایک مسجد اور وضو خانہ بھی موجود ہے جہاں مجالس منعقد ہوتی ہیں، اس قبرستان میں کئی نامور شخصیات کی قبریں بھی موجود ہیں۔[27]

حوالہ جات

  1. کراچی کے قبرستان، روزنامہ جنگ ویب سائٹ
  2. کراچی کے قبرستان، روزنامہ جنگ ویب سائٹ
  3. انوار الحسن، آن لائن فاتحہ پڑھیئے، بی بی سی اردو نیوز
  4. انوار الحسن، آن لائن فاتحہ پڑھیئے، بی بی سی اردو نیوز
  5. wadi a Hussain First online Graveyard, History:
  6. wadi a Hussain First online Graveyard, History:
  7. wadi a Hussain First online Graveyard, History:
  8. wadi a Hussain First online Graveyard, History:
  9. انوار الحسن، آن لائن فاتحہ پڑھیئے، بی بی سی اردو نیوز
  10. انوار الحسن، آن لائن فاتحہ پڑھیئے، بی بی سی اردو نیوز
  11. وسیم صدیقی، وادی حسین: منفرد، پہلا ’آن لائن‘ قبرستان وائس آف امریکہ۔
  12. انوار الحسن، آن لائن فاتحہ پڑھیئے، بی بی سی اردو نیوز
  13. کراچی کے قبرستان، روزنامہ جنگ ویب سائٹ
  14. wadi a Hussain First online Graveyard, History:
  15. وسیم صدیقی، وادی حسین: منفرد، پہلا ’آن لائن‘ قبرستان وائس آف امریکہ۔
  16. Wadi-e-Hussain - Karachi
  17. وسیم صدیقی، وادی حسین: منفرد، پہلا ’آن لائن‘ قبرستان وائس آف امریکہ۔
  18. کراچی کے قبرستان، روزنامہ جنگ ویب سائٹ
  19. کراچی کے قبرستان، روزنامہ جنگ ویب سائٹ
  20. انوار الحسن، آن لائن فاتحہ پڑھیئے، بی بی سی اردو نیوز
  21. کراچی کے قبرستان، روزنامہ جنگ ویب سائٹ
  22. وسیم صدیقی، وادی حسین: منفرد، پہلا ’آن لائن‘ قبرستان وائس آف امریکہ۔
  23. وسیم صدیقی، وادی حسین: منفرد، پہلا ’آن لائن‘ قبرستان وائس آف امریکہ
  24. وسیم صدیقی، وادی حسین: منفرد، پہلا ’آن لائن‘ قبرستان وائس آف امریکہ۔
  25. وسیم صدیقی، وادی حسین: منفرد، پہلا ’آن لائن‘ قبرستان وائس آف امریکہ
  26. وسیم صدیقی، وادی حسین: منفرد، پہلا ’آن لائن‘ قبرستان وائس آف امریکہ۔
  27. کراچی کے قبرستان، روزنامہ جنگ ویب سائٹ

مآخذ